متفرق مضامین

افریقہ میں احمدیت کا چڑھتا ہوا سورج

(زرین کوثر مظفر۔ یوکے)

ایک برطانوی لجنہ ممبر کے جماعتی ترقیات کے آنکھوں دیکھے حال کاایمان افروز سفرنامہ

اس پورے ایمان افروز سفر کو ایک جملے میں سمیٹا جائے، تو اس کا حاصل اور نچوڑ صرف اور صرف خدا کی اس عظیم الشان پیشگوئی کی زندہ اور مجسم تصویر ہے کہ’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا ‘‘جوبڑی شان سے پوری ہوتی نظر آرہی تھی۔اے ارض افریقہ اور اے سر زمین بلال! تُو نے مجھے جو ایمان افروز یادیں اور خلافت سے سچی وفاداری کے سبق دیے ہیں، وہ میری زندگی کا کل اثاثہ بن کر ہمیشہ میرے دل میں زندہ رہیں گے

افریقہ کا نام آتے ہی ہمارے ذہنوں میں صرف وسیع و عریض جنگلات، جنگلی حیات، شیرکی دھاڑ، ہاتھیوں کے غول، پسماندگی، قدیم روایات، غلاموں کی خرید و فروخت اور بیابانی علاقوں کا تصور آتا ہے۔ لیکن ہم احمدی احباب کےليے مغربی افریقہ محض ایک جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ نصرتِ الٰہی اور خلافت کی دعاؤں سے سیراب وہ سر زمین ہے جہاں پر خلفائے احمدیت اورخلافت خامسہ کے دَور سعید میں ایمان افروز انقلاب آئے۔ چند ماہ قبل مجھے اپنے میاں مظفر ملک صاحب (جو رقیم پریس کے انچارج ہیں ) کے ساتھ افریقہ کے چھ ممالک ( گیمبیا، سیرالیون، برکینا فاسو، آئیوری کوسٹ، نائیجیریا اور یوگنڈا )جانے کی توفیق ملی۔

خاکسار کو اس سفر میں حضور انور نے ازراہ شفقت ذاتی خرچ پر جانے کی اجازت مرحمت فرمائی۔ شروع میں تو مجھے افریقہ جانے کا سُن کر ہی تھوڑی گھبراہٹ سی ہوئی۔ ذہن میں جو تصوّر تھا کہ شدید گرمی، مچھروں کی بھرمار، حشرات الا رض وغیرہ لیکن پھر یہ سوچ کر کہ چلو ایک نیا تجربہ اور جس طرح کے جماعتی اخبارات و رسائل نیز MTA میں افریقہ میں ہونےوالی جماعت کی بڑھتی ہوئی ترقیات اور تعمیرات کا ذکر اور وہاں کے احمدیوں کے اخلاص سے متعلق جو سنتے اورپڑھتے آئےہیں اسے ذاتی طور پر دیکھنے کا موقع مل جائےگا۔ خلافتِ احمدیہ کے سائے میں پروان چڑھنے والی اس جماعت کے اخلاص و محبت کا مشاہدہ کرنےکے لیے جب میں نے رخت سفر باندھاتو مجھے اندازہ نہ تھا کہ یہ سفر میری زندگی کا ایک بڑا روحانی اثاثہ بن جائے گا۔ یہ سفر نامہ ہے اُس خاموش انقلاب کا جو قدرتِ ثانیہ کے ذریعے افریقہ کے طول و عرض میں برپا ہے۔

ہمارے سفرکا آغاز مغربی افریقہ کے سب سے چھوٹے ملک گیمبیا سے شروع ہوا۔ گیمبیا کو مسکراہٹوں کا ملک بھی کہا جاتا ہے۔ گنتی کی چند فلائٹ اس ملک میں جاتی ہیں۔ ہماری فلائٹ ہیتھرو ائیر پورٹ لندن سے بذریعہ برسلز ائیر لائن صبح ۶ بجے ڈاکار ( سینیگال) کے لیے روانہ ہوئی۔ آٹھ گھنٹے کی طویل اُڑان کے بعد جہاز ڈاکار ائیر پورٹ اُترا جہاں مختصر سے قیام کے بعد منزل مقصود یعنی بانجول (گیمبیا) میں لینڈ کیا۔ امیگریشن کی مختصر سی کارروائی کے بعد جب ہم ائیر پورٹ سے باہر آئےتو گرم اور مرطوب ہوا کا جھونکا آپ کو احساس دلاتا ہے کہ آپ افریقہ میں ہیں۔ یہ سردیوں میں برطانیہ کی سرد اور گیلی فضا سے بالکل مختلف ہے جماعت کا ایک وفد ہمیں لینے کےليےآیا ہوا تھا۔ پُرخلوص استقبال کے بعد ہم جماعت کے ہیڈ کوارٹر ٹالنڈنگ( یہ علاقہ دارلحکومت بانجول سےدس میل کی دوری پر واقع ہے) پہنچےتو لگا جیسے میں کسی اجنبی دیس میں نہیں، بلکہ اپنے روحانی گھر آگئی ہوں۔ اس علاقے میں جماعت کی اپنی وسیع و عریض زمین ہے۔ جس میں بڑی جامع مسجد کے علاوہ جنرل ہسپتال، میٹرنٹی وارڈ، ڈینٹل کلینک، لیب، فارمیسی، پرنٹنگ پریس، ایم ٹی اےاسٹوڈیو، اسکول نیز بہت سے رہائشی مکانات و دفاتر واقع ہیں۔ یہ سب ماشاءاللہ بڑے شاندار طریقے سے کام کررہے ہیں۔ سب سے پہلے مجھےجماعت احمدیہ گیمبیا کی پہلی جا مع مسجد دیکھنے کی توفیق ملی، مسجد کی خوبصورتی اور بلند و بالا سفید میناروں نے اس مسجد کے حسن کو دوبالا کردیا ہے۔ شاہراہ سے متصل ہونے کی وجہ سے آنے جانےوالوں کو مسجد کی یہ خوبصورت عمارت بہت بھلی لگتی ہے اور بہت سے سیاح اسے دیکھنے کے لیے آتے رہتے ہیں۔

اسی جگہ گیمبیا کا نصرت ہائی سکول بھی واقع ہے۔ یہ گیمبیا کا ایک صف اوّل کا تعلیمی ادارہ ہے جس کے فارغ التحصیل طلبہ آج گیمبیا کےاعلیٰ سرکاری عہدوں پر فائز ہیں۔ پھر کچھ فاصلے پر چند سال قبل تعمیر کیا گیا مسرور ہائی سکول ہے جسے دور حاضر کے مطابق وسیع علاقے میں تمام ضروری سہولیات کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے۔

بانجول میں تین روزہ قیام کے بعد ہم گیمبیا کے دوسرے بڑے شہر مانساکوکو پہنچے۔ یہاں الحمدللہ بڑی مضبوط جماعت قائم ہے۔ یہاں مقامی لوگوں کا اخلاص، مہمان نوازی اور خلافت سے تعلق دیدنی تھا۔ نیشنل و مقامی مبلغ انچارج کے ساتھ شہر کے سب سے بڑے سیکنڈری اسکول طاہر سیکنڈری اسکول دیکھنے کی توفیق ملی۔ پرنسپل صا حب نے پُر تپاک استقبال کے بعد سارا اسکول دکھایا۔ اس اسکول میں مقامی اساتذہ کے علاوہ دو پاکستانی واقفین بھی خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔ بارہ سو سے زائد طلبہ و طالبات پر مشتمل یہ اسکول اپنی اعلیٰ کارکردگی اور شہرت کے باعث پورے شہر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ یہاں سے ہمیں ایک اور بڑے شہر فیرا فینی جانے کی توفیق ملی۔ یہاں جماعت کا ایک خوبصورت اسپتال اور، حال ہی میں تعمیر کی گئی انتہائی دلکش مسجد دیکھنے کی توفیق ملی۔

یہاں سے اب ہمیں واپس بانجول اور پھر اگلے روز دوسرے ملک کےليے روانہ ہونا تھا۔ میری سوچ کے مطابق گیمبیا کا یہ سفر ایک احمدی کےليے یہ پیغام چھوڑتا ہے کہ اخلاص اور وفا کا کوئی جغرافیہ نہیں ہوتا۔ افریقہ کے اس چھوٹے سےگوشے میں احمدیت کا پودا ایک تناور درخت بن چکا ہے جس کے سائے میں ہزاروں روحیں سکون پا رہی ہیں۔

سیرالیون

ہمارے سفر کا دوسرا پڑاؤ سیرالیون تھا۔ سیرالیون میں جماعت احمدیہ کے قیام کی تاریخ ایک صدی سے زائد ہے۔

چھوٹے سے جزیرہ پر واقع ہوائی اڈہ لنگی (Lungi)سے شہر فری ٹاؤن جانے کے لیے فیری کا سفر اختیارکرنا پڑتا ہے۔ جیسے ہی ہماری فیری ۴۵؍منٹ کی مسافت کے بعد فری ٹاؤن پورٹ پہنچی تو ہمیں ایک بلند جگہ پر اونچے میناروں والی خوبصورت سی مسجد نظر آئی۔ جب ہمارے میزبانوں نے یہ بتایا کہ یہ جماعت احمدیہ کی مسجد ہے تو دل خوشی سےجھوم اُٹھا۔ یوں لگا جیسے ملک سیرالیون میں داخل ہوتے ہی سب سے پہلے جماعت احمدیہ کا تعارف ہوا ہو۔ مسجد کےساتھ ہی جماعت کا عظیم الشان تعلیمی ادارہ ہے۔ معیاری تعلیم اور سہولیات کی وجہ سے اس کا شمارعلاقے کے بہترین اسکولوں میں ہوتا ہے۔ پورٹ کے ساتھ کا یہ علاقہ ’کسی ڈاک یارڈ ‘ کہلاتا ہے۔ فیری پورٹ سے چند قدم کے فاصلے پر جماعت کا اپنا پرنٹنگ پریس واقع ہے۔ پریس کے انچارج صاحب کی رہائش گاہ میں مختصر سے آرام ناریل پانی، اور چائےسے لطف اندوز ہونے کےبعد ہماری اگلی منزل فری ٹاؤن میں جماعت کے ہیڈ کوارٹر تھی۔

ہیڈ کوارٹر شہر کےقلب میں ایک گنجان آباد علاقے میں واقع ہے جہاں مسجد کے علاوہ، امیر صاحب کی رہائش، گیسٹ ہاؤس، دفاتر، MTA اسٹوڈیو، لائبریری اور جماعت کا ریڈیو اسٹیشن موجودہے۔ ما شاء اللہ ہر وقت یہاں چہل پہل رہتی ہے مقامی لجنہ مجھ سےاس طرح سے مل رہی تھیں جیسے برسوں سے جانتی ہوں۔ امیر صاحب مقامی نوجوان ہیں، پیشے کے اعتبار سے شہر کے معروف بیرسٹرز میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ ہمارے قیام کا انتظام امیر صا حب نے اپنی رہائشگاہ میں ہی کروایا تھا۔ ان کی شادی چند سال قبل ہی گیمبیا کی ایک انتہائی مخلص احمدی خاندان کی تعلیم یافتہ بچی سے ہوئی تھی۔ امیر صاحب کے ہاں ہماری پُر خلوص مہمان نوازی ہوئی جس میں پاکستانی کھانوں کے ساتھ مقامی لذیذ ڈش پلاسس (اسموک فش، مونگ پھلی، کساوا ساگ، پام آئل و مختلف مقامی مصالحوں سے تیار کردہ سا لن جسے چاول کے اوپر ڈال کر پیش کیا جاتا ہے) بھی شامل ہوتی رہی۔ اپنائیت کا یہ عالم تھاکہ قطعاً یہ احساس نہیں ہوتا کہ ہم کسی غیر ملک میں ہیں۔

مرکزی ہیڈ کوارٹر سے کچھ فاصلے پر فری ٹاؤن کے ایک مشہور علاقے میں جماعت کا اپنا جنرل ہسپتال، ڈینٹل کلینک اور عائشہ میٹرنیٹی ہسپتال کی خوبصورت عمارت تھی۔ میٹرنٹی ہسپتال کا یہ قابل قدر منصوبہ مجھ سمیت تمام لجنہ یو کے کے لیے اعزاز اور فخر کا باعث ہے کیونکہ اس منصوبے کے لیے تمام فنڈز لجنہ اماءاللہ یوکے نے جمع کیے۔

عائشہ میٹرنیٹی ہسپتال جدید طبی سہولیات سے لیس ہے تاکہ پسماندہ علاقوں کی خواتین کو بہترین علاج میسر آسکے۔ سیرالیون جیسے ملک میں جہاں زچہ و بچہ کی شرح اموات بہت بلند ہے اس ہسپتال کی تعمیر بہت بڑی خدمت انسانی کا ذریعہ ہے۔ فری ٹاؤن میں دو دن قیام کے بعد ہمارا پروگرام جماعت کے دوسرے بڑے گڑھ BO اور پھر کینما جانے کا تھا۔

جیسے ہی آپ ساحلی شہر فری ٹاؤن کی شہری حدود سے باہر نکلتے ہیں تو دوران سفر سڑک کے دونوں اطراف گھنے جنگلات، پہاڑی مناظر اور سبزہ زار کا نظارہ بہت دلفریب لگتا ہے۔ یہ جنگلات زیادہ تر ناریل و پام کےدرختوں پر مشتمل ہیں۔ راستے میں تقریباً ہر قصبے اور شہر میں جماعت کی مساجد اور مشن ہاؤس موجودہیں۔ دلفریب اور قدرتی مناظر سے بھرپوردوران سفر جب جگہ جگہ احمدیہ اسکولزو مساجد کے سائن بورڈ نظر آتے تو دل حمد سے بھر جاتا ہے اور ایک خوشی کے احساس سے سفری تھکاوٹ بھی محسوس نہیں ہوتی۔

تین سو میل لمبے اس سفر کے دوران راستے میں ہم جماعت کے دو مراکز مشاکا اور Mile 91میں کچھ وقت کے لیےٹھہرے۔ دونوں جگہوں پرہمارے مرکزی پاکستانی مبلغ مع بیوی بچوں کے رہائش پذیر ہیں اور اس دور دراز علاقے میں جہاں کوئی ہم وطن نہیں خدمت دین میں مصروف ہیں۔

چار گھنٹے کی مسافت کے بعد ہم سیرالیون کے دوسرے بڑے شہر Bo پہنچے۔ Bo کا یہ سفر محض سیاحت نہیں بلکہ جماعت احمدیہ سیرالیون کی ایک صدی پر محیط قربانیوں اور مخلصین کی لازوال داستانوں کا مشاہدہ تھا۔ یہاں پہنچتے ہی پہلا خیال اُن جلیل القدر مبلغین اور صحابہؓ کا آتا ہے جنہوں نے ۱۹۲۱ء میں یہاں احمدیت کا پودا لگا یا۔ ان میں مولانا عبدالرحیم نیر صا حبؓ اور مولانا نذیر احمد علی صاحبؓ ہیں۔ خاکسار کو مولانا نذیر احمد علی صاحبؓ کے قبر پر جانے اور دعا کرنے کی توفیق ملی جنہوں نے انتہائی مشکل اور نا مساعدحالات یہاں تک کہ فاقوں کی حالت تک میں فریضہ تبلیغ کو نبھایا۔

بو (Bo) کو’ تعلیم کا شہر ‘بھی کہا جاتا ہے۔ یہاں جامعہ احمدیہ، جماعت کا بو سکول، MTA بلڈنگ اور مسجد واقع ہے۔ یہاں جلسہ سالانہ بھی ہوتاہے جس میں شامل ہونا ملکی معزز شخصیات کے علاوہ صدر مملکت بھی اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔ بڑی تعداد میں پاکستانی مبلغین مذکورہ تعلیمی اداروں سے وابسطہ ہیں۔ نمازوں اور اجلاسات میں ایک چھوٹے ربوہ کا سا ماحول بن جاتا ہے۔ سیرالیون میں جماعت کے کل ملا کر ۳۰۰؍سے زائد اسکول، ڈیڑھ ہزار کے قریب مساجد ہیں۔

بو سے ہمارا اگلا سفر کینماکے لیے تھا یہ سفر مزید گھنے جنگلات اور چھوٹے چھوٹے خوبصورت دیہات کے درمیان سے ہوتے ہوئے طے ہوا۔ کینما کو ہیروں کی سرزمین بھی کہا جاتا ہے یہ شہر ہیروں کی تجارت کا مرکز ہے۔ یہاں بھی جماعت احمدیہ کی مساجد کے علاوہ اسکول و ہسپتال قائم ہیں۔ اور احمدیت سے متعلق تقریباً ہر فرد کو واقفیت ہے اور لوگ جماعت احمدیہ کے افراد کے ساتھ عزت و تکریم کے ساتھ پیش آتے ہیں۔ یہاں میری ملاقات ایک لبنانی احمدی فیملی سے ہوئی۔ اتنے اخلاص و محبت کے ساتھ پیش آئے کہ اس کی یاد آج بھی میرے دل میں بسی ہوئی ہے۔ کینما اور بو کے یاد گار سفر کے بعد ہم واپس فری ٹاؤن پہنچے اور یوں سیرالیون کی روح پرور اور خوبصورت یادوں کے ساتھ ہم اپنی اگلی منزل برکینا فاسوکے لیے روانہ ہوئے۔

برکینا فاسو

سیرالیون کے سبزہ زاروں اور خوبصورت نیلے ساحلوں سے نکل کر تین گھنٹے کے ہوائی مسافت کے بعد جب ہم ملک کے سب سے بڑے شہر اور برکینا فاسو ( سابقہ اپروولٹا)کے دارالحکومت واگا ڈاگو پہنچے اور جونہی ائیر پورٹ سے باہر آئے تو منظر بدل چکا تھا۔ صحرا کی تپش، تپتی ریت اور خشک ہواؤں نے ہمارا استقبال کیا۔ صحرائےاعظمSahara Desert) (سے آنیوالی گرم ریتلی ہواؤں (Hamattan) نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا تھا۔ یہاں انگریزی زبان سےنابلد لوگ صرف فرانسیسی بولتے ہیں۔

برکینا فاسو میں احمدیت کا باقاعدہ آغاز خاصی تاخیر سے ہوا۔ ۱۹۸۰ء کی دہائی میں یہاں پہلا مشن قائم ہوا لیکن یہاں خاص طور پر خلافت خامسہ کے دَور میں جماعتی ترقی کی رفتار بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

آخرین میں آکر اوّلین میں شامل ہونے والا قول برکینا فاسو کے مخلصین پر صادق آتا ہے۔ اس کی مثال جنوری ۲۰۲۳ء میں برکینا فاسو کے ایک دور افتادہ علاقہ مہدی آباد (ڈوری) کے مقام پر ہونے والا لرزہ خیز اور ایمان افروزواقعہ ہے جو احمدیت کی تاریخ کا ایک سنہرا باب بن چکا ہے۔ یہاں دہشت گردی کی ایک واردات میں دہشت گردوں نے احمدی مردوں کو مسجد سے نکالااور مطالبہ کیا کہ وہ احمدیت چھوڑ دیں ورنہ اُنہیں قتل کر دیا جائے گا ایک ایک کرکے ۹؍بزرگوں اور نوجوانوں کو سامنے لایا گیا، سب نے یک زبان ہو کر کہا ہم جان دے سکتے ہیں لیکن مسیح محمدی کا دامن نہیں چھوڑ سکتے۔ ان کی بے مثال قربانی نے پوری دنیا کی احمدیہ جماعت میں ایک نئی روح پھونک دی ہے، سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خطبات میں ان شہداء کا ذکر کرتے ہوئے انہیں ایمان کے پہاڑ قرار دیا۔ ان کے پسماندگان( بیواؤں اور یتیموں) نے جس صبر اور حوصلے کا مظاہرہ کیا، اس نے دنیا کو حیران کر دیا۔

واگا ڈاگو شہر کے اندر جماعت کے اپنے وسیع وعریض قطعہ میں جامع مسجد کے علاوہ ہسپتال، پرنٹنگ پریس، مرکزی دفاتر، رہائش و اسپورٹس کمپلکس موجود ہیں۔ شہر کے مضافات میں ہی ایک اورجگہ ہے جس کا نام بُستان احمد ہے۔ یہاں مجلس انصاراللہ یوکےنے یورپین معیار کا جدید ترین مسرور آئی انسٹی ٹیوٹ بنایاہے جہاں غریبوں کی آنکھوں کا مفت علاج ہوتا ہے۔ افریقہ کے پسماندہ ملک برکینا فاسو کی تپتی ہوئی مٹی پر قائم مسرور آئی انسٹیٹیوٹ محض ایک ہسپتال نہیں، بلکہ انسانیت، محبت اور بے غرض خدمت کی ایک ایسی داستان ہے جو دلوں کو گرما دیتی ہے۔ یہ ادارہ اندھیروں میں ڈوبے ہوئے غریب اور بےسہارا لوگوں کی زندگیوں میں بینائی کا نور بن کر چمک رہا ہے جہاں دور دراز کے پسماندہ علاقوں سے آئے لاچار مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ تصور کریں ایک ایسے بوڑھے باپ یا معصوم بچے کا جس نے برسوں سے اپنے پیاروں کا چہرہ نہ دیکھا ہو۔ جب مسرور آئی ہسپتال کے ماہر ڈاکٹرز انتہائی شفقت سے ان کی آنکھوں کا آپریشن کرتے ہیں اور پٹی کھولی جاتی ہے، تو وہ لمحہ انتہائی جذباتی ہوتا ہے۔

مسرور آئی انسٹیٹیوٹ کے ساتھ ہی نو تعمیر شدہ جنرل ہسپتال بھی چل رہاہے۔ اور قریب ہی ایک وسیع رقبے پر جامعہ احمدیہ برکینا فاسو واقع ہے۔ جلسہ سالانہ بھی یہیں پر ہوتاہے۔ رہائش کے ليے کئی مکانات بنےہوئے ہیں۔ برکینا فاسو میں چھ روزہ قیام کے بعد ہماری اگلی منزل آئیوری کوسٹ تھی۔

آئیوری کوسٹ

برکینا فاسو کے بر عکس یہاں کی سرزمین سرسبز و شاداب ہے اور یہ ملک نسبتاً ترقی یافتہ ہے۔ دارالحکومت عابدجان ائیر پورٹ سے جماعت کا مشن ہاؤس محض ۲۰؍منٹ کی دُوری پر ہے۔ فرنچ کالونی رہنے کے باعث یہاں بھی فرانسیسی بولی اور سمجھی جاتی ہے۔ جماعت کا مشن ہاوس عابد جان کے نہایت پوش اور محفوظ علاقہ Vallon میں واقع ہے۔

یہ علاقہ بین الاقوامی سفارت کاروں، اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام اور ملک کے وزراء و ایگزیکٹوز کی رہائش کے لیےسب سے پسندیدہ اور پُر امن زون مانا جاتا ہے۔ چنانچہ جماعتی مرکز (مشن ہاؤس) کے لیے اس پوش علاقے کا انتخاب جہاں آنیوالے مہمانوں اور وفود کے لیےرسائی کو آسان بناتا ہےوہاں یہ ملکی سطح پرجماعت کے وقار اور ایک مرکزی ہیڈکورٹر کی انتظامی ضروریات کے بھی عین مطابق ہے۔ اسی طرح ۴۵؍منٹ کی دُوری پر ایک بہت بڑا رقبہ جماعت کی ملکیت ہے جس پر Humanity Firstنے ایک شاندار اور تمام جدید سہولیات سے لیس جنرل ہسپتال بنوایا ہے جس کا ابھی حال ہی میں افتتاح ہوا ہے۔اس کے ساتھ ایک مسجد بھی ہے۔ اس جگہ پر جماعت کا جلسہ سالانہ اور دوسری اجتماعی تقاریب ہوتی رہتی ہیں۔ یہاں کے لوگ غریب ضرور ہیں لیکن ان کے چہروں پر مُسکراہٹ اور دلوں میں مہمان نوازی کوٹ کوٹ کر بھری ہے۔ آ ئیوری کوسٹ کے ایک دوسرے بڑے اور سیاسی طور پر سرگرم شہر Yamoussoukro کے زمینی سفر کے دوران جا بجا جماعت کی مساجد، ڈسپنسریاں، اسکولز و سماجی خدمات کے لیے واٹر پمپس کے سائن بورڈ دیکھ کر ایک عجیب روحانی لذت اور خوشی کے احساس سے دل بھر آتا ہے کہ کس طرح ہمارے پیارے مسیح و محمدی کی جماعت ان دور افتادہ علاقوں میں بھی بلا تفریق مذہب و ملت رنگ و نسل سب کی خدمت کر رہی ہے۔ آئیوری کوسٹ میں پانچ روزہ قیام کے بعد ہمارا اگلا سفر مغربی افریقہ کے سب سے بڑے اور ترقی یافتہ ملک نائیجیریا کے لیے تھا۔

نائیجیریا

نائیجیریا کے سب سے بڑے شہر اور سابق دارلحکومت لیگوس کے انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے ہمارا جماعتی مشن ہاؤس تقریباً دس میل کی دوری پر Ojokoro کے مقام پر واقع ہے۔ ہمارے قیام کا انتظام ایک گیسٹ ہاؤس میں تھا۔

یہاں جماعت کے پاس ایک بہت وسیع و عریض احاطہ ہے جس میں گیسٹ ہاؤس، دفاتر، پرنٹنگ پریس، مسجد اور رہائشی بلڈنگزکے علاوہ ایک مصروف ترین اسپتال بھی ہے۔ یہاں زندگی بہت متحرک نظر آتی ہے، ہر وقت کی چہل پہل، روایتی افریقی خلوص و گرم جوشی، السلام و علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ کی پُرخلوص صدا، تربیتی کلاسز، ادبی و تصنیفی کام، امدادی سرگرمیوں کے لیے پروگرام، لجنہ اماء اللہ و ذیلی تنظیموں کی سرگرمیاں، غرض یہ کہ یہاں مشن ہاؤس آکر ہر اجنبی و مسافر خود کو ایک بہت بڑے اور شفیق خاندان کا حصہ محسوس کرنے لگتا ہے۔

نائیجیریا میں احمدیت کی تاریخ ایک صدی سے زیادہ پُرانی ہے اور یہ مغربی افریقہ میں جماعت کے سب سے بڑے اور اہم ترین مراکز میں سے ایک ہے۔ جماعت احمدیہ نے نائیجیریا کی قومی ترقی خاص طور پر مسلمانوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ احمدیت کے نفوذ سے قبل نائیجیریا کے مسلمان عیسائیوں کے بالمقابل بہت پسماندہ تھے۔

یہاں ایک دلچسپ تاریخی بات کا مجھے پتہ چلا کہ نائیجیریا کے پہلے مسلمان ڈاکٹر اور پہلے مسلمان وکیل جماعت احمدیہ سے تعلق رکھتے تھے۔ ڈاکٹر عبدالحمید ساکا ٹینوبو پہلے تربیت یافتہ مسلمان ڈاکٹر تھے، جبکہ جبریل مارٹن اور محمد آگسٹو پہلے مسلمان وکیل تھے۔ یہ سُن کر مجھے فخر ہوا کہ احمدیت نے نائیجیریا میں تعلیم اور ترقی کی بنیادیں رکھیں جس کا پھل آج نظر آتا ہے۔

ہماری خوش قسمتی کہ جماعت احمدیہ نائیجیریا کا جلسہ سالانہ بھی ہمارے قیام کے دوران ہی ہونا تھا۔ چنانچہ اس میں شمولیت کے لیے ہمیں لاگوس مشن ہاؤس سے تقریباً ۷۰؍میل کی دوری پر واقع ایک قصبہ الارو (Alaro) جانا تھا یہاں پہنچنے کے بعد جو دلی کیفیت تھی اُسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ ملک کے طول و عرض سے بسوں، ویگنوں، کاروں و سائیکلوں سے قافلوں کی جوق در جوق آمد، مستعد خدام، انصار، لجنہ، اطفال و ناصرات کا اُن تمام افراد کا مُسکراتے چہروں سے والہانہ استقبال کرنا، اپنے کاموں میں ایسے جذبے سے مصروف نظر آنا جیسے وہ کوئی دنیاوی فائدہ حاصل کرنے نہیں بلکہ ایک عبادت میں مصروف ہوں۔ یہ ماحول دیکھ کر قادیان و ربوہ میں ہونے والے جلسوں کی یاد تازہ ہوگئی۔

جلسہ سالانہ کی کارروائی سننے کے لیے جیسے ہی میں جلسہ گاہ میں پہنچی ایک عجیب سی روحانی کشش محسوس ہوئی۔ ہزاروں افراد ایک ہی مقصد کے لیے اکٹھے ہیں یعنی اللہ کی رضا، خلافت احمدیہ سے والہانہ محبت اور ایمان کی تجدید۔

یورپ کے پُر تعیش اور ہائی ٹیک ہالز کے بر عکس، یہاں بانسوں، کپڑے کے خیموں اور کھلی زمین پر جلسہ گاہ تیار کی جاتی ہے۔ شدیدگرمی، حبس یا اچانک ہونے والی بارش کے باوجود سُرخ مٹی پر بچھی چٹائیوں پر بیٹھے ان نائیجیرین احمدیوں کے چہروں پر ایک خاص اطمینان اور خوشی نظر آتی ہے اور چہروں پر تھکن کا کوئی شائبہ تک نہیں ہوتا۔ یہ منظر سادگی میں بھی حُسن کی بہترین مثال نظر آتی ہے۔ جلسہ گاہ کا بھی ہماری روایات کے مطابق ایک دلکش اور روح پرور منظر اور خاص طور پر افریقی بہن، بھائیوں کی مسحور کن بلند اور خوبصورت آوازوں میں ’’ اللہ اکبر‘‘، ’’غلام احمد کی جے ‘‘ کے نعرے اور لاالہ الا للہ….. کا ورد پورے ماحول کو گرما دیتا ہے۔ جب وہاں ان فلک شگاف نعروں کی آواز گونج رہی تھی جن میں جوان، بوڑھے اور بچے سب یک زبان ہو گئے۔ ان کا خلا فت احمدیہ کے لیے پیار دیکھ کر میرا دل بھر آیا۔ یہ لوگ خلیفہ وقت سے ہزاروں میل دور بیٹھے ہیں لیکن ان کے دل حضور انور کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

جلسہ سالانہ کے اگلے دن فجر کی نماز کا منظر نہایت دلفریب اور دلنشیں تھا۔ جلسہ گاہ جانے والے راستے کے دونوں اطراف لگے پانی کے نلکوں سے جب لوگ وضو کررہے تھے تو اُن میں اکثریت چھوٹے چھوٹے بچوں کی تھی۔ فجر کی نماز کی صف بندی کے دوران لجنہ مارکی کھچا کھچ بھرچکی تھی۔ یوں لگ رہا تھا کہ جیسے تمام شاملین جلسہ فجر کی نماز میں موجود ہیں لیکن پوری مارکی میں مکمل سکوت طاری تھا۔

جلسہ کے دوسرے روز کے اختتام کے بعد چونکہ ہمیں اپنی اگلی منزل یوگنڈا کےليے روانہ ہونا تھا اس کے لیے واپس لیگوس آنا ضروری تھا چنانچہ میں نے صدر لجنہ اور دیگر مقامی میزبانوں سے رخصت چاہی۔ یہ لمحہ میرےلیے بہت یاد گار تھا۔ واپسی پر گلے ملتے ہوئے نائیجرین بہنوں کی الوداعی دعائیں اور محبت ہمیشہ کےليے دل پر نقش ہوگئی۔

نائیجیریا کے جلسے کی سب سے خوبصورت اور روح پرور یاد یہاں کے لوگوں کا بے پناہ اخلاص تھا۔ سادگی اور غربت کے باوجود ان کے دلوں میں مہمانوں کے لیے جو عزت و احترام تھا، اس نےمیرا دل موہ لیا۔ اکوابا (خوش آمدید) کہنے والے ان مسکراتے چہروں کی گرمجوشی کبھی نہیں بھولے گی۔ لکڑیوں پر پکنے والے مقامی کھانوں کی خوشبو، خادموں کی دن رات کی انتھک محنت اور ہر تکلیف کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے کا جذبہ ایک خوبصورت سبق ہے۔

یوگنڈا

یوگنڈا صرف ایک ملک نہیں، بلکہ رنگوں، خوشبوؤں اور سحر انگیز نظاروں کا ایک زندہ احساس ہے، جسے برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل نے بے ساختہ ’افریقہ کا موتی‘ (Pearl of Africa)قرار دیا تھا۔

یوگنڈا میں جماعت احمدیہ کی بنیاد ۱۹۳۵ء میں رکھی گئی تھی، اور آج یہاں سینکڑوں مساجد اور متعدد احمدی اسکول و ہسپتال انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔

کمپالا میں جماعت کی بہت بڑی مسجد ہے جوبالکل مین روڈ کے ساتھ واقع ہے۔ مسجد کے پچھلی طرف ایک وسیع میدان کے گرد جماعت کا اپنا ہائی سکول اور ہوسٹل ہے۔ اسی طرح گیسٹ ہاؤس، MTA اسٹوڈیو اور دفاتر بھی اسی احاطہ میں ہیں۔ کمپالا کے خوبصورت مضافاتی علاقہ میں پرنٹنگ پریس کےليے(جس کا نام حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فضل عمر پرنٹنگ پریس عطا فرمایا) کی ایک بڑی عمارت تعمیرکی گئی ہے۔ اس وقت یہاں مشینوں کی تنصیب کا کام ہورہا تھا۔ حضور انور کی ہدایت پر میرے شوہر اسی کام کے جائزہ اور دیگر متعلقہ امور کو دیکھنے کےليے یوگنڈا آئے تھے۔ چند یوم یہاں دفتری امور نمٹاکر ہم تفریح کےليے ایک دوسرے بڑے جماعتی مرکز Mbale کےليے روانہ ہو ئے۔

سحر کا وقت تھا جب ہم یوگنڈا کے دارالحکومت، کمپالا، کے شور و غل اور سات پہاڑیوں پر پھیلے شہر سے نکلے۔ صبح کی خنک ہوا اور ہلکی دھند نے شہر کو اپنی آغوش میں لے رکھا تھا۔ ہماری منزل ‘امبالے› تھی، مشرقی یوگنڈا کا وہ خوبصورت شہر جو ماؤنٹ ایلگون کے دامن میں واقع ہے اور اپنے بے پناہ قدرتی حسن کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ کمپالا کی مصروف سڑکوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے جیسے ہی ہماری گاڑی ہائی وے پر ہولی، شہری مناظر یکسر بدلنے لگے اور قدرت نے اپنے رنگ بکھیرنا شروع کر دیے۔ اس سفر کے پہلے پڑاؤ پر ہم دنیا کی دوسری سب سے بڑی میٹھے پانی کی جھیل، جھیل وکٹوریہ کے کنارے پہنچے۔ نیلگوں پانی کا یہ سمندر جہاں تک نظر جاتی، پھیلا ہوا تھا۔ پانی کے اس عظیم سمندر کو دیکھ کر دل میں خیال آیا کہ جس طرح یہاں سے نکلنے والا پانی تپتے ہوئے صحراؤں کو سیراب کرتا ہے، اسی طرح قادیان اور ربوہ سے نکلنے والا احمدیت کا چشمہ آج افریقہ کے ان دوردراز دیہاتوں کی روحانی پیاس بجھا رہا ہے۔ اس کے بعد ہم جنجا (Jinja) کی طرف روانہ ہوئے، جہاں سے دنیا کے طویل ترین دریا، دریائے نیل کا آغاز ہوتا ہے اسے (Source of Neile) بھی کہا جاتاہے۔ کشتی میں بیٹھ کر ہم نے اس خاص مقام کو دیکھا جہاں سے نیل کا سفر شروع ہوتا ہے۔ متعدد جگہوں پرجھیل کی تہ سے نکلنے والے چشموں کی وجہ سے پانی کی سطح پر ہونیوالے تلاطم کو دیکھنا ایک سحر انگیز تجربہ تھا۔

جنجا سے تقریباً ۳۰؍میل کی دوری پر ایک نیشنل پارک ہے۔ یہاں تنگ چٹانوں کے بیچ سے جب دریائے نیل کا غضبناک پانی نیچے گرتا ہے، تو اس کی آواز دور تک سنائی دیتی ہے پانی کے اس شورآمیز جھرنے سے اڑنے والی پھوار جب دھوپ میں چمکتی ہے، تو فضا میں ایک مستقل قوس قزح (دھنک) بن جاتی ہے، جو دیکھنے پر اس قدر خوبصورت لگتی ہے کہ الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

جنجا سے آگے بڑھتے ہی منظر نامے میں گنے، مکئی اور چائے کے وسیع و عریض باغات شامل ہو گئے۔ جہاں تک نظر جاتی، سبزے کی ایک لامتناہی چادر پھیلی ہوئی دکھائی دیتی تھی جو ہوا کے تھپیڑوں کے ساتھ لہراتی تھی۔ مقامی کسان روایتی انداز میں کھیتوں میں مصروف تھے، اور سڑک کے کنارے لکڑی کے چھوٹے سٹالز پر تازہ پھل جیسے کیلے، انناس اور پپیتے فروخت ہو رہے تھے۔ ہم نے بھی گاڑی روک کر وہاں کا روایتی اسنیک اور تازہ پھل چکھے، جس نے مقامی ثقافت کا ایک خوبصورت ذائقہ ہمارے سفر میں شامل کر دیا۔

جیسے ہی ہم ہائی وے سے ہوتے ہوئے امبالے کی حدود کے قریب پہنچے، افق پر ایک عظیم الشان منظر ہمارا منتظر تھا۔ دور آسمان پر سفید بادلوں کا تاج پہنے ’ماؤنٹ ایلگون‘ کی ہیبت ناک اور خوبصورت چوٹیاں نمودار ہو رہی تھیں۔ پہاڑ کا وقار اور اس کے دامن میں پھیلی سرسبز وادیاں انسان کو قدرت کی کاریگری کا معترف بنا دیتی ہیں۔

یوگنڈا کے معاشرے میں خواتین کے لباس کو عزت اور احترام کا معیار مانا جاتا ہے۔ روایتی طور پر، خواتین کے لیے ایسے ملبوسات کو ترجیح دی جاتی ہے جو گھٹنوں سے نیچے ہوں اور جسم کو اچھی طرح ڈھانپیں۔ شادی شدہ خواتین کے لیے روایتی لباس پہننا ان کے سسرال اور معاشرے میں ان کے رتبے کو بڑھاتا ہے۔ مٹیاریں اور شادی شدہ خواتین اپنے بالوں کوخوبصورت انداز میں ڈیزائن کرتی ہیں۔خواتین جب اپنے روایتی لباس ‘گومیسی› میں ملبوس ہوتی ہیں تو ان کی شان و شوکت اور وقار دیکھنے کے لائق ہوتا ہے۔ اس لباس کے شوخ رنگ اور خوبصورت بناوٹ ان کی ثقافتی پہچان ہے۔ یہ ایک چمکدار اور رنگ برنگا لمبا لباس ہوتا ہے اور کمر پر ایک بڑا سکارف یا بیلٹ باندھی جاتی ہے۔ گومیسی کو شادیوں، تہواروں اور دیگر تقریبات میں فخر اور احترام کے ساتھ پہنا جاتا ہے۔

جس طرح یوگنڈا کی مٹی مادی لحاظ سے زرخیز ہے، اسی طرح یہ روحانی بیج قبول کرنے کے لیے بھی نہایت موزوں ثابت ہوئی۔ یوگنڈا میں جماعت احمدیہ کی تاریخ کا آغاز بیسویں صدی کے اوائل میں ہوا جب خلافت اولیٰ اور خلافت ثانیہ کے ادوار میں احمدی مائگرینٹس اور مبلغین نے اس سرزمین پر قدم رکھا۔ باقاعدہ طور پر ۱۹۳۵ء کے آس پاس مشن کا آغاز ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے امن، محبت اور اخوت کا یہ پیغام مقامی لوگوں کے دلوں میں گھر کرنے لگا۔ ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ کے سنہری اصول نے یوگنڈا کے پرامن اور مخلص شہریوں کو تیزی سے اپنی طرف متوجہ کیا۔ دیگر افریقی ممالک کی طرح یوگنڈا میں بھی جماعت نے سینکڑوں مساجد اور متعدد اسکول و ہسپتال قائم کیے ہیں جو انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہیومنیٹی فرسٹ کے ذریعہ بھی دیگر افریقی ممالک کی طرح یو گنڈا میں بھی ہسپتالوں کا قیام، موبائل کلینکس، آنکھوں کے آپریشن کے کیمپس، نوجوانوں کے بہتر روز گار کے ليے ٹیکنیکل کالج، یتیم خانہ، زراعت میں مدد کےليے انسٹیٹوٹ، خواتین کو سلائی کڑھائی سکھانے کے ليے مراکز قائم ہیں اسی طرح سینکڑوں دیہاتوں میں گہرے بورنگ والے ہینڈ پمپ اور سولر واٹر سسٹم نصب کیے ہیں۔ جب کسی دور دراز گاؤں میں پہلی بار صاف اور میٹھا پانی نکلتا ہے تو وہاں کے مقامی باشندوں (چاہے وہ کسی بھی مذہب کے ہوں) کی خوشی اور والہانہ رقص دیکھنے کے قابل ہوتا ہے۔ وہ احمدیت کے اس تحفے کو ’زندگی کا چشمہ‘ قرار دیتے ہیں۔

امبالہ کے بعد ہمیں واپس دارالحکومت کمپالہ پہنچنا تھا جہاں سے اگلے روز ہماری واپسی لندن کے لیے ہونی تھی۔

گھانا

اس سفر میں ایک خلش اور بڑی کمی جو مجھے میرے شوہر نے بتائی وہ گھانا کا وزٹ تھا جو میں بوجوہ نہ کر سکی۔ میرے شوہر چونکہ متعدد بار گھانا کا دورہ کرچکے ہیں اُن کا کہنا ہے کہ اگر مغربی افریقہ کے دیگر ممالک کی نسبت صرف گھانا میں جماعت احمدیہ کی ترقیات کو دیکھا جائے تو یہ ان ممالک میں ہونےوالی ترقیات کے مجموعہ سےبھی کہیں زیادہ ہے۔ اس کی ایک وجہ ہمارے موجودہ پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خصوصی توجہ، دعائیں اور گھانا میں آپ کا طویل قیام ہے جس نے اس ملک کو مغربی افریقہ میں احمدیت کا درخشاں مرکز بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ حضور انور نے اپنی زندگی کے تقریباً ۹ سال گھانا میں بطور واقف زندگی اور نصرت جہاں اسکیم کے تحت خدمات سرانجام دیتے ہوئے گزارے۔ تصوّرکریں کہ ایک نوجوان مرزا مسرور احمد اپنی مادر وطن، اپنے عزیزوں اور آرام و آسائش کو خیرباد کہہ کر، محض اپنے خدا کی رضا اور خلافت کے ایک اشارے پر افریقہ کے تپتے ہوئے علاقے اور دور افتادہ دیہاتوں کی طرف ہجرت کرتے ہیں، ایک ایسا علاقہ جہاں نہ بجلی تھی، نہ پینے کا صاف پانی، اور نہ ہی مواصلات کی کوئی سہولت۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنی جوانی کے ایام انہی جگہوں (جیسے سالاگا، اساچراور ڈیپالی) میں گزارے جہاں ملیریا اور دیگر بیماریاں بھی عام تھیں۔ آپ نے ٹوٹے ہوئے کچے مکانوں میں قیام کیا، بسا اوقات لالٹین کی مدہم روشنی میں راتیں گزاریں اور افریقی بھائیوں کی تعلیمی و اخلاقی تربیت کے لیے اپنا تن من دھن قربان کر دیا۔ یہ خلافت احمدیہ کا وہ لازوال عشق تھا جس نے گھانا کے غریب بچوں کو سینے سے لگایا اور انہیں علم کے نور سے روشناس کیا۔

چندوں کی غیر معمولی برکات

جماعت احمدیہ مسلمہ میں مالی قربانی محض تنظیمی ضرورت نہیں، بلکہ ہمارے دیے ہوئےمخلصانہ چندے اور اس کی برکت سےجو حیرت انگیز انقلاب برپا ہورہا ہے اُسے دیکھ کر روح میں ایک وجد طاری ہوجاتا ہے، ہماری دی گئی تھوڑی سی قربانی کے بدلے میں جو عظیم الشان کام ہو رہے ہیں وہ نصرت الٰہی کے بغیر ممکن ہی نہیں۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے جب دنیا کی روحانی اصلاح کا بیڑا اٹھایا تو مادی وسائل نہ ہونے کے برابر تھے۔ لیکن آج دنیا دیکھ رہی ہے کہ احمدیوں کے مخلصانہ چندوں کی برکت سے افریقہ کے دُوردراز صحراؤں، جنگلوں اور کچی بستیوں میں اسلام احمدیت کا جو عظیم الشان انقلاب برپا ہو چکا ہے، وہ نصرت الٰہی کا ایک منہ بولتا ثبوت ہے۔ دنیا کے کسی کونے میں بیٹھا ہوا ایک غریب احمدی، کڑی دھوپ میں مزدوری کر کے یا اپنی بنیادی ضرورتوں کو قربان کرکے جب چندہ دیتا ہےتو خدا کے ہاں اس اخلاص کی قیمت اتنی بڑی ہے کہ دنیا کا کوئی مادی فنڈ یا این جی او وہ نتائج پیدا نہیں کر سکتی جو احمدیوں کے چندوں میں چھپی برکت اور دعا سے افریقہ میں پیدا ہو رہے ہیں۔

افریقہ کے ان ممالک میں جہاں، کبھی عیسائیت کا غلبہ تھا یا جہاں جہالت کے ڈیرے تھے، آج ہمارے چندوں کی برکت سے خوبصورت مساجد، مشن ہاؤسز، اسکول و کالجز قائم ہو چکے ہیں اس کے علاوہ ہماری جماعت افریقہ میں صرف عقیدے کی اصلاح نہیں کر رہی، بلکہ انسانیت سے ہمدردی کے اس سنہری اصول پر عمل پیرا ہے جو حضرت مسیح موعودؑ نے ہمیں سکھایا۔ ہمارے چندوں کے ذریعے چلنے والے پراجیکٹ جیسے یورپین معیار کے اسپتال، ہومیوپیتھک ڈسپنسریاں، ٹیکینکل انسٹیٹیوٹ، یتیم خانے، واٹر پمپس اور متعد دوسری فلاحی اسکیموں نے افریقہ کی تقدیر بدل دی ہے۔

یہ سب اسی چندے کا صدقہ ہے جو دنیا بھر کے احمدی امام وقت کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے پیش کرتے ہیں۔جب انسان کو یہ یقین ہو جائے کہ اس کے چندے کا ایک ایک پیسہ بالکل صحیح اور مستحق لوگوں پر خرچ ہو رہا تو دل کو جو اطمینان اور سکون نصیب ہوتا ہے، وہ بے مثال ہے۔ یہ محض ایک کیفیت نہیں بلکہ روح کی ایک گہری تسکین ہے جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انسان کا ضمیر مطمئن ہو جاتا ہے کہ اس نے اپنے حصے کی ذمہ داری دیانت داری سے نبھائی ہے، جس سے ذہنی تناؤ دور ہوتا ہے اور دلی خوشی حاصل ہوتی ہے۔ جب مصرف کا درست ہونا معلوم ہوتو چندہ دینے والے کے اندر یہ اعتماد پیدا ہوتا ہے کہ وہ کسی تعمیری اور حقیقی تبدیلی کا حصہ بن رہا ہے۔ اس کی ایک چھوٹی سی قربانی دوسرے انسان کے چہرے پر مسکراہٹ لانے کا سبب بن رہی ہے۔ بنی نوع انسان کی خدمت کا یہ جذبہ تبھی اپنی معراج کو پہنچتا ہے جب شفافیت اور دیانت داری اس کے ساتھ شامل ہو جائیں۔ ہم جو چندہ دیتے ہیں وہ کسی پر احسان نہیں کرتے بلکہ یہ خود ہمارے اپنے ایمان کی حفاظت کا ذریعہ ہے۔ افریقہ کا یہ روحانی انقلاب گواہی دے رہا ہے کہ خلافت احمدیہ کی قیادت میں دیا جانے والا ایک ایک روپیہ، ایک ایک ڈالر اور ایک ایک پاؤنڈ ضائع نہیں ہورہا، بلکہ وہ اشاعت اسلام کے اس عظیم جہاد کا حصہ بن رہا ہے جس نے دنیا کو محمد رسول اللہ ﷺ کے قدموں میں لا کر کھڑا کرنا ہے۔ افریقہ کی زمین پر چندوں کے یہ معجزات دیکھ کر دل شکر سے لبریز ہو جاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس بابرکت نظام کا حصہ بنایا۔

اختتامی کلمات: وقت پر لگا کر اڑ گیا اورچالیس ایام کا یہ منفرد، دلفریب اور روحانی سفر اپنے اختتام کو پہنچا۔ رخصت کی یہ گھڑی کبھی نہ بھولنے والی گھڑی تھی جب میں واپسی کے سفر کے لیے رخت سفر باندھ رہی تھی کمپالہ مشن ہاؤس میں میزبانوں سے پرنم آنکھوں سے اجازت لینے کا مرحلہ یہ کوئی رسمی الوداع نہیں تھا، بلکہ ایک ایسے گھر کو چھوڑنے کا دکھ تھا جس نے چند ہی دنوں میں دل میں گھر بنا لیا ہو۔ جب سامان گاڑی میں رکھا جا چکا اور روانگی کا وقت آیا، تو مشن ہاؤس کے اس مانوس دالان میں ایک عجیب سی خاموشی چھا گئی۔ وہ لمحہ آ پہنچا تھا جہاں اب محبت کرنے والے میزبانوں اور اس سوندھی مٹی کو الوداع کہنا تھا۔

آخری بار ملنے اور محترم امیر صاحب کے دُعا کروانے کے بعد گا ڑی میں سوار ہو کر جب ہم یوگنڈا ہوائی اڈے کی طرف بڑھنے لگے تو میرے دل سے بے اختیار یہ دعا نکلی: ’اے باری تعالیٰ! اس خطے کے مخلصین کے ایمان و اخلاص میں مزید برکت عطا فرما۔ خلافت احمدیہ کے اس مضبوط قلعے کو ہمیشہ قائم و دائم رکھ اور یہاں کے پودوں کو اپنی رحمت کے سائے میں توانا درخت بنا دے۔‘ انہی دعاؤں اور سوچ میں ڈوبی ہوئی تھی کہ کب ائیرپورٹ پہنچی پتہ ہی نہیں چلا۔ چیک ان، امیگریشن، ڈیپاچرلاؤنج اور پھر جہاز میں سوار ہونے تک کے مرحلہ تک ایک عجیب سی اداسی غالب رہی اپنی نشست پر بیٹھ کر جب میں نے سیٹ بیلٹ باندھی، تو دل کی دھڑکنیں تیز ہو چکی تھیں۔ جہاز نے آہستہ آہستہ رن وے پر دوڑنا شروع کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے فضا کی بلندیوں کی طرف پرواز کر گیا۔ کھڑکی کے شیشے سے نیچے زمین پر پھیلی روشنیاں اب دھندلی ہو رہی ہیں اور نیچے افریقہ کے خوبصورت مناظر دھندلا رہے ہیں مغرب کا وقت ہوا چاہتا ہے۔ سورج اب آہستہ آہستہ افق کی اوٹ میں چھپ رہا ہے تو اسی گھڑی یہ سارا سفر ایک فلم کی طرح میری آنکھوں کے سامنے گھومنے لگا نظروں کے سامنے سفر برکینا فاسو کا ایک روح پرور منظر سامنے آگیا۔ برکینا فاسو میں اسی طرح کی ایک شام تھی کہ فضا میں دور کسی مسجد سے ابھرتی ہوئی مؤذن کی سحرانگیز آواز گونجی۔ ’’اللّٰہ اکبر، اللّٰہ اکبر‘‘

مؤذن کی اس دور سے آتی آواز میں مجھے اسی بلالی اذان کا عکس اور تڑپ محسوس ہو رہی تھی مجھے یوں لگا جیسے اُس اذان کی بازگشت آج بھی افریقہ کی فضاؤں میں زندہ ہے۔ افریقہ میں اسلام کی یہ خاموش اور پُرکشش ترقی دراصل اسی عشق بلالی اور مخلصانہ کردار کا تسلسل ہے۔

بہر حال چند ہی لمحوں میں یہ سارے نظارے اوجھل ہونے لگے، رات چھا گئی اور نیند کا غلبہ ہونے لگا تو جہاز کی کھڑکی کا شیشہ ان الوداعی الفاظ کے ساتھ بند کیا:

الوداع اے افریقہ کے مخلص اور جاں نثار بھائیو اور بہنو! الوداع اے محبتوں کی سرزمین! میں تم سے جدا تو ہو رہی ہوں، لیکن تمہارا وہ اخلاص، وہ محبت بھری مسکراہٹیں اور عبادات کے مناظر ہمیشہ میرے دل کے نہاں خانے میں محفوظ رہیں گے۔ تم نے مجھے سکھایا کہ سچی خوشی محلوں میں نہیں، بلکہ خدا کے حضور جھکنے اور خلافت کا وفادار بننے میں ہے۔ برطانیہ میں رہتے ہوئے ہم اکثر زندگی کو مادی ترازو میں تولتے ہیں، جہاں ہر دنیاوی آسائش میسر ہے لیکن روح اکثر اس حقیقی سکون کی تلاش میں رہتی ہے جو صرف خدا کے قرب سے ملتا ہے۔ افریقہ کے قریہ قریہ میں، میں نے اس کے برعکس پایا۔ وہاں کے لوگوں کے پاس وسائل کی شدید کمی تھی، کٹھن حالات تھے، لیکن ان کے دلوں میں جو ایمان کی روشنی، سادگی اور قناعت تھی، اس نے میری سوچ بدل کر رکھ دی۔

اس پورے ایمان افروز سفر کو ایک جملے میں سمیٹا جائے، تو اس کا حاصل اور نچوڑ صرف اور صرف خدا کی اس عظیم الشان پیشگوئی کی زندہ اور مجسم تصویر ہے کہ’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا ‘‘جوبڑی شان سے پوری ہوتی نظر آرہی تھی۔اے ارض افریقہ اور اے سر زمین بلال! تُو نے مجھے جو ایمان افروز یادیں اور خلافت سے سچی وفاداری کے سبق دیے ہیں، وہ میری زندگی کا کل اثاثہ بن کر ہمیشہ میرے دل میں زندہ رہیں گے۔

مٹی کے کچے گھروں میں رہنے والے ان سچے عاشقوں سے میں اس یقین کامل کے ساتھ رخصت ہو رہی ہوں کہ جماعت احمدیہ کی ترقی کا جو سورج افریقہ کے افق سے طلوع ہو چکا ہے، اب دنیا کی کوئی طاقت اسے غروب نہیں کر سکتی۔

افریقہ کا مستقبل مادی اور روحانی دونوں لحاظ سے نہایت تابناک ہے۔ وہ دن دُور نہیں جب اس براعظم کا بچہ بچہ احمدیت یعنی حقیقی اسلام کے پرچم تلے جمع ہو کر دنیا کی امامت کرے گا انشاء اللہ تعالیٰ۔

میں اس دعاکےساتھ اپنے اس سفر نامہ کا اختتام کرتی ہوں کہ اے ہمارے پیارے، رحیم اور کریم خدا! اے دلوں کے بھید جاننے والے میرے مولا! اے عرش بریں کے مالک! ہمارے پیارے امام، سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو صحت، سلامتی اور لمبی عمر عطا فرما۔ خلافت حقہ احمدیہ کے اس بابرکت سائے کو دنیا کے چپے چپے پر محیط کر دے۔ اے اللہ! ارض بلال کے ان ہیروں کو ہمیشہ چمکتا رکھ، ان کے ایمان کو سلامت رکھ مجھے، میری نسلوں کو اور ان تمام افریقن احمدی بھائی بہنوں کو آخری سانس تک خلافت کے سلطان نصیر بننے اور اس کے حضور لبیک کہنے کی توفیق عطا فرما۔ آمین، ثم آمین

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: پُرامن معاشرےکوآلودہ کرنےوالی برائیاں :بد ظنی اورتجسس

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button