تازہ ترین: جماعت احمدیہ آسٹریلیا کے ۳۸ویں جلسہ سالانہ کا افتتاح
بک اسٹال اور قرآن کریم کی ۵۶ زبانوں میں خوبصورت نمائش کا اہتمام
آسٹریلیا بھر سے ۳۲۴۰؍افراد جماعت کی پہلے دن کے پرگرام میں شرکت
آسٹریلیا کے علاوہ ۱۴ ممالک سے ۷۵ مہمانوں کی شرکت

جلسہ کا پہلا دن
(۲؍اکتوبر ۲۰۲۶ء۔ مسجد بیت الھدی سڈنی، آسٹریلیا، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) الحمد للہ آج سے جماعت احمدیہ آسٹریلیا کے ۳۸ ویں جلسہ سالانہ کا انعقاد مسجد بیت الھدی سڈنی میں ہو رہا ہے۔ جلسہ کے پہلے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ دوپہر کے کھانے کے بعد ایک بجے نماز جمعہ ادا کی گئی۔ مکرم انعام الحق کوثر صاحب امیر جماعت آسٹریلیا نے خطبہ جمعہ دیا اور نماز جمعہ و نماز عصر ادا کی گئیں۔
تقریب پرچم کشائی: نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد دو بجکر پینتیس منٹ پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم محمد خلیل شیخ صاحب، نائب امیر دوم نے آسٹریلیا کا پرچم لہرایا۔ اسکے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔

افتتاحی اجلاس: سہ پہر تقریباً سوا تین بجے مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت جلسہ سالانہ آسٹریلیا کا افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔ مکرم حسن محمود صاحب نے تلاوت قرآن کریم پیش کی اور سورہ لقمان کی کچھ آیات تلاوت کیں۔ مکرم Callum Belcastro نے ان آیات کا انگریزی ترجمہ پیش کیا۔ اسکے بعد مکرم عصمت اللہ صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کا اردو منظوم کلام پیش کیا جبکہ اسکا انگریزی ترجمہ مکرم خاقان احمد صاحب نے پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم سید انعام اللہ سادات صاحب نے حضرت مسیح موعود کے فارسی کلام سے کچھ اشعار پیش کیے جن کا اردو ترجمہ مکرم شابل اقبال صاحب نے جبکہ انگریزی ترجمہ مکرم مصور خان ابڑو صاحب پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر کی اور دعا کروائی۔

پہلا اجلاس: جلسہ سالانہ کا پہلا اجلاس مکرم ناصر کاہلوں صاحب، نائب امیر اول جماعت احمدیہ آسٹریلیا کی صدارت میں منعقد ہوا۔ مکرم ابدال احمد گھمن صاحب نے نظم پیش کی جس کا انگریزی ترجمہ مکرم انعام الحق علوی صاحب نے پیش کیا۔ اجلاس کی پہلی تقریر مکرم سید ودود جنود صاحب نے ’’ان اشکُرلی ولوالدیک۔ میرا اور اپنے والدین کا شکر ادا کرو‘‘ کے موضوع پر انگریزی میں کی۔ دوسری تقریر مکرم ڈاکٹر ابرا الحق صاحب نے’’محبت الٰہی اور اس کے حصول کے ذرائع‘‘ کے عنوان پر اردو میں کی جس کے بعد مکرم شجر احمد صاحب نے نظم پیش کی اور مکرم فاران احمد صاحب نے انگریزی ترجمہ پیش کیا۔
اس اجلاس کی آخری تقریر مکرم مرغوب صدیقی صاحب نے ’’حضرت محمد مصطفیٰﷺ۔ صفات الٰہیہ کے مظہر‘‘ کے موضوع پر انگریزی میں کی۔

جلسہ کے پہلے اجلاس کے اختتام پر نماز مغرب و عشا ادا کی گئیں۔ نمازوں کے بعد مکرم امتیاز احمد نوید صاحب، مربی سلسلہ نے ایک نکاح کا اعلان کیا۔ بعد ازاں مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔
عشائیہ کے بعد مستورات کے لیے بک اسٹال اور نمائش دیکھنے کا وقت رکھا گیا تھا۔



اس کے علاوہ آج وقف نو، احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن، احمدیہ انجنئیرنگ اینڈ آرکٹیکٹ ایسوسی ایشن اور احمدیہ لائرز ایسوسی ایشن کی میٹنگز بھی منعقد ہوئیں۔
الحمد للہ اس طرح جلسہ سالانہ کے پہلے دن کا بخیرو خوبی اختتام ہوا۔
