جماعت جمبو ریجن، ساں پیدرو، آئیوری کوسٹ میں مسجد بیت اللطیف کا افتتاح
مکرم منصور احمد صاحب مبلغ سلسلہ ساں پیدرو، آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کے زیرانتظام مورخہ ۲۷؍ستمبر ۲۰۲۶ء بروز اتوار ریجن ساں پیدرو کے گاؤں جمبو (Djimbo) میں مسجد بیت اللطیف کا افتتاح ہوا۔ یہ گاؤں ساں پیدرو شہر سے ۸۰؍کلومیٹر دور طوبیٰ شہر کی جانب واقع ہے۔ اس گاؤں میں احمدیت کا نفوذ ۲۰۰۳ء میں ہوا۔ مسجد کی تعمیر سے قبل احباب جماعت ایک چھوٹی سی کچی اینٹوں سے بنی مسجد میں پنجوقتہ نماز ادا کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۶؍جنوری ۲۰۲۶ء کو اس مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا اور اپریل ۲۰۲۶ء میں تعمیر مکمل ہوئی۔

افتتاحی تقریب میں مرکزی طور پر مکرم عبد القیوم پاشا صاحب امیر و مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ، مکرم سیلا محمدی صاحب نائب امیر، مکرم تیرو ابراہیم صاحب سیکرٹری رشتہ ناطہ، مکرم سلا اسماعیل صاحب سیکرٹری وقف نو، مکرم یوسف کولیبالی صاحب اور مکرم عبد الرحمٰن وترا صاحب معلم سلسلہ سمیت دیگر احباب نے شرکت کی۔
مورخہ ۲۷؍ستمبر کو افتتاحی تقریب کا آغاز زیر صدارت مکرم امیر صاحب تلاوت قرآن کریم اور اس کے فرانسیسی ترجمے سے ہوا۔ اس کے بعد خاکسار (مبلغ سلسلہ)نے مقامی روایات کے مطابق مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور مساجد کی اہمیت پر مختصر روشنی ڈالی۔ مکرم سیدوگو یونس صاحب معلم سلسلہ ساں پیدرو نے جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف پیش کیا۔ بعدازاں گاؤں کے نائب چیف، دیگر قبائل کے چیفس اور متعدد ائمہ کرام نے مسجد کی تعمیر پر جماعت کا شکریہ ادا کیا اور اسے گاؤں اور اسلام کی ترقی کا ذریعہ قرار دیا۔

تقریب کے اختتام پر امیر صاحب نے اپنی تقریر میں مساجد کی اہمیت اور اسلام کی پیار، محبت اور امن پر مبنی تعلیمات بیان کیں۔ نیز مسجد کے نام ’بیت اللطیف‘ کی مناسبت سے اللہ تعالیٰ کے صفاتی نام ’’اللطیف‘‘ کی تشریح بیان کی۔ تقریر کے بعد امیر صاحب نے مسجد کی تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا کروائی۔ اختتامی دعا کے بعد مہمانوں اور حاضرین کے ساتھ گروپ تصاویر بنائی گئیں۔ بعد ازاں مسجد میں نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
اس بابرکت تقریب میں تقریباً ۳۲۵؍افراد نے شرکت کی۔ مسجد میں ۱۶۰؍سے زائد نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد کی تعمیر کی نگرانی کی سعادت خاکسار کو حاصل ہوئی، جبکہ تعمیر کے تمام اخراجات مکرم عبد الرحمٰن غنی صاحب آف امریکہ نے ادا کیے۔
اللہ تعالیٰ اس مسجد کو اسلام اور احمدیت کے پھیلاؤ کا ذریعہ بنائے اور اسے ہمیشہ ذکر الٰہی اور عبادت سے آباد رکھے۔ آمین
(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ سیرالیون کے ریجنل اجتماعات ۲۰۲۶ء




