اخبار الفضل حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا ایک بازو ہے
حضرت میر محمد اسحاق صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قلم سے
ذیل میں ہم سلسلہ احمدیہ کے جلیل القدر بزرگ حضرت سید میر محمد اسحاق صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ایک مضمون کا ایک حصہ تبرکاً شائع کرتے ہیں جو ’’الفضل‘‘ ۱۲ستمبر۱۹۳۶ء میں شائع ہوا تھا۔ اس مضمون میں حضرت میر صاحب مرحوم نے جماعت کے اہل علم اور اہل قلم اصحاب کو یہ تحریک فرمائی تھی کہ وہ’’الفضل‘‘ کی قلمی معاونت فرمائیں۔ اور اس طرح اس کے علمی اور دینی معیار کو بلند کرنے میں حصہ لیں اور جماعت کو موقع دیں کہ وہ ان کے علم و فضل سے مستفید ہو سکے۔ اس اہم تحریک کی ضرورت و افادیت آج بھی اسی طرح قائم ہے جس طرح پہلے تھی۔ ہمیں امید ہے کہ جماعت کے اہل ِقلم اور اہلِ علم اصحاب حضرت میر صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اس تحریک کو کامیاب بنانے کی کوشش فرمائیں گے۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرمایا کرتے تھے کہ’’ الحکم‘‘ اور’’بدر‘‘ ہمارے بازو ہیں۔ مگر افسوس کہ ’’بدر‘‘ فوت ہو چکا ہے۔ اور الحکم بیمار اور بوڑھا ہو گیا ہے۔ لیکن جس طرح نبی فوت ہو جائے تو اس کا خلیفہ مقرر ہوتا ہے۔ اسی طرح’’بدر‘‘ کا خلیفہ اور جانشین’’الفضل‘‘ ہے۔ پس ہمارا فرض ہے کہ بوڑھے اور بیمار الحکم کو تندرست اور جوان بنانے کی کوشش کریں ۔اور’’الفضل‘‘ کو جو ’’بدر‘‘ کا جانشین ہے وہی پوزیشن دیں جو حضورؑ نے ’’بدر‘‘ کے لیے تجویز فرمائی تھی۔ یعنی اسے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا بازو سمجھیں۔ لیکن بازو میں اگر طاقت نہ ہو تو کیسی تکلیف دہ بات ہے۔ اس لیے ہمیں یہ بھی کوشش کرنی چاہیے کہ’’الفضل‘‘ حضور کا تندرست بازو ہو اور اس بازو کی تندرستی یہ ہے کہ ہم اسے اعلیٰ سے اعلیٰ مضامین سے طاقتور بنائیں اور وہ واقعہ میں ایسا ہو جائے کہ صحیح معنوں میں حضور کا بازو کہلا سکے ۔اور ایسی اعلیٰ پوزیشن حاصل کر لے کہ اسے حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کا بازو کہتے ہوئے ہم شرم محسوس نہ کریں۔
پس ہم سب کو جو احمدی کہلاتے ہیں اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے زور بازو کی کمائی ہیں اپنے محسن کی طاقت برقرار رکھنے کی پوری کوشش کرنی چاہیے۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم’’الفضل‘‘ کو محض ایک اخبار اور کاغذات کا مجموعہ نہ سمجھیں۔ بلکہ ہم اپنے تصور میں اسے سچ مچ حضورؑ کا گوشت پوست والا بازو متصور کریں اور پھر خیال کریں کہ اگر قادیان سے آواز آئے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بازو کی طاقت کم ہو رہی ہے اور ڈاکٹروں کی رائے ہے کہ اس میں تندرست انسانی خون داخل کرنے کی ضرورت ہے اس لیے ہر احمدی اس کے لیے تیار رہے ۔پھر خود ہی تصور کرو تو تمہیں چین سے لنڈن اور لنڈن سے امریکہ تک کے احمدی بے انتہا شوق اور جوش سے دیوانہ وار آگے بڑھتے ہوئے اور یہ کہتے ہوئے نظر آئیں گے۔ کہ خدا کے لیے ہماری حبل الورید کھول کر ہمارے خون کا آخری قطرہ تک حضور کے بازو میں داخل کر دو اور جلدی کرو۔ کہ کسی طرح وہ زندہ اور ہم مردہ۔ وہ موجود اور ہم معدوم ہو جائیں۔ اس تصور کے لیے ایک میدان فرض کرو۔ اور پھر لاکھوں احمدیوں کا ایک جم غفیر قائم کرو۔ اور پھر ان کے ایک دوسرے سے بڑھنے کا نظارہ آنکھوں کے سامنے لاؤ ۔پھر ان کے رونے اور چلاّنے کی آوازیں اپنے کانوں سے سنو۔ اور پھر دیکھو کہ ایک بیٹا اپنے باپ کو پیچھے ہٹا کر کہتا ہے۔ کہ ابّا خدا کے لیے یہ سعادت مجھے حاصل کرنے دو ۔کہ میں اپنا خون حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بازو کو دے کر اپنے اور اپنے تمام خاندان کے لیے باعث صد فخر اور اپنی اور اپنی سات پشتوں کے لیے موجب صدمغفرت بنوں مگر باپ رو کر کہتا ہے کہ بیٹا تو میرا لخت جگر اورنور چشم ہے۔ مجھ بابر کا تو ہمایوں ہے ۔میں سب کچھ تجھ پر نثار کرنے کے لیے تیار ہوں۔ مگر بیٹا اس عادت میں ایثار کی گنجائش نہیں یہاں تو مجھے ہی تو آگے جانے دے اور دیکھ بیٹا مجھے پیچھے دھکیل کر تو آگے نہ بڑھ دیکھ میں بوڑھا ہوں مجھے کب ایسے سعادت اندوز موقعے مل سکتے ہیں۔ تو جوان ہے بہت ممکن ہے کہ اسلام کی کسی اور خدمت کا تجھے موقع میسر آجائے۔ پھر تم دیکھو گے کہ وہ محذرات جن کے سایہ پر بھی غیر محرموں کی نظر نہیں پڑی منہ کھولے سر کے بال بکھیرے حشر کے میدان سے بھی زیادہ گھبراہٹ سے دیوانہ وار دوڑتی ہوئی آگے بڑھ کر رو رو کر اور خدا کا واسطہ دے دے کر کہہ رہی ہیں کہ مردو کہ تم تو ہمیشہ خدمتیں اور قربانیاں کرتے ہی ہو اس خدمت کا تو خدا کے لیے ہمیں ہی موقعہ دو۔ اور ہمارے خون سے ہمارے مسیح ہاں ہمارے منجی مسیح کے بازو کی طاقت کو قائم ہونے دو۔

کیسا شاندار نظارہ اور سبحان اللہ عشق کا کتنا عالی شان مظاہرہ ہے۔ مگر کیا اس نظارہ اور اس مظاہرہ پر ہم مطمئن ہوسکتے ہیں ۔جبکہ گوشت اور پوست کے لیے تو ہم سب کچھ نثار کر دیں۔ مگر آپ کے منصب مسیحیت کا بازو ہاں آپ کی مہدویت اور نبوت کا بازو کمزور کیا خشک بھی ہونے لگے۔ تو ہم ٹس سے مس نہ ہوں ۔کیا ہم جسم کو پال کر اور روح کو پامال کر کے اَفَتُؤۡمِنُوۡنَ بِبَعۡضِ الۡکِتٰبِ وَتَکۡفُرُوۡنَ بِبَعۡضٍکا مصداق نہ بن جائیں گے۔ افسوس ہے کہ میں مدت سے دیکھتا ہوں کہ’’الفضل‘‘ کے دن رات کام کرنے والے عملہ کے سوا بااستثنایک دو بزرگوں کے عموماً غیر معروف اصحاب ہی’’الفضل‘‘ میں مضامین لکھتے ہیں ۔مگر وہ لوگ جو سلسلہ کی روح رواں ہیں اور جو اپنے تقویٰ، اپنے علم ،اپنی وجاہت ،اپنے تمدن، اپنے تمول ،اپنے عہدہ ،اپنے خطاب، اپنے منصبِ جلیلہ، اپنے پیشہ کے کمال کی رو سےخدا تعالیٰ اور دنیا دونوں کی نظر میں ممتاز ہیں۔ ان میں سے شاذ و نادر وان درکالعدوم ہی کسی نے’’الفضل‘‘ کے لیے کبھی قدم اٹھایا ہو تو اٹھایا ہو۔ شاید وہ چاہتے ہیں کہ’’الفضل‘‘ کے لیے مضمون نہ لکھنے کے وصف میں بھی وہ اوروں سے ممتاز ہیں۔ رہا’’الفضل‘‘ کا عملہ سو میری رائے میں اسے تو’’الفضل‘‘ کے لیے آمدہ مضامین کی ترتیب دینے لوگوں سے مضمون حاصل کرنے اور اخبار کو اعلیٰ سے اعلیٰ دیدہ زیب بنانے کے لیے ہی وقف کر دینا چاہیے۔ کہ اسی کو مصروف و منہمک رکھنے کے لیے یہی کام کافی سے زیادہ ہے لیکن مضمونوں کے لکھنے کا بار بھی عملہ پر ہو تو دو یا تین شخص کس طرح نیا سے نیا رنگ پیدا کر سکتے ہیں۔ پس میں اس مضمون کے ذریعہ تمام ان احمدی دوستوں سے جنہیں خدا تعالیٰ نے کسی نہ کسی رنگ میں دوسروں پر فوقیت و برتری دی ہے عرض کرتا ہوں کہ وہ اپنی سابقہ کوتاہیوں کی تلافی فرمائیں ۔بات کچھ بھی نہیں صرف توجہ اور چند منٹوں کی فرصت نکالنے کی ضرورت ہے۔ میں پوچھتا ہوں کہ کیا اخبار’’الفضل‘‘ کو اس امر کی ضرورت نہیں کہ سر محمدظفراللہ خاں اپنی غیر معمولی قابلیت اپنے وسیع اور متعدد سفروں کے تجارب، اپنی عام واقفیت اور اپنے عالمانہ دماغ سے جہاں ملک وملت کی تائید میں روز و شب زبردست سے زبردست تقریر یں کرتے ہیں وہاں’’الفضل‘‘ کے صفحات قرطاس پر دین کی تائید میں بھی کبھی کبھی کچھ لکھ دیا کریں یا کیا شیخ بشیر احمد اور سلسلہ کے دوسرے بیسیوں وکلاء کا فرض نہیں ہے کہ وہ اسلامی تعزیرات، اسلامی ورثہ اور اسلامی قوانین، مالی و دیوانی کی برتری، دنیا کے تمام دوسرے قانونوں پر ثابت کرنے کے لیے اپنے قلم کو جنبش دیں۔ یا کیا’’الفضل‘‘ اس امر کا خواہشمند نہیں کہ قاضی محمد اسلم ایم۔ اے جو کیمبرج سے فلسفہ کا دریا پی کر آئے ہیں اپنے علم کی کوئی چھینٹ’’الفضل‘‘ کے صفحات پر بھی ڈالیں ۔اور اس طرح اسلام و احمدیت کے فلسفہ کو یونان کے پرانے اور جرمن و انگلستان کے نئے فلسفہ پر فائق ثابت کریں۔ یا کیا’’الفضل‘‘ کو اس بات کا بجا شکوہ نہیں ہو سکتا کہ سید محمد اسحاق دن بھر فضولیات میں لگا رہتا ہے۔ مگر اسے یہ توفیق نہیں ملتی کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بازو کی تقویت کے لیے قلم ہاتھ میں پکڑنے کی تکلیف بھی گوارا کرے۔ حالانکہ وہ اچھی طرح جانتا ہے کہ اس کا گوشت اور پوست روح اور جسم دل اور دماغ یعنی اس کا سب کچھ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے احسانوں کے نیچے دبا ہوا ہے۔ کیونکہ اگر خدا تعالیٰ کا فضل حضور کی دعاؤں کے ذریعہ ظاہر نہ ہوتا اور اِنِّیْ اُحَافِظُ کُلَّ مَنْ فِی الدَّار کےموعود الدّار میں اس کی رہائش نہ ہوتی۔ تو آج سے ۳۰ سال قبل وہ طاعون سے ہلاک ہو چکا ہوتا اور آج اس کی قبر کو بھی کوئی نہ جانتا اور وہ پوری طرح
میں تو مر کر خاک ہوتا گر نہ ہوتا تیرا لطف
پھر خدا جانے کہاں یہ پھینک دی جاتی غبار
کا مصداق ہوتا۔
پس ایسے احسان فراموش سے’’الفضل‘‘ کو شکوہ نہ ہو تو اور کس سے ہو ۔پھر کیا’’الفضل‘‘ اس امر کا متمنی نہیں کہ احمدی اطباء اور ڈاکٹر اپنے علم سے اس کے صفات کو دلچسپ بنا کر اسے لوگوں کے لیے باعث صدکشش کر دیں۔ اور ڈاکٹر شاہنواز کے طریق تحقیق کو قدرے اختصار سے اختیار کرکےعلم طب کی رو سے اسلام کی برتری اور فوقیت اور حقانیت دوسرے مذاہب پر ثابت کرنے کی کوشش کریں ۔یا کیا ہمارے قابل ڈاکٹر اور لائق حکیم نہایت نافع اور مجرب نسخے سادہ اور سہل طریقے علاج اور مفید طبی مشورے دے کر ہمارے جسموں کو اگر درست رکھنے کی کوشش کریں تو یہ غیر مناسب ہوگا؟ …یا کیا’’الفضل‘‘ اعلان کر چکا ہے کہ وہ کسی احمدی تاجر کے تجربات یا کسی احمدی صناع کے مفید مشورے چھاپنے سے معذور ہے؟ یا کیا سیاست سے واقف احمدی اہل قلم مولوی محمدالدین اور ملک غلام فریداس امر سے شرماتے ہیں کہ کہیں ان کے مضمون پڑھ کر’’الفضل‘‘ کے ناظرین سیاسیات سے آگاہ نہ ہو جائیں یا کیا جماعت کے اہل تقویٰ اور اہل درع جماعت کی اصلاح سے مایوس ہو چکے ہیں کہ وہ’’الفضل‘‘ کے ذریعے نہ امر بالمعروف کرتے ہیں اور نہ نہی عن المنکر یا کیا ہمارے بیسیوں مبلغ جن سے نظارت دعوت و تبلیغ کے بجٹ کے صفحات مزین ہو رہے ہیں مضمون نہ لکھنے کا روزہ رکھ کر خدا سے عہد کر چکے ہیں کہ الٰہی ہماری پچھلی بھول چوک معاف فرما آئندہ توبہ ہے جو قلم ہاتھ میں لیں یا کیا ہمارے شاعر شعر کہنے سے تائب ہو چکے ہیں کہ مہینوں گزر جاتے ہیں مگر’’الفضل‘‘ کے صفحات کلام سوز دل سے مرصع نظر نہیں آتے کیا ان کے لیے در ثمین مشعل راہ کا کام نہیں دیتی۔
غرض کس قدر افسوس کا مقام ہے کہ ہمارے اہل وجاہت اہل تقوی، اہل سیاست ،اہل حکومت، اہل مرتبہ، اہل دین، اہل مال، اہل حکمت، اہل شعر، اہل علم، حضرات’’الفضل‘‘ کے کالموں میں کچھ نہیں لکھتے۔ پس میں جو ان سب مذکورہ بالا اہلیتوں سے نا اہل ہوں ان سب اہلیت والوں کی خدمت میں بڑے ادب سے عرض کرتا ہوں کہ وہ اپنی توجہ اس طرف منعطف فرمائیں اور میٹھی زبان شیریں الفاظ سادہ عبارت میں ہر شخص کی سمجھ میں آجانے والے مختصر نوٹوں اور مضمونوں کے ذریعہ اپنے تجارب، اپنے علوم، اپنے معارف اپنے شعر، اپنے نقطے اپنی تفسیریں ،اپنی تشریحیں، اپنی کہاوتیں، اپنی حکایتیں، اپنے موتی ،اپنے لعل اور اپنے جواہرات’’الفضل‘‘ کے صفحات پر بکھیر دیں ۔اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے اس بازو کو ایسا تندرست اور قوی اور اتنا مضبوط کر دیں کہ اس کا ایک ایک نمبر اکیلا ہی دنیا کو فتح کرنے والا ہو۔ …
اس لیے اے احمدی عالمو! ادیبو، مصنفو، سیاست دانوں، وجاہت والو، عہدہ دارو، منصب جلیلہ پر فائز ہونے والو اور اے وکیلو ڈاکٹرو، تاجرو، پیشہ ورو، صناعواور موجدو یعنی مختلف کاموں کے اہلو اور ہاں میری طرح بعض نا اہلو:
الفضل کو حضرت مسیح موعودؑ کا بازو سمجھ کر اسے مضبوط کرو اور اگر وہ کمزور ہونے لگے تو اپنے خون سے اسے قوی اور طاقتور بناؤ نیزاسے حضرت مسیح موعودؑ کالہلہاتا چمن اور سر سبز باغ تصور کر کے اپنی قلموں کے پانی سے اس کی آبپاشی کرو کہ یہی مسیح موعودؑ کی دینی لڑائی اور یہی مسیح موعودؑ کی شیطان سے آخری جنگ اور یہی اس کا جہاد ہے اور اسی کا نقشہ حضرت مسیح موعودؑ نے یوں کھینچا ہے۔
سیف کا کام قلم سے ہے دکھایا ہم نے
(روزنامہ ’’الفضل‘‘ ۱۲؍ستمبر۱۹۳۶ء)
مزید پڑھیں: پُرامن معاشرےکوآلودہ کرنےوالی برائیاں :بد ظنی اورتجسس



