کینیا کے ریجن نارتھ نیانزہ کی جماعت اگوئیاں (Ugenyan) میں نو تعمیر مسجد کا افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کینیا کو نارتھ نیانزہ ریجن کی قدیم جماعت اگوئیاں (Ugenyan) میں ایک نئی اور خوبصورت مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اگوئیاں جغرافیائی طور پر نارتھ نیانزہ کی سیایا کاؤنٹی میں واقع ہے اور نیانزہ ریجن کی قدیم ترین جماعتوں میں شمار ہوتی ہے۔ یہاں ۱۹۴۸ء سے ۱۹۶۲ء تک مختلف ادوار میں مکرم محمد منور صاحب مرحوم اور مکرم عبدالکریم شرما صاحب مرحوم نے نہایت محنت اور اخلاص کے ساتھ تبلیغی خدمات انجام دیں۔ بفضل خدا ان کے ذریعہ صوبہ نیانزہ میں متعدد جماعتیں قائم ہوئیں جن میں اگوئیاں کی جماعت بھی اہم اور مضبوط جماعت کے طور پر ابھری۔
۱۹۷۱ء اور ۱۹۸۴ء میں جماعت احمدیہ کینیا کے سالانہ جلسوں کا انعقاد بھی اگوئیاں میں ہوا۔ اگوئیاں میں اس وقت ایک کچی مسجد تعمیر کی گئی تھی جس کی وقتاً فوقتاً مرمت کی جاتی رہی اور جو رواں سال کے آغاز تک موجود تھی۔ اپریل ۲۰۲۶ء میں اس کی ازسرنو تعمیر کا فیصلہ کیا گیا اور نئی مسجد کی تعمیر کا کام شروع ہوا جو اللہ تعالیٰ کے فضل سے ستمبر کے وسط میں مکمل ہوا۔ نئی مسجد ۲۸؍فٹ لمبی اور ۲۴؍فٹ چوڑی ہے جس میں تقریباً ۱۶۰؍افراد بیک وقت نماز ادا کر سکتے ہیں۔ مسجد کے ہال میں مستقل پارٹیشن کے ذریعہ مستورات کے لیے علیحدہ اور باپردہ نماز کی جگہ کا انتظام کیا گیا ہے۔ مسجد کے گرد پختہ چاردیواری تعمیر کرکے آہنی گیٹ بھی نصب کیا گیا ہے۔

مسجد کے تعمیری کام کی نگرانی ریجنل انچارج مکرم معلّم محمدموسیٰ اپئیوں صاحب نے کی۔ فجزاہ اللہ خیراً
مسجد کے دوسرے مرحلہ میں اس کے احاطہ میں معلّم ہاؤس کی تعمیر، پانی کے لیے کنویں کی کھدائی، واٹر پمپ کی تنصیب اور سولر پینلز لگانے کا کام شروع کیا جائے گا۔ سولر پینلز کی تنصیب سے مسجد میں روشنی، لاؤڈ سپیکر اور ایم ٹی اے کے لیے بجلی دستیاب ہوگی۔
اس نَوتعمیر شدہ مسجد کا افتتاح ۴؍اکتوبر ۲۰۲۶ء بروز اتوار مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا نے کیا۔ صبح گیارہ بجے مکرم امیر صاحب نے ریٹائرڈ معلم محمد اسحاق عبداللہ صاحب صدر جماعت اگوئیاں کے ساتھ مل کر فیتہ کاٹا اور تختی کی نقاب کشائی کی۔ محمد اسحاق عبداللہ صاحب کو اس علاقہ کے پہلے معلم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے مسجد کے اندر تعمیری کام کا جائزہ لیا۔

مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت تقریب کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور اس کے سواحیلی و لوؤ زبان میں تراجم کے بعد سواحیلی زبان میں نعتیہ کلام پیش کیا گیا۔ بعد ازاں معلّم محمد اسحاق عبداللہ صاحب نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اس علاقہ میں احمدیت کی تبلیغ کی مختصر تاریخ بیان کی۔
اسسٹنٹ چیف علاقہ نے مسجد کی تعمیر پر جماعت احمدیہ کو مبارکباد پیش کی اور اسلام کی پُرامن تعلیم، قیام امن اور قانون کے نفاذ کے لیے جماعت احمدیہ کے افراد کے تعاون کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔ بعد ازاں مختلف جماعتوں کے نمائندگان اور چند پرانے احمدیوں نے مسجد کی تعمیر اور نیانزہ و ویسٹرن صوبوں میں جماعت کی ترویج و ترقی کے حوالہ سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس طرح علاقہ چیف نے مختصر تقریر کی اور مسجد کی تعمیر پر جماعت احمدیہ کو مبارکباد پیش کی۔

آخر میں مکرم امیر صاحب نے مسجد کی تعمیر پر احباب جماعت کو مبارکباد دی اور مسجد کی تعمیر کے اغراض و مقاصد اور آداب پر روشنی ڈالی اور دعا کروائی۔ نماز ظہر کے بعد حاضرین کی عشائیہ سے تواضع کی گئی۔
اس بابرکت تقریب میں ۱۵۰؍سے زائد احباب شامل ہوئے۔
اللہ تعالیٰ اس مسجد کو نیک دل اور مخلص نمازیوں سے آباد رکھے اور اسے اس علاقے میں رشد و ہدایت کا مرکز بنائے۔ آمین
(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ سرینام کاپینتالیسواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء




