افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ کینیا کے بیالیسویں اور اطفال الاحمدیہ کینیا کے تیرھویں نیشنل اجتماعات کا انعقاد

طاہر احمد مجنگو صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کینیا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ کینیا کو ۱۴تا۱۶؍اگست ۲۰۲۶ء بروز جمعہ، ہفتہ و اتوار اپنا سہ روزہ سالانہ نیشنل اجتماع ’’خلافت دائمی امن کے قیام کی کنجی ہے‘‘ کے مرکزی موضوع پر نہایت کامیابی سے ہیڈکوارٹرز نیروبی میں منعقد کرنے کی توفیق ملی اور انہی تاریخوں میں نیروبی ہیڈکوارٹرز میں مجلس اطفال الاحمدیہ کینیا کا بھی تیرھواں سالانہ اجتماع منعقد ہوا۔ دونوں اجتماعات میں مہمانوں سمیت کُل حاضری ۴۸۳؍رہی جو ایک ریکارڈ ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

۱۴؍اگست بروز جمعۃ المبارک بعد نماز نماز جمعہ و عصر ایم ٹی اے پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا فرمودہ خطبہ جمعہ سننے کے بعد احمدیہ مشن ہاؤس کے سبزہ زار میں تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی جس کے لیے تمام اطفال اور خدام ریجن وائز قطار در قطار کھڑے ہوئے۔ مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیرو مبلغ انچارج کینیا نے قومی پرچم جبکہ خاکسار (صدر مجلس خدام الاحمدیہ کینیا) نے لوائے خدام الاحمدیہ لہرایا جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ دعا کے بعد احمدیہ ہال میں افتتاحی اجلاس خاکسار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

تلاوتِ قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد خاکسار نے افتتاحی تقریر میں بتایا کہ اجتماعات کا مقصد روحانیت میں ترقی، قربِ الٰہی کا حصول، خلافتِ احمدیہ کی ہدایت کے مطابق خدمتِ دین و خدمتِ خلق کی راہیں تلاش کرنا اور ان پر عمل کرتے ہوئے خدمت کے اعلیٰ معیار قائم کرنا ہے۔ اس کے بعد خاکسار نے اجتماع کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی ارسال کردہ پیغام پڑھ کر سنایا۔ دعا کے ساتھ یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ بعدازاں خدام اور اطفال کے علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں نماز، قرآن ناظرہ، حفظ قرآن، حفظ حدیث، نظم وغیرہ شامل تھے۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی اور عشائیہ کے ساتھ پہلے دن کا پروگرام مکمل ہوا۔

اجتماع کے دوسرے روز ۱۵؍اگست بروز ہفتہ دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر، درس قرآن اور ناشتے کے بعد سٹی پرائمری سکول کے گراؤنڈ میں ریجنز کی ٹیموں میں والی بال، فٹ بال، ریلے ریس اور دیگر کھیلوں کے مقابلے ہوئے۔ خدام اور اطفال کی مختلف ٹیمز نے پورے جوش و خروش کے ساتھ ان میں حصہ لیا۔نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور ظہرانہ کے مختصر وقفہ کے بعد یہ مقابلے نماز مغرب تک جاری رہے۔

نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد ایک تربیتی پروگرام ہوا جس میں مختلف موضوعات پر تقاریر ہوئیں، اس کے علاوہ رشتہ ناطہ کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اس کے بعد شام کا کھانا پیش کیا گیا اور اس دن کا پروگرام بھی اپنے تکمیل کو پہنچا۔

۱۶؍اگست بروز اتوار اجتماع کے تیسرے اور آخری دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس قرآن ہوا، ناشتہ کے بعد خدام اور اطفال کی مختلف سرگرمیاں شروع ہوئیں اور باقی علمی مقابلہ جات بھی کروائے گئے۔

بعد ازاں احمدیہ ہال میں مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا کی زیر صدارت اجتماع کا اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد خاکسار نے اجتماع نیز سال ۲۰۲۵ء- ۲۰۲۶ء کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ مکرم امیر صاحب نے سال بھر میں بہتر کارکردگی دکھانے والی مجالس اور ریجنز نیز علمی و ورزشی مقابلوں میں نمایاں پوزیشن لینے والے خدام اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے۔ بعدہٗ آپ نے خدام و اطفال کو جماعتی جلسوں اور ذیلی تنظیموں کے اجتماعات سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی علمی و روحانی حالت بہتر بنانے کی تلقین کی، امسال اجتماع میں بھرپور شرکت و کارکردگی پر خوشنودی کا اظہار کیا اور دعا کے ساتھ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔

اس اجتماع میں پڑوسی ممالک یوگنڈا اور تنزانیہ کی مجالس خدام الاحمدیہ کے عہدیداران بھی شریک ہوئے۔ امسال اگلے دو سال ۲۰۲۶ء تا ۲۰۲۸ء کے لیے صدر مجلس خدام الاحمدیہ کینیا کا انتخاب بھی عمل میں آیا۔

الحمدللہ، اجتماع ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے اس اجتماع کو مزید کامیابیوں کا پیش خیمہ بنائے۔ آمین

(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مجلس خدام الاحمدیہ کینیا کے سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

محترم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ کینیا

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ مجلس خدام الاحمدیہ کینیا اپنا نیشنل اجتماع منعقد کر رہی ہے۔ آپ نے اس سال کے اجتماع کے لیے ’’خلافت: دائمی امن کی ضامن‘‘ کا موضوع تجویز کیا ہے۔

ایسے وقت میں جب دنیا جغرافیائی و سیاسی تنازعات، معاشرتی تقسیم اور اخلاقی زوال کی وجہ سے بڑھتے ہوئے انتشار کا شکار ہے، انسانیت حقیقی امن کی شدید تلاش میں ہے۔ خلافت احمدیہ کا مقدس نظام وہ منفرد ذریعہ ہے جس سے اللہ تعالیٰ انسانیت کو ایک پرچم تلے متحد کرتا ہے اور زمین پر عدل و انصاف اور ہم آہنگی قائم کرنے کے لیے ضروری روحانی راہنمائی فراہم کرتا ہے۔

اجتماع کے ان ایام کو اپنے آپ کو روحانی طور پر تازہ کرنے کے لیے، نظام جماعت کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کرنے اور خلافت کے حقیقی مدد گار بننے کا عہد کرنے کے لیے استعمال کریں۔

اللہ تعالیٰ نیشنل اجتماع کینیا کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور آپ سب کو احمدیت کے روشن ستارے بننے کی توفیق عطا فرمائے۔

مزید پڑھیں: ناگویا سائنس میوزیم، جاپان کا مطالعاتی دورہ

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button