الفضل ڈائجسٹ

الفضل ڈائجسٹ

(محمود احمد ملک)

اس کالم میں ان اخبارات و رسائل سے اہم و دلچسپ مضامین کا خلاصہ پیش کیا جاتا ہے جو دنیا کے کسی بھی حصے میں جماعت احمدیہ یا ذیلی تنظیموں کے زیرانتظام شائع کیے جاتے ہیں۔

روشنی کے مینار

رسالہ ’’انصارالدین‘‘ جنوری و فروری 2013ء میں مکرم عبدالعزیز ڈوگر صاحب کا ایک مضمون شامل اشاعت ہے جس میں انہوں نے اپنے ذاتی مشاہدات کے حوالے سے حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے دو جلیل القدر صحابہؓ کا ذکرخیر کیا ہے۔

حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ

مضمون نگار بیان کرتے ہیں کہ قمرالانبیاء حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ نے ایک دفعہ مجھے یاد فرمایا۔ اس وقت آپؓ مسجد مبارک کے سامنے بنے ہوئے ایک کچے مکان میں رہائش پذیر تھے۔ سخت گرمی کے دن تھے۔ آپؓ نے ایک دوائی کے متعلق مشورہ کیا جو کسی دوست نے آپؓ کے لیے بھجوائی تھی۔ آپؓ فرمانے لگے کہ مجھے مظفر (ایم ایم احمد صاحب)نے قید کر دیا ہے اور ایئرکنڈیشنر لگا دیا ہے اور میرے لیے بار بار اس کمرے سے نکلنا مصیبت بن گیا ہے۔ دوست مجھے ملنے آتے ہیں تو خود اُن سے ملنے باہر دروازے پر جانا پڑتا ہے۔ اس طرح سرد کمرے سے دھوپ اور گرمی میں باہر نکلتا ہوں تو مجھے ہیٹ سٹروک ہو گیا ہے۔ خاکسار سے گستاخی ہو گئی اور عرض کیا کہ آپ بھی گرمیوں میں کسی صحت افزا مقام پر چلے جایا کریں۔ یہ سن کر آپؓ کے چہرے کا رنگ بدل گیا اور فرمایا کہ آنحضرتﷺ اتنی شدید گرمی میں کسی صحت افزا مقام پر گئے تھے؟ میری کیا حیثیت کہ آقاؐ کے بعد مَیں آرام طلب کروں۔ پھر فرمایا: میرے پیارے آپؐ کے غلام حضرت مسیح موعودؑ کسی صحت افزا مقام پر گئے تھے؟ آپؑ ساری زندگی بیماری اور دشمنان کے مقدمات کی پیروی کے لیے جاتے رہے، اس وقت تو کوئی سہولت نہیں تھی پیدل یا ٹانگوں پر سفر کرتے رہے۔ ان تکلیف کے ایام کا اندازہ کرو۔ میری کیا حیثیت ہے!

آپؓ کی آنکھیں آبدیدہ ہو گئیں۔

آپؓ ان دنوں امیر مقامی تھے اور حضرت مصلح موعودؓ مری تشریف لے گئے ہوئے تھے۔ مجھ سے مزید گستاخی ہو گئی اور شرمندہ بھی ہوا کہ میں نے عرض کر دی کہ حضور تو صحت افزا مقام پر تشریف لے جاتے ہیں۔ آپؓ نے فوراً بات کو کاٹا اور فرمایا: حضور کا مقام ہے، حضور کی صحت خراب رہتی ہے اور حضور کو کس قدر علمی کام کرنا پڑتا ہے۔ یہ جماعت کا فرض ہے کہ حضور کی صحت کا خیال رکھیں اور ہر قسم کی سہولت حضور کو بہم پہنچائیں۔ خاکسار شرمندہ ہو گیا اور حضرت خلیفۃ المسیح کے لیے آپؓ کے جذبات معلوم کرکے خوشی بھی بہت ہوئی۔

ایک روز آپؓ مسجد مبارک میں نماز عید کے لیے تشریف لائے تو مسجد بھر چکی تھی۔ چنانچہ آپؓ دیوار کا سہارا لے کر لوگوں کی اتاری ہوئی جوتیوں میں بیٹھ گئے۔ حضرت مصلح موعودؓ اُن دنوں بیمار تھے اور آپؓ نگران بورڈ کے صدر تھے۔ مَیں نے دیکھا تو حاضر ہو کر عرض کی آپؓ پہلی صف میں تشریف لائیں۔ آپؓ نے فرمایا میں یہاں ٹھیک ہوں۔ خاکسار نے عرض کیا لوگوں کی جوتیاں ہیں، نماز کے بعد یہاں رش ہوگا تو آپ کو تکلیف ہوگی۔ آپؓ نے فرمایا میری جگہ ان جوتیوں میں ہی ہے۔ خاکسار شرمندہ ہو گیا۔ مَیں نے عرض کیا کہ آپ بیمار ہیں، لوگ آپ سے ملیں گے تو آپ کو تکلیف ہو گی، اگر اجازت ہو تو میں اعلان کردوں کہ دوست آپؓ سے مصافحہ کرتے وقت خیال رکھیں۔ فرمایا :ہر گز نہیں، جو دوست بھی ملنا چاہیں مل لیں مگر یہ اعلان نہیں ہونا چاہیے۔ یہ مقام صرف حضرت خلیفۃ المسیح کا ہے کہ دوست ملاقات کے دوران حضور کی صحت کا خیال رکھیں۔

حضرت میاں صاحبؓ نگران بورڈ کے صدر کی حیثیت سے مجلس شوریٰ کے اجلاس کی صدارت فرما رہے تھے۔ خاکسار بھی نمائندہ مجلس شوریٰ تھا۔ ایک موقع پر امیر جماعت کوئٹہ مکرم شیخ محمد حنیف صاحب نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے آپؓ کو کچھ اس طرح مخاطب کیا کہ بہت زیادہ تعریفی کلمات کا اظہار کیا۔ تب آپؓ نے فوراً شیخ صاحب کو ہاتھ اٹھا کر بلند آواز میں منع کیا اور فرمایا: شیخ صاحب یہ مقام صرف اور صرف حضرت خلیفۃالمسیح کا ہے میں اس بات کی اجازت نہیں دیتا۔ آپ تشریف رکھیں۔

خاکسار نے ربوہ میں آل پاکستان کبڈی ٹورنامنٹ کروانا شروع کیا تو پاکستان بھر سے ٹیمیں شمولیت کے لیے ربوہ آنے لگیں۔ پہلے سال خاکسار نے حضرت مصلح موعودؓ کی بیماری کی وجہ سے حضرت میاں صاحبؓ سے کھلاڑیوں کی ملاقات کا انتظام کروایا۔ آپؓ نے آنحضرتﷺ کے کچھ واقعات سناکر نصائح فرمائیں۔اس موقع پر ایک مہمان نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ ہم تو اندر کسی آدمی سے ملنے گئے تھے وہاں تو ہم نے آدمی نہیں ایک فرشتے کو دیکھا ہے۔

حضرت میاں صاحبؓ کی کسرِنفسی اور سادگی کا یہ عالم تھا کہ ایک دفعہ تین مبلغین بیرونی ممالک سے واپس ربوہ آئے، جبکہ دو مجاہد بیرون ملک جا رہے تھے۔ خاکسار نے ربوہ میں چائے کی ایک معمولی دکان پر اُن مبلغین کو دعوت دی اور اس مجلس میں حضرت میاں صاحبؓ سے بھی شمولیت کی درخواست کی۔ آپؓ پیدل چل کر اس معمولی دکان پر تشریف لائے اور معمولی اور سادہ برتنوں میں جو چائے پیش کی گئی اُسے قبول فرمایا۔ آج مجھے احساس ہوتا ہے کہ آپؓ کا کیا اعلیٰ مقام تھا اور کیسی سادگی تھی کہ صرف مبلغین کی خاطر تشریف لاکر ان کو اعزاز عطا فرمایا اور نصائح فرمائیں۔

پھر دوسری دفعہ حضرت بھائی عبدالرحیم صاحبؓ درویش کے لیے ایک چائے کی دکان پر آپؓ سے شمولیت کی درخواست کی تو آپؓ تکلیف اٹھا کر اس غریبانہ استقبالیہ میں شامل ہوئے اور اس شعر سے اپنی بات کا آغاز کیا:

اے دوستو پیارو عقبیٰ کو مت بسارو

کچھ زادِ راہ لے لو کچھ کام میں گزارو

آپؓ نے حضرت بھائی جی کی خدمات اور فدائیت کے واقعات سناکر ان پر عمل کرنے کی ہدایت فرمائی۔

حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی بیماری میں جماعت کے کاموں کی بھاری ذمہ داری بھی آپؓ پر تھی۔ بیرونی جماعتوں کے احمدی آپؓ کی خدمت میں غرباء کے لیے رقوم بھجواتے تھے۔ ادھر جماعت اپنے وسائل سے موسم سرما میں کپڑے لحاف اور مالی امداد کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے تھی۔ آپؓ ربوہ کے مختلف محلّوں کے صدر صاحبان سے بصیغہ راز رپورٹ منگواتے اور سختی سے تاکید فرماتے کہ کوئی مستحق رہ نہ جائے، بعض سفید پوش بھی قابل امداد ہوتے ہیں ان پر بھی نظر رکھیں اور مجھے اطلاع دیں۔ اگر کسی کا حق اس کو نہیں ملا تو بعد از تحقیق اس ضرورت مند کی مدد فرمائی اور اگر کسی کو کوئی شکایت ہوتی تو اس کی شکایت کا جب تک ازالہ نہ ہو جاتا آپ دریافت فرماتے رہتے۔ غرضیکہ ہر آدمی کا خیال رکھتے۔ آپؓ شدید گرمی میں چھتری کے سایہ میں ہی پیدل گھر سے دفتر تشریف لاتے اور پیدل گھر جاتے۔ کبھی آپؓ نے سواری کا مطالبہ نہیں کیا۔ اگر طبیعت زیادہ خراب ہوتی تو اپنا کام گھر پر کرتے رہتے تھے۔

اللّٰھُمَّ اغْفِرْ وَارْحَمْ وَاَنْتَ خَیْرُالرّٰحِمِیْنَ۔

حضرت چودھری محمد ظفراللہ خان صاحبؓ

حضرت چودھری ظفراللہ خان صاحبؓ وہ تاریخی اور خدا رسیدہ عالم باعمل بزرگ انسان تھے جنہوں نے دنیا میں بھی اعلیٰ ترین اور بلند مقام پایا۔ آپؓ نے تحریر فرمایا ہے کہ ایک دفعہ میں حضرت خلیفۃ المسیح الاولؓ کی خدمت میں حاضر ہو ا تو اَور بھی دوست حضور کی عیادت کو آئے ہوئے تھے۔ نماز کا وقت ہو گیا تو آپ نے فرمایا ‘دوست اب چلے جائیں ’۔ کچھ دوست چلے گئے اور چند بیٹھے رہے تو میں حضور کی چارپائی پر بیٹھا حضور کو دبا رہا تھا۔ اس وقت میں ابھی طالب علم تھا۔ پھر آپؓ نے فرمایا ‘اب نمبر دار بھی چلے جائیں ’۔ مَیں بھی جانے لگا تو آپؓ نے مجھے روک لیا۔ اورپھر اپنے سینہ پر لگا کر اس قدر دعائیں دیں کہ آنکھوں سے آنسوؤں نے بہ کر آپؓ کی قمیص کو گیلا کر دیا۔ لمبی دعا کے بعد مجھے رخصت فرمایا۔ چودھری صاحب فرماتے ہیں کہ مجھے زندگی بھر حضورؓ کی دعا کی قبولیت کو دیکھنے کی سعادت ملی۔

حضرت چودھری صاحبؓ کا حضرت مصلح موعودؓ کے ساتھ بھی زندگی بھر تعلق قائم رہا۔ ہر کام میں خلیفۃ المسیح کی ہدایت اور رہنمائی کا شرف حاصل رہا۔ فتنہ منافقین کے وقت چودھری صاحب ملک سے باہر تھے۔ ان کے متعلق حضورؓ نے ان کے مقام کو الفضل میں شائع فرما کرلکھا کہ چودھری صاحب اور ان کے بھائی میرے بیٹوں کی طرح ہیں، ان کی طرف سے عہدِ وفاداری کا حلف میں خود اٹھاتا ہوں۔

1966ء میں خاکسار نے ایک تبلیغی نشست کا انتظام کیا اور حضرت چودھری صاحبؓ سے درخواست کی کہ ہمیں کچھ وقت دیں۔ آپ اس وقت عالمی عدالت انصاف کے چیف جسٹس تھے اور ربوہ تشریف لائے ہوئے تھے۔ دفاتر تحریک جدید کے لان میں ایک نمائش لگائی گئی اور تبلیغی لٹریچر کے پیکٹ بھی تیار کروائے۔ قریبی اضلاع کے معززین کو دعوتی کارڈ بھجوائے۔ اس تقریب میں ممبران صوبائی و قومی اسمبلی کے علاوہ کمشنرز، پولیس کے SP، سیشن جج اور بار ایسوسی ایشن کے ممبروں اورBDکے ممبروں سمیت قریباً چار صد افراد شامل ہوئے۔ سرگودھا بیس کے ایئر فورس کمانڈر بھی شامل ہوئے۔ چودھری صاحب کا خطاب ایک گھنٹہ جاری رہا جو ‘امید کاپیغام’ کے نام سے شائع ہوا۔ نماز مغرب کے بعد تقریباً دو صد مہمانوں نے قصر خلافت جاکر حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ سے بھی شرف ملاقات حاصل کیا۔

حضرت چودھری صاحبؓ ایک دفعہ بہشتی مقبرہ میں حضوؓر کے مزار پر حاضر تھے۔ لمبی دعا کے بعد فارغ ہوئے تو ایک عورت اپنے بچے کو لے کر باہر کھڑی تھی۔ اُس نے بچہ آگے کرکے عرض کی کہ آپ دعا کریں کہ میرا بیٹا بھی آپ کی طرح کا بنے۔ آپؓ رُک گئے اور فرمایا ‘‘بی بی! توبہ کرو، توبہ کرو۔ اللہ سے مانگنا ہے تو کچھ اَور مانگو، اللہ کی رحمت وسیع ہے۔ اس کو محدود نہ خیال کرو۔ میں تو اُس کا ایک گناہ گار بندہ ہوں مجھ جیسا کیوں مانگتی ہو۔ ’’یہ آپؓ کا عاجزی کا مقام تھا۔

خاکسار کو 1974ء کے فسادات میں گرفتار کرلیا گیا تو آپؓ نے اپنے داماد چودھری حمید نصراللہ صاحب سے کہا کہ جو احمدی گرفتا ر ہوئے ہیں میری طرف سے اُن کی دعوت کا انتظام کریں۔ میرے علاوہ تین اَور خدام بھی تھے۔ ہماری ضمانت پر رہائی ہوئی تو آپؓ نے اپنی کوٹھی میں ہماری دعوت کی۔ مجھے ہاتھ سے پکڑ کر اور صدر حلقہ چودھری غلام رسول صاحب کو ساتھ لے کر سارے حالات سنے۔ مکرم صدر صاحب نے بتایا کہ کس طرح میری ہمت اور پولیس مقابلے سے ہمیں مسجد واپس ملی۔ پھر بتایا کہ میرے سٹور اور دکان کو آگ لگا دی گئی اور بڑا نقصان ہوا۔ اس پر آپؓ نے فرمایا :

مَنْ یَّتَّقِ اللّٰہَ یَجْعَلْ لَّہٗ مَخْرَجًا- وَّ یَرْزُقْہُ مِنْ حَیْثُ لَا یَحْتَسِبُ۔

آپؓ کی دعا اللہ تعالیٰ کے فضل سے قبول ہوئی اور میرے کام میں غیر معمولی برکت ہوئی۔

ایک دفعہ خاکسار نے شوگر کے لیے دوا تیار کر کے آپؓ کو دی جو آپؓ نے استعمال کی اور مفید پائی۔ میری درخواست پر آپؓ نے دواخانہ خدمت خلق کے نام مجھے سرٹیفکیٹ بنا دیا جو مَیں کئی دفعہ بطور اشتہار الفضل میں شائع کرواتا رہا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button