لجنہ اماء اللہ ہالینڈ کا تینتالیسواں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء
نیشنل سیکرٹری تعلیم لجنہ اماء اللہ ہالینڈ مکرمہ شمیم مظہر صاحبہ تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ ہالینڈ کو اپنا ۴۳واں سالانہ نیشنل اجتماع ۱۹ و۲۰؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو فیئرہاؤتن میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ سال کے آغاز پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت اجتماع کے لیے ’’تربیت اولاد‘‘ کا مرکزی موضوع عطا فرمایا تھا۔ اس راہنمائی کی روشنی میں اجتماع کا تعلیمی و تربیتی نصاب اور مختلف پروگرام ترتیب دیے گئے۔

مقابلہ جات کی تیاری:سالانہ اجتماع کے تعلیمی مقابلہ جات کا نصاب سال کے آغاز میں تمام مجالس کو بھجوا دیا گیا تھا۔ ماہ مئی میں ہالینڈ کی ۲۶؍مجالس میں مقامی اجتماعات منعقد ہوئے جن میں مختلف تعلیمی مقابلہ جات ہوئے۔ ہر مقابلے میں پہلی دو پوزیشن حاصل کرنے والی ممبرات نے ریجنل مقابلہ جات میں حصہ لیا جبکہ ۶؍ریجنز سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ممبرات نے نیشنل اجتماع کے مقابلہ جات میں شرکت کی۔ اجتماع کی تشہیر کے لیے ویڈیوز اور پوسٹرز تیار کرکے واٹس ایپ اور انسٹاگرام کے ذریعہ ممبرات تک پہنچائے گئے۔
اجتماع گاہ کی تیاری: ۱۸؍ستمبر کو مختلف شعبہ جات کی ناظمات، نائبات اور معاونات فیئر ہاؤتن پہنچیں اور اجتماع گاہ کی تیاری و انتظامات میں حصہ لیا۔ تمام شعبہ جات کی ٹیموں نے اپنے انتظامات بروقت مکمل کیے۔
پہلا روز:اجتماع کا آغاز ۱۹؍ستمبر کو صبح ساڑھے دس بجے نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ ہالینڈ مکرمہ امۃ القیوم مظفر صاحبہ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور عہد سے ہوا۔ بعد ازاں تعلیمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔
اس کے بعد ہیومینٹی فرسٹ ہالینڈ کی دو رضاکار خواتین نے جنوبی افریقہ اور Eswatini کے دس روزہ دورہ کے اپنے ایمان افروز تجربات بیان کیے۔ نیز دوران سال شعبہ تعلیم کے تحت مختلف تعلیمی مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ممبرات میں اسناد اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔
شعبہ تعلیم کے خصوصی تعلیمی نصاب میں ۱۶؍مجالس سے ۱۳۰؍لجنہ ممبرات نے حصہ لیا۔ اس میں قرآن کریم کی سورتیں، درثمین کی ایک نظم، چالیس احادیث، عربی قصیدہ اور دس شرائط بیعت کا حفظ شامل تھا۔ علاوہ ازیں روحانی خزائن کی دو کتب کا خلاصہ تحریر کرنے کی سرگرمی بھی شامل تھی۔ قرآن کریم کے پارہ نمبر ۳ مع ترجمہ کے امتحان میں ۵۶؍ممبرات نے ۷۰؍فیصد سے زائد نمبر حاصل کیے۔ دوران سال بہترین کارکردگی پر اپنے اپنے گروپ میں مجالس آرنہم، خروننگن اور نائمیخن نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

کھانے اور نمازوں کے وقفہ کے بعد مرکزی مارکی میں ’’خود آگاہی سے متوازن تربیت تک: والدین کا سفر‘‘ کے موضوع پر تربیتی سیمینار منعقد ہوا جو پینل ڈسکشن کی صورت میں پیش کیا گیا۔ بعد ازاں لجنہ اور ناصرات کی سال بھر کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں پر مشتمل جائزہ ویڈیو پیش کی گئی۔
اسی روز مرکزی مارکی میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لجنہ اماء اللہ برطانیہ کے سالانہ اجتماع سے خطاب براہ راست سننے کا انتظام کیا گیا۔ ممبرات نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں عہد دہرایا اور خطاب و دعا میں شامل ہونے کی سعادت حاصل کی۔
دوسرا روز: ۲۰؍ستمبر کو پروگرام کا آغاز صبح سوا دس بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں مزید علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔
اختتامی اجلاس میں نیشنل صدر صاحبہ نے مختلف مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی ممبرات اور ناصرات میں انعامات تقسیم کیے۔ بعد ازاں اجتماع کے مرکزی موضوع پر تقریر کی اور بچوں کی دینی، اخلاقی اور روحانی تربیت پر خصوصی توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ لجنہ اماء اللہ ہالینڈ کا ۴۳واں سالانہ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔
ناصرت الاحمدیہ کا اجتماع:ناصرت الاحمدیہ کے لیے علمی مقابلہ جات کے علاوہ مختلف تخلیقی اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ بچیوں کا خصوصی استقبال کیا گیا اور باؤنسی کاسل، دوستانہ کارنر، ڈرائنگ و پیغامات کی سرگرمی اور یادگاری درخت جیسی سرگرمیوں کے ذریعے باہمی میل جول اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیا گیا۔
شعبہ تربیت:شعبہ تربیت کے تحت ’’ماؤں کا سفر: صبر، ثابت قدمی، خود آگاہی اور علم میں اضافہ‘‘ اور سکولوں میں دی جانے والی جنسی تعلیم وغیرہ کے حوالے سے اسلامی راہنمائی کے موضوعات پر تربیتی سیمینارز ہوئے۔ نمائش میں تربیت اولاد اور حیا کے موضوعات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ مختلف عملی سرگرمیوں کے ذریعہ بچوں کی شخصیت سازی میں گھر کے ماحول، والدین کی محبت، صبر، مستقل مزاجی اور درست تربیت کی اہمیت واضح کی گئی۔
شعبہ تبلیغ:شعبہ تبلیغ کی جانب سے ’’وَنَفۡسٍ وَّمَا سَوّٰٮہَا- اور ہر جان کی اور جیسے اس نے اسے ٹھیک ٹھاک کیا‘‘ کے عنوان سے معلوماتی و تربیتی نمائش پیش کی گئی جس میں انسان کے فطری طور پر مقصد زندگی، اپنے خالق سے تعلق اور روحانی ترقی کی جستجو کو اجاگر کیا گیا۔
تمام مجالس کی سال بھر کی تبلیغی سرگرمیوں پر مشتمل نمائش بھی لگائی گئی جس میں مختلف دعوتی پروگراموں، رپورٹس اور تصاویر کے ذریعہ لجنہ کی تبلیغی کاوشوں کو نمایاں کیا گیا۔
شعبہ امور طالبات:شعبہ امور طالبات کی جانب سے گذشتہ سال تعلیم یا مختلف تعلیمی کورسز مکمل کرنے والی طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ نمایاں تعلیمی کارکردگی پر Student of the Year کا ایوارڈ مریم نعیم صاحبہ کو دیا گیا۔ طالبات اور بڑی ناصرات کے لیے انتخابات کے بعد ایک پُرلطف Campfire Gathering کا بھی اہتمام کیا گیا۔
میڈیکل کیمپ:سالانہ اجتماع کے دوران سینئر میڈیکل طلبہ کی جانب سے میڈیکل کیمپ لگایا گیا جہاں ممبرات کے بلڈپریشر، خون میں شوگر، آکسیجن سیچوریشن اور دل کی دھڑکن کی جانچ کی گئی اور صحت سے متعلق مسائل پر طبی مشورہ دیا گیا۔
انٹیگریشن پروگرام:ہالینڈ میں نئی آنے والی لجنہ ممبرات کے لیے ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں تقریباً ۵۰؍ممبرات نے شرکت کی۔ اس میں اسائلم، تربیت اور ہالینڈ میں تعلیم کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئیں اور سوالات کے جواب دیے گئے۔
خلافت سے تعلق مضبوط رکھنے کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو خطوط لکھنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی جس سے ۱۶۷؍ممبرات نے استفادہ کیا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں دعائیہ خطوط تحریر کیے۔
شعبہ صنعت و دستکاری:شعبہ صنعت و دستکاری کی جانب سے مختلف تخلیقی اشیاء اور مقابلہ جات پر مشتمل نمائش منعقد ہوئی۔ نیز ریجنز کو مختلف سورتوں کے موضوع پر معلوماتی ٹیبل سجانے کا ٹاسک دیا گیا جس میں ریجنز نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ اجتماع کے مرکزی موضوع کے حوالے سے آیت ’’رَبَّنَا ہَبۡ لَنَا مِنۡ اَزۡوَاجِنَا وَذُرِّیّٰتِنَا قُرَّۃَ اَعۡیُنٍ وَّاجۡعَلۡنَا لِلۡمُتَّقِیۡنَ اِمَامًا‘‘ کی خوبصورت خطاطی کا مقابلہ بھی ہوا۔
’’Business Woman of the Year‘‘ کا ایوارڈ مکرمہ عطیہ آنسہ اکمل صاحبہ کو دیا گیا۔ سابقہ ایوارڈ یافتہ ممبرات نے اپنے کاروباری تجربات اور کامیابی کے سفر کے حوالے سے پریزنٹیشنز بھی پیش کیں۔
اجتماع میں وصیت، بک سٹال، خدمت خلق، رشتہ ناطہ، ہیومینٹی فرسٹ اور ہالینڈ مسجد فنڈ کے سٹالز کے علاوہ کپڑوں، جیولری اور کھانے پینے کے سٹالز بھی لگائے گئے۔
نومبائعات ری یونین پروگرام:شعبہ نومبائعات کی جانب سے نومبائعات کی پہلی ’ری یونین‘ منعقد ہوئی جس میں تعارفی سرگرمی، ذاتی و روحانی تجربات کا تبادلہ اور اللہ تعالیٰ کے صفاتی نام الودود اور الرحمٰن پر گفتگو ہوئی۔ پروگرام کا ترجمہ بھی فراہم کیا گیا۔ مجموعی طور پر ۲۱؍افراد نے شرکت کی اور اختتام پر یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔
حاضری:اللہ تعالیٰ کے فضل سے پہلے روز ۷۷۸؍جبکہ دوسرے روز ۸۰۰؍ممبرات نے اجتماع میں شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ ان تمام کاوشوں کو شرف قبولیت عطا فرمائے، کارکنات کو اجر عظیم سے نوازے، ہمیں اپنی اولاد کی بہترین دینی و اخلاقی تربیت کی توفیق دے اور اس اجتماع کے نیک و بابرکت اثرات کو دیرپا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: ڈنمارک کے شہر ’ناکسکو‘ میں منعقدہ Global Festival میں جماعتی وفد کی شرکت




