آئیوری کوسٹ کے ریجن دنانے میں دو مساجد کا افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے مورخہ 25؍ستمبر 2022ء کو جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو دنانے (Danané) ریجن میں تعمیر مکمل ہونے کے بعد دو مساجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذلک
مسجد بیت الرحمان۔ دنانے شہر
ان دو مساجد میں سب سے اول مسجد بیت الرحمان دنانے شہر ہے۔ اس مسجد کی افتتاحی تقریب کا آغاز زیر صدارت مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ مورخہ 25؍ستمبر کو صبح 10 بجے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مکرم ولی فوفانا صاحب نے کی جبکہ مکرم شبیر احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے قصیدہ پڑھا۔ جس کے بعد مکرم باری عبدالسلام صاحب ریجنل مشنری دنانے نے مقامی روایات کے مطابق حاضرین کو خوش آمدید کہا اور اس کے بعد ’’جماعت احمدیہ کا تعارف‘‘ کے عنوان سے تقریر بھی کی۔ معاً بعد مکرم عبدالسلام طورے صاحب مبلغ سلسلہ دلوا ریجن نے ’’اسلام امن کا مذہب‘‘ کے عنوان سے تقریر کی۔ اس تقریر کے بعد مکرم نیشنل صدر صاحب انصار اللہ، نیشنل صدر صاحب خدام الاحمدیہ، مکرم یحییٰ وترا صاحب صدر ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ، سوسائیٹی کے چیف نیز دو غیر از جماعت آئمہ نے تقاریر کیں۔ ان تقاریر کے بعد مکرم امیرو مشنری انچارج صاحب نے پروگرام کی اختتامی تقریر بعنوان ’’مساجد اور عبادت الٰہی کی اہمیت‘‘ کی۔ اختتامی تقریر کے بعد مکرم امیر صاحب نے مسجد کی تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا کروائی۔ اس کے بعد نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔ جس کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں350 افراد نے شرکت کی۔
دنانے شہر میں واقع جماعتی جگہ پر جنوری 2018ء میں مکرم امیر ومشنری انچارج صاحب آئیوری کوسٹ نے مسجد کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ جس کے بعد اس مسجد کی تعمیر کا سلسلہ جاری رہا۔ تاہم امسال ماہ جولائی میں اس کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد دوران ماہ افتتاح کیا گیا۔ اس مسجد کا کل احاطہ 160مربع میٹر ہے جس میں اندازاً 250 افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ جبکہ مسجد کے ساتھ دو باتھ رومز بھی وضو کے لیے تعمیر کیے گئے ہیں۔ مکرم رضوان احمد شاہد صاحب مربی سلسلہ نیز شبیر احمد صاحب مبلغ سلسلہ ریجن ماں نے وقتاً فوقتاً اس مسجد کی تعمیر کی توفیق پائی۔ افتتاح کے پروگرام سے قبل مقامی مساجد کے آئمہ نے جماعتی پروگرام کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کیا تاہم اس کے باوجود نہ صرف دیگر لوگ پروگرام میں شریک ہوئے بلکہ دو امام بھی اس پروگرام کا حصہ تھے۔
مسجد بیت السلام۔ زوئیں شہر
اسی روز بعد از افتتاح مسجد بیت الرحمٰن مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب مع جماعتی وفد زوئیں (Zouan-Hounien) شہر میں حال ہی میں مکمل ہونے والی ایک مسجد، مسجد بیت السلام کے افتتاح کے لیے تشریف لے گئے۔ جہاں شام تین بجے افتتاحی پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ تلاوت قرآن کریم مکرم شمس الدین صاحب معلم سلسلہ نے کی جس کے بعد مقامی احمدی اسماعیل گولاندیے صاحب نے تقریر کی۔ بعد ازاں علاقہ کے چیف، شہر کے میئر نیز وائس گورنر شہر نے بھی تقاریر کیں۔ اس پروگرام کی اختتامی تقریر مکرم امیر صاحب نے بعنوان ’’مساجد کی اہمیت‘‘ کی۔ اس تقریب کے بعد مکرم امیر صاحب نے تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا کروائی جس کے بعد اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا۔ بعد ازاں امیر صاحب نے مسجد کے ساتھ واقع ہیومینٹی فرسٹ کے پرائمری سکول میں زیر تعلیم طلباء میں ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کی جانب سے کتابیں اور سکول کے بستے بھی تقسیم کیے۔ ان دونوں مساجد کے افتتاح کے پروگرام کےانتظامات کی توفیق مکرم شبیر احمد صاحب مبلغ سلسلہ نیز مکرم باری عبدالسلام صاحب کو ملی۔ الحمد للہ علی ذلک
مسجد بیت السلام، زوئیں کا سنگ بنیاد 1998ء میں رکھا گیا تھا تاہم اکیسویں صدی کے اوائل میں ملک میں خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد یہ علاقہ باغیوں کے قبضہ میں چلا گیا۔ بعد ازاں خانہ جنگی تو ختم ہوگئی تاہم لمبا عرصہ یہ علاقہ مختلف سیاسی مسائل کے باعث تعمیراتی کاموں سے محروم رہا۔ کچھ سال قبل ہی یہاں سیاسی صورت حال نسبتاً بہتر ہونے کے بعد مسجد کی تعمیر کا کام دوبارہ شروع کیا گیا۔ اس مسجد کا کل احاطہ100 مربع میٹر ہے جس میں تقریباً 150 افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش موجود ہے۔ یہ مسجد اس سوسائٹی کی پہلی مسجد ہے۔ اس مسجد کے قرب و جوار میں احمدیوں کے علاوہ دیگر مسلمان برائے نام ہیں، زیادہ تر یہاں لادین لوگ آباد ہیں۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ دونوں مساجد کے افتتاح کو بابرکت کرے اور یہ مساجد اسلام کی حقیقی تعلیمات کو پھیلانے کا ذریعہ بنتی چلی جائیں نیز اس میں نماز پڑھنے والے حقیقی تقویٰ کے حصول کے لیے اس مسجد میں آنے والے بنیں۔آمین