اسلامی جمہوریہ پاکستان میں احمدیوں پر ہونے والے دردناک مظالم کی الم انگیزداستان (قسط نمبر۔193)
{ 2015-16ء میں سامنے آنے والے چند تکلیف دہ واقعات سے انتخاب}
پاکستان میںممبران جماعت احمدیہ کو شدّت پسند طبقہ کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا ہے۔ ایک عرصہ سے جاری رہنے والی اس مخالفت نے عوام الناس کو بھی متاثر کر چھوڑا ہے۔ چنانچہ پاکستان بھر میں احمدیوں کے ساتھ تیسرے درجے کے شہریوں والا سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ اور ان پر ہر قسم کا ظلم کرنا ، ان کے اموال کو لُوٹنا اور انہیں تکالیف پہنچانا عین ’اسلامی‘ کام سمجھا جانے لگا ہے۔اللہ تعالیٰ وطنِ عزیز میں بسنے والے احمدیوں کو ہر آن اپنی حفاظت میں رکھے اور شرّ پسند عناصر کا عبرت ناک انجام کرے۔ آمین
ذیل میںنومبر،دسمبر2015ئاورجنوری 2016ء کے دوران پاکستان میں احمدیوں کے ساتھ ہونے والے مظالم اور مخالفت کے واقعات میں سے کچھ خلاصۃً پیش کیے جاتے ہیں۔
ایک احمدی کا قتل
ربوہ، 11 ؍ جنوری 2016: بلال احمد کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ربوہ کے رہائشی بلال احمد رات نو بجے کے قریب اپنی دوکان بند کر کے گھر جا رہے تھے کہ راستہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ان پر فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔ان کو تین گولیاں سر، کندھے اور کمر میں لگیں۔ انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لئے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد لے جایا گیا جہاں بلال زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
………………………
احمدی ، احمدیت کی وجہ سے ملازمت سے دستبردار
اسلام آباد؛ 25؍،26؍دسمبر2015ء: اسلام آباد میں قائم ایک ہوٹل کے ایڈمن مینیجر انعام الحق کسی ناخوشگوار واقعہ سے بال بال بچ گئے۔ ان کی حفاظت کے پیشِ نظر اس واقعہ کو تفصیل کے ساتھ بیان کرنا تو ممکن نہیںِ البتہ خلاصہ درج ذیل ہے۔
25؍دسمبر2015ء کے روز انعام الحق کو ان کے ہوٹل کے جنرل مینیجر نے اپنے دفتر میں بلوایا جہاں پر ایک مُلّاں اور دو اور افراد پہلے سے موجود تھے۔ جنرل مینیجر نے انہیں حضرت بانی ٔ سلسلہ عالیہ احمدیہ اور خلفائے احمدیت کی تصاویر دکھائیں اور ان سے پوچھا کہ کیا وہ ان شخصیات کو پہچانتے ہیں اور ان کے دعاوی پر ایمان رکھتے ہیں؟ انعام الحق کے لئے یہ بات انتہائی اچانک اور حیران کر دینے والی تھی کیونکہ ان کے ذاتی عقائد کا ان کی ملازمت کے ساتھ کوئی بھی واسطہ نہیں تھا۔ بہر کیف انہوں نے جنرل مینیجر کے سوال کے جواب میں اثبات میں سر ہلا دیا۔ ملّاں نے انہیں کلمہ سنا نے کے لئے کہا جو انہوں نے سنا دیا۔لیکن ملّاں نے ان کے سنائے ہوئے کلمہ طیبہ ’’لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ ‘‘ کو نہ مانا اور کہا کہ انعام الحق نے کلمہ حسن نیت سے نہیں پڑھا۔ اور یہ کہ ختمِ نبوّت کا انکار کرنے والا کافر ہے۔ (یہاں غالبًا اس ملّاں کی ’عقیدہ ختم نبوّت‘ سے انکار سے مراد اس عقیدہ کی ملّاں کی بیان کردہ تعریف سے انکار ہے۔ وگرنہ احمدی مسلمان تو اللہ تعالیٰ کے فضل سے حقیقی طور پر عقیدہ ختمِ نبوّت کو دل و جان سے ماننے والے ہیں۔ اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اس عقیدہ کو اس طور پر مانا جائے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں اضافہ ہو، نہ کہ کمی)۔ اس کے بعد جنرل مینیجر نے انعام الحق کو اپنے دفتر واپس چلے جانے کا کہہ دیا۔
کچھ دیر بعد ان کے ساتھ کام کرنے والے ایک دوست ان کے پاس آئے اور انہیں کہا کہ وہ جس قدر جلد ممکن ہو سکے یہاں سے چلے جائیں ان کی جان کو خطرہ ہے۔ آدھی رات کے وقت ان کے دروازہ پر دستک ہوئی۔ اگلے روز انہوں نے کچھ آتشیں مواد کو اپنے کمر ہ کے باہر پایا۔ پوچھنے پر معلوم ہوا کہ یہ آتشیں مواد ہوٹل کے جنرل مینیجر کے احکامات پر وہاں رکھا گیا تھا۔
اگلے روز ان کے ساتھی نے انہیں پھر کہا کہ وہ جس قدر جلد ممکن ہو سکے یہاں سے چلے جائیں کیونکہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔ اس پر خطرہ کو بھانپتے ہوئے انعام وہاں سے فورًا روانہ ہو کر مارگلہ ریلوے اسٹیشن پہنچے۔ انہوں نے محسوس کیا کہ کوئی بدستور ان کا پیچھا کر رہا ہے۔ چنانچہ ان کا خدشہ درست ثابت ہوا اور ہوٹل کی سیکیورٹی کا ایک اہلکار اسٹیشن پر انہیں اپنی نظروں میں رکھے ہوئے تھا۔ اس پر وہ اس سے آنکھ بچا کر اسٹیشن کی ٹائلٹ میں چلے گئے۔ اور ٹرین کے اسٹیشن سے چلے جانے تک وہیں چھپے رہے۔ اس کے بعد انہوں نے اپنا سفر جاری رکھا اور بخیریت اپنی منزل مقصود پر پہنچ گئے۔
………………………
گوجرانوالہ میں ہونے والے واقعات
چک پٹھان، گوجرانوالہ ،جنوری ، 2016ء: چک پٹھان کے ایک احمدی محمد آصف گزشتہ آٹھ سال سے ایک پرائیویٹ کمپنی میں بطور الیکٹریشن کام کر رہے تھے۔ جب ان کے ساتھیوں کو معلوم ہوا کہ آصف احمدی ہیں تو انہوں نے ان کو تنگ کرنا شروع کر دیا۔ ایک روز ان شقی القلب لوگوں نے آصف کو باتھ روم میں بند کر کے باہر سے کنڈی لگا دی اور آصف سارا دن وہاں بند رہے۔ شام کے وقت ایک بڑی عمر کے آدمی نے ان پر ترس کھا کر باتھ روم کا دروازہ کھولا اور انہیں وہاں سے چلے جانے کا کہا۔
اس کمپنی کے مالک نے شرارت کرنے والے لوگوں کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا بلکہ اس کے برعکس آصف کو ان کی نوکری سے فارغ کردیا اور گزشتہ دو ماہ کی تنخواہ بھی مار لی۔
آصف نے ایک دوسری کمپنی میں ملازمت اختیار کی ہے۔ وہاں پر بھی ان کے ساتھ مخالفت کا سلسلہ جاری ہے۔
کچی پمپ والی، گوجرانوالہ:ذیل میں جو دو واقعات درج کیے جائیں گے یہ اسی علاقہ کے ہیں جہاں جولائی 2014ء میں بلوائیوں نے حملہ کر کے احمدیوں کو ان کے گھروںمیں محصور کر دیا اور پھر باہر سے کنڈیاں لگا کر گھروں کو آگ لگا دی تھی۔اس واقعہ کے نتیجہ میں تین احمدی خواتین و بچیاں شہید ہو گئی تھیں۔ اس واقعہ کے بعد ان احمدی گھرانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ اب جبکہ ان کو گھروں میں واپس منتقل کیا جا رہاہے ، یہاں کا شدّت پسند طبقہ علاقہ کے احمدیوں کو طرح طرح کی تکالیف دے رہا ہے۔
٭3؍ جنوری 2016ء: یہاں کے ایک احمدی وسیم کی ریڑھی ان کے گھر کے باہر کھڑی تھی کہ کسی نامعلوم آدمی نے اس کو آگ لگا دی۔ وسیم کے علم میں آنے اور ان کے باہر پہنچنے تک آدھی ریڑھی جل چکی تھی اور اس کو بری طرح نقصان پہنچ چکا تھا۔ موقعہ پر پٹرل کی دو خالی بوتلیں بھی موجود پائی گئیں۔ پولیس کو اس وقوعہ کی اطلاع کی گئی جس پر وہ موقعہ پر پہنچے اور پٹرول کی بوتلوں کو اپنے ساتھ لے گئے۔
٭7؍ جنوری 2016ء: یہاں کے ایک احمدی محمد اشرف نے اپنے گھر کے باہر اپنا موٹر سائیکل کھڑا کیا۔ ایک لڑکا اس موٹر سائیکل کے پاس آ کر اس کا جائزہ لینے لگا۔ اشرف اپنے موٹر سائیکل کو گھر کے اندر بیٹھ کر سی سی ٹی وی کیمرہ سے دیکھ رہے تھے کہ اچانک اس لڑکے نے اپنی جیب سے ایک چابی نکال کر موٹر سائیکل میں ڈالی اور سوئچ کو گھما کر موٹر سائیکل کو سٹارٹ کرنے کے لئے کِک مارنے لگا۔ اشرف نے ایک لمحہ ضائع کیے بغیر گھر سے نکل کر اس چور کو دبوچ لیا اور اسے حوالۂ پولیس کر دیا۔
……………………
احمدی پروفیسر کی تکلیف
جھنگ، نومبر2015ء: منور احمد کو ان کے احمدی ہونے کی وجہ سے ملازمت پر تکالیف پہنچائی جا رہی ہیں۔منور احمد ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں اور گورنمنٹ کالج جھنگ میں صدر شعبہ طبعیات تھے۔منور احمد اس کالج کے ٹیچنگ سٹاف میں اکیلے احمدی ہیں۔ ان کے بعض ساتھی اساتذہ نے ان کے خلاف مخالفت کی ایک تحریک مئی 2015ء میں اس وقت شروع کر دی جب کالج میں ایک نئے پرنسپل کو تعینات کیا گیا۔ ان لوگوں نے پرنسپل کو منور احمد کے خلاف جھوٹی شکایات کرنا شروع کیں اور اسے ان کے خلاف بھڑکایا۔ اس پر پرنسپل نے انہیں شعبہ طبعیات کی صدارت سے فارغ کر کے کوآرڈینیٹر بنا دیا۔ پرنسپل نے منور احمد کو متنبہ کیا کہ وہ کسی اور کو صدر شعبہ بنا دیں گے اگر انہوں نے اپنی طریقہ کار کو ’درست‘ نہ کیا ۔ اور انہیں ایک ماہ کی مہلت دی۔
مہلت کے گزر جانے کے بعدجب پرنسپل نے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی تو شر پسند اساتذہ نے منور احمد کی الماری کے تالے پر تالہ لگا کر کھلم کھلا ان کے کالج سے نکالنے جانے کا مطالبہ کرنا شروع کر دیا۔ اس الماری میں منور احمد کالج سے متعلقہ تمام کاغذات رکھتے ہیں۔
………………
(باقی آئندہ)




