یورپ (رپورٹس)

سالانہ اجتماع مجلس انصار اللہ برطانیہ ۲۰۲۶ء کا تیسرا اور آخری دن

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ برطانیہ کا سالانہ اجتماع بخیر و خوبی اختتامی پذیر ہوا۔ اجتماع کے آخری دن کی صبح بھی عبادت اور ذکرِ الٰہی کی روح پرور کیفیات سے آغاز ہوا۔ نمازِ تہجد اور نمازِ فجر کی ادائیگی کے بعد درس القرآن کا اہتمام کیا گیا جس کے بعد حاضرینِ اجتماع کے لیے ناشتے کا انتظام تھا۔اس موقع پر اجتماع میں شرکت کے لیے آنے والے انصار کا رجسٹریشن دفتر میں نہایت خندہ پیشانی اورمسکراتے چہروں کے ساتھ استقبال کیا جا رہا تھا۔ استقبالیہ پر موجود کارکنان محبت اور خوش اخلاقی کے ساتھ آنے والے احباب کو خوش آمدید کہتے اور ان کی خدمت میں عمدہ ذائقے کی کھجوریں پیش کرتےجس سے اجتماع کے آغاز ہی پر اخوت، محبت اور مہمان نوازی کی ایک خوبصورت فضا قائم ہو رہی تھی۔

محترم امیر صاحب کا مختلف اسٹالز کا دورہ: اجتماع کے دوران محترم امیر صاحب یوکے نے اجتماع گاہ میں قائم مختلف اسٹالز کا بھی دورہ کیا۔ آپ نے مختلف شعبہ جات کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، منتظمین اور کارکنان سے ملاقات کی اور ان کی خدمات کے حوالے سے مفید نصائح کیں۔ مختلف اسٹالز پر پیش کی جانے والی سرگرمیوں اور سہولیات کے بارے میں معلومات بھی حاصل کیں۔

صحت سے متعلق رہنمائی: شعبہ ایثار کے تحت قائم ہیلتھ ایڈوائزری سروس تیسرے روز بھی انصار کی خدمت میں موجود رہی۔ ماہر ڈاکٹرز نے مختلف طبی مسائل کے بارے میں رہنمائی فراہم کی اور صحت کو بہتر رکھنے کے حوالے سے مفید مشورے دیے۔ اسی سلسلے میں ایک خصوصی طبی گفتگو کا بھی اہتمام کیا گیا۔ مکرم ڈاکٹر عبداللہ زکریا صاحب نے’’وقار، عزتِ نفس اور خود مختاری کے ساتھ بڑھاپا گزاریں‘‘ کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے عمر رسیدگی کے دوران صحت مند اور باوقار زندگی گزارنے کے مختلف پہلو بیان کیے۔ انہوں نے اس امر کی طرف بھی توجہ دلائی کہ ضرورت کے وقت جی پی یا ہسپتال کے ذریعے طبی معاونت کس طرح حاصل کی جا سکتی ہے اور صحت کو برقرار رکھنے کے لیے روزمرہ زندگی میں کن امور کو اختیار کرنا مفید ہے۔

پینل ڈسکشنز:اجتماع کے آخری روز بھی دو پینل ڈسکشنز کا اہتمام کیا گیا، جن میں انسانی خدمت اور امن و معاشرت کے حوالے سے اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ پہلی نشست ’’انصار اللہ کی انسانی خدمات‘‘ کے عنوان سے منعقد ہوئی۔ مکرم لطف الرحمٰن صاحب نائب صدر انصار اللہ نے اس نشست کی میزبانی کی، جبکہ پینل میں محترم صدر صاحب انصار اللہ اور مکرم ڈاکٹر چوہدری اعجاز صاحب شامل تھے۔ گفتگو کے دوران دنیا کے مختلف حصوں میں مجلس انصار اللہ یوکے کی طرف سے جاری انسانی خدمت کے منصوبہ جات اور ان کے ذریعے ضرورت مند انسانوں تک پہنچنے والی امداد اور خدمات کے بارے میں تفصیلی معلومات پیش کی گئیں۔

دوسری نشست ’’امن کی راہ: ایک پُرسکون اور ہم آہنگ معاشرے کے قیام سے متعلق اسلامی تعلیمات‘‘ کے موضوع پر ہوئی۔ مکرم خلیل یوسف صاحب نے نشست کی میزبانی کی، جبکہ مکرم قدوس ملک صاحب، مکرم طاہر مہدی امتیاز صاحب مربی سلسلہ اور مکرم عابد خان صاحب پینل میں شامل تھے۔ پینل ممبران نے دنیا کے مختلف ممالک میں احمدیت کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت کے ایمان افروز واقعات بیان کیے اور اپنے ذاتی تجربات بھی حاضرین کے سامنے رکھے۔

دورانِ اجتماع کھیلوں کے مقابلہ جات: اجتماع کے دوران انصار کی جسمانی صحت اور تندرستی کے پیشِ نظر مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات کا بھی اہتمام کیا گیا۔ گولہ پھینکنے، بیس بال، والی بال اور کبڈی کے مقابلوں میں انصار نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ حاضرینِ اجتماع نے بھی ان مقابلہ جات میں خاص دلچسپی کا اظہار کیا، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے داد و تحسین پیش کی اور کھیلوں کے ان دلچسپ مقابلوں سے محظوظ ہوئے۔

انصار اور خدام کے درمیان رسہ کشی کا نمائشی مقابلہ:اجتماع کے آخری روز انصار اور خدام کی ٹیموں کے مابین رسہ کشی کا ایک نمائشی مقابلہ بھی منعقد ہوا۔ مقابلے کے دوران دونوں ٹیموں نے غیر معمولی جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا جبکہ حاضرین نے نعرۂ تکبیر اللہ اکبر کے ذریعے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی، جس سے اجتماع گاہ میں ایک پُرجوش اور خوشگوار ماحول پیدا ہوگیا۔ اس مقابلے کی ایک خاص بات یہ تھی کہ محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ یوکے بنفسِ نفیس موجود رہے اور انصار کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد خدام کی ٹیم نے بیسٹ آف تھری میں دو کے مقابلے میں ایک سے کامیابی حاصل کی۔

تیسرا سیشن: اجتماع کے تیسرے سیشن کی صدارت مکرم ماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر یوکے نے کی۔ تلاوتِ قرآن کریم کی سعادت مکرم حافظ اعجاز احمد طاہر صاحب مربی سلسلہ نے حاصل کی جبکہ انگریزی ترجمہ مکرم ڈاکٹر اظہر صدیق صاحب نے پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم محمد اسحاق عاجز صاحب نے ترنم کے ساتھ نظم پیش کی۔ اس کے بعد ۲۰۲۳ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جانب سے لیا جانے والا ایک عہد دہرایا گیا۔ اس موقع پر مکرم نصیر احمد قمر صاحب ایڈیشنل وکیل الاشاعت، نے ’’درود و استغفار‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے قرآن کریم کی آیات اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ارشادات کی روشنی میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجنے کی اہمیت و برکات بیان کیں۔ اسی طرح استغفار کے فضائل اور اس کے ذریعے دنیاوی مشکلات سے نجات اور اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔

تقریبِ تقسیمِ انعامات: بعد ازاں مختلف تعلیمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے انصار اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ یوکے اور مکرم ایڈیشنل وکیل التشبیر صاحب نے اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والوں کو انعامات پیش کیے۔ اس سال طاہر ریجن کو بہترین ریجن قرار دیا گیا جبکہ مجلس بیت الفتوح ساؤتھ نے علمِ انعامی حاصل کیا۔

حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی تشریف آوری: دوپہر کے کھانے کے بعد اجتماع کے شرکاء نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازِ ظہر و عصر باجماعت ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔اس کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے انصار اللہ سے بصیرت افروز خطاب فرمایا۔ یہ خطاب ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے ذریعے اجتماع گاہ سے دنیا بھر میں براہِ راست نشر کیا گیا۔ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطاب کی تفصیل علیحدہ سے شائع کی گئی ہے۔

تین روز تک جاری رہنے والا مجلس انصار اللہ برطانیہ کا سالانہ اجتماع عبادات، علمی و تربیتی پروگراموں، تعلیمی و ورزشی مقابلہ جات، پینل ڈسکشنز، صحت سے متعلق سرگرمیوں اور مختلف معلوماتی نشستوں کا حسین امتزاج پیش کرتا رہا۔ اجتماع کے مرکزی موضوع ’’درود و استغفار‘‘ نے پورے اجتماع کو ایک واضح روحانی سمت عطا کیے رکھی اور مختلف پروگراموں کے ذریعے انصار کو قرآن کریم، سنتِ رسول ﷺ اور ارشاداتِ خلفائے کرام کی روشنی میں اپنی دینی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کیا گیا۔

اجتماع کے اختتامی لمحات میں حاضرین کے دلوں میں شکرگزاری اور روحانی کیفیات نمایاں تھیں۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجتماعی دعا کے ساتھ یہ بابرکت اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ دعا کے بعد انصار نے اس عزم کے ساتھ اجتماع گاہ سے رخصت لی کہ وہ یہاں حاصل ہونے والی نصائح اور روحانی اثرات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے دین کی خدمت، خلافت سے وفا اور اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مزید کوشش کریں گے۔

ادارہ الفضل انٹرنیشنل کی جانب سے مجلس انصار اللہ یوکے کو ایک نہایت منظم، بامقصد اور کامیاب سالانہ اجتماع کے انعقاد پر دلی مبارک باد پیش کی جاتی ہے۔ اجتماع کے لیے کیے جانے والے عمدہ انتظامات، مختلف شعبہ جات کی مربوط کارکردگی اور کارکنان کی شبانہ روز محنت نے اس بابرکت اجتماع کو احسن رنگ میں پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اللہ تعالیٰ تمام منتظمین اور کارکنان کی کاوشوں کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، انہیں بہترین جزائے خیر سے نوازے اور اس اجتماع کے بابرکت اثرات کو تمام شاملین کے لیے دیرپا بنائے۔ آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button