جماعت احمدیہ سُرینام کی مساعی
’’آنکھیں کھول کر دیکھ لینا چاہیئے کہ یہ صرف پیشگوئی ہی نہیں بلکہ ایک عظیم الشان نشان آسمانی ہے جس کو خدائے کریم جلّ شانہ نے ہمارے نبی کریم رؤوف رحیم محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی صداقت و عظمت ظاہر کرنے کے لیے ظاہر فرمایا ہے۔‘‘
(اشتہار واجب الاظہار 22مارچ 1886ء، مجموعہ اشتہارات جلد اوّل صفحہ 114مطبوعہ لندن)
مسیح محمدی کی قلم سے نکلے ان الفاظ کی عظمت، شان اور اس کے عظیم الشان ظہور کی یاد تازہ کرنے کے لیے اکناف عالم میں پھیلی جماعت ہائے احمدیہ ہر سال ماہ فروری کےتیسرے ہفتے میں ’’یوم مصلح موعودؓ ‘‘ مناتی ہے۔
خدا تعالیٰ کے فضل و احسان کے ساتھ مورخہ 19؍فروری 2022ء کو جماعت سُرینام کو بھی جلسہ یوم مصلح موعودؓ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فروری کے وسط میں حکومت کی طرف سے کووڈ19 کے سلسلہ میں عائد پابندیوں میں نرمی کے اعلان کے بعد اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ یوم مصلح موعود پہلا جماعتی پروگرام ہے جو دوسال کے وقفے کے بعد مسجد ناصر میں اپنی پوری شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوا۔ احباب جماعت بہت ذوق و شوق کے ساتھ اس پروگرام میں شامل ہوئے، اور ان کی خوشی دیدنی تھی۔ حاضرین کوماسک کی پابندی اور سماجی فاصلے کے ساتھ بٹھایاگیا۔
نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد اس جلسے کی کارروائی کا آغاز مکرم شمشیر علی صاحب صدر جماعت کی صدارت میں ہوا۔ عزیزم محمد صہیب اسد نے سُوْرَۃُ حٰمٓ السَّجْدَۃِ کی آیات 31تا 34کی تلاوت کی اور ان آیات کا ڈچ ترجمہ پڑھ کر سنایا۔ جس کے بعد عزیزم حارث احمد مظفر نے منظوم کلام ترنم کے ساتھ پیش کیا۔ جلسے کی پہلی تقریر عزیزم جنید اسلم نے ’’حضرت مصلح موعودؓ کے ذوق عبادت‘‘ کے حوالے سے کی۔ جس میں موصوف نے حضرت المصلح الموعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی محبت الٰہی کے حصول اور غلبہ اسلام کے لیے کی جانے والی دعاؤں کے ایمان افروز واقعات پیش کیے۔
محترم شمشیر علی صاحب نے حضرت مصلح موعودؓ کی زندگی کے اہم واقعات کا خاکہ پیش کیا، تبلیغ اسلام اور اشاعت قرآن کے حوالے سے آپ کی شبانہ روز کوششوں کا تذکرہ کیا۔
خا کسارنے حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ارشادات کی روشنی میں افراد جماعت کی ذمہ داریاں بیان کیں اور احباب جماعت کو توجہ دلائی کہ وہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مشن کو آگے بڑھانے اور کامیاب بنانے کے لیے اپنا حصّہ ڈالیں اور نمازوں، دعاؤں، مال اور وقت کی قربانی کے ساتھ اس مقدس مشن کی ترقی کے لیے ہر وقت خلیفہ وقت کے سلطان نصیر بننے کی کوشش کریں۔
اس جلسہ میں 80افراد جماعت شامل ہوئے اور سب نے نہایت خاموشی اور تحمل کے ساتھ پروگرام سے استفادہ کیا۔ اختتامی دعا کےبعد حاضرین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا، لجنہ اماء اللہ کی ٹیم کو کھانا تیار کرنے کی توفیق ملی۔ فجزا ہم اللہ احسن الجزاء
٭…مورخہ3؍فروری کو ایوان صدر میں ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں تمام مذاہب کے نمائندوں کو شمولیت کی دعوت دی گئی۔ جماعت کا تین رکنی وفد اس تقریب میں شامل ہوا جہاں ہمیں صدر مملکت سے ملاقات اور گفتگو کا موقع ملا۔ 18؍ فروری 2022ء کوصدر کے چیف پروٹوکول آفیسر کی طرف سےاس تقریب میں شرکت کےلیے اظہار تشکر کا خط موصول ہوا۔
٭…روس اور یوکرائن کی جنگ کے حوالے سے امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کے ارشادات پر مشتمل جوپریس ریلیز 24؍فروری 2022ء کوجاری کیا گیا، فوری طور پر اس کا ڈچ ترجمہ کرکے ملک کی معروف نیوز ویب سائٹ (StarNieuws) ’’سٹار نیوز‘‘ کو بھجوایا گیا، جو 25؍فروری کی صبح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کی تصویر کے ساتھ شائع ہوا۔ تین لاکھ سے زائد لوگ اس ویب سائٹ سے استفادہ کرتے ہیں۔ ہالینڈ اور سرینام کی چار نیوز ویب سائٹس نے اس خبر کو اپنے مرکزی صفحے پر شیئر کیا۔
سٹار نیوز کے فیس بک پیج پر بیسیوں افراد نے اس پر مثبت تبصرے کیے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے رخ روشن کے حوالے سے ’’سیناسنتھیاگنگا دیال‘‘ نامی ایک صارفہ نے لکھا:
’’میرا اِس آدمی سے قطعاً کوئی تعلق نہیں ہے لیکن جب بھی میں اسے دیکھتی ہوں وہ مجھےبہت متاثر کن شخصیت اور پاکیزہ خیالات والا لگتا ہے۔‘‘
٭…جمعۃ المبارک 25؍فروری کو حضورِانورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے دنیاکے موجودہ خطرناک حالات کے متعلق جو تنبیہ فرمائی اور دعا کی تحریک کی، ان ارشادات کا ڈچ ترجمہ بشمول پریس ریلیز ملک کی دوسری معروف ویب سائٹ(GFC Nieuws) ’’جی ایف سی نیوز‘‘ کو بھجوایا جو 26؍فروری کوحضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تصویر کے ساتھ شائع ہوا۔ اس نیوز ویب سائٹ کے قارئین کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے۔ تین اور نیوز ویب سائٹس نے اس خبر کو اپنے مرکزی صفحے پر شیئر کیا۔ یوں دو دن کے اندر عافیت کے حصار امام آخرالزّمان علیہ الصلوٰۃ والسلام کے جانشین اور خلیفہ ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات سُرینام کےعوام الناس تک پہنچے۔
قارئین الفضل انٹر نیشنل کی خدمت میں جماعت سُرینام کے نفوس و اموال میں برکت کے لیے دعا کی درخواست ہے۔
(رپورٹ :لئیق احمد مشتاق۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)