نمازِ جنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۲۸؍اکتوبر ۲۰۲۶ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم پروفیسر سید عبد الماجد صاحب ابن مکرم حکیم سید عبدالرحیم صاحب (آف لاہورحال بریڈ فورڈ۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور پانچ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرم پروفیسر سید عبد الماجد صاحب ابن مکرم حکیم سید عبدالرحیم صاحب (آف لاہورحال بریڈ فورڈ۔یوکے)
۲۴؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو ۹۰ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے والد ۱۹۳۰ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے دستِ مبارک پر بیعت کر کے سلسلہ احمدیہ میں داخل ہوئے۔ مرحوم نے فزکس میں ماسٹرز کیا اور پھر ساری عمر لاہور میں گورنمنٹ کالج اور ایچی سن کالج میں سائنس کے مضامین پڑھاتے رہے۔ آپ نماز اورروزہ کے پابند،باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والےبڑے نیک اور دُعا گو انسان تھے۔ ہمیشہ گھر میں بھی نماز باجماعت کی پابندی کرتے اور اپنی اولاد کوبھی اس کی تلقین کرتے تھے۔ نظام جماعت اور خلافت سے انتہائی وفا کا تعلق تھا۔ جب خطبہ کا وقت ہوتا تو صوفہ سے نیچے اتر کر بیٹھ جاتے اور پوراخطبہ بڑی خاموشی اور توجہ سے سنتے۔ قرآن کریم کا بھی وسیع علم رکھتے تھے۔آپ کی بیٹی کہتی ہیں کہ ایک مرتبہ آپ نے بتایا کہ بعض اوقات جب مجھے کوئی مضمون سمجھ نہیں آتا تو میں دُعا کرتا ہوں تو خدا تعالیٰ میرے اوپر ایسے مضمون کھولتا ہے کہ میں حیران رہ جاتا ہوں۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹے،چار بیٹیاں اوربہت سے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔
نماز جنازہ غائب
۱۔ مکرم منیر الاسلام یوسف صاحب (مبلغ سلسلہ انڈونیشیا)
۲۹؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو ۷۸سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ ۳۱؍اکتوبر ۱۹۴۷ء کو مکرم راڈن یوسف احمدی صاحب کے ہاں جکارتہ (انڈونیشیا) میں پیدا ہوئے۔ ۲۶؍ستمبر ۱۹۶۷ء کو تقریباً بیس سال کی عمر میں احمدیت قبول کرنے کی توفیق پائی۔ اسی سال آپ نے اپنی زندگی خدمت اسلام کے لیے وقف کر دی۔ اس وقت آپ Bogor Agriculture University میں Faculty of Fisheries میں زیر تعلیم تھے۔ستمبر ۱۹۶۸ء میں دینی تعلیم کے حصول کے لیے ربوہ آئے۔ جہاں آپ کو جامعہ احمدیہ کی فصل خاص میں داخل کیا گیا۔ اپریل ۱۹۷۸ء میں آپ شاہد کی ڈگری لے کر جامعہ احمد یہ ربوہ سے فارغ التحصیل ہوئے۔ یکم مئی ۱۹۷۸ء کو آپ کا تقرر بطور مبلغ ہوا۔ اسی سال آپ کو واپس انڈونیشیا بھجوایا گیاجہاں آپ کو مختلف علاقوں میں لوکل اور ریجنل مبلغ کے طور پر خدمت کا موقع ملا۔اسی طرح مختصر عرصہ کے لیے آپ کو سنگاپور، ملائیشیا اور برونائی دارالسلام میں بھی خدمت کے لیے بھجوایا جاتا رہا۔ آپ کو مبلغین کے لیے منعقد ہونے والے مختلف ریفریشر کورسز میں شمولیت کا بھی موقع ملا۔ آپ کئی زبانیں جانتے تھے۔ کئی سال تک آپ کو انڈو نیشیا کی تصنیف کمیٹی میں بھی خدمت کی توفیق ملی۔ آپ نے جون ۲۰۲۶ء تک خدمت سلسلہ کی توفیق پائی۔ اس طرح آپ کی خدمات کا عرصہ کم و بیش ۴۸ سال پر محیط ہے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
۲۔مکرم حبیب احمد اٹھوال صاحب ابن مکرم مشتاق احمد صاحب(اٹلی)
۲۴؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو ۵۶سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کو جماعت اٹلی میں نیشنل سیکر ٹری وصایا اور لوکل جماعت میں سیکرٹری مال کے طور پر خدمت کی توفیق ملی۔ لوکل پروگراموں، بک سٹالز اور خدمت خلق کی ڈیوٹی کے انتظامات میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند،بڑے محنتی، اچھے اخلاق کے مالک ایک نیک مخلص اورباوفا انسان تھے۔ خلافت سے گہرا تعلق تھا۔ حضورانور کے خطبات اور خطابات ایم ٹی اے کے ذریعہ باقاعدگی سے سنتے۔ جب تک آپ کی آواز ٹھیک رہی روزانہ حضورانور کی خدمت میں دعا کے لیے فون کرتےاور محبت بھرا سلام پیش کیا کرتے تھے۔ بیماری کا بہت حوصلہ اور صبر سے مقابلہ کیا۔ کبھی کوئی شکوہ نہیں کیا۔ یہاں تک کہ ہسپتال کا عملہ اور ڈاکٹر بھی حیران تھے۔ وفات سے ایک دن قبل بھی سب کو مسکرا کر سلام کیا اور حال و احوال پوچھا۔ گھر کے کاموں میں ہمیشہ مدد کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ، والد، ایک بھائی اور دو بہنیں شامل ہیں۔
۳۔مکرمہ شفیقہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری محمد اشرف صاحب (آف تخت ہزارہ، حال سڈنی آسٹریلیا)
۲۵؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو۸۸سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، تہجد گزار، قرآن کریم کی تلاوت میں با قاعدہ، بڑی مہمان نواز اور مخلص خاتون تھیں۔ آپ کی رہائش نماز سینٹر میں تھی۔ نمازیوں کی خدمت اور نماز سینٹر کی دیکھ بھال نہ صرف خود کرتیں بلکہ اپنے بچوں کو بھی اس کی عادت ڈالی۔ خلافت سے والہانہ عشق کا تعلق تھا۔ حضور انور کے تمام خطابات بڑی محبت اور ادب سے بیٹھ کر سنا کرتی تھیں۔ مالی قربانیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کرتی تھیں۔ اپنے تمام بچوں کی بہترین تربیت کی اور انہیں نظام جماعت سے جوڑنے میں بھر پور کر دار ادا کیا۔جماعتی مہمانوں، واقفین زندگی اور مربیان کرام کی بہت عزت کیا کرتی تھیں۔ ہر کسی کی غمی و خوشی میں شریک ہوتیں۔ آپ کو کئی دفعہ احمدی ہونے کی وجہ سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑالیکن ہمیشہ اپنے خاوند کے ساتھ مل کر بڑی دلیری سے حالات کا مقابلہ کیا اور خاوند کی جماعتی ذمہ داریوں میں ان کا بھر پور ساتھ دیا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ بڑھاپے میں اپنی دو جوان بیٹیوں اور خاوند کی وفات کا غم دیکھااور بڑے صبر اور حوصلہ سے ان تمام صدمات کو برداشت کیا۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور دوبیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم محمد اصغر قمر صاحب مرحوم (سابق کارکن نظارت امور عامہ) کی بھاوج اور مکرم وحید احمد رفیق صاحب …کی تائی تھیں۔ آپ کے ایک نواسے مکرم سرمداحمد جاوید صاحب جامعہ احمد یہ سے اسی سال فارغ التحصیل ہو کر میدان عمل میں آئے ہیں۔
۴۔مکرمہ بشریٰ انعام صاحبہ اہلیہ مکرم شیخ انعام اللہ صاحب مرحوم (کینیڈا)
۲۷؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو ۸۱سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے دادا حضرت میاں اللہ رحم صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔یہ خاندان پیشے کے لحاظ سے جوہری تھا۔ آپ کے دادا کے بڑے بھائی حضرت میاں محمد بخش صاحب رضی اللہ عنہ اور بھتیجے حضرت میاں نبی بخش صاحب رضی اللہ عنہ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی خدمت میں ’’مولیٰ بس‘‘ والی انگوٹھی پیش کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، تہجد گزار، قرآن کریم کی باقاعدگی سے تلاوت کرنے والی، بڑی دعا گو،خوش اخلاق، نیک، مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ گہراعقیدت کا تعلق تھا۔ بہت سے بچوں اور بڑوں کو قرآن کریم ناظرہ وبا ترجمہ پڑھانے کی بھی توفیق پائی۔ حقوق اللہ اور حقوق العباد ادا کرنے کے لیے ہر وقت مستعد رہتی تھیں۔ راولپنڈی میں اور پھر کینیڈاجاکر بھی اپنے حلقوں میں صدر لجنہ کے علاوہ مختلف خدمتوں کی توفیق پائی۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹا، چھ بیٹیاں اور دو بھائی شامل ہیں۔ آپ کی بیٹی …کچھ عرصہ طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ ربوہ میں خدمت کرتی رہی ہیں اور آپ کے داماد … کواب بھی خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔ آپ کے ایک نواسے مکرم سید طاہر احمد صاحب بھی خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
۵۔مکرم ڈاکٹر مرزا امین بیگ صاحب (آرتھو پیڈک سرجن) ابن مکرم مرزا معظم بیگ صاحب (بالٹی مور۔امریکہ)
۲۷؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو ۹۲سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ فضل عمر ہسپتال میں بیرون ملک سے وقف عارضی پر آنے والے ابتدائی سپیشلسٹ ڈاکٹروں میں سے تھے۔ ہفتہ عشرہ فضل عمر ہسپتال میں رہ کر مریضوں کا علاج معالجہ کرتے۔ ہیلتھ ایجوکیشن کے حوالے سے ڈاکٹروں،عملےاور عام پبلک کےلیے لیکچرز کا اہتمام بھی کرواتے جس کے لیے سلائیڈز امریکہ سے تیار کر کے لایا کرتے تھے۔ پاکستان سے حصول تعلیم کےلیے جانے والے ڈاکٹروں کی راہنمائی، سرپرستی اور مدد کرتے۔آپ نے یورپ اور امریکہ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے علم حاصل کیاہواتھا۔فیلوشپ انگلینڈسے کرنے کے بعد امریکہ کی اعلیٰ ترین یونیورسٹی John Hopkinsسے آرتھوپیڈک میں سپیشلائزیشن کی۔ بتایا کرتے تھے کہ جب میں ایف ایس سی کر کےمیڈیکل کا لج میں جانے سے قبل اپنے والد کے پاس ربوہ آیا جو اس وقت افسر دارالضیافت کے طور پر خدمت بجا لارہے تھےتو وہ مجھے حضرت مولانا غلام رسول صاحب راجیکی رضی اللہ عنہ کے پاس ملا نے کے لیے لے گئے اور تعلیم کےلیے دعا کی درخواست کی۔ آپ نے دعا کروائی اور دعا کے بعد فرمایا کہ مرزا صاحب !یہ بچہ دنیا کی بڑی بڑی یونیورسیٹیوں میں پڑھے گا۔ آپ فکر نہ کریں۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نےمولانا راجیکی صاحب رضی اللہ عنہ کی دعاؤں کو شرف قبولیت بخشا۔آپ تہجد گزارتھے۔ نمازیں نہایت خشوع وخضوع سے ادا کرتے تھے۔ حتّٰی الامکان نماز باجماعت ادا کرنے کی کوشش کرتے۔ جماعتی خدمات میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہے۔ بالٹی مور امریکہ کے صدر رہے۔ وہاں مسجد اور مشن ہاؤس کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مالی قربانی میں بھی ہمیشہ صف اوّل میں رہے۔ خلفا ئے سلسلہ کی تمام تحریکات اور جماعتی ضروریات کے پورا کرنے میں ممد ومعاون رہے۔ اپنے عزیز و اقارب اور ان کی اولادوں سے بہت محبت اور شفقت سے پیش آتے اور ان کی ضروریات کا بھی خیال رکھتے۔ ایک مرتبہ وقف عارضی پر آئے تو اسلام آباد پاکستان میں اپنا ایک پلاٹ فروخت کرکے اس کی ساری رقم ناظر صاحب اعلیٰ کی خدمت میں جماعت کے لیے پیش کردی۔ مرحوم موصی تھے۔ آپ کی اپنی اولاد نہیں تھی۔ پسماندگان میں اہلیہ اور بہن کے علاوہ ایک لے پالک بیٹا اور بیٹی شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین
٭…٭…٭



