بورےوالہ (پاکستان) میں احمدیہ مسجد کے مناروں کو شہید کردیا گیا
پاکستان میں چک نمبر EB. 373۔ تھانہ شیخ فاضل تحصیل بورےوالہ، ضلع وہاڑی میں پولیس نے احمدیہ مسجد کے مناروں کو شہید کردیا، پو لیس اہلکار ٹوٹے ہوئے منارے بھی ساتھ لے گئے
پاکستان میں جماعت احمدیہ کی مساجد پر حملوں کی لہر میں شدّت دیکھی جا رہی ہے۔ اس مرتبہ پولیس انتظامیہ نے یہ مذموم حرکت خود سرانجام دی۔ تفصیلات کے مطابق مورخہ ۸؍اگست ۲۰۲۳ء کو چک نمبر EB. 373۔ تھانہ شیخ فاضل تحصیل بورےوالہ، ضلع وہاڑی میں پولیس نے جماعت احمدیہ کی مسجد میں داخل ہو کر مسجد کے مناروں کی توڑ پھوڑ کی اور انہیں شہید کردیا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ جاتے جاتے پولیس اہلکار مسمار کردہ مناروں کو بھی اپنی گاڑی میں ڈال کر ساتھ لے گئے۔
یاد رہے کہ جماعت احمدیہ کی یہ مسجد ۵۳ سال پہلے تعمیر کی گئی تھی۔ حکومتی انتظامیہ کا فرض ہے کہ وہ پاکستان کے کمزور طبقات کو معاشرے کے شدت پسند عناصر سے تحفظ فراہم کرے لیکن یہ بہت دکھ اور افسوس کا مقام ہے کہ ہمارے پیارے ملک پاکستان کے حکومتی ادارے بجائے انتہا پسندوں کو لگام ڈالنے کے، ان کے آلہ کار بن کر رہ گئے ہیں۔ مذہبی جنونیوں کی ان کارروائیوں اور مساجد پر حملوں کی وجہ سے ہمارے محبوب ملک پاکستان کا نام عالمی برادری میں بدنام ہورہا ہے جبکہ ہماری ریاست دنیا کو اسلاموفوبیا کے خلاف لیکچر دینے میں مصروف ہے۔
اپنے وطن کی محبت میں سرشار جماعت احمدیہ ، جس نے پاکستان کو بنانے ،سنوارنے اور پروان چڑھانے میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا آجکل اُن جتھوں کے ظلم و بربریت کا نشانہ بنی ہوئی ہے جن کے بزرگ قیام پاکستان کے حق میں بھی نہیں تھے۔
(رپورٹ: ابو سدید)