فرانس میں کیمرون کے سفارت خانہ کے Minister Counsellor سے ملاقات
مکرم طلحہ رشید صاحب نیشنل سیکرٹری امور خارجہ فرانس تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فرانس کے ایک وفد نے فرانس میں کیمرون کے سفارت خانہ میں Minister Counsellor (وزیر مشیر) جناب José Christian Ondoua Ntsama صاحب سے ملاقات کی۔

وفد میں شامل تھے:مکرم نصیر احمد شاہد صاحب قائم مقام امیر ومبلغ انچارج جماعت احمدیہ فرانس، خاکسار (نیشنل سیکرٹری امور خارجہ) اور لیون نیمب صاحب کیمرون نژاد جماعت احمدیہ فرانس کے ایک رکن۔
یہ ایک تاریخی ملاقات تھی کیونکہ پہلی مرتبہ جماعت احمدیہ فرانس کے کسی وفد کو سفارت خانے میں مدعو کیا گیا تھا۔
ملاقات کے دوران موصوف کو جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف پیش کیا گیا جس میں جماعت کے مذہبی و اعتقادی بنیادی اصول، اس کا پیغام، جماعت کی مختلف سرگرمیاں اور بالخصوص حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی عالمی امن کے فروغ کے لیے کی جانے والی مساعی کا ذکر کیا گیا۔
اس موقع پر انہیں کیمرون میں جماعت احمدیہ کی جانب سے انجام دی جانے والی فلاحی اور انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
موصوف نے متعدد سوالات کیے جو جماعت احمدیہ کی سرگرمیوں میں ان کی گہری دلچسپی کا اظہار کرتے تھے۔
اس موقع پر انہیں قرآن کریم کا ایک فرنچ نسخہ، عالمی بحران اور امن کی راہ اور Planetary Chaos and the Imperative Need for Muslim Unity دی گئیں۔ وہ یہ کتب حاصل کرکے بہت خوش ہوئے اور انہوں نے بتایا کہ وہ یہ کتب فرانس میں کیمرون کے سفیر کو بھی دیں گے، کیونکہ ان کے بقول سفیر صاحب کو مطالعہ کا بہت شوق ہے۔
(رپورٹ: منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: لجنہ اماءاللہ نیوزی لینڈ کے تحت امن سمپوزیم ۲۰۲۶ء کا انعقاد



