جماعت احمدیہ آسٹریلیا کے ۳۸ویں جلسہ سالانہ کا تیسرا اور آخری دن
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا احباب جماعت کیلئے محبت اور دعاؤں بھرا پیغام
اختتامی اجلاس میں تعلیمی ایوارڈز کا اعلان اور تقسیم
آج کے دن کی حاضری 2517 رہی
جلسہ سالانہ کی مجموعی حاضری 4138
15 ممالک سے 113 مہمان اس جلسہ میں شریک ہوئے
مستورات کے اجلاس کا انعقاد، بک اسٹال اور صنعت ودستکاری کی نمائش اور نمایاں تعلیمی پوزیشن لینے والی لجنات کے لئے ایوارڈز کا اعلان اور تقسیم

(۴؍اکتوبر ۲۰۲۶ء، بیت الھدی سڈنی، آسٹریلیا، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج جلسہ کے تیسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا الحمد للہ آج موسم بہت اچھا ہے اور سورج خوب چمک رہا ہے۔
جلسہ سالانہ کے دوسرے دن شام ساڑھے چار بجے کے قریب سڈنی میں شدید طوفان بادو باراں آیا جس میں موسلا دھار بارش ہوئی اور ہوا کی شدت بہت زیادہ تھی جس سے جلسہ کے انتظامات پہ بھی کافی اثر پڑا۔ مستورات کا جو اجلاس کل ہونا تھا وہ شدید بارش کی وجہ سے نہ ہو سکا اور آج مستورات کی مارکی میں صبح ساڑھے دس بجے مکرمہ نجم السحر چوہدری صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ آسٹریلیا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرمہ ہاجرہ نصرت جہاں حق صاحبہ نے ’’مثالی مسلمان عورت بننے کی جستجو: تاریخ کی صالح خواتین کی سیرت سے رہنمائی‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ مکرمہ رمشا سید صاحبہ نے ’’صبر، قوت برداشت اور عفو درگذر : مضبوط خاندان اور معاشرے کی بنیاد‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد ناصرات کے ایک گروپ نے ترانے پیش کیے۔
مکرمہ دردانہ بٹر صاحبہ نے جدید دور میں مسلمان خواتین کو درپیش چیلنجز اور اسلامی تعلیمات میں انکا عملی حل کے موضوع پر تقریر کی۔ اس اجلاس کی ساری تقاریر اردو انگریزی دونوں زبانوں ہوئیں۔ اسکے بعد تعلیمی ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔ اجلاس کے آخر میں نیشنل صدر صاحب لجنہ اماء اللہ آسٹریلیا نے مستورات سے خطاب کیا اور دعا کروائی۔

پانچواں اجلاس: مردانہ جلسہ گاہ میں آج صبح پونے گیارہ بجے جلسہ سالانہ کا پانچواں اجلاس مکرم امیر صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ مکرم انس محمود صاحب نے تلاوت قرآن کریم پیش کی جسکا انگریزی ترجمہ مکرم بلال قودین صاحب نے پیش کیا۔ مکرم یاسر کلیم صاحب نے حضرت مسیح موعود کا منظوم کلام پیش کیا جسکا انگریزی ترجمہ مکرم مسرور طارق صاحب پیش کیا۔ مکرم ابراہیم اعظمی صاحب نے حضرت مسیح موعود کا فارسی منظوم کلام پڑھا جسکا اردو ترجمہ مکرم ممتازسیٹھی صاحب نے جبکہ انگریزی ترجمہ مکرم نوید احمد شاد صاحب نے پیش کیا۔

اس اجلاس کی پہلی تقریر ’’حضرت مسیح موعود کی بعثت کا مقصد اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر مکرم دانش خان صاحب نے انگریزی میں کی۔ اسکے بعد جماعت کے دیرینہ ممبر مکرم ڈاکٹر بشیر احمد صاحب نے اپنی یادیں بیان کیں آپ ۱۹۷۰ء میں آسٹریلیا تشریف لائے اور جماعت کی بے مثال خدمت کی۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت جلسہ سالانہ آسٹریلیا کے موقع پر احباب جماعت آسٹریلیا کے لیے محبت بھرا پیغام ارسال کیا جو مکرم امیر صاحب نے اردو اور اسکا انگریزی ترجمہ پڑھ کر سنایا۔
مکرم عبد النور آفتاب صاحب نے ہر نیکی کی جڑ یہ اتقا ہے کے موضوع پر انگریزی میں کی۔ بعدہ مکرم عصمت اللہ صاحب نے نظم پڑھی جسکا انگریزی ترجمہ مکرم وسیم سہیل صاحب نے کیا۔ مکرم منظور قادر خان صاحب نے خلافت سے وابستگی اور اطاعت کی برکات کے موضوع پر انگریزی میں تقریر کی۔ اسکے بعد تعلیمی ایواراڈز تقسیم کئے گئے۔

اسکے بعد مکرم محمد فرقان، شعیب ملک اور طاہر اعوان صاحب نے نظم پیش کی۔ مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر اور دعا کروائی۔

دعا کے بعد بعض گروپس نے ترانے پیش کئے۔ بعدہ نماز ظہر وعصر ادا کی گئیں۔ آج اللہ کے فضل سے موسم بھی خوشگوار رہا۔ الحمد للّٰہ جلسہ سالانہ بخیرو خوبی اختتام پذیر ہوا۔
