جماعت احمدیہ تنزانیہ کا پچپنواں(۵۵) جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء
٭… جلسہ سالانہ کے موقع پر ۳۰؍افراد نے بیعت کرکے جماعت احمدیہ میں شمولیت اختیار کی
٭… ملک بھر کی مختلف جماعتوں سے ۴؍ہزار۸۲۳؍افراد کی شمولیت
٭… خدمت خلق کے تحت ۱۶۱؍یونٹ خون کے عطیات
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ تنزانیہ کا پچپنواں(۵۵) جلسہ سالانہ ’’تقویٰ‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۲۵تا ۲۷؍ستمبر ۲۰۲۶ء دارالسلام کے قریب واقع Kitonga میں منعقد ہوا۔ اس روحانی اجتماع میں تنزانیہ کے مختلف ریجنز کے علاوہ گھانا، سیرالیون، برونڈی، روانڈا، یوگنڈا، ماریشس، ملاوی، کینیا، نائیجیریا، برطانیہ اور جرمنی سے مہمانوں نے شرکت کی۔
تیاریوں کا آغاز: مکرم خواجہ مظفر احمد صاحب امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ کی منظوری سے مکرم علی حمیسی مبامبوا صاحب کو افسر جلسہ سالانہ مقرر کیا گیا۔ آپ نے ۲۸؍شعبہ جات پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے کر گذشتہ جلسوں کے تجربات کی روشنی میں انتظامات کا آغاز کیا۔ جلسہ گاہ کے مستقل ڈھانچے اور خلافت ہال میں توسیع کے علاوہ کھانا پکانے اور کھانا کھانے کے انتظامات کو بھی بہتر بنایا گیا۔
جلسہ سالانہ سے تقریباً ایک ماہ قبل جلسہ گاہ اور اس کے گردونواح کی صفائی، گھاس اور خودرَو پودوں کی کٹائی اور تزئین و آرائش کا کام شروع کیا گیا۔ خدام، انصار اور مستورات نے وقار عمل کے ذریعے راستے ہموار کیے، پانی کی فراہمی یقینی بنائی اور جلسہ گاہ کی تیاری میں بھرپور حصہ لیا۔ کھانا پکانے کا سامان، پینے کا صاف پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیا بھی مہیا کی گئیں۔ تمام ریجنز کے احباب کو جلسہ میں شرکت کی ترغیب دی گئی جس کے نتیجہ میں دور دراز علاقوں سے بھی احباب بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

میڈیا کے ذریعہ تشہیر: جلسہ سالانہ کے پروموز سوشل میڈیا پر نشر کیے گئے اور مختلف سرکاری و نجی اداروں کو خطوط اور دعوت نامے ارسال کیے گئے۔ جلسہ سے تین دن قبل مسجد سلام میں پریس کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ٹی وی، ریڈیو، اخبارات اور آن لائن بلاگز کے تقریباً ۲۷؍نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر جماعت احمدیہ کا تعارف اور جلسہ سالانہ کے مقاصد بیان کیے گئے اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو شرکت کی دعوت دی گئی۔ پریس کانفرنس کی ویڈیو ریکارڈنگ کی گئی اور اسے ریڈیو احمدیہ مٹوارہ کے ذریعہ براہ راست نشر کیا گیا۔ دیگر ذرائع ابلاغ نے بھی اس کی رپورٹس شائع اور نشر کیں۔ اسی موقع پر ریڈیو احمدیہ مٹوارہ کی ویب سائٹ [www.radioahmadiyya.or.tz] کا افتتاح بھی ہوا۔
امسال جلسہ سالانہ تنزانیہ کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت خصوصی پیغام ارسال فرمایا جسے افتتاحی اجلاس میں مکرم امیر صاحب نے پڑھ کر سنایا۔
پہلا دن
جلسہ سالانہ کا آغاز نماز جمعہ سے ہوا جس کی امامت مکرم امیر صاحب نے کروائی۔ نماز جمعہ اور کھانے کے وقفے کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ ایم ٹی اے افریقہ کے ذریعہ براہ راست سنا گیا۔
افتتاحی اجلاس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم الحاج یوسف عثمان کامبااولایا صاحب مبلغ سلسلہ نے تنزانیہ کا قومی پرچم بلند کیا۔ جلسہ میں شرکت کے لیے آنے والے سات ممالک کے پرچم بھی نصب کیے گئے۔ اجتماعی دعا کے بعد اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ مکرم عبدالعزیز محمد صاحب ریجنل مبلغ ٹبورا نے تلاوت قرآن کریم پیش کی اور مکرم اسمٰعیل عبداللطیف صاحب معلم سلسلہ نے اردو نظم پیش کی۔ مکرم امیر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خصوصی پیغام کی روشنی میں احباب جماعت کو اس کی ہدایات اپنی زندگیوں میں اپنانے کی تلقین کی۔

جلسہ سالانہ کے موقع پر ایک بڑی نمائش کے علاوہ شعبہ تبلیغ، وقف نو، جامعہ احمدیہ تنزانیہ، ہیومینٹی فرسٹ، احمدیہ سیکنڈری سکول Kitonga، ریڈیو احمدیہ مٹوارہ، لجنہ اماءاللہ، جماعتی وکلاء و ماہرین قانون کی تنظیم اور جماعتی کتب کے سٹالز بھی لگائے گئے۔ شعبہ جات کے نمائندگان نے مہمانوں کو اپنے کاموں کا تعارف کروایا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے تقریباً ۳۵۰؍غیر از جماعت افراد نے جلسہ میں شرکت کی۔ شعبہ تبلیغ نے ان کے لیے دفتر انصاراللہ کی عمارت میں خصوصی پروگرامز کا انتظام کیا۔ اس موقع پر ۳۰؍افراد نے بیعت کرکے جماعت احمدیہ میں شمولیت اختیار کی۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا اور مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی جو رات گئے تک جاری رہی۔
دوسرا دن
دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد تربیتی درس اور ناشتے کے بعد صبح ۹؍بجے پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اجلاس کی صدارت مکرم محمد بن صالح صاحب امیر و مبلغ انچارج گھانا نے کی۔ مکرم عبد الرحمٰن محمد عامے صاحب نائب امیر نے ’’سیرت النبی ﷺ: تقویٰ اور پرہیزگاری کا سرچشمہ‘‘ اور مکرم آصف محمود بٹ صاحب انچارج ایم ٹی اے عبید سٹوڈیو تنزانیہ نے ’’سیرت حضرت مسیح موعودؑ میں تقویٰ کے حصول کے مناظر‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔
اس اجلاس میں تنزانیہ کے وزیراعظم ڈاکٹر Mwigulu Nchemba کی نمائندگی کرتے ہوئے جناب Deus Clement Sangu(لیبر منسٹر) نے شرکت کی اور وزیر اعظم کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ پیغام میں جماعت کو جلسہ سالانہ کے انعقاد پر مبارکباد دی گئی۔ مہمان خصوصی نے تقویٰ کے موضوع پر منعقد ہونے والے اس اجتماع میں شرکت پر خوشی کا اظہار کیا اور ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ کے اصول کو معاشرے کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں جماعت احمدیہ کی خدمات کو بھی سراہا اور عوامی فلاح و بہبود کے مزید کاموں کی حوصلہ افزائی کی۔ دارالسلام کے ریجنل کمشنر کی نمائندگی میں ڈسٹرکٹ کمشنر Ilala بھی شریک ہوئے اور اپنے تاثرات بیان کیے۔ مکرم امیر صاحب نے مہمانوں کو سواحیلی ترجمۃالقرآن کریم اور دیگر جماعتی کتب کے تحائف پیش کیے اور انہیں نمائشوں کا دورہ کروایا۔ بعد ازاں نماز ظہرو عصر جمع کرکے ادا کی گئیں اور کھانے کا وقفہ ہوا۔

دوپہر تین بجے دوسرے اجلاس کا آغاز ہوا جس کی صدارت مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون نے کی۔ مکرم رمضان شعبان صاحب معلم سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ پیش کیا جبکہ مکرم محی الدین Mfaume صاحب معلم سلسلہ زنجبار نے نظم پڑھی۔ مکرم بکر عبید کالوٹا صاحب مبلغ سلسلہ موروگورو نے ’’تعلق باللہ‘‘، مکرم سیف حسن Nakuchima صاحب نیشنل سیکرٹری مال نے ’’ہر اک نیکی کی جڑ تقویٰ ہے‘‘ اور مکرم کریم الدین شمس صاحب ریجنل مبلغ ڈوڈومہ نے ’’تقویٰ کی باریک راہیں‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ مکرم اسحٰق عبد الرحمٰن صاحب نے سواحیلی نظم پیش کی۔
اس اجلاس میں جرمنی سے مکرم حیدر علی ظفر صاحب، برونڈی سے مکرم غلام مرتضیٰ صاحب نیشنل صدر و مبلغ انچارج اور یوگنڈا، روانڈا اور ملاوی سے آنے والے مہمانوں کو بھی اظہار خیال کا موقع دیا گیا۔ انہوں نے جلسہ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور اپنے تاثرات بیان کیے۔ اجلاس کے اختتام پر نماز مغرب و عشاء جمع کرکے ادا کی گئیں اور عشائیہ پیش کیا گیا۔
تیسرا دن
جلسہ سالانہ کے آخری دن کے پہلے اجلاس کا آغاز مکرم حافظ ظفراللہ عامے صاحب نیشنل سیکرٹری وصایا کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اجلاس کی صدارت مکرم اسمٰعیل علی بخش صاحب صدر مجلس انصار اللہ ماریشس نے کی۔ مکرم ابوالصدیق عبد اللطیف صاحب متعلم جامعہ نے اردو نظم پیش کی۔ مکرم حسین یوسف انگامیلو صاحب ریجنل مبلغ رومہ نے ’’عائلی زندگی میں تقویٰ کا قیام‘‘ اور خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے ’’تقویٰ کے معانی اور متقین کی علامات‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ ناصرات الاحمدیہ دارالسلام نے قصیدہ ’’يَا عَيْنَ فَيْضِ اللّٰهِ وَ الْعِرْفَانِ‘‘ کے چند اشعار ترنم سے پیش کیے جن کا سواحیلی ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ بعد ازاں مکرم عبد الناصر مومن صاحب استاد جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے ’’خلافت سے وابستگی تقویٰ کے حصول کی ضامن ہے‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں اور کھانے کا وقفہ ہوا۔
اختتامی اجلاس: مکرم امیر صاحب تنزانیہ کی صدارت میں آخری اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم موسیٰ عیسیٰ مشعری صاحب مبلغ سلسلہ ملاوی نے کی۔ خدام الاحمدیہ کے ایک گروپ نے عربی قصیدہ ’’علمی من الرحمٰن ذی الآلاء‘‘ کے چند اشعار ترنم سے پیش کیے جن کا سواحیلی ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔
گذشتہ سال وفات پانے والے مرحومین کے اسماء پڑھ کر سنائے گئے اور ان کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے ناموں کا اعلان کیا گیا اور انہیں انعامات دیے گئے۔ مکرم امیر صاحب گھانا نے احباب جماعت کو جماعت سے مضبوط تعلق قائم رکھنے اور جماعتی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی۔ اسی طرح ’سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ چرچ‘ کے نمائندگان نے بھی اظہار تشکر کیا۔
اختتامی تقریر میں مکرم امیر صاحب تنزانیہ نے تقویٰ کے متعلق اسلامی تعلیمات بیان کرتے ہوئے احباب جماعت کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے پیغام کی روشنی میں اپنی زندگیوں میں پاک تبدیلیاں پیدا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ آپ نے دور دراز علاقوں سے آنے والے تمام شاملین کو مبارکباد بھی پیش کی۔ اختتامی دعا کے بعد خدام، اطفال، جامعہ احمدیہ تنزانیہ اور دیگر گروپس نے ترانے اور نظمیں پیش کیں جس کے ساتھ جلسہ سالانہ تنزانیہ ۲۰۲۶ء اختتام پذیر ہوا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال جلسہ سالانہ میں کُل ۴؍ہزار۸۲۳؍افراد نے شرکت کی۔ جلسہ کے تینوں دن نماز تہجد باجماعت ادا کی جاتی رہی اور نماز فجر کے بعد تربیتی موضوعات پر دروس کا اہتمام کیا گیا۔ خدمت خلق کے تحت جلسہ گاہ کے قریب خون کے عطیات دینے کا انتظام کیا گیا جس میں ۱۶۱؍یونٹ خون عطیہ کیا گیا۔
آڈیو ویڈیو تنزانیہ کی ٹیم نے جلسہ کے تمام پروگرامز کی ریکارڈنگ کی اور تینوں دن کارروائی یوٹیوب پر براہ راست نشر کی جاتی رہی۔ ریڈیو احمدیہ مٹوارہ کے ذریعہ بھی تمام پروگرامز براہ راست نشر ہوئے جن سے دور دراز علاقوں کے احباب اور دیگر سامعین نے استفادہ کیا۔ موروگورو ریجن کی امن کمیٹی کے سیکرٹری نے آن لائن ریڈیو کے ذریعہ جلسہ کی کارروائی سن کر مبارکباد کا پیغام بھیجا۔ مختلف ٹی وی چینلز، ریڈیو سٹیشنز، اخبارات اور آن لائن بلاگز کے نمائندگان بھی جلسہ گاہ آتے رہے اور اپنے ذرائع ابلاغ کے ذریعہ خبریں نشر کرتے رہے۔ ان ذرائع سے جلسہ سالانہ کا پیغام دو ملین سے زائد افراد تک پہنچا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ جلسہ احباب جماعت کی تعلیم و تربیت کے لیے نہایت مفید رہا۔ اللہ تعالیٰ تمام منتظمین اور معاونین کو جزائے خیر عطا فرمائے اور اس جلسہ کو تبلیغ و تربیت اور جماعتی ترقی کے نئے راستے کھولنے کا ذریعہ بنائے۔ آمین
(رپورٹ:شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے جلسہ سالانہ تنزانیہ ۲۰۲۶ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم
پیارے احباب جماعت احمدیہ تنزانیہ
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا ۵۵واں جلسہ سالانہ ۲۵، ۲۶؍اور ۲۷؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور تمام شاملین بےشمار برکتیں حاصل کریں۔
میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ اپنے روحانی اور اخلاقی معیاروں کو بہتر بنانے کے لیے جلسہ کی کارروائی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ اس کے ذریعے ہمارے خالق، اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل ہو سکے۔ یہ جلسہ آپ کے اندر تقویٰ یعنی راستبازی کے معیار کو بڑھانے اور آپ کے دلوں میں اللہ تعالیٰ کا حقیقی خوف پیدا کرنے کا باعث بننا چاہیے۔ یقیناً آپ کا واحد مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا کا حصول ہونا چاہیے۔ اگر ایسا نہیں ہے تو جلسہ میں آنا بے مقصد اور بےفائدہ ہوگا۔
اس لیے اپنی روحانیت کے معیار کو بلند کرنے کی کوشش کریں اور ان علمی تقاریر کو توجہ سے سنیں جو ہمارے مذہب اسلام اور ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے متعلق آپ کے علم اور فہم کو بڑھانے کے لیے تیار کرکے پیش کی جاتی ہیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ہے:’’اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوّت استحکام پذیر ہوں گے…‘‘
(اشتہار ۷؍دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۰، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
میں آپ کو تلقین کرتا ہوں کہ آپ آپس میں محبت، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا ماحول پیدا کریں اور نظام جماعت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں:’’آپس میں اخوت اور محبت کو پیدا کرو… آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ عزت سے پیش آؤ۔ ہر ایک اپنے آرام پر اپنے بھائی کے آرام کو ترجیح دیوے۔ اللہ تعالیٰ سے ایک سچی صلح پیدا کرلو اور اس کی اطاعت میں واپس آجاؤ…تم یاد رکھو کہ اگر اللہ تعالیٰ کے فرمان میں تم اپنے تئیں لگاؤگے اور اس کے دین کی حمایت میں ساعی ہوجاؤ گے تو خدا تمام رکاوٹوں کو دور کردے گا اور تم کامیاب ہوجاؤ گے… ہر ایک آپس کے جھگڑے اور جوش اور عداوت کو درمیان میں سے اٹھا دو کہ اب وہ وقت ہے کہ تم ادنیٰ باتوں سے اعراض کرکے اہم اور عظیم الشان کاموں میں مصروف ہوجاؤ۔ ‘‘ (ملفوظات جلد اول صفحہ ۲۴۲-۲۴۳)
پس آپ کو پختہ عزم اور ارادے کے ساتھ یہ عہد کرنا چاہیے کہ آپ جماعت کی ترقی کے لیے کوشش کریں گے اور اپنی پوری استطاعت کے ساتھ اسلام احمدیت کے مشن کی خدمت کریں گے اور یہ کہ آپ ہمیشہ ان تمام پاک تبدیلیوں کو لانے کی کوشش کریں گے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے کی گئی بیعت کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہیں۔
اس دور میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں خلافت احمدیہ کے نظام سے نوازا ہے۔ اس سلسلہ میں آپ کو یہ مدنظر رکھنا چاہیے کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ساتھ ہمارا بنیادی بیعت کا عہد، جو کہ مکمل اطاعت اور عقیدت پر مبنی ہے اور آپؑ کے ساتھ ایک قریبی تعلق کا قیام جو کسی بھی دوسرے دنیوی رشتے اور تعلق سے بڑھ کر ہو، خلیفہ وقت کے ساتھ ہمارے تعلق میں بھی اسی عزم اور لگن کے ساتھ جاری رہنا چاہیے۔ لہٰذا ہر احمدی کو خلافت کا وفادار، مخلص اور فرمانبردار رہنا چاہیے اور خلیفۃ المسیح کے ساتھ اپنے محبت اور اخلاص کے تعلق کو بلند کرنا چاہیے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ خلافت احمدیہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی روحانی جانشین ہے۔
آپ کو ایم ٹی اے کثرت سے دیکھنا چاہیے اور اپنے اہل خانہ، خصوصاً اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کرتے رہیں۔ آپ کو خصوصی طور پر میرے خطبات جمعہ اور دیگر مواقع پر میرے خطابات اور ہدایات کو سننا چاہیے۔ اس سے آپ کو خلافت کے ساتھ ایک مضبوط رشتہ اور تعلق برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
میں تبلیغ کے حوالے سے آپ کی انتہائی اہم ذمہ داریوں کی یاددہانی کرواتا ہوں جو ہر احمدی مسلمان کے لیے ضروری ہے۔ آپ کو حکمت عملی سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے اور تنزانیہ کے تمام لوگوں تک اسلام احمدیت کا پرامن پیغام پہنچانے کے لیے نئے راستوں اور ذرائع پر غور کرنا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس نیک مقصد میں ہر کامیابی عطا فرمائے۔
آخر میں، مَیں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے جلسہ کی کارروائی سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی توفیق دے اور آپ کے ایمان کو مضبوط فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں زیادہ تقویٰ، نیک رویے اور اسلام اور انسانیت کی خدمت کی طرف حقیقی تبدیلی پیدا فرمائے۔ اللہ آپ سب پر فضل فرمائے۔
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ ترکی کا چوتھا سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء




