ایشیا (رپورٹس)

جاپان میں ناگویا یونیورسٹی کے طلبہ اور ریسرچ اسکالرز کے ساتھ تبلیغی نشست

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مسجد بیت الاحد، جاپان میں مختلف وفود کی آمد کے ذریعے اسلام کی حقیقی تعلیمات متعارف کروانے اور غلط فہمیوں کے ازالے کا موقع ملتا رہتا ہے۔ اسی سلسلہ میں ۴؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو جاپان کی معروف ناگویا یونیورسٹی کے پروفیسر جناب Fukaya صاحب، اسلام پر تحقیق کرنے والے چار طلبہ و طالبات اور اسلامی تہذیب و ثقافت میں دلچسپی رکھنے والی ایک جاپانی خاتون نے مسجد بیت الاحد جاپان کی زیارت کی۔

مہمانوں کا استقبال کرنے کے بعد انہیں اسلام احمدیت کا ابتدائی لٹریچر پیش کیا گیا۔ مکرم انیس رئیس صاحب نیشنل صدر و مبلغ انچارج جاپان نے جماعت احمدیہ کا تعارف کرواتے ہوئے نظام خلافت کی اہمیت بیان کی اور بتایا کہ دنیا بھر کے احمدی مسلمان خلیفۂ وقت سے تعلق اور اطاعت کے تحت اسلام احمدیت کی تبلیغ و اشاعت میں مصروف ہیں۔

نماز مغرب کے بعد اسلامی عبادت، اس کی حکمت اور قرآن کریم کے متعلق سوال و جواب ہوئے۔ مکرم حافظ نابغ محمود صاحب مبلغ سلسلہ نے قرآن کریم کی بعض آیات تلاوت کرکے سنائیں جنہیں مہمانوں نے توجہ سے سنا اور جاپانی ترجمے کا مطالعہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ قرآن کریم میں یہودیت و مسیحیت کا تفصیلی ذکر، حضرت مریمؑ کے نام سے ایک سورت اور خواتین، حسن معاشرت اور والدین کے حقوق سے متعلق اہم تعلیمات موجود ہیں۔ پروفیسر صاحب اور طلبہ نے ان معلومات میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

اسلام میں تدفین کے موضوع پر انٹرویو:اسلام پر تحقیق کرنے والے طلبہ نے مکرم صدر صاحب کا اسلام میں تدفین اور مختلف مذاہب میں وفات کے بعد کی رسومات کے متعلق ایک انٹرویو کیا۔

مہمانوں نے مسجد بیت الاحد کی زیارت اور اسلام احمدیت کے تعارف کو مفید اور معلوماتی قرار دیا۔ انہوں نے نماز، قرآن کریم کی تعلیمات، اسلامی طریقۂ تدفین اور مختلف مذاہب و ثقافتوں پر پُرامن ماحول میں گفتگو کے موقع کو سراہا اور آئندہ بھی اسلام احمدیت کے بارے میں مزید جاننے کی خواہش ظاہر کی۔

اللہ تعالیٰ ان ملاقاتوں کے بابرکت نتائج پیدا فرمائے اور مہمانوں کے دلوں کو اسلام احمدیت کی خوبصورت تعلیمات سمجھنے اور قبول کرنے کے لیے کھول دے۔ آمین

(رپورٹ:دانیال داؤد۔ مبلغ سلسلہ جاپان)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: لجنہ اماء اللہ سری لنکا کا سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button