محترمہ صاحبزادی امۃ الجمیل صاحبہ
(ہادی علی چودھری۔ نائب امیر و مربی سلسلہ کینیڈا)
محترمہ صاحبزادی بی بی امۃ الجمیل صاحبہ نوّر اللہ مرقدہا حضرت خلیفۃالمسیح الثانی رضی اللہ عنہ کی اولاد میں سے سب سے آخری تھیں جن کی وفات ہوئی۔ جماعت کا اُس دَور کے ساتھ جو ایک جسمانی تعلق تھا آپ کی رحلت سے اس کا اختتام ہو گیا۔آپ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی ایک خوبصورت ، دلربا اور پُر رونق یادگار تھیں۔ خصوصاً ٹورانٹو میں جماعت اور لجنہ اماء اللہ کے لیے ایک برکت کا موجب تھیں۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سےصاحبزادی بی بی امۃ الجمیل صاحبہ بہت باہمّت، صابرہ، شاکرہ،خوش رہنے والی ،خوش رکھنے والی، اَن گنت لوگوں سے ذاتی تعلق رکھنے اور تعلق نبھانے والی اور ہمہ جہت صفات کی مالک تھیں۔ آپ حتّی الوسع ہرایک کی خوشی غمی میں شریک ہوتی تھیں۔مستقل بیماریوں اور آپریشنوں کے باوجود ہمّت و حوصلہ اور بشاشت کے ساتھ چلتی پھرتی اوراپنے سب کام کرتی تھیں۔
جامعہ احمدیہ کینیڈا کے ساتھ مرحومہ کی وابستگی اور محبت مثالی تھی۔ ہم نے آپ کو جب بھی جامعہ کے کسی پروگرام میں مدعو کیا ،آپ ضرور تشریف لائیں۔
کئی سال تک جامعہ کے طلبہ گروپوں کی صورت میں آپ کے گھر جاتے اور آپ سے حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کی باتیں اور نصیحتیں سنتے اور برکتیں سمیٹتے رہے۔ آپ ان طلبہ کی خاطرتواضع بھی کرتیں۔طلبہ جامعہ احمدیہ سے اسی محبت کا شاید اظہار تھا کہ آپ نے خاکسار سے فرمایا تھا کہ آپ کا جنازہ جامعہ کے طلبہ اٹھائیں۔
جامعہ احمدیہ کینیڈا نےاسلام احمدیت کی تاریخ پر مشتمل نمائشوں کا سلسلہ شروع کیا تو آپ ان نمائشوں کو بہت محبت سے دیکھنے آتی تھیں اور ہر پوسٹر کو تفصیل سے دیکھتی تھیں۔ان میں سے تیسری نمائش جو کہ خلافتِ احمدیہ پر تھی ۔ اس نمائش میں خاص طور پر حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ والے حصّہ پر کھڑے ہو کر تقریباً ہر تصویر کے ساتھ واقعات کی تفصیل بھی بیان فرماتی تھیں۔ آپ اس دَور کی نمائش سے اس قدر خوش اور جذباتی تھیں کہ گھنٹہ بھر اسی حصّہ پر کھڑی رہیں اور حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی تصویروں کو بار بار دیکھتی تھیں۔
آپ نےجامعہ میں کئی جگہ کھڑے ہو کر تصویریں بھی اتروائیں۔آپ اتنی خوش تھیں کہ اس سے اگلے دن جلیبیوں سے اوپر تک بھری ہوئی گنبد نما دو بڑی بڑی طشتریاں جامعہ کے اساتذہ اور طلبہ کے لیے بھیجیں۔
صاحبزادی بی بی جان خلفاء اور خلافت سے بےحد جذباتی حدّ تک محبت رکھتی تھیں۔یہ ۲۰۱۶ء کی بات ہےکہ جامعہ احمدیہ کینیڈا کو حضور پُرنور کی قدم بوسی کا شرف حاصل ہوا تھا۔ حضور انور ایّدہ اللہ کی لندن واپسی کے کچھ دنوں بعدبی بی جان جامعہ تشریف لائیں تو خاکسار سے کہنے لگیں کہ حضور تمہارے دفتر میں تشریف لائے تھے، میں نے بھی اسے دیکھنا ہے۔ آپ جب پرنسپل کے دفتر میں داخل ہوئیں تو خاکسار سے پوچھنے لگیں کہ حضور کہاں تشریف فرما ہوئے تھے۔ خاکسار نے بتایا کہ حضور نے یہاں کرسی کی ٹیک پر ہاتھ رکھا تھا اور کھڑے کھڑے ہی باتیں کی تھیں۔یہ سن کر آپ نے بھی کرسی کی ٹیک پر ہاتھ رکھا ۔ تصویر کھنچوائی اور پھر اس کرسی پر ایک لمحہ کے لیے بیٹھ گئیں۔یہ ان کی خلیفۃ المسیح سے قلبی محبت اور خلافت سے وابستگی کی ایک حسین ادا تھی۔
۲۰۲۲ء میں احمدیہ گزٹ کینیڈا کی پچاس سالہ جوبلی کی تقریب تھی۔ اس دن آپ بیمار تھیں۔ مگر ہماری دعوت پر آپ وہاں پہنچیں اور اس پروگرام کو اپنی شرکت سے یادگار بھی بنایا اور اسے رونق اور برکت بھی بخشی۔
خاکسار کے ساتھ آپ کی محبت بھری شفقت کی بھی شاید یہی وجہ تھی کہ خاکسار کو حضرت خلیفۃ المسیح الرّابع رحمہ اللہ کی خدمت کا خاص موقع ملا تھا۔آپ اس کا اکثر اظہار کرتیں۔ خلافتِ رابعہ کے دوران لندن تشریف لائیں تو از راہِ شفقت خاکسار کی دعوت پر ایک شام کا کھانا کھانے اسلام آباد میں ہمارے گھر بھی تشریف لائیں۔آپ کو خاکسار کی اہلیہ کے تیار کردہ بینگن کے پکوڑے اور پزّے بہت پسند تھے۔
خاکسار کی اہلیہ کے ساتھ بھی بہت محبت اور پیار کا تعلق تھا۔ ہر عید پر ہمیں ضرورعیدی بھیجتی تھیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سےخاکسارآپ کی خاص شفقتوں سے بہت فیضیاب ہوا ہے۔
ایک دن آپ نے خاکسار کو بتایا کہ بچپن میں آپ حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے ساتھ کار پر جابہ سے ربوہ آ رہی تھیں اور حضورؓ کے ساتھ پچھلی سیٹ پر تھیں۔ آپ نے دیکھا کہ حضورؓ کچھ فکر کے ساتھ بار بار انگلیوں پر کچھ گِن رہےتھے۔ آپ نے پوچھا :’’ ابّا! آپ کیا گن رہے ہیں؟‘‘ تو حضورؓ نے بتایا کہ آپ دنیا کے تمام ملکوں میں اپنے مبلّغین کی تعداد کے اندازے کر رہےہیں اور کہا کہ ساری دنیا میں کم از کم دو لاکھ مبلّغوں کی ضرورت ہے۔شاید یہی وجہ تھی کہ آپ بھی جامعہ کے بچوں کے ساتھ بہت شفقت فرماتی تھیں کہ یہ بچے حضرت مصلح موعودؓ کی اس خواہش کو پورا کرنے والے مجاہد بن رہے تھے۔ آپ اپنے دل میں تمام مبلّغین کے لیے بہت عزّت و قدر کے جذبات رکھتی تھیں اور اس کا اظہار بھی کرتی تھیں۔
خاکسار کو ہمیشہ شفقت سے یاد کرتی تھیں۔ خاکسار تیسرے چوتھے ہفتے آپ کو فون کر تا تھا۔ اگر یہ وقفہ کچھ زیادہ ہو جاتا تو آپ خود فون کر کے شکوہ بھی کرتیں اور اپنے لیے اور اپنے بچوں کے لیے دعا کا کہتیں۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے خاکسار کو ہمیشہ آپ کے لیے دعا کی توفیق ملتی رہی ۔
صاحبزادی بی بی جان کی سیرت کا ایک خاص اور غالب پہلو یہ بھی تھا کہ آپ ہمیشہ تعلق نبھاتی تھیں۔ خاکسار کو مکرم عبدالحفیظ خلیفہ صاحب نے بتایا کہ کینیڈا کی مشہور وفاقی وزیر جُوڈی سَگرَو ؔصاحبہ کسی تقریب میں جہاں صاحبزادی بی بی جان بھی ہوتی تھیں ، آپ کو جا کر بہت پیار اور احترام کے ساتھ ملتی تھیں۔ بلکہ بعض اوقات وہ آپ سے ملنے کے لیے آپ کے گھر بھی جاتی تھیں۔اسی طرح بی بی جان جب بھی پاکستان جاتیں وہاں سے جوڈی سگرو صاحبہ کے لیے ضرور کوئی تحفہ لے کر آتیں اور ان (خلیفہ حفیظ صاحب)کے ذریعہ ان کو پہنچاتی تھیں۔
۲۱؍جولائی ۲۰۱۴ء کوآپ نے خاکسار کے نام ایک وصیّت لکھی کہ اگر آپ کی وفات کے وقت حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ بنصرہ العزیز ٹورانٹو میں نہ ہوں تو خاکسار آپ کی نمازِ جنازہ پڑھائے۔ چنانچہ اس وصیّت کے مطابق خاکسار کے لیے یہ اعزاز تھا کہ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی اولاد میں سے سب سے آخری بیٹی کی نمازِ جنازہ پڑھانے کی سعادت نصیب ہوئی۔
یہاں یہ ذکر کرنا ضروری ہے کہ مکرم ملک کلیم احمد صاحب نائب امیر کینیڈا اور ان کی اہلیہ محترمہ امۃ السلام صاحبہ سابق صدر لجنہ نے ۱۹۹۲ء سے بی بی جان مرحومہ کے آخری وقت تک(تقریباً ۳۴؍سال) حقیقی بچوں کی طرح ہر حالت میں آپ کی مسلسل خدمت کی۔آپ اکثر ان کے گھر آ کر کئی کئی دن قیام رکھتی تھیں۔ بعض اوقات کسی مہمان کی، خصوصاً مرکز سے آئے ہوئے مہمانوں کی دعوت کرنی ہوتی تو وہ بھی مکرم ملک کلیم احمد صاحب کے گھر کرتی تھیں۔ بعض کھانے خود بھی پکاتی تھیں۔ دونوں میاں بیوی مسلسل آپ کو ڈاکٹروں، ہسپتالوں اور لیبارٹریوں وغیرہ میں لے کر جاتے رہے ہیں۔اسی طرح آپ کو کار پر آپ کے بیٹے ظاہر مصطفیٰ صاحب کے پاس امریکہ لے کر جانا اور پھر کچھ عرصہ بعد واپس بھی لانا ان دونوں کاخادمانہ شوق تھا۔
اسی طرح مکرم عبد الحمید وڑائچ صاحب اور ان کی اہلیہ ان کی خدمت کے لیے پیش پیش تھے۔ بی بی جان کا ان کے ساتھ بھی بہت محبت اور شفقت کا تعلق تھا۔صاحبزادی بی بی جان نے اپنی تجہیز و تکفین اور اس کے اخراجات وغیرہ کے بارے میں ایک تفصیلی وصیّت مکرم عبد الحمید وڑائچ صاحب کے نام بھی لکھ دی تھی۔ جس کے مطابق یہ انتظامات ہوئے۔
ان کے علاوہ اور بعض ممبراتِ لجنہ نے ان کی شب و روز خدمت کی ہے۔ اللہ تعالیٰ ان سب پر اپنی رحمت کا سایہ فرمائے اور انہیں بہت جزا دے۔ اللہ تعالیٰ صاحبزادی بی بی جان پر اپنی رحمتوں کے ساتھ سایہ فگن ہو اور آپ کو اپنے مقدس آباء کے قرب میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین !
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: سیرالیون کا ایک اور دیوانہ : بلالِ احمدیت پا سعیدو بنگورا




