سادگی اور بے تکلّفی کے حوالے سے آنحضورﷺ کے غلامِ صادق حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی سیرتِ طیبہ کا بیان۔ خلاصہ خطبہ جمعہ ۲۰؍نومبر ۲۰۲۶ء
٭… حضورؑ اکثر چارپائی پر بیٹھ کر لکھتے، اور قلم، دوات اور کتابیں چارپائی ہی پر رکھی ہوتیں۔ وہی میز، کرسی اور لائبریری کا کام دیتی تھی۔ اور وَمَا أَنَا مِنَ الْمُتَكَلِّفِينَ یعنی اورنہ ہی مَیں تکلّف کرنے والوں میں سے ہوں کا عملی نظارہ خوب واضح نظر آتا تھا
٭… اللہ تعالیٰ جانتا ہے کہ ہمیں کسی مکان سے کوئی اُنس نہیں، ہم اپنے مکانوں کو اپنے اور اپنے دوستوں میں مشترک جانتے ہیں (حضرت مسیح موعودؑ)
٭… حضرت مسیح موعود ؑجب کسی سے ملتے تھے تو مسکراتے ہوئے ملتے تھے اور ساتھ ہی ملنے والے کی ساری تکلیفیں دور ہو جاتی تھیں ۔ہر احمدی محسوس کرتا تھا کہ آپؑ کی مجلس میں جا کر سارے کام بھول جاتے ہیں۔بس آپؑ کے مسکراتے ہوئے چہرے پر نظر پڑی اور سارے جسم میں مسرّت کی لہر جاری ہو گئی۔ آپؑ کی عادت تھی کہ چھوٹے سے چھوٹےآدمی کی بات کو بھی توجہ سے سنتے تھے اور بڑی محبت سے جواب دیتے تھے ۔ہر آدمی اپنی جگہ سمجھتا تھا کہ حضرت صاحبؑ کو بس مجھ سے ہی سب سے زیادہ محبت ہے۔ بعض اوقات آدابِ مجلس سے نا واقف لو گ دیر تک اپنے لا تعلق قصے سناتے رہتے تھے اور حضرت صاحبؑ خاموشی کے ساتھ بیٹھے سنتے رہتے اور کبھی کسی سے یہ نہ کہتے کہ اب بس کرو
خلاصہ خطبہ جمعہ سیّدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ ۲۰؍نومبر ۲۰۲۶ء بمطابق ۲۰؍نبوت ۱۴۰۵؍ہجری شمسی بمقام مسجد مبارک،اسلام آباد،ٹلفورڈ(سرے)، یوکے
اميرالمومنين حضرت خليفةالمسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے مورخہ ۲۰؍نومبر ۲۰۲۶ء کو مسجد مبارک، اسلام آباد، ٹلفورڈ، يوکے ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو مسلم ٹيلي وژن احمديہ کے توسّط سے پوري دنيا ميں نشرکيا گيا۔ جمعہ کي اذان دينےکي سعادت مولانا فیروز عالم صاحب کے حصے ميں آئي۔
تشہد،تعوذ اورسورة الفاتحہ کی تلاوت کے بعد حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا:
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی سیرت بیان کرتے ہوئے حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحبؓ نے مجھ سے بیان کیا کہ ایک دن سخت گرمی کے موسم میں چند احباب دوپہر کے وقت حضرت مسیح موعودؑ کی خدمت میں حاضر ہوئے جہاں حضورؑ تصنیف کا کام کر رہے تھے۔ پنکھا بھی اس کمرے میں نہ تھا۔ بعض احباب نے عرض کیا کہ حضور !کم از کم پنکھا تو لگوائیں تاکہ سخت گرمی میں حضور ؑکو کچھ آرام تو ہو۔ حضورؑ نے فرمایاکہ اس کا یہ نتیجہ ہوگا کہ آدمی کو نیند آنے لگے گی اور وہ کام نہ کر سکےگا۔ ہم تو وہاں کام کرنا چاہتے ہیں جہاں گرمی کے مارے لوگوں کا تیل نکلتا ہو۔
حضرت مرزا بشیر احمدصاحبؓ لکھتے ہیں کہ یہ صرف حضرت مسیح موعود علیہ السلام ہی کی خصوصیت تھی کہ آپؑ سخت گرمی میں بغیر پنکھے کے تصنیف کا کام کر لیتے تھے، ورنہ مَیں نے دیکھا ہے کہ شدّتِ گرمی میں اگر پنکھا نہ ہو تو گو اَور کام تھوڑے بہت ہو سکیں لیکن تصنیف کا کام بہت مشکل ہوتا ہے۔ چنانچہ خود میرا بھی یہی حال ہے۔
ایک اَور موقع پر حضرت مولوی عبدالکریم صاحب سیالکوٹیؓ نے عرض کی کہ گرمی بہت ہے، یہاں ایک پنکھا لگوا لینا چاہیے تو حضورؑ نے فرمایاکہ پنکھا اور پنکھا کھینچنے والا تو مل سکتا ہے، مگر جب ٹھنڈی ہوا چلے گی تو بے اختیار نیند آنے لگے گی اور ہم سو جائیں گے تو یہ مضمون کیسے ختم ہوگا۔ حضور انور نے وضاحت فرمائی کہ اس زمانے میں بجلی نہ تھی۔ لکڑی کے فریم پر کپڑا لگا کر بڑے پنکھے چھت سے لٹکائے جاتے تھےاور رسی سے کھینچے جاتے تھے۔
حضرت شیخ نور احمد صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ ’’آئینہ کمالاتِ اسلام‘‘ کی طباعت امرتسر میں دیر سے ہو رہی تھی۔ حضورؑ کے ارشاد پر وہ اپنا پریس قادیان لے آئے اور گول کمرے میں حسبِ ارشاد دونوں پریس لگا دیے۔حضورؑ ساتھ ساتھ لکھتے جاتے اور ساتھ ہی ساتھ کاپی لکھی جاتی تھی اور اسی وقت چھپتی جاتی تھی۔ شیخ صاحبؓ فرماتے ہیں کہ ایک دن وہ گول کمرے سے باہر پتھر (لکھائی کے پتھر) درست کر رہے تھے کہ حضورؑ خود آ کر زمین پر پاؤں کے بل بیٹھ گئے اور پروف کی غلطیاں بتانے لگے۔
ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ
حضورؑ اکثر چارپائی پر بیٹھ کر لکھتے اور قلم، دوات اور کتابیں چارپائی ہی پر رکھی ہوتیں۔ وہی میز، کرسی اور لائبریری کا کام دیتی تھی۔ اور وَمَا أَنَا مِنَ الْمُتَكَلِّفِينَ یعنی اورنہ ہی مَیں تکلّف کرنے والوں میں سے ہوں کا عملی نظارہ خوب واضح نظر آتا تھا۔
حضرت مولوی عبدالکریم صاحب سیالکوٹیؓ فرماتے ہیں کہ آپؑ کے مزاج میں وہ انکسار اور بےنفسی ہے کہ اس سے زیادہ ممکن نہیں۔ آپؑ زمین پر بیٹھے ہوں اور لوگ فرش پر یا اونچی جگہ بیٹھے ہوںتو آپؑ کا قلبِ مبارک ان باتوں کو محسوس بھی نہیں کرتا تھا۔ مولوی صاحبؓ اپنا واقعہ بیان کرتے ہیں کہ آپؑ کے گھر کے لوگ لدھیانہ گئے ہوئے تھے اور جون کا مہینہ تھا اور مکان نیا نیا بنا تھا۔ میں دوپہر کے وقت وہاں ایک چارپائی پر لیٹ گیا اور جب جاگا تو دیکھا کہ حضورؑ چارپائی کے پاس نیچے فرش پر لیٹے ہیں۔ مَیں گھبرا کر اٹھا تو آپؑ نے محبت سے پوچھا: آپ کیوں اٹھے ہیں؟ مَیں نے عرض کیا: آپؑ نیچے لیٹے ہیں، مَیں اوپر کیسے سویا رہوں؟ آپؑ نے مسکرا کر فرمایا کہ مَیں آپ کا پہرہ دے رہا تھا۔ لڑکے شور کرتے تھے ،انہیں روکتا تھا تاکہ آپ کی نیند میں خلل نہ ہو۔
حضرت ملک حسن محمد صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ خاکسار قادیان آیا تو معلوم ہوا کہ حضورؑ کے سر مبارک پر دیوار میں لگی کیل یا کھونٹی سے چوٹ لگی اور بہت خون بہا، جس کی وجہ سے تکلیف ہے اور باہر تشریف نہیں لاتے۔ ہم چند خدام اکٹھے ہوئے اور حضور ؑکی زیارت کی درخواست پیش کی۔ حضورؑ نے از راہِ شفقت اجازت بخشی۔ ہم سب سات آٹھ مہمان اندر داخل ہوئے تو حضورؑ بڑے پلنگ پر ٹیک لگائے بیٹھے تھے۔ آپؑ خدام کو دیکھ کر اٹھ کھڑے ہوئے، مصافحہ کا شرف بخشا، خود چھوٹی چارپائی پر بیٹھ گئے اور اپنے خدام کو بڑے پلنگ پر بٹھایا۔ اس واقعے میں اکرامِ ضیف بھی ہے اور سادگی بھی۔ پھر حضورؑ کے زخم پر بات ہوئی تو حضورؑ نے فرمایا کہ ممکن ہے اللہ تعالیٰ کے علم میں خون کا نکلنا مفید ہو اور گندا خون نکل گیا ہو، شاید اسی لیے اللہ تعالیٰ نے خود انتظام کر دیا۔
حضرت مولوی عبدالکریم صاحب سیالکوٹی ؓ فرماتے ہیں کہ حضورؑ مکان اور لباس کی آرائش سے بے پروا ہیں۔ خدا کے فضل و کرم سے حضور ؑکا یہ پایہ و منزلت ہے کہ اگر چاہیں تو آپؑ کے مکان کی اینٹیں سنگِ مَرمَر کی ہو سکتی ہیں اور آپؑ کے پااَنداز یعنی door mat باریک ملائم ریشمی کپڑے کے بھی ہو سکتے ہیں، مگر بیٹھنے کا مکان ایسا معمولی ہے کہ دنیادار نام نہاد نفاست پسند آدمی ایک لمحہ بھی نہ بیٹھے۔ گرمیوں میں جس تخت پر باہر بیٹھتے اس پر مٹی پڑی ہوتی۔ حضورؑ نہ پوچھتے نہ کسی کے جھاڑ دینے پر توجہ کرتے۔ غرض اپنے کام میں اس قدر استغراق ہے کہ ان مادی باتوں کی بالکل پروا نہیں۔
آپؑ نے فرمایاکہ
اللہ تعالیٰ جانتا ہے کہ ہمیں کسی مکان سے کوئی اُنس نہیں، ہم اپنے مکانوں کو اپنے اور اپنے دوستوں میں مشترک جانتے ہیں۔
اور فرمایا کہ میری بڑی آرزو ہے کہ ایسا مکان ہو کہ چاروں طرف ہمارے احباب کے گھر ہوں اور درمیان میں میرا گھر ہو اور ہر ایک گھر میں میری ایک کھڑکی ہو کہ ہر ایک سے ہر ایک وقت واسطہ اور رابطہ رہے۔
حضرت مصلح موعودؓ بیان کرتے ہیں کہ مجھے بھی اپنے بچپن کی ایک جہالت یاد ہے۔ جب میں چھوٹا تھا تو بعض دشمن جب آپؑ کی مجلس میں آتے اور اعتراض کرتے تو چونکہ حضورؑ نہایت سادگی سے بات کرتے تھے، بعض دفعہ مجھے وہم ہوتا تھا کہ شاید آپؑ اس شخص کی چالاکی کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔ مگر جب دشمن مخالفت میں بڑھتا جاتا تو یوں لگتا جیسے کسی آسمانی طاقت نے آپؑ پر قبضہ کر لیا ہے اور آپؑ اس شان سے جواب دیتے کہ مجلس پر سنّاٹا چھا جاتا۔
حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ لکھتےہیں کہ
حضرت مسیح موعود ؑجب کسی سے ملتے تھے تو مسکراتے ہوئے ملتے تھے اور ساتھ ہی ملنے والے کی ساری تکلیفیں دور ہو جاتی تھیں ۔ہر احمدی محسوس کرتا تھا کہ آپؑ کی مجلس میں جا کر سارے کام بھول جاتے ہیں۔بس آپؑ کے مسکراتے ہوئے چہرے پر نظر پڑی اور سارے جسم میں مسرّت کی لہر جاری ہو گئی۔ آپؑ کی عادت تھی کہ چھوٹے سے چھوٹےآدمی کی بات کو بھی توجہ سے سنتے تھے اور بڑی محبت سے جواب دیتے تھے ۔ہر آدمی اپنی جگہ سمجھتا تھا کہ حضرت صاحبؑ کو بس مجھ سے ہی سب سے زیادہ محبت ہے۔ بعض اوقات آدابِ مجلس سے نا واقف لو گ دیر تک اپنے لا تعلق قصے سناتے رہتے تھے اور حضرت صاحبؑ خاموشی کے ساتھ بیٹھے سنتے رہتے اور کبھی کسی سے یہ نہ کہتے کہ اب بس کرو۔
مولوی رحیم بخش صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ شنکر سے مولوی عمردین آیا ۔وہ پرانی چال کا فقیر تھا اورآپؑ کے پاس ایک دو روز رہا ۔جب اس نے دیکھا کہ حضور ؑکی طبیعت میں سادگی اور بے تکلّفی ہے اور ہر شخص سے بے تکلّفی سے بات کرتے ہیں تو اس نے کہا یہ درویش نہیں ہے۔ مَیں سمجھا تھا کہ درویش ہوگا یعنی بات ہی نہیں کرے گا ،اور چلا گیا ۔اس کے نزدیک یہ سادگی بزرگی کی نشانی نہیں تھی حالانکہ سنتِ رسول ؐکے مطابق یہی تقویٰ اور بزرگی ہے ۔
مولوی عبد اللہ سنوری صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ شروع شروع میں حافظ حامد علی صاحب مرحومؓ حضرت صاحبؑ کو مہندی لگایا کرتے تھے ۔بعض اوقات مَیں بھی حاضر ہوتا تھا تو حضرت صاحبؑ مہندی لگوانے کے ساتھ ساتھ مجھ سے گفتگو فرمانے لگ جاتے تھے ۔ بات چیت سے چہرے میں کچھ حرکت ہوتی تو مہندی داڑھی سے ہل کر گرنے لگتی۔بعض اوقات حافظ صاحبؓ عرض کرتے کہ حضور! ذرا کچھ دیر بات چیت نہ کریں ۔مَیں مہندی لگاکر داڑھی باندھ لوں ،پھر گفتگو فرمائیں۔ حضرت صاحب ؑتھوڑی دیر خاموش رہ کر پھر کسی خیال کے آنے پر پھر گفتگو فرمانے لگ جاتے تھے۔
چودھری میاں خان صاحب گوندلؓ بیان کرتے ہیں کہ میرا بھائی چودھری محمد خان مرحوم ایک دفعہ حضورؑ سے مصافحہ کرنے لگا ۔ گرمی کی وجہ سے ناک سے پانی حضرت صاحبؑ کے دست مبارک پر گر پڑا۔ حضرتؑ نے ذرا بھی خیال نہ کیا بلکہ دوسرے ہاتھ سے جیب سے رومال نکالا اور خود ہاتھ صاف کر لیا ۔اس واقعہ سے آپؑ کے اخلاقِ فاضلہ اور دریا دلی کاپتا چلتا ہے۔
آپؑ کے کھانے کے طریقے کے بارے میں میاں دین محمد صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ معزز مہمان حضرت اقدسؑ کے ساتھ اوپر کی منزل میں دن کو کمرے میں اور رات کو اوپر چھت پر کھانا کھاتے تھے۔گرمیوں کے دن تھے ۔ہم نوجوان لوگ نیچے سے کھانا اور پانی اوپر پہنچاتے ۔ رات کو اکثر خشکا چاول بھی کھانے میں ہوتے تھے ۔ حضرت صاحبؑ کھاتے وقت ایک دو چاول کا نوالہ منہ میں ڈال لیتے اور باتیں کرتے جاتے اور مہمانوں کا خیال رکھتے ۔جس کے برتن میں کھانا ختم ہو جاتا اپنے برتن میں سے اس کو ڈال دیتے ہیں۔ بہت تھوڑا حصہ کھانے کا خود کھاتے باقی اسی طرح احباب کے برتنوں میں ڈال دیتے تھے۔مولوی شیر علی صاحبؓ نے بیان کیا کہ پہلے آپؑ کھانا کمرے میں مہمانوں کے ساتھ کھاتے۔ چاروں طرف مہمان دیواروں کے ساتھ بیٹھے ہوتے ۔حضرت صاحبؑ چھوٹے چھوٹے ٹکڑے آہستہ آہستہ منہ میں ڈالا کرتے تھے ۔ جب تک مہمان کھاتے رہتے آپؑ بھی کھاتے رہتے تھے۔کھانا بہت کم کھاتے تھے۔ حضرت صاحبؑ کے سامنے جب کوئی خاص چیز لائی جاتی تو تمام مہمانوں میں تقسیم کر دیتے۔ عبد القادر صاحب بیان کرتے ہیں کہ آپؑ کھانے کے دوران مسائل بھی بیان کرتے اور نماز عشاء تک رونق افروز رہتے ۔ نماز عشاء ادا کر کے گھر میں تشریف لے جاتے تھے۔
ایک دفعہ لاہور سے ایک جنٹل مین قادیان آئے تاکہ حضرت مسیح موعود ؑکو ایسے اصولوں پر پرکھیں جن کو سائنس نے تازہ تازہ ریسرچ کر کے بیان کیا ہے۔اس نے غور سے دیکھا کہ حضورؑ کیسے کھانا کھاتے ہیں۔ اس نے دیکھا کہ حضورؑ کے کھانے کا طریق دوسرے تمام ساتھیوں سے بالکل علیحدہ ہے۔دوسرے لوگ بڑے بڑے لقمے لے کر منہ میں ڈالتے اور جلدی جلدی چبا کر نکل لیتے لیکن حضورؑ چھوٹے سے چھوٹا لقمہ لیتے ،اس کو نہایت احتیاط کے ساتھ سالن لگاتے ۔سالن لگاتے وقت اوپر سے لقمہ کو پکڑتے جس سے ان کے ہاتھ یا انگلیاں بالکل صاف رہ سکتیں ہوں۔ پھر حضورؑ سانس لیتے اور لقمہ کو منہ میں ڈال کے ایک عرصےتک چباتے رہتے اور جب اس لقمے کے اجزابالکل باریک ہو جاتے توپھر اس کو نگلنے کی کوشش کرتے ۔آپؑ کے کھانے کے طریق کو دیکھ کر وہ بیعت میں شامل ہو گئے۔
٭…٭…٭