حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ ڈنمارک و سویڈن 2016ء
ڈنمارک کے ریڈیو چینل Radio 24 syvکو انٹرویو۔ انفرادی و فیملی ملاقاتیں۔
جماعت احمدیہ ڈنمارک کی نیشنل مجلس عاملہ کے ساتھ میٹنگ۔ شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ و اہم ہدایات۔
کوپن ہیگن (ڈنمارک) سے روانگی اور مالمو (Malmo)سویڈن میں ورود مسعود۔
مسجد محمود مالمو میں تشریف آوری اور احباب جماعت کی طرف سے والہانہ استقبال۔
………………
10؍ مئی 2016ء بروز منگل
………………
صبح سوا چار بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ’’مسجد نصرت جہاں‘‘ تشریف لا کر نماز فجر پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔
صبح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دفتری ڈاک، خطوط اور رپورٹس ملاحظہ فرمائیں اور ہدایات سے نوازا۔
پروگرام کے مطابق ساڑھے دس بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے دفتر تشریف لائے۔
ریڈیو انٹرویو
ڈنمارک کے ریڈیو چینل Radio 24 syvکی نمائندہ جرنلسٹ رشی رشید صاحبہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا انٹرویو لینے کے لئے آئی ہوئی تھیں۔
٭…جرنلسٹ نے پہلا سوال یہ کیا کہ آپ اپنے آپ کو احمدیہ جماعت کیوں کہتے ہیں؟
اس سوال کے جواب میں حضور انور نے فرمایا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے یہ پیشگوئی فرمائی تھی کہ اسلام پر ایک ایسا زمانہ آئے گا کہ مسلمان اسلام کی اصل تعلیمات کو بھول جائیں گے اور اسلام کا صرف نام باقی رہ جائے گا۔ قرآن کریم اپنی اصلی حالت میں موجود تو ہو گا لیکن اس پر عمل نہ ہو گا۔ اور قرآن کریم کی غلط تشریحات کی جائیں گی۔ جب ایسا زمانہ آئے گا تو اللہ تعالیٰ مسلمانوں کی ہدایت کے لئے مسیح اور مہدی ؑ کو مبعوث فرمائے گا۔ ہمارا عقیدہ ہے کہ اس پیشگوئی کے مطابق جس مسیح موعودؑ اور امام مہدیؑ نے اسلام کے احیائے نو کے لئے آنا تھا وہ آچکا ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے مسیح اور مہدی کے آنے کی جو نشانیاں بتائی تھیں وہ سب پوری ہو چکی ہیں۔
دوسرے مسلمان یہ کہتے ہیں کہ مسیح اور مہدی دو الگ الگ وجود ہیں۔ مسیح تو آسمان پر بیٹھے ہیں اور آخری زمانہ میں آئیں گے اور مہدیؑ ابھی تک مبعوث نہیں ہوئے۔ جبکہ ہم کہتے ہیں کہ مسیح اور مہدیؑ ایک ہی وجود ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے آنے والے مسیح اور مہدی ؑ کو ایک ہی وجود قرار دیا ہے۔
ہم کہتے ہیں کوئی بھی شخص جو اس دنیا میں آتا ہے وہ ہزاروں سال زندہ نہیں رہ سکتا۔ ہر ایک شخص اپنی طبعی عمر پا کر وفات پاتا ہے۔ ہم کہتے ہیں کہ اگر اتنا لمبا عرصہ کوئی زندہ رہنے کا حقدار تھا تو وہ سب سے پیارا نبی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم تھے۔ ہم کہتے ہیں کہ حضرت عیسیٰ ؑ وفات پاچکے ہیں اور جس مسیح نے بھی آنا تھا آپ کا مثیل بن کر آنا تھا۔
حضور انور نے فرمایا یہ بھی پیشگوئی تھی کہ جو مسیح و مہدی آئے گا وہ اپنی جماعت بھی بنائے گا۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ پیشگوئی بھی فرمائی تھی کہ جس طرح یہودیوں کے مختلف فرقے بنے تھے اسی طرح اسلام میں بھی مختلف فرقے بنیں گے اور ان میں سے ایک فرقہ اسلام کی سچی اور حقیقی تعلیمات پر عمل کرنے والا ہو گا اور وہ جماعت ہو گا۔ پس اسی وجہ سے ہم اپنے آپ کو جماعت احمدیہ کہتے ہیں۔
٭… جرنلسٹ نے سوال کیا: جب میں یہاں کسی پروگرام میں سنی اور شیعہ امام اور سکالرز کو بلاتی ہوں اور جب یہ کہتی ہوں کہ ہم اپنے اس پروگرام میں جماعت احمدیہ کے نمائندہ کو بھی بلانا چاہتے ہیں تو وہ انکار کر دیتے ہیں اور یہ لوگ آپ کو اپنی طرح کا مسلمان نہیں سمجھتے۔
اس سوال کے جواب میں حضور انور نے فرمایا: آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی ایک پیشگوئی یہ بھی تھی کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا تم میں نبوت قائم رہے گی جب تک اللہ تعالیٰ چاہے گا۔ پھر وہ اس کو اٹھا لے گا اور خلافت علیٰ منہاج النبوۃ قائم ہو گی۔ پھر اس کے بعد اس کی تقدیر کے مطابق ایذا رساں بادشاہت قائم ہو گی۔ (اور یہ زمانہ 300 سال تک ممتد رہے گا) اس کے بعد پھر پہلے سے بڑھ کر جابر بادشاہت قائم ہو گی(اور یہ اندھیرا زمانہ ایک ہزار سال تک ممتد ہوگا)پھر اللہ تعالیٰ کا رحم جوش میں آئے گا اور اس کے بعد خلافت علیٰ منہاج النبوۃ قائم ہو گی۔
اس پیشگوئی کے مطابق تیرہویں صدی کے آخر پر یا چودہویں صدی کے شروع میں آنے والے مسیح و مہدیؑ نے مبعوث ہونا تھا۔ ہم کہتے ہیں کہ وہ آ چکا ہے جبکہ یہ لوگ کہتے ہیں کہ نہیں آیا۔
ہم یہ کہتے ہیں کہ آنے والے کا درجہ نبی کا ہے۔ وہ نبی ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے ایک حدیث میں اُسے چار مرتبہ نبی اللہ کہا ہے۔ اور وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی شریعت کے ساتھ آیا ہے اور کوئی نئی شریعت لے کر نہیں آیا۔ قرآن وہی ہے اور اسلامی تعلیمات وہی ہیں، کوئی نئی تعلیمات نہیں ہیں۔ اس لحاظ سے وہ ظلّی طور پر نبی ہے۔ جب کہ دوسرے کہتے ہیں کہ وہ کسی لحاظ سے بھی نبی نہیں ہے۔ پس ہم میں اور ان میں یہ اختلاف ہے۔
اگر آپ یہ کہتے ہیں کہ اب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کوئی نبی نہیں آسکتا تو یہ خدا تعالیٰ کی صفات اور اُس کے اختیار کو ختم کرنے والی بات ہے اور کوئی آدمی یہ حق نہیں رکھتا کہ وہ ایسی حرکت کرے۔ چنانچہ یہ وجہ ہے کہ دوسرے ہمیں مسلمان کے طور پر قبول نہیں کرتے۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم مسلمان نہیں ہیں کیونکہ ہمارا یہ عقیدہ ہے کہ جماعت احمدیہ کے بانی حضرت مرزا غلام احمد صاحب اللہ تعالیٰ کے نبی ہیں۔ ہم کہتے ہیں کہ ہمارا عقیدہ یہ ہے کہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام خدا تعالیٰ کے نبی ہیں اور آپ ؑ کو نبی کا یہ ٹائٹل آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے خود دیا ہے اور آپؑ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی سچی اتباع اور غلامی میں نبی کے مقام پر فائز ہیں۔
٭… جرنلسٹ نے عرض کیا کہ مسلمانوں کا بنیادی عقیدہ تو یہی ہے کہ ایک خدا ہے اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم اس کے آخری نبی ہیں۔
اس پر حضور انور نے فرمایا: آپ یہ نہ کہیں کہ محمدصلی اللہ علیہ وسلم خدا تعالیٰ کے آخری نبی ہیں۔ آپ یہ کہیں لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہ کہ خدا ایک ہے اور محمد صلی اللہ علیہ و سلم خدا کے رسول ہیں۔ اس کلمہ میں یہ ذکر نہیں کہ وہ آخری نبی ہیں۔باقی جہاں تک آخری ہونے کی بات ہے قرآن کریم آپ کو ’’خاتم النبیین‘‘ کہتا ہے اور ہم اس کے دوسروں سے مختلف یہ معنے کرتے ہیں کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ انبیاء کی مُہر ہیں۔ ہم اس کو مہر کے معنوں میں لیتے ہیں۔ یعنی آپؐ کی مہر کے بغیر اب کوئی نیا نبی نہیں آسکتا۔ ہاں آپؐ کی مُہر کے ساتھ آ سکتا ہے۔ قرآن کریم شریعت کی آخری کتاب ہے۔ کوئی نئی شریعت اب نہیں ہے اور شریعت لانے والے آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہی ہیں۔
دوسرے لوگ خاتم النبیین کے یہ معنے کرتے ہیں کہ آپؐ نے مہر لگا کر نبی کا ٹائٹل ہی Seal کر دیا ہے۔ یعنی اب نبی کے آنے کا دروازہ بند ہے۔
حضور انور نے فرمایا : کسی انسان کا یہ حق نہیں کہ وہ ان آیات کی ایسی تشریح کر لے جو خدا تعالیٰ کی صفات کو محدود کر دے اور اُس کے حق اور اختیار کو روک دے۔
٭…جرنلسٹ نے سوال کیا کہ جب دوسرے مسلمان آپ کو مسلمان نہیں سمجھتے تو آپ کیسا محسوس کرتے ہیں۔ جبکہ آپ کے پاس مسجد بھی ہے اور آپ ایک ہی قرآن کریم کی تلاوت کرتے ہیں اور آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم پر ایمان لاتے ہیں۔ ان سب باتوں کے باوجود آپ کو دوسرے مسلمان نہیں سمجھتے؟
اس پر حضور انور نے فرمایا: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ پیشگوئی کی تھی کہ جس طرح یہود نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو قبول نہیں کیا تھا باوجود اس کے کہ تورات میں آپؑ کے آنے کے بارہ میں تمام پیشگوئیاں موجود تھیں۔ اسی طرح اس آخری زمانہ میں آنے والے نبی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی راہ میں بھی مسلمانوں کی طرف سے روکیں ڈالی جائیں گی اور باوجود نشانات پورے ہونے کے مخالفین قبول نہیں کریں گے۔
حضور انور نے فرمایا: باوجود ان سب روکوں کے ہم اسلام کی سچّی اور حقیقی تعلیم پھیلا رہے ہیں جس کے نتیجہ میں ہر سال لاکھوں لوگ ہمارے ساتھ شامل ہو رہے ہیں۔
حضور انور نے فرمایا: اب آپ دیکھیں کہ 1889ء میں ایک شخص نے قادیان جیسے ایک چھوٹے سے گاؤں میں مسیح و مہدیؑ ہونے کا دعویٰ کیا اور اعلان کیا کہ میں وہی موعود مسیح اور مہدی ہوں جس کے آنے کی پیشگوئی کی گئی تھی اور یہ اعلان کرنے کے وقت وہ اکیلا تھا۔ پھر لوگ اس کے ساتھ ملنے شروع ہوئے اور جب 1908ء میں اُس کی وفات ہوئی تو اس کی کمیونٹی کی تعداد چار لاکھ تک پہنچ چکی تھی اور اس کو قبول کرنے والوں کی ایک بہت بڑی تعداد انڈیا اور موجودہ پاکستان میں سے تھی۔ پھر اس کے بعد عرب ممالک میں سے بھی لوگوں نے آپؑ کو قبول کیا اور آپؑ کی جماعت میں شامل ہوئے۔ اسی طرح دوسرے ممالک سے، انڈونیشیا سے ہزاروں لوگ اس کمیونٹی میں شامل ہوئے، ملائشیا سے بڑی تعداد شامل ہوئی۔ عرب دنیا سے بھی لوگ آہستہ آہستہ شامل ہورہے ہیں۔
حضور انور نے فرمایا: اگر ان سب شامل ہونے والوں کو علم تھا کہ ہم اسلام کی صحیح تعلیمات نہیں پھیلا رہے، آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کو ان کا صحیح مقام نہیں دے رہے اور ہم خاتم النبیین کے غلط معنی کر رہے ہیں اور قرآن کریم کی آیات کی صحیح تشریح نہیں کر رہے تو پھر مسلمانوں سے یہ لوگ ہزاروں لاکھوں کی تعداد میں ہمارے ساتھ کیوں شامل ہو رہے ہیں۔ تو اس طرح ہماری جماعت کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ کمیونٹیز اسی طرح ترقی کرتی ہیں۔ اور ہمارا یہ ایمان ہے کہ انشاء اللہ ایک دن ہم کامیاب ہوں گے۔ ہم فتحیاب ہوں گے۔ اب بتائیں کہ کیا یہودیوں نے عیسائیت کو قبول کیا تھا۔ تین سو سال لگے تھے اس کے بعد جا کر عیسائیت پھیلی تھی۔
حضور انور نے فرمایا: بانی جماعت احمدیہ حضرت مرزا غلام احمد مسیح و مہدی علیہ السلام نے یہ پیشگوئی فرمائی تھی کہ تین سو سال کا عرصہ نہیں گزرے گا کہ دنیا میں ایک بڑی تعداد میری جماعت میں شامل ہو چکی ہو گی۔
اس پر صحافی نے عرض کیا کہ آپ بڑے مضبوط اور طاقتور ہیں اور ابھی مزید دو سو سال کا عرصہ باقی ہے۔
اس پر حضور انور نے فرمایا: ایک سو پچیس سال گزر چکے ہیں اور ہم اس وقت ملینز میں ہیں۔ ایک آدمی نے پنجاب انڈیا کے ایک چھوٹے سے گاؤں قادیان سے دعویٰ کیا تھا اور وہ اس وقت اکیلا تھا اور اب ملینز میں ہے۔ کیا یہ خدا تعالیٰ کا کام نہیں ہے۔ یہ سب کچھ کس طرح ہو گیا۔
٭…جرنلسٹ نے سوال کیا کہ حضور یہاں ڈنمارک آئے ہیں اور آپ کی کمیونٹی یہاں مسجد کی تعمیر پر پچاس سال پورے ہونے پر بعض پروگرام کر رہی ہے؟
اس پر حضور انور نے فرمایا: مسجد کے پچاس سال پورے ہونے کے حوالہ سے میرا یہاں آنے کا پلان نہیں تھا۔ اگرچہ مجھے علم تھا کہ مسجد کی تعمیر پر پچاس سال مکمل ہوئے ہیں لیکن میرے یہاں آنے کی یہ وجہ نہیں ہے۔
٭…جرنلسٹ نے عرض کیا کہ کل Hilton ہوٹل میں جو Reception کی تقریب ہوئی ہے اس میں منسٹر، پارلیمنٹ کے ممبران، ایمبیسڈر، رشیا اور امریکہ کے فرسٹ سیکرٹریز اور بعض دوسرے لوگ آئے تھے۔ 150 کے قریب مہمان تھے لیکن ان مہمانوں میں میرے علاوہ کوئی دوسرے پاکستانی لوگ نہیں تھے۔ ایسا کیوں تھا؟
اس سوال کے جواب میں حضور انور نے فرمایا: یہاں کی لوکل انتظامیہ اس کا بہتر جواب دے سکتی ہے۔ ہم نے پاکستانی ایمبیسڈر کو بلایا تھا اور ساتھ ایمبیسی کے لوگوں کو بلایا تھا۔ ایمبیسڈر کے بارہ میں پتہ چلا کہ وہ عمرہ کے لئے جا رہے ہیں اور دوسروں کے بارہ میں علم نہیں ہے کہ وہ کس وجہ سے نہیں آسکے۔
حضور انور نے فرمایا:یہ ہمارا نارمل طریق ہے کہ جب ہم ہر سال لندن میں سمپوزیم کا انعقاد کرتے ہیں تو اس میں بہت سارے پاکستانی کمیونٹی کے مہمان شامل ہوتے ہیں اور انڈین origin کے لوگ آتے ہیں۔ اب یہاں معلوم نہیں کہ پاکستانیوں کے ساتھ کیسے تعلقات ہیں یا تو تعلقات اتنے اچھے نہیں یا پھر وہ ہمارے پروگرام میں آنا نہیں چاہتے۔ لیکن مجھے اس بارہ میں معلوم نہیں۔
حضور انور نے فرمایا: ہم اسلام کا حقیقی پیغام یہاں کے لوکل ڈینش لوگوں میں پہنچانا چاہتے تھے۔ میرا خیال ہے اس وجہ سے شاید انہوں نے لوکل ڈینش لوگوں کو زیادہ دعوت دی ہے۔ یہاں تک کہ ہماری اپنی کمیونٹی کے ممبران بھی بہت کم تھے۔ شاید دس پندرہ کی تعداد میں موجود تھے۔

٭…جرنلسٹ نے سوال کیا: مَیں نے آپ کی جماعت کے بارہ میں مطالعہ کیا ہے۔ آپ کی جماعت دنیا بھر میں ’’مشنری ورک‘‘ کر رہی ہے۔ تو کیا آپ نے ’’ مشنری ورک‘‘ کے حوالہ سے کچھ عیسائیت سے لیا ہے اور یہ اصطلاح استعمال کی ہے؟
اس پر حضور انور نے فرمایا:اگر اس کے لئے انگریزی زبان میں کوئی دوسرا موزوں لفظ ہے تو ہم اسے اختیار کر سکتے ہیں۔ ہمارا کام ہی تبلیغی کام ہے اور اسلام کا پیغام پہنچانے کا کام ہے۔ بانی جماعت احمدیہ نے یہ اعلان کیا تھا کہ میرے آنے کے دو مقاصد ہیں۔ ایک یہ کہ ہر شخص اپنے پیدا کرنے والے خدا کو پہچانے، خدا کے قریب ہو اور دوسرا یہ کہ ہر انسان دوسرے انسان کے حقوق ادا کرے۔ ایک دوسرے کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئے۔
ان دونوں باتوں پر عمل کر کے ہی ہم دنیا میں امن، رواداری، بھائی چارہ اور باہمی محبت و پیار کا ماحول قائم کر سکتے ہیں۔ پس ہم دنیا میں یہ پیغام پہنچا رہے ہیں کہ اپنے پیدا کرنے والے ربّ کو پہچانو اور اس کے حقوق ادا کرو۔ اور یہ بھی بتا رہے ہیں کہ تم کس طرح خدا تعالیٰ کے قریب ہو سکتے ہو۔ اس کا سب سے بہترین ذریعہ یہ ہے کہ اسلام کی سچی اور حقیقی تعلیمات پر عمل کرو۔ قرآن کریم کے احکامات پر عمل کرو۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی سنت پر چلو۔ تو یہ وہ باتیں ہیں جن کا پیغام ہم پہنچا رہے ہیں۔ تو جب ہم کہتے ہیں کہ ہم مشنری ورک (Missionary Work)کر رہے ہیں۔ تو ہم نے یہ کبھی نہیں کہا کہ اپنے ساتھ شامل ہونے والوں کو کوئی مختلف طرز کی تعلیمات دے رہے ہیں۔
ہم تو یہ کہتے ہیں کہ یہ قرآن کریم کی تعلیم ہے اور یہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی سنّت ہے۔ آپ کا عمل ہے اور آپ کے ارشادات ہیں۔ پس اگر تم اس دنیا میں اور آخرت میں اپنی زندگی کو بچانا چاہتے ہو تو ان تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہمارے ساتھ مل جاؤ۔
٭…جرنلسٹ نے عرض کیا کہ احمدی مسلمانوں میں یہ نعرہ ہے ’’ محبت سب سے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ تو وہ اس میں لفظ اعتماد کا اضافہ کیوں نہیں کرتے کیونکہ نفرت اور محبت متضاد ہیں۔ جبکہ اعتماد ایک ایسی چیز ہے جس پر درمیان میں ملا جا سکتا ہے۔
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے حضور انور نے فرمایا: یہ ایک ایسا نعرہ ہے جو قرآن کریم سے لیا گیا ہے۔ اس کی بنیاد قرآن کریم پر ہے۔ ایک دوسرے سے محبت کرو اور ایک دوسرے کا احترام کرو۔ ہر ایک سے انصاف کرو۔ اپنے دشمن سے بھی عدل و انصاف سے پیش آؤ۔ جو اپنے لئے اچھا ہے وہی اپنے بھائی کے لئے بھی پسند کرنا چاہئے۔
حضور انور نے فرمایا:ہر جگہ، ہر موقع پر محبت ایک جیسی نہیں ہوتی۔ آپ اپنے بچے سے مختلف طریق سے محبت کرتے ہیں اور اپنے دوست سے مختلف انداز میں محبت کرتے ہیں۔ اسی طرح اپنی بہن اور بھائی سے مختلف طریق پر محبت کرتے ہیں۔
ایک دفعہ حضرت علیؓ سے ان کے ایک بیٹے نے پوچھا کیا آپ مجھ سے محبت کرتے ہیں؟ اس پر حضرت علیؓ نے جواب دیا ہاں میں تجھ سے محبت کرتا ہوں۔ پھر بچے نے پوچھا کیا آپ خدا سے محبت کرتے ہیں؟ اس پر حضرت علیؓ نے جواب دیا ہاں میں اللہ سے محبت کرتا ہوں۔ اس پر بچے نے کہا کہ یہ دونوں محبتیں ایک جگہ کیسے جمع ہو سکتی ہیں۔ اس پر حضرت علیؓ نے جواب دیا کہ جب اللہ کی محبت سامنے آئے گی تو میں تمہاری محبت کو چھوڑ دوں گا اور صرف خدا سے محبت کروں گا۔ اس کا مطلب ہے کہ محبت کے مختلف مدارج ہیں۔
حضور انور نے فرمایا: ہم اس بات پر ایمان رکھتے ہیں کہ دشمنوں سے محبت ان کے لئے ہمدردی رکھنا ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا ہے جو اپنے لئے چاہو، اپنے لئے پسند کرو وہی دوسروں کے لئے بھی پسند کرو۔ تم یہ چاہو کہ تم سے ہمدردی کی جائے تو پھر دوسروں کے لئے بھی ہمدردی کے جذبات اپنے دل میں رکھو۔
پس ہمارے اس سلوگن ’’محبت سب سے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کی بنیاد قرآن کریم کی تعلیمات پر ہے۔
٭…ایک سوال کے جواب میں حضور انور نے فرمایا: میں ایک عرصہ سے بتا رہا ہوں کہ اگر ہم نے عدل و انصاف سے کام نہ لیا اور بڑی طاقتوں نے غریب ممالک کے حقوق نہ دیئے اور غریب ممالک کی دولت لُوٹنی بند نہ کی تو پھر آپ کو یقین ہونا چاہئے کہ جنگ آپ کے دروازے پر ہے۔
حضور انور نے فرمایا: کتاب Pathway to Peace پڑھیں۔ اس میں ایڈریسز کے علاوہ وہ خطوط بھی ہیں جو بڑی طاقتوں کے سربراہان کے نام لکھے ہیں۔
حضور انور نے فرمایا: میں نے لاس اینجلیز (امریکہ) میں سیاستدانوں اور پڑھے لکھے لوگوں کے سامنے ایڈریس کیا تھا اور بتایا تھا کہ عدل و انصاف سے کام لیں اور احتیاط کریں ورنہ ہم تیسری عالمی جنگ کو روک نہیں سکتے۔ تو اس پر ایک سیاستدان نے میرے بارہ میں ہمارے ممبرز سے کہا تھا کہ بڑے pessimisticہیں۔اب اُس نے ہمارے آدمیوں کو پیغام دیا ہے کہ خلیفہ نے یہاں جو کہا تھا سچ کہا تھا۔ اب ہم ان حالات کے آثار دیکھ رہے ہیں۔
حضور انور نے فرمایا: جو قومیں اپنے پیدا کرنے والے کی طرف نہیں جھکیں گی اور اپنے پیدا کرنے والے کے حقوق ادا نہیں کریں گی اور لوگوں سے عدل و انصاف نہیں کریں گی اور لوگوں کے حقوق ادا نہیں کریں گی تو وہ سب خدا کی گرفت میں آئیں گی۔
حضور انور نے فرمایا: پہلے 1932ء میں اکنامک کرائسز آیاتھا۔ اب 2008ء میں اکنامک کرائسز آیا ہے۔ کروڑہا لوگ بے روزگار ہوئے ہیں۔ اس اکنامک کرائسز کے بعد دہشتگردی بڑھی ہے۔ اس کا فائدہ دہشتگرد تنظیموں نے اٹھایا ہے اور حالات فساد کی طرف بڑھے ہیں۔ اور اس کرائسز کے نتیجہ میں دنیا کا امن برباد ہوا ہے۔ یہ سب ایسی چیزیں ہیں جو جنگ کی طرف لے جارہی ہیں۔
حضور انور نے فرمایا: پس اگر تیسری عالمی جنگ سے بچنا ہے تو اس کا ایک ہی حَل ہے کہ اپنے پیدا کرنے والے کی طرف لوٹو اور اُس کے حقوق ادا کرو اور ایک دوسرے کے حقوق اداکرو۔ ایک دوسرے سے ہمدردی اور احترام سے پیش آؤ۔ اگر ایسا نہیں کرو گے تو پھر بچو گے نہیں۔
٭…جرنلسٹ نے سوال کیا کہ کیا وجہ ہے کہ آپ خواتین سے ہاتھ نہیں ملاتے؟
اس پر حضور انور نے فرمایا:ہم اسلام کی سچی اور حقیقی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے عورتوں کے احترام میں ان سے ہاتھ نہیں ملاتے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے خواتین کے احترام میں ہاتھ ملانے سے منع کیا ہے۔
حضور انور نے فرمایا: مختلف ممالک کی اقوام، قبائل اپنی اپنی روایات کی اتباع کرتے ہیں۔ ہندو ملتے ہوئے اپنے دونوں ہاتھ جوڑتے ہیں، جاپانی ملتے ہوئے اپنا سَر جھکاتے ہیں۔ افریقہ میں بعض قبائل کے بادشاہ ایسے ہیں کہ وہ ساتھ مل کر کھانا نہیں کھاتے خواہ کسی ملک کا صدر ہی ساتھ کیوں نہ ہو۔ انہوں نے اپنا کھانا علیحدہ تنہائی میں ہی کھانا ہے۔
حضور انور نے فرمایا: میں کسی دوسرے سے کہیں زیادہ عورتوں کا عزت و احترام کرتا ہوں۔
٭…جرنلسٹ نے سوال کیا: یہاں نمازوں میں، پروگراموں میں خواتین علیحدہ کیوں بیٹھتی ہیں؟
اس پر حضور انور نے فرمایا: ’’الحیاء من الایمان‘‘ حیا ایمان کا حصّہ ہے۔ پہلے اسی طرح ہوتا تھا جب مسجد میں علیحدہ جگہ نہیں ہوتی تھی تو مرد آگے نماز پڑھتے تھے اور خواتین ان کے پیچھے نماز پڑھتی تھیں۔ پھر اس طرح بھی ہوتا ہے کہ مسجد کے ایک ہی ہال میں ایک حصّہ میں مرد نماز پڑھتے ہیں اور درمیان میں سکرین لگا کر دوسری طرف خواتین نماز پڑھتی ہیں۔ اب جہاں علیحدہ علیحدہ ہال ہیں وہاں دونوں کی جگہ علیحدہ علیحدہ ہے۔
اب یہاں اس مسجد میں عورتوں کا ہال نیچے بلڈنگ میں ہے اور مسجد کے نیچے ہے۔ اس وقت مَرد زیادہ ہیں اس لئے نچلے والا ہال بھی مردوں کو دیا ہوا ہے۔ یہ over flowکی وجہ سے ہے اور خواتین مسجد سے بالمقابل دوسری بلڈنگ میں ایک بڑا ہال دیا ہوا ہے۔ اگر مَرد اور زیادہ ہو جائیں تو وہ پھر مارکی میں نماز پڑھتے ہیں اور عورتیں ہال ہی میں پڑھتی ہیں۔
٭…جرنلسٹ نے آخری سوال یہ کیا کہ عورتوں کے ایک گروپ نے ایک مسجد بنائی ہے اور اس کا نام ’’مریم مسجد‘‘ رکھا ہے اور وہاں تین عورتیں امام ہیں۔ کیا یہ آپ کے نزدیک قابل قبول ہے؟
اس پر حضور انور نے فرمایا: youtube یا WhatsApp پر یہ ویڈیو موجود ہے جہاں عورت امامت کروا رہی ہے اور مرد اور عورتیں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے نمازیں پڑھ رہے ہیں۔
حضور انور نے فرمایا: کیا آپ اپنا مذہب بنائیں گے یا آپ اگر مسلمان ہیں تو آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کے دین پر چلیں گے۔ جو کچھ بھی قرآن مجید میں لکھا ہو اہے ہم اس کی اتباع کریں گے اور جس طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے عمل سے کر کے دکھایا ہم اس کی اتباع کریں گے۔ جو کچھ یہ لوگ کر رہے ہیں یہ صرف اس زمانہ میں پبلک کو خوش کرنے کے لئے ہے اور جو غیر مسلموں کی طرف سے اعتراضات ہوتے ہیں ان سے بچنے کے لئے ہے۔
حضور انور نے فرمایا: شریعت کے ہر معاملہ میں شریعت کی اتباع ضروری ہے اور نماز کی ادائیگی کے معاملہ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے جو کر کے دکھایا اور جو ارشادات فرمائے ان کی پابندی لازمی ہے۔ اگر کوئی سچا اور حقیقی مسلمان ہے تو وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کے نمونہ کی ہی اتباع کرے گا۔
یہ انٹرویو گیارہ بج کر 25منٹ پر ختم ہوا۔
…………………………
انفرادی و فیملی ملاقاتیں
اس کے بعد پروگرام کے مطابق فیملیز ملاقاتیں شروع ہوئیں۔ آج صبح کے اس سیشن میں دس فیملیز کے 31؍افراد نے اپنے پیارے آقا سے ملاقات کی سعادت پائی۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء اور طالبات کو قلم عطا فرمائے اور چھوٹی عمر کے بچوں اور بچیوں کو چاکلیٹ عطا فرمائے۔ ان سبھی فیملیز نے حضور انور کے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت پائی۔
ملاقاتوں کا یہ پروگرام بارہ بج کر 35منٹ تک جاری رہا۔
…………………………
جماعت احمدیہ ڈنمارک کی نیشنل مجلس عاملہ کے ساتھ میٹنگ
بعد ازاں پروگرام کے مطابق نیشنل مجلس عاملہ جماعت احمدیہ ڈنمارک کی حضور انور کے ساتھ میٹنگ تھی۔
حضور انورہال میں تشریف لائے اور دعا کروائی اور میٹنگ کا آغاز ہوا۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جنرل سیکرٹری صاحب سے مجالس کے بارہ میں دریافت فرمایا۔ جنرل سیکرٹری صاحب نے بتایا کہ ہمارے سات حلقے ہیں اور ہماری تجنید 517ہے اور آج ایک بچی پیدا ہوئی ہے اور ہماری تجنید 518 ہو گئی ہے۔ سب حلقوں سے ریگولر رپورٹس نہیں ملتیں۔ شعبہ جات کے لحاظ سے مال اور تربیت کی رپورٹس باقاعدہ آتی ہیں۔
٭…سیکرٹری اشاعت نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کتاب World Crisis and the Pathway to Peace کا ڈینش ترجمہ شائع کیا گیا ہے۔ اسی طرح دو لاکھ فلائرز شائع کروائے گئے ہیں۔ ان میں سے 30ہزار تقسیم ہو چکے ہیں۔ اس پر حضور انور نے فرمایا آپ خدام کو دیں۔ انصار کو دیں تقسیم ہو جائیں گے۔ خدام ایک دن میں دس ہزار تقسیم کر دیں گے۔
سیکرٹری اشاعت نے بتایا کہ ہم نے بُک فیئر میں حصّہ لیا ہے اور وہاں بھی کتاب "World Crisis” تقسیم کی ہے۔ اور کَل رات کے فنکشن میں مہمانوں کو بھی دی ہے۔
٭…’’نیشنل سیکرٹری وقف نو‘‘ نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ واقفین نو کی کُل تعداد 38ہے۔ ان میں سے گیارہ 15سال سے اوپر کے ہیں اور 14لڑکے لڑکیاں پندرہ سال سے کم ہیں اور باقی پانچ سال سے کم ہیں۔
حضور انور نے فرمایا: وقف نو کا سلیبس موجود ہے۔ اب تو 21سال کے لئے سلیبس تیار ہو چکا ہے۔ یہ سلیبس حاصل کریں۔
حضور انور نے فرمایا: جو پندرہ سال سے اوپر ہیں ان سے بانڈ فِل کروائیں کہ وہ وقف کے لئے تیار ہیں اور جب یہ بچے اپنی تعلیم مکمل کریں تو تعلیم مکمل کرنے کے بعد پھر اپنا وقف فارم پُر کریں کہ ہم نے اپنی تعلیم حاصل کر لی ہے اور اب ہم باقاعدہ اپنی زندگی وقف کرنا چاہتے ہیں۔
حضور انور نے فرمایا: آپ وقف نو کا سیلبس لجنہ کو بھی دیں۔ لجنہ واقفات نو کی کلاس لجنہ کے ذریعہ ہو گی۔ سلیبس آپ کا ہو گا۔ پروگرام آپ کا ہو گا لیکن کلاس لجنہ ہی لے گی۔ لجنہ کی کلاس مَرد نہیں لے سکتے۔ اب آپ لجنہ کو پروگرام دیں۔ آپ نے ان کو ابھی تک کوئی پروگرام نہیں دیا اور نصاب بھی نہیں دیا۔ آپ پروگرام دیں گے تو وہ کلاسز کا انعقاد کریں گی۔
٭…نیشنل سیکرٹری سمعی و بصری نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے نئی ویب سائٹ لانچ کی ہے اور اس پر پریس کانفرنس Loadکی ہیں۔ جمعہ والے دن ترجمہ کے سسٹم کا انتظام اس شعبہ نے کیا تھا۔ آج کل MTAانٹرنیشنل کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
٭…نیشنل سیکرٹری ضیافت کو حضور انور نے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا آپ سیکرٹری ضیافت ہیں۔ آجکل آپ نے کھانا پکانے کے لئے Cookناروے سے منگوایا ہے۔ اپنی ٹیم تیار کریں۔
٭…نیشنل سیکرٹری جائیداد کو حضور انور نے ہدایت دیتے ہوئے فرمایا کہ جماعت کی جو بھی جائدادیں ہیں یہاں کوپن ہیگن میں ہے، ناکسکوو میں ہے مشن ہے اور اب مسجد کے لئے زمین بھی لی ہوئی ہے ان سب کا ریکارڈ اور حساب رکھیں۔
٭…نیشنل سیکرٹری وقف جدید نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جو سال گزرا ہے اس میں ہمارا وعدہ 74ہزار کرونر تھا اور وصولی 86ہزار کرونر ہوئی تھی۔
حضور انور نے دریافت فرمایا کہ شاملین کی تعداد کیا تھی؟ اس پر سیکرٹری وقف جدید نے بتایا کہ شاملین کی تعداد 389ہے جب کہ سال 2013ء میں شاملین کی تعداد 332تھی۔ حضور انور نے فرمایا: بچوں کو بھی اس میں شامل کریں۔ لجنہ ناصرات کو شامل کریں۔ اصل مقصد یہ ہے کہ بچوں کو عادت ڈالیں۔ رقم سے زیادہ چندہ کی اہمیت ہونی چاہئے اور چندہ کی اہمیت اس وقت ہو گی جب آپ بچوں کو شامل کرنا شروع کریں گے۔ حضور انور نے فرمایا اپنے چندہ کا معیار بڑھائیں۔
٭…نیشنل سیکرٹری تحریک جدید نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارا تحریک جدید کا وعدہ ایک لاکھ 27ہزار کرونر تھا اور وصولی ایک لاکھ پچیس ہزار کرونر ہوئی تھی۔ اس پر حضور انور نے فرمایا آپ کو صحیح طور پر یاد دہانی کروانی چاہئے تھی۔ سیکرٹری صاحب نے بتایا کہ شاملین کی تعداد 469ہے۔
٭…انٹرنل آڈیٹر نے بتایا کہ میں کوشش کرتا ہوں کہ ہر ماہ آڈٹ کر لیا کروں۔ حضور انور نے فرمایا: یہاں جو تعمیرات ہوئی ہیں ان کے لئے مرکز سے کتنا قرضہ لیا گیا ہے اور رقم کہاں سے آئی ہے؟ اس پر انٹرنل آڈیٹر نے جواب دیا کہ علم نہیں ہے۔ حضور انور نے فرمایا آپ اچھے آڈیٹر ہیں۔ آپ کو معلوم ہی نہیں کہ رقم کہاں سے آئی ہے۔
٭…نیشنل سیکرٹری امور خارجہ سے حضور انور نے فرمایا: کیا آپ نے لوگوں سے رابطے کئے ہیں اور میڈیا سے رابطے کئے ہیں۔ اپنے رابطوں کو بڑھائیں۔ اپنے پبلک ریلیشن بڑھائیں اور ہر طبقہ سے اپنے رابطے رکھیں۔یہاں پاکستانی شرفاء بھی ہوں گے ان سے بھی رابطے بڑھائیں۔ پبلک ریلیشن کی بہت کمی ہے۔ آج ایک جرنلسٹ نے سوال کیا تھا کہ کل کے پروگرام میں پاکستانی مہمان نہیںتھے۔ آپ کو اپنے رابطے اور تعلق رکھنے چاہئیں۔
٭…امین نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ میں اخراجات کا باقاعدہ حساب رکھتا ہوں۔
٭…نیشنل سیکرٹری وصایا نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ موصیان کی تعداد 77ہے۔ چھ مزید درخواستیں بھجوائی ہوئی ہیں۔ 77 میں سے دو وصیتیں کینسل بھی ہوئی ہیں اس لئے اب یہ تعداد 75ہے۔ ان میں 15انصار، 22خدام اور 38لجنہ ہیں۔
حضور انور نے عاملہ کے ممبران کا جائزہ لیا کہ کتنے موصی ہیں۔ حضور انور نے فرمایا عاملہ کے جو ممبران موصی نہیں ہیں ان کو بھی وصیت کرنے کی تحریک کریں۔ وصیت لازمی تو نہیں ہے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ نے لازمی رنگ میں تحریک کی تھی۔
حضور انور نے فرمایا: جرمنی میں جو لوگ ایسی جگہوں پر کام کرتے تھے جہاں شراب، سؤر کا کاروبار ہو رہا ہے ان کے بارہ میں ہدایت دی تھی کہ ان سے چندہ نہیں لینا۔ وہاں کام کرنے کے لئے ان کی مجبوری ہے، جماعت کی کوئی مجبوری نہیں کہ ان سے چندہ لے۔ اضطراری کیفیت ان کام کرنے والے لوگوں کی ہوگی۔ جماعت کی کوئی اضطراری کیفیت نہیں ہے۔ سینکڑوں لوگوں سے چندہ لینے سے انکار کیا گیا۔ اس پر امیر صاحب نے کہا کہ ہماری آمد کم ہو جائے گی۔ اس پر میں نے کہا جو اصول ہے، وہ اصول ہے ۔ آپ وصیت پر زور دیں گے تو آپ کی آمد کم نہیں ہوگی۔ سال کے آخر پر جو جائزہ سامنے آیا اُس کے مطابق بجائے اس کے کہ تین چار لاکھ یورو کی کمی نہ ہوئی بلکہ دو لاکھ یورو کی زائد آمد ہوئی۔
حضور انور نے فرمایا: عاملہ کے ممبران کوشش کریں کہ سب موصی ہوں اگر وصیت کی شرائط پر پورا نہیں اترتے تو شرائط پوری کرنے کی کوشش کریں۔
٭…نیشنل سیکرٹری تربیت نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ امیر صاحب قرآن کریم کی کلاس لیتے ہیں۔ ترجمہ قرآن پڑھاتے ہیں۔ صحت تلفظ کے بارہ میں بھی ساتھ بتاتے ہیں۔
حضور انور نے فرمایا: شعبہ تربیت کا کام ہے کہ نمازوں کی طرف توجہ دلائیں ۔ قرآن کریم میں ایمان بالغیب کے بعد نماز قائم کرنے کا حکم ہے۔ حضور انور نے دریافت فرمایا : اس مسجد کے حلقے میں کتنے لوگ رہتے ہیں؟ اس پر سیکرٹری نے بتایا کہ پانچ سے آٹھ میل کے اندر پچاس کے قریب لوگ رہتے ہیں۔ اس پر حضور انور نے فرمایا جرمنی میں تو چالیس، پچاس میل سفر کر کے لوگ نماز کے لئے آتے ہیں۔ یہاں نمازوں کی حالت کافی بُری ہے۔ آج بھی کم لوگ آئے ہیں۔ اگر چالیس پچاس لوگ قریب رہتے ہیں اور وہ ان دنوں میں نہیں آ رہے تو باقی دنوں میں دو تین ہی آتے ہوں گے۔
حضور انور نے فرمایا: میں نے اپنے خطبہ میں نماز کی طرف توجہ دلائی تھی تو کیا اگلے روز مسجد میں حاضری بڑھی تھی کہ نہیں۔ نہیں بڑھی ہو گی۔ خطبہ ہی نہیں سنا ہو گا یا کہا ہو گا اُن لوگوں کے لئے ہے جو سامنے بیٹھے ہوئے ہیں۔
حضور انور نے فرمایا: کلاسیں لگا کر قرآن کریم پڑھا دیا اور ترجمہ پڑھا دیا لیکن سورۃ البقرہ کی تیسری آیت پر عمل نہیں کر رہے۔ انصار نہیں کر رہے، عاملہ کے ممبران نہیں کررہے تو کیا فائدہ قرآن کریم پڑھانے کا اور اس کا ترجمہ پڑھانے کا۔
حضور انور نے فرمایا: بنیادی چیزوں پر آپ کی توجہ نہیں تو باقی کیا رہ گیا۔ نماز باجماعت کی طرف بار بار توجہ دیں، قرآن کریم، حدیث اور خطبات سے حوالے نکال کر ہر ہفتہ گھروں میں بھیجا کریں۔
حضور انور نے فرمایا: جو مسجد سے زیادہ دور رہتے ہیں، دو تین گھرانے اکٹھے ہوں تو نماز اکٹھے پڑھ لیا کریں۔ آپس میں محبت بڑھے گی۔ اگر پہلے سے محبت ہے تو مزید بڑھے گی۔
حضور انور نے فرمایا: نماز کی عادت ڈالیں تو بچوں کو بھی عادت پڑے گی۔ عورتوں کو شکوہ ہے کہ مرد نماز پر نہیں آتے۔
حضور انور نے فرمایا: ذیلی تنظیمیں، خدام انصار اور لجنہ جو اپنے پروگرام کرتی ہیں وہ سب مل کر ایک ہی دن میں اپنے علیحدہ علیحدہ پروگرام بنا لیں۔ اطفال کے علیحدہ بنائیں۔ اب تو آپ کے پاس کافی جگہ ہے، کئی ہال ہیں، لائبریری ہے۔ آپ سب ایک دن میں اپنے پروگرام بنا سکتے ہیں۔ تو اس طرح ساری فیملی ایک ہی دن میں مسجد آئے گی تو پھر یہ بہانہ نہیں ہو گا کہ کبھی انصار، کبھی لجنہ اور کبھی خدام کے پروگرام کے لئے بار بار آنا پڑتا ہے۔ تو ہمارا اتنا خرچ ہو جاتاہے۔
حضور انور نے فرمایا: اپنے ساتوں حلقوں میں سیکرٹری تربیت کو فعال کریں۔ ایسا سیکرٹری تربیت ہو جو پیار سے کام کر سکے۔ اس سے شکوے دور ہو جائیں گے۔ تقویٰ نہ ہونے کی وجہ سے شکوے پیدا ہوتے ہیں۔
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام نے فرمایا ہے:
تقویٰ یہی ہے یارو کہ نخوت کو چھوڑ دو
کبر و غرور و بخل کی عادت کو چھوڑ دو
حضور انور نے فرمایا: جو جماعتی جلسے ہیں جلسہ سیرۃالنبی صلی اللہ علیہ و سلم، جلسہ یوم مسیح موعودؑ، جلسہ یوم مصلح موعودؓ، جلسہ یوم خلافت یہ تو سب اکٹھے ہوتے ہیں۔ ساری جماعت ان جلسوں میں شامل ہوتی ہے۔ ان کے علاوہ ذیلی تنظیمیں اپنا پروگرام ایک دن میں بنا لیا کریں۔
حضور انور نے فرمایا: آپ نے یہاں جلسوں کی جو حاضری بتائی ہے اس میں لجنہ و ناصرات کی تعداد زیادہ ہے۔ انصار، خدام کی کم ہے۔ اس طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
حضور انور نے فرمایا: آپ کے ان اجتماعی پروگراموں کی وجہ سے اگر سارے آ رہے ہوں گے تو یہ فیملیز کی اصلاح کا موجب بھی بنے گا۔ یہاں کے ماحول سے نکالنے کے لئے ایسے پروگرام ضروری ہیں۔
٭…یہ رپورٹ پیش ہونے پر کہ امیر صاحب ڈنمارک گھروں میں باقاعدہ وزٹ کرتے ہیں۔ حضور انور نے فرمایا: امیر صاحب باقاعدہ گھروں میں وزٹ کرتے رہیں۔ اگر کسی جگہ سے نہ بھی ہوتی ہے تو واپس آجائیں۔ حکم بھی یہی ہے کہ سلام کریں اور جواب نہیں ملتا تو واپس آجائیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کے ایک صحابی محض اس حکم پر عمل کرنے کے لئے گھروں میں جاتے تھے کہ اگر کہیں سے سلام کا جواب نہیں ملے گا یا انکار ہو جائے گا تو واپس آجاؤں گا تو اس طرح اس حکم پر بھی عمل ہو جائے گا۔
٭…نیشنل سیکرٹری امور عامہ نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت کوئی معاملہ میرے پاس نہیں ہیں۔
اس پر حضور انور نے فرمایا: امور عامہ کا کام صرف جھگڑے نپٹانا نہیں۔ یا صرف قضاء کے فیصلوں کی تنفیذ کروانا نہیں۔ یہ تو ایک ضمنی کام ہے۔
امور عامہ کا کام یہ ہے لوگوں کی مدد کرے، لوگوں کو ملازمتیں، Jobدلوانے میں مدد کرے۔ جو فارغ ہیں ان کو کام کے راستے بتائے۔ ان کی رہنمائی کرے۔ آپ قواعد پڑھیں اور اس پر عمل کریں۔
حضور انور نے فرمایا:تربیت کا کام فعال ہوجائے تو امور عامہ اور مال کے کام میں سہولت پیدا ہو جاتی ہے۔ اور اسی طرح شعبہ تربیت کے فعال ہونے کی وجہ سے مربیان کے کام میں آسانی پیدا ہو جاتی ہے۔
٭…نیشنل سیکرٹری تعلیم کو حضور انور نے ہدایت دیتے ہوئے فرمایا کہ آپ اپنے تمام طلباء کا Dataاکٹھا کریں۔ آپ کے پاس ریکارڈ ہونا چاہئے۔ طلباء کی کونسلنگ کریں۔ ان کی گائیڈنس ہو تاکہ وہ یونیورسٹیز میں صحیح مضمون کا انتخاب کر سکیںجو آئندہ ان کے کام آنا ہے۔
حضور انور نے فرمایا: آپ بعض دوسرے ماہرین سے بھی ان کو معاوضہ دے کر اپنے طلباء کی کونسلنگ کرواسکتے ہیں۔
٭…نیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت کو حضور انور نے ہدایت دیتے ہوئے فرمایا: لوگوں کو کام کی طرف توجہ دلائیں۔ ایسے لوگ جو صحتمند ہیں کچھ نہ کچھ اپنے ہاتھ سے کام کریں۔ کام کرنے کی عادت ڈالنے کی کوشش کرنی چاہئے۔
٭…نیشنل سیکرٹری مال نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 201ملین کرونر ہمارا بجٹ ہے۔ چندہ دینے والوں کی تعداد 189ہے جن میں 112 چندہ عام دینے والے ہیں اور 77موصی ہیں۔ چندہ عام کا بجٹ 9لاکھ کرونر ہے جبکہ موصیان کا بجٹ ساڑھے سات لاکھ کرونر ہے۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فی کس آمد کے حساب سے چندہ عام اور چندہ وصیت کا جائزہ لیا۔ جائز لینے کے بعد حضور انور نے فرمایا کہ یہاں موصی کی آمد کم ہے اور چندہ عام دینے والوں کی آمد زیادہ ہے۔ جب کہ دنیا میں ہر جگہ موصی کی آمد زیادہ ظاہر ہوتی ہے اور دوسروں کی کم ظاہر ہوتی ہے کیونکہ موصی تقویٰ اختیار کرتے ہوئے شرح کے مطابق چندہ ادا کرتا ہے۔ آپ اپنے تقویٰ کے معیار بڑھائیں۔
حضور انور نے فرمایا: موصیان کو رسالہ ’الوصیت‘ سے اقتباسات نکال کر دیا کریں اور انہیں بتائیں کہ یا تو صحیح شرح پر موصی چندہ دیں یا پھر اپنی وصیت کینسل کروالیں۔
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ مجھے اس بات کی کوئی فکر نہیں کہ رقم کہاں سے آنی ہے۔ خدا دیتا ہے۔ ہاں جو نہیں دیتا اس کے لئے فکر ہونی چاہئے کہ مالی قربانی اور چندوں سے محروم ہو کر خدا کے فضل سے محروم ہو رہے ہیں۔ آپ اپنے ذاتی رابطوں کے ساتھ ایسے لوگوں کو توجہ دلاتے رہیں۔
حضور انور نے فرمایا: اگر کوئی چندہ احسان کے رنگ میں دے رہا ہے تو نہ دے۔ خدا تعالیٰ تو یہ فرماتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا تم پر احسان ہے کہ تم کو ایمان لانے کی توفیق بخشے اور ایمان یہ ہے کہ خدا تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرو اور خدا تعالیٰ کی رضا کی خاطر خرچ کرو۔
٭…ایڈیشنل سیکرٹری مال کو حضور انور نے ہدایت دیتے ہوئے فرمایا کہ لوگوں کے گھروں میں جائیں اور ان کو توجہ دلائیں اور بتائیں کہ میرے سپرد یہ کام کیا گیا ہے کہ چندہ کی طرف اور اس کے معیار کی طرف توجہ دلاؤں۔ اگر آپ شرح کے مطابق چندہ ادا نہیں کر رہے تو اپنا چندہ صحیح کرلیں۔ میرا کام چندہ کے معیار کی طرف توجہ دلانا ہے۔ پس حوصلہ اور صبر کے ساتھ توجہ دلاتے رہیں۔
٭…عاملہ کے ایک ممبر نے گمنام خطوط کے حوالہ سے سوال کیا۔ اس سوال کے جواب میں حضور انور نے فرمایا: گمنام خطوط پر ایکشن نہیں لیا جاتا۔ میں اس لئے واپس بھجواتا ہوں تاکہ امیر کو اور دوسرے عہدیداروں کو علم ہو کہ لوگوں کی اس قسم کی سوچیں ہیں۔ اس طرح اپنی اصلاح کا موقع ملتا ہے۔ ماحول میں لوگوں کی نفسیات کا پتہ لگ جاتا ہے۔ فتنہ پردازوں کا پتہ لگ جاتا ہے۔
سوال کرنے والے دوست نے مزید کہا کہ جب ہم کوئی شکایت کرتے ہیں یا کسی الزام کی وضاحت کرتے ہیں اور حضور کو خط بھجواتے ہیں تو ہمیں یہ ڈر ہوتا ہے کہ یہاں کی انتظامیہ ہمیں جماعت سے نکلوا دے گی۔
اس پر حضور انور نے فرمایا: یہ آپ کی خلیفۂ وقت پر بد ظنّی ہے۔ جو جماعت سے نکلتے ہیں وہ ایک انتہا ہوتی ہے۔ دوسروں کے حقوق غصب کرنے والوں کا، دوسروں کے حق مارنے والوں کا جماعت سے اخراج ہوتا ہے۔ اور اس سے کم جوسزا ہوتی ہے وہ چندہ نہیں لیا جاتا اور عہدہ نہیں دیا جاتا یا جماعتی پروگراموں میں شرکت پر پابندی ہوتی ہے۔
حضور انور نے فرمایا: آپ کو نظام جماعت کا پتہ ہی نہیں، آپ پیدائشی احمدی ہیں اور 64سال عمر ہے اور جماعتی نظام سے ناواقف ہیں۔ آپ کو معلوم ہی نہیں کہ خلیفہ وقت نے کس طرح کام کرنا ہے۔ اپنے ذہنوں سے جاہلانہ سوچ نکالیں۔
حضور انور نے فرمایا: بعض دفعہ عارضی سزا مل بھی جاتی ہے۔ میں عہدیداروں کو توجہ دلا چکا ہوں کہ مجھے صحیح رپورٹ بھجوایا کرو اور پوری طرح تحقیق کر کے اور چھان بین کر کے بھجوایا کرو تاکہ کسی کو غلط سزا نہ ملے۔ اگر کبھی ایسا ہو جائے کہ کسی کو غلط سزا مل جائے تو بعد میں کمیشن کے ذریعہ تحقیق کر کے جو بھی اصل قصوروار ہو اس کو سزا ملتی ہے۔
حضور انور نے فرمایا: ہمیشہ یاد رکھیں خدا سے رحم اور فضل مانگنا چاہئے۔ ایک شخص ایک جرم میں پکڑا گیا۔ اس نے وہ جرم نہیں کیا تھا۔ اس نے خدا سے کہا کہ اے اللہ مجھے انصاف دے۔ عدالت میں فیصلہ ہو گیا اور اسے سزا مل گئی۔ اس نے کہا کہ میں نے انصاف مانگا تھا۔ اس پر خدا نے کہا تمہیں رحم اور فضل مانگنا چاہئے تھا۔ تم نے انصاف مانگا تھا وہ تمہیں مل گیا۔ تم نے فلاں وقت فلاں جانور کو مار دیا تھا یہ اس کی سزا تمہیں ملی ہے۔
حضور انور نے فرمایا: آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کے بعض صحابہ کا مقاطعہ تھا۔ یہ صحابہ مسجد جاتے تھے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اپنے ان صحابہ پر نظر ڈالتے تھے۔ ایک صحابی بیان کرتے ہیں کہ مجھے یوں محسوس ہوتا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مجھے دیکھ رہے ہیں۔ میں اپنا چہرہ اٹھاتا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم اپنا رُخ بدل لیتے۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: تو یہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک اصلاح تھی۔ آپؐ محبت سے ان صحابہ کی طرف دیکھا کرتے تھے اور جب ان کی اصلاح ہو گئی تو آپؐ نے انہیں معاف کر دیا۔
اسی ممبر نے پھر عرض کیا کہ میں نے اپنے بیٹے کو روک دیا کہ اب خط نہیں لکھنا ایسا نہ ہو کہ سزا مل جائے۔
اس پر حضور انور نے فرمایا: جب بچوں کو اس طرح روکیں گے تو پھر بچوں کے ذہن میں بدظنّیاں پیدا ہوں گی۔ دُوریاں ہوں گی اور نظام سے فاصلے بڑھیں گے۔ یہ یادرکھیں کہ کوئی فیصلہ کسی کے کہنے پر نہیں ہوتا۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے یہ فرمایا تھا کہ اگر کوئی غلط فیصلہ کروا رہا ہو گا تو وہ اپنے پیٹ میں آگ بھر رہا ہو گا۔ ایک طرف تو وہ اپنے پیٹ میں آگ بھر رہا ہو گا اور دوسری طرف اگر دوسرا فریق پیچھے ہٹ جائے تو یہ غلط ہے۔ پھر یہ دوسرا فریق بھی اپنا نقصان کر رہا ہو گا۔
حضور انور نے فرمایا: ایسے فیصلہ جات انسان کے گناہ بخشوانے کا موجب بن جاتے ہیں۔
نیشنل مجلس عاملہ جماعت ڈنمارک کی یہ میٹنگ ایک بج کر پچاس منٹ پر ختم ہوئی۔ اس کے بعد مجلس عاملہ کے ممبران نے حضور انور کے ساتھ گروپ فوٹو بنوانے کا شرف پایا۔ حضور انور نے از راہ شفقت عاملہ کے تمام ممبران کو شرف مصافحہ سے نوازا۔
بعد ازاں دو بجے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد نصرت جہاں میں تشریف لا کر نماز ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔
…………………………
کوپن ہیگن (ڈنمارک) سے مالمو (سویڈن) کے لئے روانگی
آج پروگرام کے مطابق ڈنمارک کا دورہ مکمل ہو رہا تھا۔ اور کوپن ہیگن سے مالمو (Malmo)سویڈن کے لئے روانگی تھی۔
مکرم مامون الرشید صاحب امیر جماعت سویڈن، مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن اور مکرم منصور احمد صاحب صدر خدام الاحمدیہ سویڈن حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو خوش آمدید کہنے کے لئے مالمو سے کوپن ہیگن پہنچے تھے۔ سویڈن کے سفر کے لئے پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق قافلہ کے لئے گاڑیاں سویڈن سے آئی تھیں۔
احباب جماعت ڈنمارک دوپہر کے بعد سے ہی اپنے پیارے آقا کو الوداع کہنے کے لئے مسجد نصرت جہاں میں جمع ہونے شروع ہو گئے تھے۔ ایک طرف خواتین اور بچیاں کھڑی تھیں تو دوسری طرف مرد حضرات موجود تھے۔ بچیاں گروپس کی صورت میں الوداعی دعائیہ نظمیں پڑھ رہی تھیں۔
پانچ بج کر پانچ منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائشگاہ سے باہر تشریف لائے اور کچھ دیر اپنے عشاق میں رونق افروز رہے۔ اس دوران ایک طرف تو بچیاں نظمیں پڑھ رہی تھیں دوسری طرف خواتین شرف زیارت سے فیضیاب ہو رہی تھیں اور مرد حضرات اپنے ہاتھ بلند کر کے اپنے آقا کو الوداع کہہ رہے تھے۔
حضورا نور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دعا کروائی اور قافلہ Malmo سویڈن کے لئے روانہ ہوا۔
مسجد محمود (مالمو)میں تشریف آوری ۔ احباب جماعت کی طرف سے والہانہ استقبال
کوپن ہیگن سے مالمو (Malmo)کا فاصلہ 45کلومیڑ ہے۔ کوپن ہیگن اور مالمو کے درمیان سمندر ہے جس پر 16 کلومیٹر لمبا پُل تعمیر کر کے ان دونوں شہروں کو آپس میں ملادیا گیا ہے۔ پُل کراس کر کے جونہی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سویڈن کی حدود میں داخل ہوئے تو یہاں سے سویڈن پولیس کی گاڑیوں نے قافلہ کو Escortکیا اور مالمو کے جماعتی مرکز تک پہنچنے کے تمام راستے پولیس نے ساتھ ساتھ کلیئر کئے۔
حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا سویڈن کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ اس سے قبل حضور انور نے سال 2005ء میں 11ستمبر سے 19ستمبر تک دورہ فرمایا تھا۔
آج کا دن بھی جماعت احمدیہ سویڈن کے لئے بہت مبارک دن تھا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مبارک قدم دوسری بار سویڈن کی سر زمین پر پڑے ہیں۔ اللہ تعالیٰ یہ سعادت سویڈن جماعت کے لئے ہر لحاظ سے خیر و برکت کا موجب بنائے اور یہ سفر ترقیات کے نئے دروازے کھولنے والا اور نئی راہیں عطا کرنے والا ہو۔ آمین۔
ابھی مالمو شہر میں داخل ہو رہے تھے کہ موٹروے پر دُور سے ہی مالمو میں تعمیر ہونے والی جماعت احمدیہ سویڈن کی دوسری مسجد ’’ مسجد محمود‘‘ کی وسیع و عریض دو منزلہ عمارت اپنے مینار اور چمکتے ہوئے گنبد کے ساتھ نظر آنے لگی۔ بہت خوبصورت مسجد تعمیر ہوئی ہے اور ہر دیکھنے والے کی نظر کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔
چھ بج کر دس منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ’’مسجد محمود‘‘ مالمو (سویڈن) تشریف آوری ہوئی۔ جہاں احباب جماعت سویڈن نے اپنے پیارے آقا کا والہانہ استقبال کیا۔ بچوں اور بچیوں نے گروپس کی صورت میں خیر مقدمی گیت پیش کئے۔ اھلاً و سہلاً و مرحبًا کی آوازیں ہر طرف سے آرہی تھیں۔ خواتین مسلسل شرف زیارت سے فیضیاب ہو رہی تھیں اور احباب جماعت اپنے ہاتھ بلند کرتے ہوئے اپنے پیارے آقا کو خوش آمدید کہہ رہے تھے۔
جونہی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز گاڑی سے باہر تشریف لائے تو صدر جماعت مالمو مکرم محمد داؤد خان صاحب اور مبلغ سلسلہ مالمو مکرم طاہر حیات صاحب اور مبلغ سلسلہ لولیو (Lulea) مکرم رضوان افضل صاحب نے اپنے پیارے آقا کو خوش آمدید کہا اور استقبال کیا۔
حضور انور نے اپنا ہاتھ بلند کرتے ہوئے سب احباب کو السلام علیکم کہا اور رہائشی حصہ میں تشریف لے گئے۔
آج پیارے آقا کا استقبال کرنے والوں میں مالمو کی مقامی جماعت کے علاوہ ملک کی دوسری مختلف جماعتوں سے بھی احباب مالمو پہنچے تھے۔ گوتھن برگ سے آنے والے 288کلومیٹر، سٹاک ہالم (Stockholm) سے آنے والے 615 کلومیٹر اور جماعت Lulea سے آنے والے 1510 کلومیٹر کا طویل فاصلہ طے کر کے پہنچے تھے اور محض اس لئے پہنچے تھے کہ اپنے آقا کا دیدار کر سکیں اور اپنے آقا کے قرب کی چند گھڑیاں نصیب ہو جائیں۔ حضور انور کی اقتدا میں نمازیں ادا کر لیں۔ اللہ تعالیٰ یہ سعادتیں اور یہ بابرکت دن سب کے لئے مبارک فرمائے۔ آمین۔
نو بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائشگاہ سے باہر تشریف لائے اور مسجد محمود کے ساتھ تعمیر ہونے والے کمپلیکس کا معائنہ فرمایا۔ مسجد محمود کے مردانہ اور لجنہ کے ہال کے علاوہ لائبریری، نمائش ہال، دفاتر، مشن ہاؤس، ملٹی پرپز ہال، مبلغ کی رہائش، جماعتی کچن اور گیسٹ ہاؤس اور دیگر مختلف انتظامی کاموں کے لئے کمرے تعمیر ہوئے ہیں۔ (تفصیلی کوائف کا ذکر آئندہ رپورٹس میں آئے گا۔ )
نو بج کر 15منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد محمود میں تشریف لا کر نماز مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔
(باقی آئندہ)




