مجلس انصاراللہ نائیجیریا کا پچاسواں نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل مجلس انصاراللہ نائیجیریا کو اپنا ۵۰واں سالانہ نیشنل اجتماع ’’مذہب کی روشنی میں عالمی مسائل کا حل‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۲۱تا۲۳؍اگست ۲۰۲۶ء کولیسابی گرائمر سکول، ایڈی آبا، ایبوکوٹا، ریاست اوگن (Ogun) میں کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی، الحمدللہ۔ امسال اجتماع کی کل حاضری ۴۰۸۹؍تھی۔ اس کے علاوہ ۱۸۴۱؍ممبران نے آن لائن اجتماع دیکھا اور اس کے پروگرامز میں شمولیت اختیار کی۔

قبل از اجتماع سرگرمیاں: ۱۸؍اگست سے قبل از اجتماع سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔ اجتماع کمیٹی کے ممبران نے صدر جماعت کی قیادت میں ابیوکوٹا (Abeokuta)، اوگن سٹیٹ (Ogun State) کی مختلف اہم اور معزز شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ وفد نے نوبیل انعام یافتہ معروف ادیب پروفیسر وولے سوینکا (Prof. Wole Soyinka) سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں کے دوران اجتماع کا تعارف، انتظامی امور اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی۔ معزز شخصیات نے وفد کا خیرمقدم کیا، اجتماع کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جماعت کی فلاحی خدمات کو سراہا اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
اسی طرح جنرل ہسپتال، ایبیرے کوڈو (Iberekodo) میں دو روزہ مفت طبی کیمپ منعقد کیا گیا جس سے ۱۰۰۰؍سے زائد افراد نے طبی معائنہ اور ادویات کی سہولت حاصل کی جبکہ ۱۳۷؍افراد کو مفت عینکیں فراہم کی گئیں۔

پہلا روز:نائیجیریا کے مختلف علاقوں سے انصاراللہ، سالانہ اجتماع کے لیے ابیوکوٹا (Abeokuta) میں ایک روز قبل جمع ہونا شروع ہوئے۔ جمعہ کے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نمازوں کے بعد مکرم عبدالجلیل عبدالعزیز صاحب، معلم سلسلہ نے ’’جدید دور میں قیادت کے راہنما اصول: قیام امن کے لیے اسوۂ نبوی ﷺ سے راہنمائی‘‘ کے موضوع پر درس دیا۔ بعد ازاں ڈاکٹر بشیرالدین اولاوالے صاحب نے ’’غیرمتعدی بیماریوں سے لاحق ہونے والی بیماری اور اموات میں اضافہ‘‘ کے عنوان پر صحت کے موضوع سے متعلق لیکچر دیا۔
تمام انصار نے ایک بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سماعت کیا۔ اس کے بعد امیر جماعت نائیجیریا مکرم عبدالعزیز الاتویے صاحب نے خطبہ جمعہ دیا اور نماز جمعہ پڑھائی۔
افتتاحی اجلاس شام ۵؍بجے مکرم رانا محمد اکرم صاحب قائم مقام مبلغ انچارج نائیجیریا کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور قصیدہ کے بعد مکرم صدر صاحب انصار اللہ نے احباب کو خوش آمدید کہا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ مکرم عبدالفتاح ایڈوں صاحب معلم سلسلہ نے ’’خلیفۃ المسیح: مسلمانوں کے اتحاد کا مرکزی ستون‘‘ کے موضوع پر لیکچر دیا۔ رات نمازوں اور کھانے کے بعد تعلیمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔

دوسرا روز:دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر، درس اور ہلکی پھلکی ورزش کے بعد ڈاکٹر نصیرالدین بیلو صاحب نے ’’بڑھاپے میں حافظہ، ذہنی صلاحیت اور صحت ذہن‘‘ کے موضوع پر لیکچر دیا۔ ناشتہ کے بعد ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔
۹؍بجے مکرم امیر صاحب کی صدارت میں تمام اضلاع نے مارچ پاسٹ کیا۔ اس کا باقاعدہ آغاز لوائے احمدیت، لوائے انصار اللہ اور نائیجیریا کے جھنڈے لہرانے سے ہوا جس کے بعد ہر ضلع کے انصار نے باری باری مارچ پاسٹ کیا۔
مارچ پاسٹ کے فوراً بعد تمام انصار سمپوزیم ہال میں جمع ہوئے جہاں مکرم امیر صاحب کی صدارت میں دن کا اہم اجلاس شروع ہوا۔ اس میں Ogun ریاست کے گورنر کے نمائندہ، چیف امام، ایبالینڈ علاقہ کا بادشاہ، علاقے کے عیسائیت کے سربراہ اور دیگر مسلم و غیر مسلم نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ مکرم معلم سعید تیمیی صاحب نے اجتماع کے مرکزی موضوع پر لیکچر دیا۔ الحمدللہ، یہ اجلاس کامیاب رہا۔ بعد ازاں مہمانان نے نمائش کا دورہ کیا۔
شام کے وقت علمی و ورزشی مقابلہ جات کے فائنلز منعقد ہوئے۔ رات نماز مغرب و عشاء اور کھانے کے بعد رشتہ ناطہ کی ٹیم کے تحت پروگرام ہوا جس میں ’’ازدواجی تعلقات: مسائل اور ان کا حل‘‘ کے موضوع پر معلمین کی ایک ٹیم نے گفتگو کی۔
تیسرا روز:دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر اور درس کے بعد اختتامی اجلاس صبح ۷؍بجے مکرم امیر صاحب نائیجیریا کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ کے بعد مکرم ڈاکٹر توفیق ثانی صاحب نائب صدر صف دوم نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔ صدر صاحب انصار اللہ نائیجیریا نےتقریرکی۔ مکرم امیر صاحب نے اختتامی کلمات کہے اور دعا کے ساتھ یہ اجتماع اپنے بابرکت اختتام کو پہنچا۔
(رپورٹ: سید اطہر محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے نیشنل اجتماع مجلس انصاراللہ نائیجیریا ۲۰۲۶ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم
مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نائیجیریا،
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
میں مجلس انصار اللہ نائیجیریا کے ۵۰ویں نیشنل اجتماع کے تمام شاملین کو مبارکباد اور دعائیں دیتا ہوںکہ اللہ تعالیٰ اس گولڈن جوبلی اجتماع کو ہر شامل ہونے والے کے لیے بے شمار برکات کا باعث بنائے اور آپ کو اس کی کارروائی سے دائمی روحانی اور اخلاقی فوائد حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
مجلس انصار اللہ کے ممبران پر یہ بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں، اپنی پنج وقتہ نمازیں باقاعدگی کے ساتھ ادا کریں، قرآن کریم کا مطالعہ کریں اور اپنی زندگی کے ہر شعبے میں اس کی تعلیمات پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ کو چاہیے کہ اخلاص کے ساتھ جماعت کی خدمت کر کے، اتحاد کو فروغ دے کر اور نئی نسلوں کے لیے تقویٰ، ایمانداری، ہمدردی اور قربانی کی اعلیٰ ترین مثالیں قائم کر کے اپنے عہد کو پورا کریں۔
اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے مبارک فرمائے، آپ کے درمیان اخوت کے تعلقات کو مضبوط کرے، مجلس انصار اللہ نائیجیریا کو ترقی اور استقامت عطا فرمائے اور آپ میں سے ہر ایک کو سپرد کی گئی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ کینیڈا کے سالانہ اجتماع و مجلس شوریٰ ۲۰۲۶ء کا کامیاب انعقاد




