ٹیکسلا۔ ایک قدیم مرکز کی تاریخ
ٹیکسلا کا شمار برصغیر پاک و ہند کے اہم ترین قدیم آثار قدیمہ میں ہوتا ہے۔ یہ علاقہ پاکستان میں موجود مارگلہ کی پہاڑیوں کے قریب واقع ہے اور قدیم زمانے میں برصغیر، وسطی ایشیا اور افغانستان کے درمیان اہم راستوں کے سنگم پر موجود تھا۔ ٹیکسلا کا ذکر قدیم ہندوستانی روایات، خصوصاً رامائن، مہابھارت اور جاتک کہانیوں میں بھی ملتا ہے۔ ٹیکسلا قدیم زمانے میں تعلیم و علم کا ایک اہم مرکز سمجھا جاتا تھا۔ ۳۲۶؍قبل مسیح میں سکندر اعظم اس علاقے میں پہنچا، جبکہ بعد کے زمانے میں چینی زائرین مثلاً فاہیان اور شوان زانگ نے بھی ٹیکسلا کا سفر کیا۔
ٹیکسلا کی اہمیت صرف تاریخی حوالوں تک ہی محدود نہیں، بلکہ یہاں موجود مختلف ٹیلے، قدیم شہر، مندر، اسٹوپے اور بدھ خانقاہیں اس کی بھر پور تاریخی و تہذیبی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔ جدید تحقیقات سے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ ٹیکسلا کی تاریخ صرف اس کے مشہور شہروں مثلاً بھڑ ماونڈ، سرکپ اور سرسوخ کی وجہ سے ہی نہیں تھی بلکہ یہاں انسانی سکونت کی تاریخ اس سے کہیں زیادہ قدیم ہے۔
ٹیکسلا میں منظم آثارقدیمہ کی تحقیقات کا آغاز انیسویں صدی میں ہوا۔ سر الیگزینڈر کننگھم نے ۱۸۶۳ء ۔ ۱۸۶۴ء اور پھر ۱۸۷۲ء ۔ ۱۸۷۳ء میں ٹیکسلا کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یہاں موجود آثار کا مطالعہ کیا، قدیم ادبی و تاریخی حوالوں کو جمع کیا اور بعض مقامات پر کھدائیاں بھی کیں۔ تاہم، ٹیکسلا کی وادی کو ایک جامع آثار قدیمہ کے مرکز کے طور پر سمجھنے کی بڑی کوشش سر جان مارشل نے کی، جنہوں نے ۱۹۱۳ء سے ۱۹۳۴ء تک یہاں وسیع پیمانے پرکھدائیاں کیں۔
مارشل نے بھڑ ماونڈ، سرکپ اور سرسوخ کے علاوہ جولیان، موہرا مرادو، کنالا، جندیا ل اور دھرم راجیکا جیسے اہم مقامات پر بھی کام کیا۔ ان کے مطابق ٹیکسلا کے بڑے شہری مراکز ایک خاص ترتیب سے وجود میں آئے: پہلے بھڑ ماونڈ، اس کے بعد سرکپ اور آخر میں سرسوخ۔ اگرچہ بعد کی تحقیق نے اس ترتیب کے بعض پہلوؤں پر سوالات اٹھائے ہیں، لیکن یہ تینوں مقامات آج بھی ٹیکسلا کی تاریخی شناخت کا بنیادی حصہ ہیں۔
۱۹۶۴ء میں ٹیکسلا کی غاروں اور ۱۹۶۸ء تا ۱۹۷۱ء سرائے کھولا کی کھدائیوں سے ثابت ہوا کہ بھڑ ماونڈ سے بہت پہلے یہاں قدیم انسانی اور ابتدائی زرعی آبادی موجود تھی۔ سرائے کھولا اس سلسلے میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ یہاں سے ملنے والے آثار میں چمکائے ہوئے پتھر کے کلہاڑے، چقماق کے بلیڈ اور مخصوص قسم کے انتہائی صیقل شدہ برتن شامل ہیں۔ ان برتنوں کی تیاری میں ٹوکری نما ساخت کے استعمال اور بیرونی سطح پر ایک خاص مٹی کے آمیزے کے لگانے کے شواہد ملے ہیں۔ ریڈیو کاربن ڈیٹنگ کے مطابق سرائے کھولا میں ابتدائی سکونت تقریباً چار ہزار سال قبل مسیح کے اواخر میں شروع ہوئی۔
سرائے کھولا کے بعد کے مراحل میں مٹی کے برتن بنانے کی ٹیکنالوجی میں تبدیلی نظر آتی ہے۔ یہاں کوٹ ڈیجی طرز (سندھ کی تہذیب سے پہلے کا ایک اہم آثار قدیمہ کا مرحلہ ہے) کے برتن نمایاں ہو جاتے ہیں، جن میں سے بعض چاک پر بنائے گئے معلوم ہوتے ہیں۔ اس سے نہ صرف نئی تکنیکی مہارتوں کا پتا چلتا ہے بلکہ اس دور میں ٹیکسلا کے وسیع علاقائی تعلقات کا بھی اندازہ ہوتا ہے۔ بعض مقامات پر گھڑ ے، کچی اینٹوں کی تعمیرات اور مٹی کے فرش بھی دریافت ہوئے ہیں۔
سرائے کھولا اور بھڑ ماونڈ کے درمیان واقع ہتیال بھی ٹیکسلا کی ابتدائی تاریخ سمجھنے میں اہم ہے۔ ۱۹۸۰ء میں ریمنڈ الچن نے ہتیال کے ٹیلے کی ڈھلوانوں سے مخصوص قسم کے برتن دریافت کیے۔ اس تحقیق نے سرائے کھولا کے بعد اور بھڑ ماونڈ کے قیام سے پہلے کے زمانے کی آبادی کے بارے میں نئے سوالات پیدا کیے۔ بعد میں ہتیال میں محدود کھدائی کی گئی جس سے ٹیکسلا کی ابتدائی آبادی کے تسلسل کے مزید شواہد حاصل ہوئے۔
بھڑ ماونڈ ٹیکسلا کے قدیم شہری مراکز میں سب سے زیادہ مشہور ہے۔ مارشل کے مطابق اس کی ابتدائی تہیں چھٹی اور پانچویں صدی قبل مسیح کے دور سے وابستہ تھیں اور بعد کی تہوں کو سکندراعظم، موریہ اور پھر پہلی صدی قبل مسیح کے سیاسی ادوار سے جوڑا گیا۔ تاہم جدید تحقیق میں ان تاریخوں کے بارے میں بعض اختلافات موجود ہیں، اور بھڑ ماونڈ کی ابتدائی تہوں کی صحیح تاریخ متعین کرنے کے لیے مزید ریڈیو کاربن ڈیٹنگ کی ضرورت ہے۔ ۱۹۹۸ء سے ۲۰۰۲ء تک بھڑماونڈ میں ہونے والی نئی کھدائیوں سے ایک ایسی ابتدائی سطح کے شواہد بھی ملے جو ممکنہ طور پر ہتیال کے بعد کے مرحلے سے تعلق رکھتی ہے۔
بھڑ ماونڈ کے بعد سرکپ ٹیکسلا کا ایک اہم شہری مرکز بنا۔ سرکپ میں یونانی، سکیتی، پارتھی اور کشانی ادوار کے متعلق آثار ملتے ہیں۔ یہاں رہائشی، تجارتی، مذہبی اور انتظامی عمارات کے شواہد موجود ہیں۔ بدھ اور جین مذہب سے وابستہ عبادت گاہیں بھی دریافت ہوئی ہیں۔ سرکپ کے بعض آثار ٹیکسلا میں مختلف تہذیبی اور ثقافتی روایات کے باہمی رابطے کی تصویر پیش کرتے ہیں۔ جندیال کی عمارت مثلاً یونانی طرزتعمیر سے مشابہ خصوصیات رکھتی ہے، اگرچہ اس کی اصل مذہبی حیثیت کے بارے میں ماہرین میں اختلاف موجود ہے۔
سرکپ کے بعد سرسوخ ٹیکسلا کا آخری بڑا شہری مرکز تھا۔ اسے عموماً کشانی دور سے منسوب کیا جاتا ہے۔ سرسوخ کے بارے میں ہماری معلومات نسبتاً محدود ہیں کیونکہ مارشل کی کھدائیاں یہاں بنیادی طور پر فصیلوں تک محدود رہیں۔ فصیل میں دفاعی خصوصیات، مثلاً تیر اندازی کے لیے سوراخ اور بیرونی جانب مضبوط اضافی تعمیرات موجود تھیں۔
ٹیکسلا کی اہمیت اس کے شہری مراکز کے علاوہ یہاں موجود بدھ خانقاہوں اور اسٹوپوں کی وجہ سے بھی ہے۔ وادی میں درجنوں مذہبی عمارات موجود ہیں۔ ان میں دھرم راجیکا اسٹوپا خاص طور پر اہم ہے، جسے روایتی طور پر مہاراج اشوکا سے منسوب کیا جاتا ہے۔ ان خانقاہوں اور اسٹوپوں سے ٹیکسلا میں بدھ مت کے عروج اور خصوصاً کشانی دور اور اس سے پہلے کے زمانے میں اس کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔
۱۹۸۰ء میں ٹیکسلا کو یونیسکو کا عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا گیا۔ اس کے باوجود جدید دور میں یہاں نسبتاً محدود نئی کھدائیاں ہوئی ہیں۔ موجودہ تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیکسلا کے بارے میں اب بھی کئی سوالات حل طلب ہیں۔ ماہرین کے مطابق مستقبل میں جیو فزیکل سروے اور خاص طور پر منظم ریڈیو کاربن ڈیٹنگ کے پروگرام کے ذریعے بھڑ ماونڈ، سرکپ اور سرسوخ کی تاریخی ترتیب کو مزید واضح کیا جا سکتا ہے۔
یوں ٹیکسلا کی تاریخ کسی ایک شہر یا ایک سلطنت کی تاریخ نہیں بلکہ ہزاروں سال پر محیط انسانی سکونت، شہری ترقی، مذہبی تبدیلی اور مختلف ثقافتی روابط کی داستان ہے۔ سرائے کھولا کے ابتدائی دیہاتی باشندوں سے لے کر بھڑ ماونڈ، سرکپ اور سرسوخ کے بڑے شہری مراکز اور پھر وسیع بدھ خانقاہی نظام تک، ٹیکسلا ہمیں شمالی پاکستان کی طویل اور پیچیدہ انسانی تاریخ کا ایک منفرد منظر دکھا تا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹیکسلا نہ صرف پاکستان بلکہ پورے جنوبی ایشیا کے آثارقدیمہ میں ایک غیر معمولی مقام رکھتا ہے۔ یہاں ایک میوزیم بھی موجود ہے جس میں ٹیکسلا کے مختلف آثارقدیمہ کے مقامات سے برآمد ہونے والے اہم نوادرات محفوظ ہیں۔ میوزیم کا دورہ کرنے والے افراد ان اشیا کو قریب سے دیکھ سکتے ہیں اور ان کے ذریعے ٹیکسلا کی قدیم تاریخ کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
(یہ معلومات کیمرون پیٹری کے ۲۰۱۳ء میں شائع ہونے والے مضمون ’’ٹیکسلا‘‘ سے حاصل کی گئی ہیں)
(ڈاکٹر مبارز احمد ربانی۔ یوکے)
مزید پڑھیں: گریٹر بلیو سٹارلنگ: ایک خوب صورت اور ذہین پرندہ




