حضور انور کے ساتھ ملاقات

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ مجلس انصار الله امریکہ کے نیو انگلینڈ ریجن کے ایک وفد کی ملاقات

یہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ انہیں اپنا نمونہ پیش کرنا چاہیے اور اپنے بچوں کی نگرانی کرنی چاہیے کہ وہ کس طرح کے پروگرام دیکھ رہے ہیں۔ اس طرح آپ ان کو محفوظ رکھ سکتے ہیں ورنہ مساجد یا مشن ہاؤس میں ہر مہینے یا دو مہینے بعد کلاسیں منعقد کر لینا کافی نہیں ہے۔ پس سب سے پہلے اپنے بڑوں یعنی والدین کی تربیت کریں۔ نئی نسل کے والدین، ماں اور باپ کی تربیت کرنا ضروری ہے

مورخہ ۱۵؍ نومبر ۲۰۲۶ء، بروز اتوار، امام جماعتِ احمدیہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ مجلس انصار الله امریکہ کے نیو انگلینڈ ریجن کے تئیس (۲۳) رکنی وفد کو بالمشافہ شرفِ ملاقات حاصل ہوا۔ یہ بابرکت ملاقات اسلام آباد (ٹِلفورڈ) میں منعقد ہوئی۔ مذکورہ وفد نے خصوصی طور پر اس ملاقات میں شرکت کی غرض سے امریکہ سے اسلام آباد (ٹِلفورڈ) کا سفر اختیار کیا۔

[قارئین کی معلومات کے لیے عرض ہے کہ نیو انگلینڈ (New England) امریکہ کے شمال مشرق میں واقع ایک تاریخی اور معاشی اہمیت کا حامل خطہ ہے، جو چھ ریاستوں: میساچوسٹس (Massachusetts)، مین (Maine)، نیو ہیمپشائر (New Hampshire)، ورمانٹ (Vermont)، کنیٹیکٹ (Connecticut) اور رہوڈ آئی لینڈ (Rhode Island) پر مشتمل ہے۔ اس کا معروف شہر بوسٹن تعلیم، تحقیق، تجارت اور ٹیکنالوجی کا اہم مرکز ہے۔ ہارورڈ اور MIT جیسی عالمی شہرت یافتہ جامعات بھی اسی خطے میں واقع ہیں۔ نیو انگلینڈ امریکی تاریخ، مضبوط معیشت اور قدرتی حسن کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتا ہے۔ ]

ملاقات کے آغاز میں تمام شاملین مجلسِ کو حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں فرداً فرداً اپنا تعارف پیش کرنے کا موقع بھی ملا۔

دورانِ تعارف ایک گھانین نژاد شریکِ مجلس سے گفتگو کرتے ہوئے حضورِ انور نے انہیں نہایت شفقت اور اپنائیت سے فرمایا کہ آپ بڑے جانے پہچانے لگ رہے ہیں۔

انہوں نے عرض کیا کہ وہ کماسی (Kumasi) کے مشن ہاؤس میں رہا کرتے تھے اور تقریباً بتیس (۳۲) سال قبل یہاں منتقل ہوئے تھے۔ یہ سُن کر حضورِ انور نے ازراہِ شفقت فرمایا کہ اچھا! جب مَیں وہاں تھا ، تو آپ کافی جوان تھے، لیکن مجھے آپ میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آ رہی۔ اُس وقت سے لے کر اب تک آپ ویسے ہی دکھائی دیتے ہیں۔

بعد ازاں حضورِ انور نے دریافت فرمایا کہ آپ یہاں کیا کرتے ہیں؟ انہوں نے عرض کیا کہ وہ گھانا سے یام (Yam) درآمد کرکے امریکہ میں فروخت کرتے ہیں۔ اس پر حضورِ انور نے دریافت فرمایا کہ کیا یہ افریقی برادری کے لیے ہے؟ اثبات میں جواب ملنے پر مزید دریافت فرمایا کہ فوفو بنانے کے لیے؟اس پر انہوں نے وضاحت کی کہ عموماً اس یام(شکرقندی) سے فوفو نہیں بنایا جاتا بلکہ اسے تیل میں تَل کر استعمال کیا جاتا ہے۔

[قارئین کی معلومات کے لیے عرض ہے کہ کساوا (Cassava) ایک نشاستہ دار جڑ والی فصل ہے، جو افریقہ، ایشیا اور جنوبی امریکہ میں بطور غذا استعمال ہوتی ہے۔ اسے اُبال کر، بھون کر یا اس کا آٹا بنا کر کھایا جاتا ہے۔ کچے یا غیرمناسب طریقے سے تیار کیے گئے کساوا میں قدرتی زہریلے مرکبات موجود ہو سکتے ہیں، اس لیے اسے مناسب طریقے سے تیار کرنا ضروری ہے۔ جبکہ فوفو (Fufu) مغربی اور وسطی افریقہ کی ایک روایتی غذا ہے، جو عموماً کساوا، یام یا دیگر نشاستہ دار اجزا کو اُبال کر اور کوٹ کر نرم اور لچک دار پیڑے کی شکل میں تیار کی جاتی ہے۔ اسے عموماً سوپ اور سالن کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔]

کاروبار کی مزید تفصیلات کی بابت استفسارکرتے ہوئے حضورِ انور نے دریافت فرمایا کہ آپ سال میں کتنی مرتبہ درآمد کرتے ہیں؟ انہوں نے عرض کیا کہ ہر تین ماہ بعد درآمد کرتے ہیں۔ اس پر حضورِ انور نے دریافت فرمایا کہ کیا سمندری جہاز کے ذریعے مال منگواتے ہیں؟ انہوں نے وضاحت کی کہ پُورا جہاز نہیں بلکہ ایک کنٹینر منگوایا جاتا ہے۔ حضورِ انور نے مزید دریافت فرمایا کہ یہ چالیس ٹن کا ہوتا ہے یا بیس ٹن کا؟

انہوں نے عرض کیا کہ کنٹینر تقریباً چالیس فٹ کا ہوتا ہے، تاہم انہیں اس کی درست تفصیل معلوم نہیں۔ اس پر حضورِ انور نے مسکراتے ہوئے فرمایا کہ آپ کو نہیں معلوم، آپ کو صرف پیسوں سے غرض ہے۔ حضورِ انور کے اس برجستہ تبصرے پر تمام شاملینِ مجلس بھی مسکرا دیے۔

بعدازاں شاملینِ مجلس کو حضور انور کی خدمت میں متفرق سوالات پیش کرنے نیز ان کے جوابات کی روشنی میں حضورِانور کی زبانِ مبارک سے نہایت پُرمعارف، بصیرت افروز اور قیمتی نصائح پر مشتمل راہنمائی حاصل کرنے کی سعادت بھی نصیب ہوئی۔

ایک شریکِ مجلس نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں ایک تربیتی مسئلے کے حوالے سے راہنمائی کی درخواست پیش کرتے ہوئے عرض کیا کہ ایک فعّال اور دین پر عمل کرنے والا احمدی اپنے قریبی خاندان کے ساتھ تعلقات میں کس طرح توازن قائم رکھ سکتا ہے، جبکہ خاندان کے بعض افراد خود کو احمدی کہنے کے باوجود غیر اسلامی طرزِ عمل اختیار کیے ہوئے ہیں اور ان کے چھوٹے بچے بھی ان طور طریقوں سے متاثر ہو رہے ہیں؟

اس پر حضورِ انور نے بچوں کی دینی تربیت میں والدین کے عملی نمونے اور نماز کی پابندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ یہ ان کے والدین کی ذمہ داری ہے۔یعنی ان کے والدین کو بھی عملی طور پر اچھے احمدی بننے کی کوشش کرنی چاہیے اور ان کے سامنے اپنا عملی نمونہ پیش کرنا چاہیے۔ پہلی بات تو یہ ہے۔ پھر انہیں بتائیں کہ اسلام کی کیا تعلیمات ہیں۔ ہمارا رویّہ کیسا ہونا چاہیے۔ہماری کیا ذمہ داریاں ہیں۔ ان کے سامنے اپنی پنج وقتہ نمازیں ادا کریں اور انہیں باقاعدگی سے نماز ادا کرنے کی تلقین کرتے رہیں۔ اگر والدین ان کے سامنے اپنا اچھا نمونہ پیش کر رہے ہیں تو ظاہر ہے کہ وہ اپنے والدین کے نقشِ قدم پر چلیں گے۔

پھر حضورِ انور نے والدین کے قول و فعل میں یکسانیت اور بچوں کی دینی تربیت پر اس کے اثرات کو واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ جب تک آپ خود عملی رنگ میں ایک اچھے احمدی نہیں بنتے تب تک یہ بیرونی اثرات مؤثر نہیں ہو سکتے۔ آپ کی تعلیم کلاسیں، جماعتی سرگرمیاں اور جماعت کے زیرِ اہتمام ہونے والی کلاسیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں کیوں کہ جب وہ یہ دیکھیں گے کہ جماعتی تقریبات میں، مساجد اور کلاسوں میں انہیں کچھ اَور سکھایا جاتا ہے جبکہ ان کے والدین کا طرزِ عمل اس تعلیم کے بالکل برعکس ہے۔پھر وہ اچھے احمدی کیسے بن سکتے ہیں؟ لہٰذا بنیادی بات یہ ہے کہ سب سے پہلے والدین کو اس بات کا احساس دلایا جائے کہ یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کے سامنے اپنے عمل سے اچھی مثال قائم کریں اور یوں آپ واقعی ان کے سامنے ایک اچھی مثال قائم کر سکتے ہیں اور اس کے نتیجے میں انہیں یہ بھی معلوم ہو جائے گا کہ دین کیا ہے اور ہمیں کیسا رویّہ اختیار کرنا چاہیے اور اپنے دین کا احترام کیسے کرنا چاہیے اور خود کو بیرونی اثرات سے کس طرح محفوظ رکھنا چاہیے۔

جواب کے آخر میں حضورِ انور نے موجودہ ڈیجیٹل دَور میں بچوں کو نامناسب مواد کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ان کی نگرانی اور والدین کی تربیت کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ آجکل بچوں کے ہاتھوں میں موبائل فون یا ٹیبلٹ موجود ہیںجس کے ذریعہ وہ گھر بیٹھے ہی باہر جائے بغیر بہ آسانی ہر طرح کے نامناسب مواد تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ لہٰذا یہ والدین کی ذمہ داری ہے جیسا کہ مَیں بیان کر چکا ہوں کہ انہیں اپنا نمونہ پیش کرنا چاہیے اور اپنے بچوں کی نگرانی کرنی چاہیے کہ وہ کس طرح کے پروگرام دیکھ رہے ہیں۔ اس طرح آپ ان کو محفوظ رکھ سکتے ہیں ورنہ مساجد یا مشن ہاؤس میں ہر مہینے یا دو مہینے بعد کلاسیں منعقد کر لینا کافی نہیں ہے۔ پس سب سے پہلے اپنے بڑوں یعنی والدین کی تربیت کریں۔ نئی نسل کے والدین، ماں اور باپ کی تربیت کرنا ضروری ہے۔

ایک ناصر نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں راہنمائی کی درخواست کرتے ہوئے عرض کیا کہ آج کل مالی مدد کے لیے بہت سی درخواستیں موصول ہوتی ہیں، خصوصاً پاکستان سے جن میں سے بہت سی درخواستیں حقیقی ضرورت مند افراد کی ہوتی ہیں۔ ہمارے لیے ہر ایک کی مدد کرنا ممکن نہیں، لیکن جب کسی کی مدد سے معذرت کرنا پڑتی ہے تو دل میں احساسِ ندامت پیدا ہوتا ہے۔ ایسی صورتِ حال میں اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے اور اپنے محدود وسائل کے درمیان کس طرح توازن قائم رکھا جا سکتا ہے؟

اس پر حضورِ انور نے مالی مدد کے لیے درخواست کرنے والوں کے بارے میں دریافت فرمایا کہ پہلی بات تو یہ ہے کہ یہ مالی مدد کی درخواستیں جو آتی ہیں، وہ احمدیوں کی طرف سے آتی ہیں یا غیر احمدیوں کی طرف سے؟

جس پر سائل نے عرض کیا کہ ان میں بعض غیر احمدی جاننے والے بھی ہیں اور بعض احمدی بھی۔

اس وضاحت پر حضورِ انور نے جماعتی نظام کے تحت مالی مدد کی درخواستوں اور ذاتی تعلقات کی بنیاد پر مدد کرنے کے معاملے میں فرق واضح کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ جماعتِ احمدیہ میں تو یہ سسٹم نہیں ہے۔جماعت میں تو جس نے مدد لینی ہے، وہ وہاں مرکز کو لکھتا ہے یا یہاں مجھے لکھتا ہے۔ جو آپ کو directly لکھتا ہے وہ آپ کا ذاتی تعلق والا ہے تو یہ نہ کہیں کہ درخواست موصول ہے۔ آپ یہ کہیں کہ میرے جاننے والے ضرورت مند ہیں، وہ مجھے لکھتے ہیں۔ کوئی آپ سے درخواست نہیں کرتا۔ وہ مجھے لکھتے ہیں کہ ہمارے یہ حالات ہیں، تو مَیں اپنے personallyتعلقات کی وجہ سے ان کی مدد کرنا چاہتا ہوں۔

پھر حضورِانور نے زکوٰۃ کی ادائیگی، مستحقین کی مالی معاونت کے لیے مرکز سے رجوع کرنے اور قریبی رشتہ داروں کی مدد کی ذمہ داری کے حوالے سے توجہ دلائی کہ بہت سارے لوگ ہیں جن پر زکوٰۃ واجب ہے، وہ اپنی زکوٰۃ کی رقم مجھ سے پوچھ کے اپنے رشتہ داروں کو دے دیتے ہیں، اپنے قریبیوں کو دے دیتے ہیں یا جن کے پاس اپنے وسائل ہیں، وہ مدد کر دیتے ہیں۔ باقی اگر آپ کے پاس نہیں ہے اور وہgenuineکیس ہے تو آپ مجھے لکھ کے دے سکتے ہیں کہ یہ اس طرح میرا جاننے والا ہے، یہ ضرورت مند ہے، بھوکا مر رہا ہے، اس کی مدد کی جائے۔ تو وہاں پاکستان میں ان کے بجٹ میں جتنی گنجائش ہے، وہ دے دیتے ہیں، نہیں تو ہم یہاں سے بھجوا دیتے ہیں۔ تو آپ کا تو یہ کام ہی نہیں۔ صرف آپ کے ذاتی تعلقات والے ہیں، ان کی ذمہ داری نبھانا آپ کا فرض ہے، وہ آپ کو نبھانی چاہیے۔ جس طرح قرآن اور حدیث بھی یہی کہتا ہے کہ اپنے عزیزوں، قریبیوں اور رشتہ داروں کا خیال رکھو۔تو اس پر آپ جتنا کر سکتے ہیںعمل کریں۔

جواب کے آخر میں حضورِانور انور نے غیر واقف افراد کی جانب سے مالی مدد کی درخواستوں اور اس سلسلے میں اختیار کیے جانے والے طریقِ کار کی وضاحت کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ ہو سکتا ہے کہ آپ کے رشتہ داروں سے سُن گُن لے کے دوسرے بھی بعض کہتے ہوں گے کہ ہاں جی مسعود صاحب جو ہیں انہوں نے تمہاری مدد کی تھی تو ہماری مدد بھی کردیں گے۔ غیر احمدی جو نہیں واقف وہ بھی آپ کو لکھ دیتے ہیں۔ تو ان کے لیے پھر کیا طریقۂ  کار اختیار کرنا ہے وہ ہم سے پوچھ لیں۔ اگر آپ دے سکتے ہیں تو ذاتی طور پردے دیں، نہیں تو آپ کی کوئی ذمہ داری نہیں۔ آپ کی ذمہ داری صرف آپ کے اپنے قریبیوں کی ہے۔

[قارئین کی معلومات کے لیے عرض ہے کہ سُن گُن لینا، ایک محاورہ ہے جس سے مراد کسی معاملے کی بھنک یا سراغ لینا، اس کے بارے میں ابتدائی معلومات حاصل کرنا یا حالات و واقعات کی ٹوہ لگانا ہے۔ یعنی کسی معاملے کی مکمل تفصیلات جاننے سے پہلے اس کے متعلق کچھ خبر حاصل کرنا اور صورتِ حال کا اندازہ لگانا۔]

حاضرینِ مجلس میں ایک ممبر نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں مسجد کی تعمیر کے حوالے سے راہنمائی کی درخواست پیش کرتے ہوئے عرض کیا کہ ایک خاص مقصد کے تحت تعمیر کی جانے والی مسجد کے ڈیزائن میں کن اُمور کو مدِّنظر رکھنا چاہیے؟

اس پر حضورِ انور نے مسجد کے بیرونی ڈیزائن میں اسلامی طرزِ تعمیر اور مقامی ماحول کے امتزاج کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ بس ایسا ڈیزائن ہونا چاہیے کہ جس میں اسلامک آرکیٹکچر بھی ہو اور اس میں ویسٹرن blendبھی آ جائے تاکہ وہاں آپ کو اوپرا نہ لگے۔ oddنہ محسوس ہو۔ اصل میں تو آپ نے تبلیغ کرنی ہے۔تو جب تک آپ ان کو اسلامک آرکیٹکچر کا ڈیزائن نہیں دیں گےتو اس وقت تک لوگوں کے لیے attractionنہیں ہوگی۔ لیکن بعض دفعہ اس وجہ سے مخالفین مخالفت بھی کر سکتے ہیں، تو وہاں کی جو لوکل کونسل ہے، جس نے آپ کا ڈیزائنapproveکرنا ہے، تو اس کو دیکھ لیںکہ جو بھی آپ ڈیزائن کریں وہ ایسا ہو کہ جو ان کو قابلِ قبول ہو۔تو کوئی بھی ہو سکتا ہے۔

حضورِ انور نے مسجد کی تعمیر کے حقیقی مقصد، اس میں عبادت کرنے والوں کی سہولت اور دعا کے ذریعے اسے تبلیغ کا مؤثر ذریعہ بنانے کی اہمیت واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ اصل مقصد تو یہ ہے کہ مسجد کو ایسا بنائیں کہ ایک تو لوگوں کیattractionہو۔ دوسرے یہ کہ اس کے اندر آپ کے نمازیوں کے لیے ، عورتوں کے لیے بھی اور مردوں کے لیے بھی نماز پڑھنے کی اچھی جگہ ہو ۔ اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی ایک اس بات کو بھی یاد رکھیںکہ جہاں تم نے تبلیغ کرنی ہے، اسلام کے نام کو پھیلانا ہے، وہاں مسجد بنا دو تو لوگوں کو خود توجہ پیدا ہوگی۔ تو جب آپ مسجد بنائیں گےتو لوگوں کی توجہ پیدا ہوگی۔ لیکن صرف بلڈنگ کھڑی کر دینے سے توجہ پیدا نہیں ہوتی جب تک کہ اس میں آنے والے نمازی دعا بھی کریں کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو تبلیغ کا ذریعہ بھی بنا دے۔ تو صرف ڈیزائن کرنے سے کیا ہوتا ہے، ڈیزائن بناکے مسلمانوں نے بے شمار مسجدیں بنائی ہوئی ہیں۔سوائے شرارتوں کے تو کچھ بھی نہیں ہو رہا۔ تبھی تو اقبالؔ نے ایسی مسجدیں دیکھ کے کہا تھا؂

مسجد تو بنا دی شب بھر میں ایماں کی حرارت والوں نے

مَن اپنا پُرانا پاپی ہے، برسوں میں نمازی بن نہ سکا

حضورِ انور نے مسجد کے اندرونی انتظامات، مردوں اور خواتین کے لیے مناسب جگہ، نیز بچوں کی نگہداشت اور خواتین کی ضروریات کے لیے سہولتوں کی فراہمی کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ اصل نمازی بنائیں۔architectural ڈیزائن جو بھی کرنا ہے کریں۔ آپ کو اس کیapprovalمل جائے گی تو اس کی تو آپ کو کوئی فکر نہیں۔لیکن یہ خیال رکھیں کہ عورتوں مردوں کے لیے اچھی جگہ بھی ہو۔ عورتیں عام طور پر شکوہ کرتی ہیں کہ ہمیں تھوڑی جگہ دیتے ہیں اور ہماری ضروریات زیادہ ہوتی ہیں۔ پھر بچوں کو رکھنے کے لیے کریچ (Crèche) بنانا چاہیے۔ وہ بھی ایک علیحدہ جگہ ہونی چاہیے۔ پھر ایسی کوئی چھوٹی سی جگہ اس میں ہونی چاہیے جہاں بعض دفعہ بعض عورتوں کے لیے بعض دنوں میں مسجد کے مین ہال میں آنا مشکل ہوتا ہے تو وہ بیٹھ سکیں۔ کیونکہ پروگرام ایسے ہوتے ہیں۔ تو یہ ساری چیزیں considerکرنی چاہئیں۔

[قارئین کی معلومات کے لیے عرض ہے کہ کریچ (Crèche) فرانسیسی زبان سے ماخوذ انگریزی لفظ ہے، جس سے مراد چھوٹے بچوں کی نگہداشت کا مرکز یا نرسری ہے۔ یہ لفظ بالخصوص برطانوی انگریزی میں مستعمل ہے۔]

ایک ناصر نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں عرض کیا کہ افریقہ بالخصوص گیمبیا میں ایک کامیاب کاروبار شروع کرنے کے لیے کن عوامل کو مدِّنظر رکھنا چاہیے۔ ایسا کاروبار کہ جو نہ صرف تاجروں کے لیے فائدہ مند ہو بلکہ سب سے بڑھ کر افریقی عوام کے لیے بھی مفید ہو اور ان کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو۔

اس پر حضورِ انور نے اس ناصر سے اس کے مقصدِ کاروبار کی بابت استفسار فرمایا کہ آپ بزنس کریں گےتو خدمتِ خلق کے لیے کرنا ہے یا اپنا فائدہ بھی دیکھنا ہے؟

سائل کی جانب سے دونوں پہلو پیشِ نظر رکھنے کی عرض پر حضورِ انور نے عملی جائزے، موقع پر جا کر تحقیق اور کاروباری مراحل کی وضاحت کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ تو پھر پہلے وہاں جائیں۔ ہر بزنس شروع کرنے کے لیے دنیا کا جو قانون ہے، اصول ہے، وہ یہی ہے کہ بزنس مین گھر بیٹھے پلاننگ نہیں کر لیتا ۔ یا اپنا نمائندہ بھیجتا ہے یا خود اس جگہ پر جاتا ہے، اس جگہ پر دیکھتا ہے کہ کیا کیا prospectsہیں، ان کیfeasibilityکیا ہے اور اس کے مطابق ہم کس حدّ تک کام کر سکتے ہیں۔اس میں کس حدّ تک ہم لوکل لوگوں کےbenefitکے لیے کام کر سکتے ہیں۔ ہمیں اپنا کتنا فائدہ ہو سکتا ہے اور یہ کس قسم کا بزنس ہے۔کتنی دیر میں یہestablishہو جائے گا یا break-even پوائنٹ پر پہنچ جائے گا اور پھر ہمیں کچھ ملنا شروع ہوگا۔ پہلے سال تو کمائی نہیں ہوتی۔ اس لیے کوئی بھی بزنس کرنا ہو۔تو ساری چیزیں دیکھنی ہوتی ہیں اور ذہن میں یہ خیال رکھنا چاہیے۔

حضورِ انور نےسرمایہ کاری کے احتیاطی اصول، مالی گنجائش اور ہنرمند افراد کی دستیابی کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ مجھ سے جو پوچھتے ہیں مَیں ان سے کہتا ہوں کہ جتنا آپ نے انویسٹ کرنا ہے، اتنا آپ کے پاس ہاتھ میں بھی پیسہ ہونا چاہیے۔ کل کو lossہو جائے تو کم از کم کھا پی تو سکیں۔ کل کو کہہ دیں کہ مَیں افریقہ افریقنوں کی مدد کرنے کے لیے گیا تھا ، میری نیّت تو بڑی نیک تھی، اللہ میاں نے مجھے لُوٹ لیا۔ تو پھر اللہ پر شکوہ کرنے لگ جاتے ہیں۔ تو اللہ پر شکوہ کرنے کی بجائے بہتر ہے کہ جو بزنس کرنا ہے اس کو اچھی طرح دیکھیں اور پھر اس کے مطابق انویسٹ کریں۔ پھر یہ بھی دیکھ لیں کہ وہاں آپ کو ایماندار اور ٹیکنیکل بندے جو اس skillکے لوگ ہیں وہ مل سکتے ہیں کہ نہیں۔

اسی طرح حضورِ انور نے مقامی زرعی پیداوار اور خوراک کی تیاری و برآمد کے عملی مواقع بیان کرتے ہوئے راہنمائی عطا فرمائی کہ عام طور پرافریقہ میں ٹریڈنگ ہی زیادہ ہوتی ہے۔ اب یہ کساوا اور یام[شکرقندی] منگواتے ہیں۔ وہاں ایک کساوا بھی ہے۔ لوکل لوگوں کی مدد کرنے کے لیے کساوا کے پلانٹ بھی لگائے جاتے ہیں کساوا flour بنانے کے لیے۔ وہ بناتے ہیں۔ وہیں سے پھر پیکنگ کریں ۔وہ افریقن ملکوں میں ایکسپورٹ کر سکتے ہیں۔یورپ میں اور امریکہ میں جو افریقن رہتے ہیں ان کے لیےبھیج سکتے ہیں۔ تو دیکھیں کہ جو وہاں کی لوکل processed فوڈہیں ان کو کس طرح آپ بھیج سکتے ہیں اور اس سے کس طرح کمائی کر سکتے ہیں۔ یہ بھی ایک طریقہ ہو سکتا ہے۔ تو یہ توdependکرتا ہے کہ آپ نے کتنا خرچ کرنا ہے اور آپ کی کتنی برداشت ہے ۔

جواب کے آخر میں حضورِ انور نے ایک مشہور پنجابی کہاوت کی روشنی میں کاروبار کے تدریجی مراحل میں صبر و حوصلے کی تلقین کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ پنجابی میں ایک بزنس کرنے والے کو کہتے ہیں کہ پہلے سال چٹّی، دوسرے سال ہٹّی ، تے تیسرے سال کھٹی! پہلی دفعہ نقصان ہو جاتا ہے، دوسرے سال بزنسestablish ہوتا ہے اور تیسرے سال جا کے پھر کچھ کمانا شروع ہوتا ہے۔تو یہ سارا مارجن آپ کو رکھنا پڑے گا۔

ایک شریکِ مجلس نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں عرض کیا کہ انہیں اپنے خاندان کے بزرگوں سے دینی معاملات سمجھنے اور ان سے دعاؤں کی درخواست کرکے ہمیشہ بہت فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے راہنمائی کی درخواست کی کہ وہ خود کس طرح ایسے انسان بن سکتے ہیں جو جماعت، خاندان اور اپنے ارد گرد کے لوگوں کے لیے اسی طرح فائدہ مند اور فیض رساں ثابت ہوں؟

اس پر حضورِ انور نے بزرگوں سے سیکھی ہوئی دینی باتیں اور روایات اگلی نسل تک پہنچانے کی بابت توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ ایک طرف آپ کہہ رہے ہیں کہ مَیں نے اپنے بڑوں سے، اپنے بزرگوں سے سیکھا اور انہوں نے مجھے سکھایا اور ان کیtraditions اور اسلام کی تعلیم کا مجھے پتا لگا ۔تو جو آپ نے سیکھا ہے، اس کو آپ نے اچھی طرحdigestبھی کر لیا ہوگا، اب اس کو اگلی نسل کے لیے آگے باہر نکالیں ۔یہی ہوتا ہے۔ پُرانے زمانے میں بھی artisan[ہنرمند] ہوتے تھے یا کوئی بھی ہوتا تھا، کسی پروفیشن میں کوئیskillکسی کے پاس ہوتی تھی تو وہ اپنی فیملی میں اس کو جاری رکھتے تھے اور وہ چیز خاندانوں میں صدیوں سے چل رہی ہوتی تھی۔

پھر حضورِ انور نےاپنے بزرگوں کے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے ذاتی تعلق کے واقعات نئی نسل کو بتانے اور خاندانی روایات کے ساتھ دینی علم حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ اسی طرح آپ کے ہاں اگر دین آیا ہے اور آپ کے بزرگوں نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو قبول کیا ہے توحضرت مسیح موعود علیہ السلام آپ کے بزرگوں کی دکانوں پر اور گھروں میں جا کے بیٹھتے بھی رہے، چائے بھی پیتے رہے، وہاں سے بیکری کے بسکٹ بھی کھاتے رہے۔ یہی آپ نے بزرگوں سے سنا ہے ۔ تو وہ چیزیں آپ اپنی فیملی کو، اپنے بچوں کو بتائیں کہ ہم اس فیملی سے تعلق رکھنے والے ہیں اور ہمیں اس طرح اپنی tradition کو قائم رکھنا چاہیے اور اس کے لیے دین سیکھنا چاہیے، صرف traditionsقائم رہنے سے کچھ نہیں ہوتا جب تک دین نہ سیکھیں اور اللہ تعالیٰ سے اس کا فضل نہ مانگتے رہیں۔

اسی طرح جواب کے آخر میں حضورِ انور نےمحض خاندانی روایات پر انحصار کرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ کے فضل کے طلب گار رہنے کی تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر اللہ تعالیٰ سے فضل نہیں مانگیں گے تو کل کو آپ بھی lost tribes of Israel کی طرح ہو جائیں گے۔ حضرت عیسیٰؑ نئے نہیں آنے، یہی عیسیٰ ہے اسی کو ماننا پڑے گا۔

ایک ناصر نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں امریکہ میں مقیم غیر احمدی مسلمانوں بالخصوص پاکستانی مسلمانوں کے حوالے سے یہ سوال پیش کیا کہ ان کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں اور وہ جماعتِ احمدیہ کے عقیدے کے بارے میں زیادہ سوال نہیں کرتے۔ انہیں عقائد سے روشناس کرانے کی کیا حکمتِ عملی ہونی چاہیے کہ باہمی تعلقات بھی برقرار رہیں اور تبلیغ بھی مؤثر انداز میں ہوتی رہے؟

اس پر حضورِ انور نے عملی نمونے کی قوّت اور اخلاقِ فاضلہ کے ذریعے خاموش تبلیغ کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ مَیں نے پچھلے خُطبات جو دیے ہیں ، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام ، دونوں کی باتوں سے یہی مَیں نے نتیجہ نکالا اور حدیثیں بھی دیں اور اقتباس بھی پڑھے کہ اصل تبلیغ جو ہے وہ تمہارے عمل سے ہوتی ہے۔ اگر تعلقات اچھے ہیں اور وہ آپ کو اچھا مسلمان سمجھتے ہیں تو آپ سے تعلق رکھیں گے ، اور ایک وقت آئے گا کہ وہ خود سوال کریں گے کہ اچھا !احمدیت کیا چیز ہے ؟ تو اگر اچھے تعلقات رکھنے ہیں اور آپ کے اپنے عمل اچھے ہیں اور آپ کی نمازوں کی طرف پابندی ہے اور اللہ کا خوف آپ کے دل میں ہے، کوئی غلط کام آپ نہیں کر رہے، کسی سے کوئی ڈیل کر رہے ہیں تو کوئی بے ایمانی نہیں ہے، سب کچھ honestly کر رہے ہیں اور پھر دو نفل پڑھ رہے ہیں، دعا کر رہے ہیں، تو اللہ تعالیٰ نتائج پیدا کر دے گا۔

پھر اس استفسار پر کہ ان کو یہ پتا ہے کہ آپ احمدی ہیں اور ان کو یہ بھی پتا ہے کہ آپ مسیح موعود علیہ السلام کو مانتے ہیں، ناصر نے اثبات میں جواب دیا، تو حضورِ انور نے پیچھے پڑنے کی بجائے پاکیزہ نمونے کے ذریعے دل جیتنے اور وسیع پیمانے پر پیغام پہنچانے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ تو عقائد کے بارے میں تو ان کو پتا لگ گیا۔ایک لحاظ سے تبلیغ ہو گئی۔ اب پیچھے پڑیں گے تو تعلقات ختم ہو جائیں گے۔اپنا نمونہ دکھائیں تاکہ وہ آپ کے نمونے کو دیکھ کے قریب آئیں اور جب قریب آئیں گے تو خود بخود بیعتیں بھی شروع ہو جائیں گی۔ اور بریک تھرو ہوگا جب اللہ کی مرضی ہوگی۔ اس لیے آج سے بیس سال پہلے مَیں نے کہا تھا ، امریکہ والوں کو بھی کہا تھا کہ پیغام پہنچانا شروع کرو، احمدیت کا تعارف کرانا شروع کر دو، اسلام کا تعارف کرانا شروع کر و۔ اور ہر سال پانچ دس فیصد آبادی تک پیغام پہنچاؤتو ابھی تک آپ نے بیس سالوں میں دو فیصد تک بھی پیغام نہیں پہنچایا۔

دریں اثناء حضورِ انورکے استفسار پر جب عرض کیا گیا کہ امریکہ کی آبادی تقریباً تین سو پچاس ملین ہے، تو اس پر حضورِ انور نے محض چند سیاسی یا خواص کی تقریبات پر اکتفا نہ کرنے اور ہر فرد تک پیغام پہنچانے کی ضرورت بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ پینتیس کروڑ میں سے تو آپ نے ابھی ایک لاکھ کو بھی احمدیت کا پیغام نہیں پہنچایا۔ ایک سیاستدان آپ کے پاس آ جاتا ہے یا کوئی پڑھا لکھا بندہ آ کر جلسے میں ایک تقریر کر جاتا ہے تو آپ کہتے ہیں کہ واہ! واہ !کمال ہو گیا۔ دیکھو ہماراکتنا اثر قائم ہو گیا ۔ یا چار سیاستدان اکٹھے ہو گئے یا مَیں وہاں capitol hill میں گیا، ملا ، تو وہ سینیٹر اکٹھے ہو گئے یا کانگریس مین اکٹھے ہو گئے یا اَور سیاستدان ، پڑھے لکھے لوگ اکٹھے ہو گئے۔ تو کہا کہ دیکھو بڑا اعلیٰ فنکشن ہو گیا ، وہ تو سو دو سو آدمی اکٹھا ہو گیا ، تواس سے کیا ہو گیا؟ پینتیس کروڑ کی آبادی میں دو سو آدمی نے کیا کر لیا۔ ان کی بات مانتا کون ہے یا ان کو مذہب سے دلچسپی کیا ہے؟ وہ تو ہو گئے۔ ایک طبقے تک تو آپ نے پیغام پہنچا دیا ، لیکن اس کے لیے پُوری کوشش کرنی پڑے گی، ہر ایک کو کرنی پڑے گی۔ جب وہ آپ کا عملی نمونہ دیکھیں گے تو چاہے وہ مسلمان ہوں یا غیر مسلم ہوں، وہ سب آپ کی طرف آئیں گے اور وجہ پوچھیں گے۔اور جب کوئی آفت آتی ہے، جس طرح اب جنگِ عظیم کا خطرہ ہے،تو آپ لوگوں کے عمل اگراچھے ہیں تو بچ جائیں گے اور جب بچیں گے تو لوگ خود ہی توجہ پیدا کریں گے کہ اچھا بتاؤ کیا چیز تھی کہ تم نےاحمدیت کو مانا ، تم مسیح موعود علیہ السلام کو مانتے ہو، وہ کیا کہتے ہیںتو مزید باتیں کھلیں گی ۔

اسی طرح جواب کے آخر میں حضورِ انور نے حکمت کے ساتھ گفتگو میں دلچسپی پیدا کرنے اور نتائج اللہ تعالیٰ پر چھوڑتے ہوئے مستقل مزاجی سے یہ عمل جاری رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ توایسا ماحول پیدا کریں، باتوں باتوں میں ایسی کوئی بات، چٹکلہ چھوڑ دیا کہ جس سے خود ہی اگلا سوال کرے۔ بجائے اس کے کہ آپ کسی کے پیچھے پڑ کے تبلیغ کریں۔ باتوں باتوں میں کوئی ایسی بات حکمت سے کر سکتے ہیں کہ خود ہی آدمی سوال کر دے کہ اسلام کیا چیز ہے، احمدیت کیا چیز ہے، کیوں فرق ہے، کیوں احمدی اپنے آپ کو مسلمان کہتے ہیں اور بعض غیر احمدی مسلمان نہیں سمجھتے ۔ تو اس سے پھر بات سے بات نکل آتی ہے۔ باقی اللہ تعالیٰ نے جب لانا ہوگاتو لے آئے گا۔ اللہ تعالیٰ نے یہ فرمایا ہےکہ تم تبلیغ کرو۔ تمہارا کام پیغام پہنچانا ہے اور جس طرح آپ کے بقول آپ کے اپنے اپنے حلقے میں ہر جگہ پیغام پہنچ گیا ہوا ہے، جب آپ کے حلقے میں پیغام پہنچ گیا تو اس کے نتیجے کب نکلیں گے، یہ اللہ بہتر جانتا ہے۔ مستقل مزاجی سے آپ اپنے عمل سے اس کو ثابت کرتے رہیں۔

بعد ازاں اسی ناصر نے اس سلسلے میں مزید عرض کیاکہ ایک رکاوٹ یہ بھی پیش آتی ہے کہ جب بعض دوسرے بالخصوص پاکستانی مسلمان یہ دیکھتے ہیں کہ ہم ان لوگوں کے ساتھ تعلقات رکھ رہے ہیں اور باہمی روابط اچھے ہیں تو وہ اُن لوگوں کو یہ کہہ کر ہماری مخالفت اور بدگمانی پیدا کرنا شروع کر دیتے ہیں کہ تم ان لوگوں کے ساتھ کیوں تعلقات رکھ رہے ہو، جو تمہاری تکفیر کرتے ہیں اور تمہاری مساجد میں نمازیں نہیں پڑھتے؟

اس پر حضورِانور نے دوسروں کی تکفیر نہ کرنے کے جماعتی موقف اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تعلیم کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ تکفیر ہم تو نہیں کرتے۔ ہم نے تو کسی پر کفر کا فتویٰ نہیں لگایا۔ہم تو ہر ایک کو مسلمان سمجھتے ہیں۔ یہی حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے تعلیم دی ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ان سے فرمایا کہ اگر تم نہیں بھی مانتے تو یہ کہہ دو کہ ہم مرزا غلام احمد قادیانی علیہ السلام کو جھوٹا نہیں سمجھتے اور جو غلط الزامات لگاتے ہیں، وہ نہیں کہتے، حُسنِ ظنّ رکھتے ہیں تو ٹھیک ہے پھر ہم بھی تمہارے پیچھے نماز پڑھنے کا سوچیں گے۔ لیکن جب تم ہمیں گالیاں دیتے ہو یا ہمارے کسی کے باپ کو گالیاں دو اور اس کو کہو کہ تم ہمارے پیچھے نماز پڑھو تو یہ تو نہیں ہو سکتا!

حضورِ انور نے کلمہ گو کو مسلمان سمجھنے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد کی روشنی میں وسیع الظرفی کا اصول بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ کہو یہ تکفیر کا فتویٰ تو آپ لوگوں نے پہلے لگایا تھا۔ ہم نے تو باوجود آپ کے فتوے کے اب بھی نہیں لگایا۔ آپ ہمیں کافر کہتے ہیں، ہم پھر بھی کہتے ہیں کہ نہیں آپ مسلمان ہیں۔ کلمہ گو مسلمان ہیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے یہی فرمایا۔ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰهِ تو بعد کی بات ہے، لَآ اِلٰهَ اِلَّا اللّٰهُ کہنے والے کو بھی آپؐ نے فرمایا کہ وہ مسلمان ہے۔

ایک ناصر نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں یہ سوال پیش کیا کہ عہدیداران اپنی گھریلو ذمہ داریاں اَحسن رنگ میں کیسے ادا کر سکتے ہیں اور آپ میاں بیوی کو اچھی زندگی گزارنے کے لیے کیا مشورہ دے سکتے ہیں؟

اس پر حضورِ انور نے استفسار فرمایا کہ آپ کی شادی کو کتنی دیر ہو گئی ہے؟ تو سائل نے عرض کیا کہ سترہ سال ہو گئے ہیں۔ یہ سماعت فرما کر حضورِ انور نے ازراہِ شفقت دریافت فرمایا کہ توسترہ سال میں آپ کو یہ بھی نہیں پتا لگا؟ اسی طرح مزید دریافت فرمایا کہ تعلقات ٹھیک ہیں؟ سائل کے اس حوالے سے بہت اچھے تعلقات ہونے کی بابت عرض کرنے پر حضورِ انور نے دوبارہ تصدیق کرتے ہوئے استفہامیہ انداز میں دریافت فرمایا کہ اچھے ہیں؟

اثبات میں جواب سماعت فرمانے کے بعد حضورِانور نے باہمی قدر دانی، خامیوں سے درگزر اور خوبیوں کے اُجاگر کرنے کے سنہری اصول پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ تو بس اَور آپ کو کیا چاہیے۔ آپ کے بڑے اچھے تعلقات ہیں تو کچھ اچھی باتیں ہوں گی۔ آپ سوچیں کہ کیا اچھی باتیں میرے اندر تھیں کہ جس کی وجہ سے ہمارے تعلقات ٹھیک ہیں اور کیا اچھی باتیں بیوی کے اندرہیں ۔ سارا کریڈٹ آپ نہ لے لیں، بیوی کو بھی دیں کہ اس کی بھی کوئی اچھی باتیں ہیں جس کی وجہ سے مَیں نے اس کی قدر کی اور میرے اندر بھی شاید کوئی اچھی باتیں ہوں جس کی اس نے قدر کی اور مَیں اپنی اچھی باتوں کو دیکھوں اور بُرائیوں کو چھوڑ دوں۔ دیکھیں! پرفیکٹ تو کوئی انسان نہیں ہوتا۔ کوئی کامل انسان نہیں ہے۔ہر ایک میں کمزوریاں ہوتی ہیں ۔ اس لیے جب بیوی کی کمزوریاں دیکھیں تو اس کو نظر انداز کریں۔ اچھائیاں دیکھیں تو اس کی تعریف کریں۔ عورت کی تعریف کرو تو وہ ویسے ہی خوش ہو جاتی ہے اور اب تو مرد بھی خوش ہو جاتے ہیں۔

بعدازاں حضورِ انور نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے حوالے سے بیوی کی گواہی کی اہمیت اور والدین کے حُسنِ سلوک کے اولاد و آئندہ نسل پر پڑنے والے گہرے اثرات کو واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے لکھا ہے کہ سب سے بڑی گواہ مرد کی تو عورت ہے۔ وہ بتائے گی کہ تم نیک ہو کہ بد۔ تمہاری عورت کی گواہی آگے اگلے جہان میں کام آنی ہے۔ اگر اس نے تمہارے خلاف گواہی دے دی تو مارے گئے۔ اس لیے بہتر یہ ہے کہ اس سے تعلقات اچھے رکھو۔ تو جب یہ آپ کریں گے تو پھر آپ کی نسل میں بھی اچھا، نیک اثر قائم ہوگا۔

اسی تناظر میں حضورِ انور نے والدین کے رویّوں کے بچوں پر پڑنے والے اثرات کی بابت بیان فرمایا کہ اکثر شکایتیں مجھے آتی ہیں، بچے یہ لکھتے ہیں کہ ہمارا باپ ماں سے اچھا سلوک نہیں کرتا۔ ہم کس طرح اس کی عزت کریں؟ اب تو ایسی حالت آ گئی ہے کہ ہم بڑے ہو گئے ہیں،اٹھارہ اُنیس سال کی عمر میں ذرا mature ہو گئے ہیں، ہمیں توباپ سے نفرت پیدا ہونی شروع ہو گئی ہے ۔ لڑکیاں کہتی ہیں کہ اب ہمارا دل چاہتا ہے کہ اپنے گھر چھوڑ کے چلی جائیں۔

جواب کے آخر میں حضورِ انور نے والدین کو باہمی حُسنِ سلوک اور ایک دوسرے کا خیال رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا کہ تو یہ حالت پیدا ہونے سے پہلے بہتر ہے کہ ماں باپ جو ہیں وہ آپس میں ایک دوسرے سے حُسن ِسلوک کریں۔ ایک دوسرے کا خیال رکھیںگے تو بچوں کو بھی سنبھال لیں گے۔ گھریلو ماحول کو بھی خوشگوار کریں گے۔ اللہ تعالیٰ سے انعام پانے والے بھی ہوں گے۔ثواب کے بھی مستحق ٹھہریں گے اور اگلی نسل میں احمدیت اور اسلام کو جاری رکھنے کا ذریعہ بھی بن جائیں گے۔

ایک شریکِ مجلس نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں یہ سوال پیش کیا کہ اگر مصنوعی ذہانت انسانی ذہانت سے آگے نکل سکتی ہے بلکہ انسان کے قابو سے بھی باہر ہو سکتی ہے تو اس صورت میں انسان کی سب مخلوقات پر فضیلت کیسے قائم رہ سکتی ہے اور احمدیوں کو ابھی سے کیا کرنا چاہیے کہ یہ طاقت انسانیت کی خدمت کرے نہ کہ اس کی تباہی کا باعث ہو؟

اس پر حضورِانور نے استفہامیہ انداز میں دریافت فرمایا کہ سوال یہ ہے کہ اے آئی میں فیڈ کرنے والا کون ہے؟ انسان ہے۔سائل کے اثبات میں جواب عرض کرنے پر حضورِ انور نے مصنوعی ذہانت میں انسانی علم و ادراک کی شمولیت، اس کے تجزیاتی عمل اور درست یا غلط معلومات کی بنیاد پر نکلنے والے نتائج کا فرق واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ نے فیڈ کر دیا۔انہوں نے ایکsubject پرفیڈ کر دیا۔ مَیں نے فیڈ کر دیا۔اُس نے فیڈ کر دیا۔ اس نے ساروں کو consolidate کیا۔ جب آپ نے جواب مانگاتو اس نے conclusion نکال کے ایک جواب آپ کو دے دیا۔ تو آپ کی عقل اس کے اندر چلی گئی۔ ہاں! یہ اس artificial intelligence کا دماغ ہے کہ اس نے ساری چیزوں کو اکٹھا کر کے ایکanalysisکیا اور اس کے اُوپر conclusion نکالا اور پھر آپ کو جواب دے دیا۔ انسانی دماغ کو اس کے اندر ڈال رہے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ میرے دماغ سے آگے نکل گئی۔ اس نے اپنے آپ تو کچھ بھی نہیں بنایا۔اس نے کیا بنایا؟ ہاں! اس نے ایک چیز بنائی کہ اس نے دس آدمیوں کا ایک subject کے بارے میں جو اکٹھافیڈ کیا گیا تھا اس کا صحیح طرح تجزیہ کیا، پھر اس کا نتیجہ نکالا اور آپ کو بتا دیا۔ ہاں! بعض جگہ جب اس کو غلط فیڈ کر رہے ہوں گے تو وہ اس سوال کا غلط جواب دے گی جس کا نقصان ہے۔ صحیح فیڈ کر رہے ہوں گے تو صحیح جواب دے گی جس کا فائدہ ہے۔تو اس لیے اس کا فائدہ بھی ہے اور نقصان بھی ہے۔

پھر حضورِانور نے مصنوعی ذہانت کے آغاز سے اس کے استعمال میں احتیاط کی تلقین اور تراجم میں درپیش غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے فرمایا کہ مَیں تو کئی سال سے کہہ رہا ہوں، جب یہ ابھی شروع شروع میں پہلی دفعہ ہی آئی تھی، تب سے ہی مَیں نے اس کے خلاف بولنا شروع کر دیا تھا۔ مَیں تو پہلے ہی کہتا ہوں کہ اس کو اچھے کام کے لیے استعمال کرو۔ اس کے اچھے کام بھی ہیں لیکن ہر کام کے لیے یہ استعمال نہیں ہو سکتی۔ اس لیے اگر ہمارے بعض لوگوں کو اے آئی سے ترجمے کرنے کا بڑا شوق ہے، تو مَیں ان کو کہتا ہوں کہ کرو، لیکن اس کے بعد خود ایک ایک لفظ کو دیکھنا پڑے گا اور جب ہم ترجمے دیکھتے ہیں تو اس میں غلطیاں نظر آ جاتی ہیں۔ تو جب پتا لگتا ہے کہ غلطی ہو گئی، اُس نے اپنا ترجمہ کیا، ایک اُردو کے لفظ سے ٹرانسلیشن کی۔ لیکن اصل جو ٹیکسٹ ہے وہ عربی ہےاورعربی میں اُس کا مطلب اَور بنتا ہے۔ تو وہ ترجمہ ہی غلط ہو جاتا ہے۔

اسی تناظر میں حضورِانور نے ایک عملی واقعہ کی روشنی میں انسانی عقل کی برتری واضح کرتے ہوئےارشاد فرمایا کہ بلکہ مَیں نے پہلےمثال بھی دی تھی کہ ہمارے یہاں ہی مربی صاحب نے مجھے بتایا کہ مَیں نے اے آئی کو فیڈ کیاکہ اس کے بارے میں کیا رائے ہے؟ تو اس نے حوالہ دیا۔تومَیں نے اس کو کہا کہ تم نے غلط کہا ہے۔ حدیث میں تویہ آیا ہے، قرآن میں یہ آیا ہے اور مسیح موعود علیہ السلام نے یہ فرمایا ہے۔ تو اس (اے آئی)کا آگے جواب آ گیا کہ تم ٹھیک کہتے ہواور مَیں غلط تھی۔ تو یہ کہہ دینا کہ ہماری عقل سے artificial intelligence آگے نکل گئی۔ وہ تو اے آئی نے خود مان لیا ہے۔ میرے سامنے گواہی موجود ہے ۔ مَیں اس کا خود تجربہ کار ہوں۔ اے آئی یہ کہہ رہی ہے کہ مَیں غلط ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے جو عقل دی ہے اُس جیسی کوئی چیز نہیں ہے۔ کمپیوٹر جب ایجاد کیا تھاتو اُس وقت کہتے تھے کہ کمپیوٹر پتا نہیں کیا چیز ہے۔ اس کو ایجاد کرنے والے نے کہا تھا کہ جو انسانی دماغ ہےوہ اس کمپیوٹر سے بڑی چیز ہے۔ تو انسانی دماغ اے آئی سے بڑی چیز ہے۔ ہاں! یہ طریقہ آنا چاہیےکہ اس کا analysisکس طرح کرنا ہے۔

جواب کے آخر میں حضورِ انور نے اندھے اعتماد کی بجائے جانچ پڑتال، عملی نقصانات کی ایک مثال اور طویل عرصے بعد یادداشت میں فرق آنے کے مقابلے میں مصنوعی ذہانت کے محفوظ رکھنے کے پہلو کو یُوں واضح فرمایا کہ باقی! اچھے کاموں کے لیے استعمال بھی کر سکتے ہیں، لیکن پھر بھی چیک کر لیں۔ بالکل ہی اس کے اُوپر rely نہ کریں ۔ پچھلے دنوں میں اے آئی کو استعمال کر کے ساروں کے فریزر ہی ہیٹنگ پر چلے گئے۔ بلینز ڈالر کا نقصان کر دیا۔ اب اے آئی سےاَور بھی غلط کام کر رہے ہیں۔اچھے کام کے لیے استعمال کریں تو اچھی بات ہے۔ بُرے کام کے لیےکریں گے تو غلط چیز ہے۔ لیکن یہ کہنا کہ انسانی دماغ سے اُوپر نکل گئی، غلط ہے۔انسانی دماغ اُس کے اندر ہے وہ آپ نے فیڈ کیا ہے۔ آپ اپنے دماغ کی بات بھول گئےکیونکہ ایک عمر کے بعد آدمی بھول جاتا ہے، یادداشت کمزور ہو جاتی ہے، لیکن اے آئی یاد رکھتی ہے۔ اب اُس میں آپ نے بات کی، اس کے اُوپر مصور کے بھائی نے کچھ بات فیڈ کر دی، پھر یہ ہمارے گھانین بھائی نے کر دی، کچھ مَیں نے کہہ دیا، تو اُس نے ایک analysis کر کے بتا دیا۔ تو اُس کو یہ بات پچاس سال بعد بھی یاد رہے گی۔ آپ پچاس سال بعد بھول گئے کہ اچھا! مجھے تو یاد نہیں، پتا نہیں کی کیا سی مَیں، پنجابی میں کہہ دیں گے۔

[قارئین کی معلومات کے لیے عرض ہے کہ جیسا کہ حضورِ انور نے نشاندہی فرمائی، حال ہی میں فرانس، بیلجیم، سویڈن، ہالینڈ، اسٹونیا، جرمنی، رومانیہ اور برطانیہ سمیت کئی ممالک میں بڑے سائبر حملے پیش آئے جس میں ہیکرز نے دُور بیٹھ کر سُپرمارکیٹوں کے فریج اور فریزرز کے درجۂ حرارت کو تبدیل کر دیے۔ بعض فریزرز کا درجۂ حرارت منفی ۲۷؍ڈگری سے بڑھ کر ۵۰؍ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی اُوپر چلا گیا جس کے نتیجے میں بڑی مقدار میں خوراک خراب ہوگئی، اور فرانس میں تو تقریباً ۷۰۰؍ سٹورز اس حملے سے متاثر ہوئے۔]

ایک شریکِ مجلس نے حضرت خلیفة المسیح الرّابع رحمہ اللہ تعالیٰ کے اس شعر کو پیش کرتے ہوئے؂

جائیں، جائیں! ہم رُوٹھ گئے، اب آ کر پیار جتاتے ہیں

جب ہم خوابوں کی باتیں ہیں اور ہم یادوں کے سائے ہیں

حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں انتہائی جذباتی انداز میں عرض کیا کہ خلافتِ احمدیہ کو ربوہ سے لندن ہجرت کو ساڑھے بیالیس سال گزر چکے ہیں۔اس وقت کے حالات کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے والی نسل آج اپنی ذمہ داریوں کو کس طرح ادا کر رہی ہے اور ہم اپنی آئندہ نسل کے لیے خلافت کے ساتھ اطاعت، وفا اور قربانی کا کیا عملی نمونہ پیش کر رہے ہیں؟

اس پر حضورِ انور نے استفسار فرمایا کہ یہ تو آپ بتائیں، آپ نے بیالیس سال پہلے (ہجرت) دیکھی ہے۔

پھر دریافت فرمایا کہ آپ بیالیس سال پہلے کتنے سال کے تھے؟ تو ان ناصر نے عرض کیا کہ اس وقت وہ دس گیارہ سال کےچھوٹے طفل تھے۔ جس پر حضورِ انور نے بچپن کی تربیتی یادوں اور اس وقت کے ماحول کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ طفل تھے تو فجر کی نماز پر صَلِّ عَلٰی کہتے تھے یا سُنتے ہوں گے کہ بڑے اطفال کہہ رہے ہوتے تھے۔ یا ماں باپ سختیاں بھی کرتے تھے کہ پڑھائی کرو، کچھ تربیت بھی کرنے کی کوشش کرتے تھے، بُرائیوں کا بھی شاید اثر ہوتا ہو اور پھر اچھائیوں کی طرف بھی آنے کی طرف تلقین ہوتی تھی۔دونوں چیزیں ساتھ ساتھ چل رہی ہوتی تھیں لیکن جلسے ہوتے تھے، اجتماع ہوتے تھے تو یہ تربیت کے پہلو تھے۔

انہیں تربیتی روایات کو اگلی نسل تک منتقل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے حضورِ انور نے فرمایا کہ وہ آپ نے سیکھے ہیں، تو وہ اپنی نسلوں کو بتائیں کہ یہ ہوتا تھا، یہ ہم نے وہاں سیکھا۔ تم لوگ اس ملک میں آگئے ہو، تمہیں اللہ تعالیٰ نے یہاں پڑھنے لکھنے کا موقع دیا، ترقی ہوگئی، تو تم لوگ اب یہ باتیں سیکھو۔

اسی طرح حضورِ انور نے ربوہ اور پاکستان میں مقیم احمدیوں کی مالی و جانی قربانیوں، جماعتی و تنظیمی تربیتی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ باقی رہ گئی بات کہ وہاں رہنے والوں کا حال۔تو جو وہاں کے رہنے والے ہیں، وہ سارے تو migrateکر کے باہر نہیں چلے گئے۔ اپنے بچوں کو سمجھاتے رہتے ہیںاورجماعت بھی کوشش کرتی رہتی ہے۔ اگر اُس وقت قربانیوں کا عملی نمونہ اوراطاعت تھی، تواب بھی قربانیاں دے رہے ہیں ۔ مالی قربانیاں بھی دے رہے ہیں، ربوہ والے بھی دے رہے ہیں، پاکستان کے احمدی بھی دے رہے ہیں،جانی قربانیاں بھی دے رہے ہیں، ربوہ میں بھی دے رہے ہیں۔ تلوار مستقل ٹنگی ہوئی ہے۔ مولوی وہاں آ کر گالیاں نکال کے چلا جاتا ہے اس کے بعد ہم صبر کی تلقین کرتے ہیں۔پھر ان کی تربیت کرتے ہیں۔ وہ اپنے پروگرام بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ تو جماعت تو پروگرام بناتی ہے۔ذیلی تنظیمیں پروگرام بناتی ہیں اور سوال جواب بھی ہوتے ہیں ۔ تو وہ کوششیں تو ہو رہی ہیں اور طریقہ بتایا جاتا ہے۔

نیز اسی پسِ منظر میں حضورِ انور نے اجتماعی دعا کی غیر معمولی تاثیر کو اُجاگر کرتے ہوئے جماعت کو سنجیدگی اور یکسوئی کے ساتھ دعا کرنے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ ہاں! مَیں اس بارے میں کئی دفعہ کہہ چکا ہوںکہ دعا کرو۔ اگرآپ ساری جماعت مل کے سنجیدہ ہو کے دعا کریں گے تو بیالیس سال جو ہیں یہ بیالیس گھنٹے میں پُورے ہو سکتے ہیں۔

سوال کرنے والے ناصر کی جانب سے اس سلسلے میں مزید عرض کیا گیا کہ میرے ذہن میں آتا ہے کہ میرے دادا ابّا، میرے والد صاحب اور ایک دو ایسے بزرگ جو ابھی بھی زندہ ہیں، اسی انتظار میں روتے روتے بعض کی زندگیاں گزر گئیں اور بعض ابھی انتظار میں ہیں۔ اس پر حضورِ انور نے قرآنی تعلیم کی روشنی میں اپنے اعمال پر غور کرنے کی تلقین کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ ٹھیک ہے یہ تو اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے۔ شرائط ہوتی ہیں۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام سے بھی اللہ تعالیٰ کا فتح کا وعدہ تھا۔نہیں بات مانی تو چالیس سال دھکے کھاتے پھرے۔ قرآن شریف میں یہی آیا ہے۔ تو آپ لوگ سوچیں کہ یہ ہماری غلطیاں تو نہیں ہیں۔

بعدازاں سائل کی جانب سے اسی پریشانی کے باعث سوال کرنے کی وضاحت پر حضورِ انور نے خود دعا کرنے، دیگر احباب کو بھی دعا کی طرف متوجہ کرنے اور اپنی جانب سے وقتاً فوقتاً دعائیہ تحریک کرنے کا ذکر فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ اسی پریشانی میں سوال کیا ہےتو پھر آپ بھی دعا کریں۔ اپنے رشتہ داروں کو پاکستان میں بھی کہیں اور یہاں جو اپنے لوگ ہیں ان کو بھی کہیں کہ تم دعا کرو۔ مَیں تو دعا کی تحریک اسی لیے وقتاً فوقتاً کرتا رہتا ہوں۔

اسی دوران حضورِ انور کے یہ دریافت فرمانے پر کہ میری بات سُنتے ہیں؟ سائل نے اثبات میں جواب عرض کیا، تو حضورِ انور نے فرمایا کہ پھر اَور مَیں کیا کر سکتا ہوں۔ مَیں بھی دعا کرتا ہوں،آپ بھی کریں۔

ملاقات کے اختتام پر تمام شاملینِ مجلس کو اپنے محبوب آقا کے ساتھ گروپ تصویر بنوانے اور آپ کے دستِ مبارک سے بطورتبرک قلم کا تحفہ وصول کرنے کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کی سابق چیف پراسیکیوٹر اور برطانیہ میں گیمبیا کی موجودہ ہائی کمشنر کی ملاقات

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button