۱۹؍ نومبر: مردوں کا عالمی دن۔ International Men’s Day
دنیا بھر میں مختلف ایام مخصوص طبقات، رشتوں اور معاشرتی مسائل کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے منائے جاتے ہیں۔ انہی میں ایک دن ۱۹؍ نومبر کو مردوں کا عالمی دن (International Men’s Day) کے نام سے منایا جاتا ہے۔ یہ دن مردوں کی معاشرتی، خاندانی اور سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل، صحت، ذہنی دباؤ اور زندگی کی مشکلات کی طرف توجہ دلانے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
اکثر معاشروں میں مرد کو خاندان کا سربراہ، گھر کا کفیل، محافظ اور ذمہ داریوں کا بوجھ اٹھانے والا فرد سمجھا جاتا ہے۔ بچپن سے ہی لڑکوں کو یہ سکھایا جاتا ہے کہ انہیں مضبوط بننا ہے، مشکلات کا مقابلہ کرنا ہے اور اپنے جذبات پر قابو رکھنا ہے۔ لیکن اس مضبوط نظر آنے والے انسان کے اندر بھی احساسات، خواہشات، پریشانیاں اور بعض اوقات ایسی تکالیف ہوتی ہیں جنہیں وہ کسی کے سامنے بیان نہیں کر پاتا ۔ مردوں کا عالمی دن اسی حقیقت کو سمجھنے اور مردوں کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کرنے کی دعوت دیتا ہے۔
مردوں کے عالمی دن کا باقاعدہ آغاز ۱۹؍ نومبر ۱۹۹۹ء کو کیریبین کے ملک ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو (Trinidad and Tobago) میں ہوا۔ اس دن کا تصوّر تاریخ کے استاد ڈاکٹر جیروم تلک سنگھ (Dr Jerome Teelucksingh) نے پیش کیا تھا جو یونیورسٹی آف ویسٹ انڈیز سے وابستہ تھے۔ انہوں نے ۱۹؍ نومبر کی تاریخ اپنے والد کی سالگرہ کی مناسبت سے منتخب کی ۔ ان کا مقصد معاشرے میں مثبت مردانہ کرداروں کو اجاگر کرنا اور مردوں کے مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ اس دن کو منانے کا مقصد خواتین کے عالمی دن سے مقابلہ کرنا نہیں بلکہ معاشرے میں مردوں کے مثبت کردار، ان کی صحت، حقوق اور ذمہ داریوں کو تسلیم کرنا ہے۔ آج دنیا کے متعدد ممالک میں یہ دن منایا جاتا ہے۔
ہر سال اس دن کے لیے ایک خاص موضوع منتخب کیا جاتا ہے۔ ۲۰۲۶ء کا موضوع The Future Is Everyone’s یعنی ’’مستقبل سب کا ہے‘‘ ہے۔ اس موضوع کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ ایک بہتر معاشرے کی تعمیر صرف مردوں یا خواتین کی انفرادی کوششوں سے ممکن نہیں بلکہ دونوں کو باہمی تعاون، احترام اور مساوات کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ مردوں کی فلاح و بہبود خواتین اور بچوں کی زندگیوں پر بھی مثبت اثر ڈالتی ہے۔ اسی طرح خواتین کی ترقی اور خوش حالی بھی ایک بہتر معاشرے کی بنیاد بنتی ہے۔
اس دن کا ایک اہم مقصد مردوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ عام طور پر مرد اپنی بیماریوں کو نظر انداز کرتے ہیں۔ بعض افراد معاشرتی توقعات کے باعث ڈاکٹر کے پاس جانے یا اپنی ذہنی پریشانی بیان کرنے سے بھی گریز کرتے ہیں ۔ خصوصاً ذہنی صحت ایک اہم مسئلہ ہے ۔ معاشرے میں یہ تصوّر عام ہے کہ مرد کو رونا نہیں چاہیے، خوف کا اظہار نہیں کرنا چاہیے اور ہر حال میں مضبوط رہنا چاہیے ۔ ایسے رویّے بعض اوقات مردوں کو تنہائی، ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کی طرف دھکیل دیتے ہیں ۔ حالانکہ مرد بھی انسان ہیں اور انہیں بھی جذباتی تعاون ، ہمدردی اور مدد کی ضرورت ہوتی ہے ۔
اسی طرح پروسٹیٹ کینسر، خصیوں کے کینسر، امراضِ قلب اور دیگر بیماریوں کے بارے میں آگاہی بھی ضروری ہے ۔ نومبر کے مہینے میں دنیا کے مختلف حصوں میں ’موومبر‘ (Movember) کے نام سے ایک مہم بھی چلائی جاتی ہے جس کا مقصد مردوں کی صحت خصوصاً پروسٹیٹ کینسر، خصیوں کے کینسر اور ذہنی صحت کے مسائل پر توجہ دلانا ہے۔ اس مہم میں بہت سے مرد اپنی مونچھیں بڑھا کر اس کا حصہ بنتے ہیں تاکہ ان بیماریوں کے متعلق عوامی سطح پر گفتگو اور آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔
ایک مرد کی زندگی محض معاشی ذمہ داریوں تک محدود نہیں ہوتی ۔ مردوں کا عالمی دن ہمیں یہ موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ ہم مرد کے مختلف خاندانی رشتوں اور ان سے وابستہ ذمہ داریوں پر غور کریں ۔ بحیثیت بیٹا، وہ اپنے والدین کی خدمت، فرمانبرداری اور بڑھاپے میں ان کا سہارا بننے کا ذمہ دار ہے۔ بحیثیت باپ، اس کی ذمہ داری صرف بچوں کی مالی ضروریات پوری کرنا نہیں بلکہ ان کی تعلیم و تربیت، اخلاق سازی اور کردار کی تعمیر میں حصہ لینا بھی ہے۔ اسی طرح بحیثیت خاوند، اسے اپنی شریکِ حیات کے لیے محبت، عزت، اعتماد اور تحفظ کا ذریعہ بننا چاہیے۔ ان تینوں رشتوں میں مرد کا کردار محض ذمہ داریاں نبھانے تک محدود نہیں بلکہ محبت، قربانی، شفقت اور احساسِ ذمہ داری کا عملی اظہار بھی ہے۔ لہٰذا اس دن ہمیں مرد کی ان تمام حیثیتوں کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ اسے اپنے فرائض احسن رنگ میں ادا کرنے کی طرف بھی توجہ دلانی چاہیے ۔
وہ کسی کا بیٹا، کسی کا بھائی، کسی کا شوہر اور کسی کا باپ ہوتا ہے۔ ان تمام رشتوں میں اس کا کردار مختلف مگر یکساں اہمیت کا حامل ہے۔ ایک اچھا باپ صرف اپنے بچوں کی ضروریات پوری نہیں کرتا بلکہ ان کی تربیت، تعلیم اور کردار سازی میں بھی حصہ لیتا ہے۔ ایک اچھا شوہر اپنی شریکِ حیات کے لیے محبت، اعتماد اور تحفظ کا ذریعہ بنتا ہے۔ ایک اچھا بیٹا اپنے والدین کی خدمت اور ایک اچھا بھائی اپنے بہن بھائیوں کی مدد کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔ تاہم مردوں سے بھی یہ توقع نہیں ہونی چاہیے کہ وہ ہر مسئلے کو تنہا حل کریں گے ۔ انہیں بھی محبت، حوصلہ افزائی، احترام اور جذباتی تعاون کی ضرورت ہوتی ہے۔ خاندان کے افراد کو چاہیے کہ وہ مردوں کی محنت اور قربانیوں کو محسوس کریں اور ان کے مسائل سننے کے لیے وقت نکالیں ۔
مردانگی کا مطلب صرف جسمانی طاقت، دولت یا اختیار نہیں بلکہ اصل مردانگی ذمہ داری، دیانت داری ، صبر، شفقت اور حسنِ سلوک میں پوشیدہ ہے۔ ایک ایسا مرد جو اپنے ماتحتوں کے ساتھ انصاف کرے، اپنے بچوں سے محبت کرے، خواتین کا احترام کرے، ضرورت مندوں کی مدد کرے اور اپنی غلطی تسلیم کرنے کا حوصلہ رکھتا ہو، وہ معاشرے کے لیے ایک مثبت مثال ہے۔
اسلامی نقطۂ نظر سے مرد کی حیثیت محض خاندان کے کفیل یا معاشرے کے طاقت ور فرد کی نہیں بلکہ ایک ذمہ دار انسان، محافظ، مربی اور خادم کی ہے۔ اسلام نے مرد کو عزت و احترام کے ساتھ اس کی ذمہ داریوں کا احساس بھی دلایا ہے۔ قرآن کریم نے مردوں کو عورتوں کے حقوق ادا کرنے، ان کے ساتھ حسنِ سلوک کرنے اور خاندان کی کفالت و نگہداشت کی ذمہ داری سونپی ہے۔ آنحضرت ﷺ کی سیرتِ مبارکہ مردانگی کا بہترین نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نہایت شفیق شوہر، محبت کرنے والے والد، وفادار ساتھی اور انسانیت کے ہمدرد تھے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: خَيْرُكُمْ خَيْرُكُمْ لِاَهْلِهٖ یعنی تم میں سے بہترین وہ ہے جو اپنے اہل و عیال کے لیے بہترین ہو۔ (ترمذی)۔ اسلام کی نظر میں حقیقی مردانگی طاقت کے اظہار، غصے یا دوسروں پر حکم چلانے کا نام نہیں بلکہ اپنے جذبات پر قابو پانے، کمزوروں کی مدد کرنے، خواتین کا احترام کرنے، اہلِ خانہ کے حقوق ادا کرنے اور عدل و رحم کا مظاہرہ کرنے میں ہے۔ چنانچہ مردوں کے عالمی دن کے موقع پر اسلامی تعلیمات ہمیں یہ پیغام دیتی ہیں کہ ایک مثالی مرد وہ ہے جو اپنی ذات سے زیادہ دوسروں کی بھلائی کا خیال رکھے اور اپنی ذمہ داریوں کو عبادت اور خدمتِ خلق کا ذریعہ بنائے۔
مرد کی حقیقی عظمت اس کی جسمانی قوت، معاشی حیثیت یا معاشرے میں حاصل مقام سے نہیں بلکہ اس کے اعلیٰ اخلاق، تقویٰ، ذمہ داری اور حقوق العباد کی ادائیگی سے متعین ہوتی ہے۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے مردوں کو خصوصیت سے عورتوں کے ساتھ نرمی، محبت اور حسنِ سلوک کی تلقین فرمائی ہے۔ آپؑ فرماتے ہیں: ’’ہمیں تو کمال بے شرمی معلوم ہوتی ہے کہ مرد ہو کر عورت سے جنگ کریں۔ ہم کو خدا نے مرد بنایا ہے۔ اور یہ درحقیقت ہم پر اتمامِ نعمت ہے۔ اس کا شکر یہ ہے کہ عورتوں سے لطف اور نرمی کا برتاؤ کریں۔‘‘ (ملفوظات جلد اول، صفحہ ۴۱۸) اسی طرح آپؑ نے اپنی جماعت کو نصیحت فرمائی کہ جو شخص اپنی اہلیہ اور اس کے اقارب سے حسنِ سلوک نہیں کرتا وہ آپؑ کی جماعت میں سے نہیں۔ اس تعلیم سے واضح ہوتا ہے کہ ایک احمدی مرد کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے گھر میں محبت، شفقت اور انصاف کا نمونہ بنے، اپنے بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت کرے، والدین کے حقوق ادا کرے اور معاشرے کی اصلاح میں فعال کردار ادا کرے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بھی اپنے خطبات، خطابات، تقاریر اور ملاقاتوں میں بارہا مردوں کو ان کی ذمہ داریوں اور بالخصوص بیویوں کے حقوق کی ادائیگی کی طرف توجہ دلاتے ہیں ۔ اسلام کی تعلیم میں حقیقی مردانگی دوسروں پر اپنی برتری جتانے میں نہیں بلکہ اپنے اعلیٰ کردار، خدمتِ خلق، تقویٰ اور محبت کے ذریعے ایک مثالی خاندان اور پُرامن معاشرے کی تعمیر میں ہے۔
مردوں کا عالمی دن محض مبارک باد دینے یا سوشل میڈیا پر پیغامات شائع کرنے کا دن نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ ہمیں اپنے معاشرتی رویوں پر غور کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ ہمیں اپنے گھروں، تعلیمی اداروں اور معاشرے میں لڑکوں کی بہتر تربیت کرنی چاہیے۔ انہیں جذبات کا اظہار کرنے، دوسروں کا احترام کرنے، ذمہ داری قبول کرنے اور ضرورت پڑنے پر مدد مانگنے کی تربیت دینی چاہیے۔
آخر میں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ ایک صحت مند معاشرہ وہی ہوتا ہے جہاں مرد اور خواتین ایک دوسرے کے حریف نہیں بلکہ معاون ہوں۔ مردوں کی عزت، ان کی صحت اور ان کی خوش حالی دراصل پورے خاندان اور معاشرے کی بہتری سے جڑی ہوئی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم مردوں کی خدمات اور قربانیوں کو صرف ایک دن نہیں بلکہ زندگی کے ہر دن قدر کی نگاہ سے دیکھیں۔
(ابو الفارس محمود)
