حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

خلافت کی حبل اللہ کو ہمیشہ مضبوطی سے تھامے رکھیں

پس اللہ تعالیٰ نے اس زمانے میںحضورصلی اللہ علیہ وسلم کے عاشقِ صادق اور اپنے نہایت پیارے وجود مسیح و مہدی کو بھیجا پھران کی جانشینی میں خلفاء کا دائمی سلسلہ بھی جاری فرمایا۔اب تقویٰ میں ترقی وہی کریں گے جونظامِ خلافت سے جڑے رہیں گے ۔ انہیں کو گناہوں سے نجات ملے گی جو خلافت سے محبت اور اطاعت میں ترقی کرتے رہیں گے۔ دیکھیں یہ اللہ تعالیٰ کا کتنا بڑااحسان ہے کہ اس نے خلیفۂ وقت کے قریب ہونے کے لیے ایم ٹی اے کا ذریعہ بھی عطا فرمایا ہے ۔آپ تمام خطباتِ جمعہ اورمختلف مواقع کے خطابات براہ راست سن سکتے ہیں ۔اس لیے خودبھی اوراپنے اہل و عیال کو ایم ٹی اے سے جوڑیں اورجونیک باتیں سنیں ان پر عمل کرنے کی کوشش کریں تاکہ اس زمانے میں اللہ تعالیٰ نے جوچاہاہے کہ مسیح موعود کے ذریعہ دیگرادیان پراسلام کا غلبہ ہو اورسب دنیاایک وجود کی طرح ہوجائے آپ بھی اسی وحدت کی لڑی میں پروئے رہیں ۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں :’’خداتعالیٰ چاہتاہے کہ ان تمام روحوں کو جو زمین کی متفرق آبادیوں میں آبادہیں کیا یورپ اور کیا ایشیا اُن سب کو جو نیک فطرت رکھتے ہیں توحید کی طرف کھینچے اور اپنے بندوں کو دینِ واحد پر جمع کرے ۔یہی خداتعالیٰ کا مقصد ہے جس کے لیے میںدنیا میں بھیجا گیاہوں۔‘‘(رسالہ الوصیت۔ روحانی خزائن جلد20صفحہ306تا307)

پس خلافت کی حبل اللہ کو ہمیشہ مضبوطی سے تھامے رکھیں ۔یہ بات بھی ہمیشہ یادرکھیں کہ خلافت کے ساتھ عبادت کا بڑاتعلق ہے ۔اور عبادت کیاہے ؟نمازہی ہے ۔جہاں مومنوں سے دلوں کی تسکین اور خلافت کا وعدہ ہے وہاں ساتھ ہی اگلی آیت میں اَقِیْمُواالصَّلٰوۃَ کا بھی حکم ہے ۔پس تمکنت حاصل کرنے اور نظامِ خلافت سے فیض پانے کے لیے سب سے پہلی شرط یہ ہے کہ نمازقائم کرو۔

(خصوصی پیغام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بر موقع سالانہ اجتماع مجلس انصار اللہ بھارت مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل ۲۶؍نومبر ۲۰۱۹ء)

مزید پڑھیں: اگر ریاکاری اور دکھاوا ہے تو وہ تقویٰ نہیں ہے

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button