جمعہ کی عصر اور مغرب کے درمیان بہت دعا کرو
اگرچہ جمعہ کا دن سعد اکبر ہے لیکن اس کے عصر کے وقت کی گھڑی ہر ایک اس کی گھڑی سے سعادت اور برکت میں سبقت لے گئی ہے۔ سو آدم جمعہ کی اخیر گھڑی میں بنایا گیا۔ یعنی عصر کے وقت پیدا کیا گیا اسی وجہ سے احادیث میں ترغیب دی گئی ہے کہ جمعہ کی عصر اور مغرب کے درمیان بہت دعا کرو کہ اس میں ایک گھڑی ہے جس میں دعا قبول ہوتی ہے۔ یہ وہی گھڑی ہے جس کی فرشتوں کو بھی خبر نہ تھی۔ اِس گھڑی میں جو پیدا ہو وہ آسمان پر آدم کہلاتا ہے اور ایک بڑے سلسلہ کی اس سے بنیاد پڑتی ہے۔ سو آدم اسی گھڑی میں پیداکیا گیا۔ اس لئے آدم ثانی یعنی اس عاجز کو یہی گھڑی عطا کی گئی۔
(تحفہ گولڑویہ، روحانی خزائن جلد۱۷صفحہ ۲۸۱-۲۸۰، حاشیہ)
خدا تعالیٰ نے جو اتمام نعمت کی ہے وہ یہی دین ہے جس کا نام اسلام رکھا ہے۔ پھر نعمت میں جمعہ کا دن بھی ہے جس روز اتمام نعمت ہوا۔ یہ اس کی طرف اشارہ تھاکہ پھر اتمام نعمت جو یُظۡہِرَہٗ عَلَی الدِّیۡنِ کُلِّہٖ کی صورت میں ہوگاوہ بھی ایک عظیم الشان جمعہ ہوگا۔ وہ جمعہ اب آگیاہے کیونکہ خداتعالیٰ نے وہ جمعہ مسیح موعود ؑ کے ساتھ مخصوص رکھا ہے۔
(ملفوظات جلد دوم صفحہ ۵۱۸، ایڈیشن ۲۰۲۲)
مزید پڑھیں: تمام محفلیں جن میں شامل ہونے سے گناہ کی تحریک ہوان کو ترک کرو



