رپورٹ دورہ حضور انور

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ سویڈن 2016ء

(عبدالماجد طاہر۔ ایڈیشنل وکیل التبشیر لندن)

٭…ہم حقیقی اسلامی تعلیمات جو قرآن کریم میں بیان ہوئیں اور پیغمبر اسلام کے اسوہ میں دیکھنے کو ملیں ان کی تبلیغ کرتے ہیں۔ اور دوسری چیز انسانیت کی خدمت ہے۔یہی دو کام ہماری توجہ کامرکز ہیں۔٭…میرے خیال میں اگر میں ملکی قانون پر عمل کرتاہوں، ملک کے ساتھ وفادار ہوں، ملک کے شہریوں کے حقوق اداکرتاہوں اور اس ملک کی ترقی کے لئے بھرپورکوشش کرتاہوں تو میرے نزدیک مَیں اس ملک میں integrated ہوں اور اس ملک کا حصہ ہوں۔

……………………………………………(سویڈش نیشنل ریڈیو کی نمائندہ کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا انٹرویو)

انفرادی و فیملی ملاقاتیں۔ ڈنمارک کے اخبارات میں حضور انور کے دورہ کی خبریں۔ مالمومشن اور سویڈن میں قائم مساجد و مراکز نماز کا مختصر تعارف۔ سویڈن کے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں مسجد محمود کے افتتاح کی خبریں۔ مسجد محمود کا افتتاح۔ خطبہ جمعہ۔

……………………………

11مئی 2016ء بروز بدھ

(حصہ دوم آخر)

……………………………

سویڈن کے نیشنل ریڈیو کی نمائندہ کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا انٹرویو

٭…بعدازاں سویڈیش نیشنل ریڈیو کی نمائندہAnna Bubehko نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا انٹرویو لیا۔ موصوفہ نے کہا کہ میرا طریق ہے کہ جب بھی میں کسی کا انٹرویولیتی ہوں تو اس سے ان کا تعارف پوچھتی ہوں۔ لہٰذا آپ بھی بتائیں کہ آپ کون ہیں؟

اس پر حضورانو رایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: میں خدا تعالیٰ کاایک عاجز انسان ہوں۔ میرا 2003ء میں بطور سربراہ جماعت احمدیہ انتخاب ہواتھاجس کو ہماری جماعت خلیفہ کے نام سے پکارتی ہے۔ پس تب سے میں اس جماعت کی سربراہی کررہاہوں۔

٭…موصوفہ نے پوچھاکہ خلیفہ بننا کیسالگتاہے؟

اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ یہ کوئی سیاسی یا دنیاوی لیڈرشپ کی طرح نہیں ہے۔ اپنے ییروکاروں کاخیال رکھنا، انہیں اسلام، قرآن اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی اصل تعلیمات کے بارہ میں بتانامیری ذمہ داری ہے اور اس مقصد کی پیروی کرنا جس کولے کر بانی جماعت احمدیہ آ ئے تھے اور وہ مقصدیہ تھاکہ بنی نوع انسان کو اس کے خالقِ حقیقی کے قریب کیاجائے اور بنی نوع انسان کو حقوق العباد کی ادائیگی کا احساس دلایاجائے۔

٭…موصوفہ نے پوچھاکہ دنیا میں ملینز کی تعداد میں احمدی مسلمان ہیں۔ آپ دورانِ سال کتنا سفرکرتے ہیں؟

گوکہ میں سفر تو کرتاہوں مگر میں یہ نہیں کہوں گاکہ احمدیوں کی بہت بڑی تعداد کے ساتھ مل چکاہوں۔میں نے مشرقی و مغربی افریقہ، انڈیا، نارتھ امریکہ، یورپ، جاپان، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے دورے کئے ہیں جہاں میں افرادِ جماعت کے ساتھ ملاہوں۔گزشتہ 13 برس کے دوران میں نے ان ممالک کے دورے کئے ہیں۔آپ کہہ سکتے ہیں کہ سال میں دو یا تین ماہ سے زیادہ عرصہ میں باہر گزارتاہوں۔

٭…موصوفہ نے پوچھاکہ کیا کوئی ایسا ملک بھی ہے جہاں آپ نہ گئے ہوں؟

اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: کافی ملک ہیں جہاں میں کبھی نہیں گیا۔ انڈونیشیا میں ہماری بہت بڑی جماعت ہے وہاں میں کبھی نہیں گیا۔ ملائیشیا میں ہماری جماعت ہے اور وہاں بھی نہیں گیا۔اسی طرح جنوبی امریکہ میں ہماری جماعت میں اضافہ ہورہاہے اور وہاں بھی نہیں گیا۔مغربی افریقہ کے بعض ممالک میں نہیں گیا۔ سیرالیون، لائبیریا اور آئیوری کوسٹ نہیں گیا۔مشرق وسطیٰ کے ممالک میں ہماری جماعت قائم ہے مگر وہاں نہیں جاسکتا۔پاکستان میں ہماری بہت بڑی جماعت ہے جہاں میں خلیفہ منتخب ہونے سے پہلے رہائش پذیر تھااور خلیفہ بننے کے بعد وہاں نہیں جاسکتا کیونکہ وہاں ایسے قوانین ہیں جن کی وجہ سے ہم اپنے عقیدے کااظہار اور پرچارنہیں کرسکتے۔

٭…اس کے بعد موصوفہ نے کہا کہ آپ کے نزدیک اس وقت احمدی مسلمانوں کے لئے سب سے بڑا سوال کیاہے؟ اور آپ کی توجہ کس طرف ہے؟

اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: جیساکہ مَیں نے پہلے بتایاکہ میری ذمہ داری بنی نوع انسان کو اس کے خالق کے قریب کرنا ہے اور یہ کوئی معمولی کام نہیں ہے۔ آج کے دور میں لوگ مذہب کی بجائے دنیا کی طرف زیادہ رغبت رکھتے ہیں۔ اور پھر یہ بھی ذمہ داری ہے کہ لوگ ایک دوسرے کے حقوق اداکریں۔ کیونکہ جب تک آپ دوسروں کے حقوق ادا نہیں کرتے آپ امن قائم نہیں کرسکتے۔اگر ہرایک اپنے اوپر عائد دوسرے کے حقوق کی ادائیگی کررہاہوتو پھر لڑائی جھگڑے کی کوئی صورت نہیں بچتی۔

٭…موصوفہ نے اس پر کہا کہ یہ پہلو تو کافی وسیع ہیں۔ آپ کسی ٹھوس بات کی مثال دے سکتے ہیں جس پر آپ کام کررہے ہیں؟

اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: ہمارا یہی مشن ہے اور اسی مشن پر دنیا بھر میں کام ہورہاہے۔ ایک تو مشنری کا کام ہے یعنی ہم حقیقی اسلامی تعلیمات جو قرآن کریم میں بیان ہوئیں اور پیغمبر اسلام کے اسوہ میں دیکھنے کو ملیں ان کی تبلیغ کرتے ہیں۔ اور دوسری چیز انسانیت کی خدمت ہے جو ہم تیسری دنیا کے ممالک میں بجالارہے ہیں۔مثال کے طور پر ہم سکول، ہسپتال اور دیگر سہولیات مہیاکررہے ہیں۔تیسری دنیا کے بعض ممالک بالخصوص افریقہ میں بعض ایسی جگہیں ہیں جہاں پینے کا پانی نہیں ہے۔پھر ہم نے اس طرح کے کئی اور انسانی خدمت کے پراجیکٹس شروع کررکھے ہیں جس میں ماڈل ویلجز کی تعمیر وغیرہ شامل ہیں۔ اس طرح کے کئی اور کام ہیں۔ مجھے نہیں پتہ کہ آپ معین طورپر کیا پوچھنا چاہ رہی ہیں۔

٭…اس پر خاتون صحافی نے کہاکہ میری مراد تھی ایسی چیزیں جن پر آپ اس وقت زیادہ توجہ کے ساتھ کام کررہے ہیں۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایاکہ: تبلیغ کا کام ہے۔اسلامی تعلیمات کو پھیلانے کا کام ہے اور پھر انسانی خدمت کا کام ہے۔یہی دو کام ہماری توجہ کامرکز ہیں۔

٭…اس کے بعد موصوفہ نے سوال کیاکہ مارچ میں گلاسگو میں ایک احمدی مسلمان کو قتل کردیاگیاتھا۔کیا آپ بتاسکتے ہیں اس واقعہ نے برطانیہ میں جماعت احمدیہ پر کیااثرکیا؟

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: آپ کو پتہ ہے کہ یورپین ممالک اور یوکے میں مذہبی آزادی ہے۔ ایک قتل کا واقعہ ہواتھا اور جس شخص نے یہ قتل کیاتھا اس کو پولیس نے پکڑ لیاہے اور وہ اس وقت جیل میں ہے اور اسے اس کی سزا مل جائے گی۔وہاں کی حکومت اور معاشرہ ہمیں تحفظ دے رہاہے۔یہاں تک کہ بعض مسلمان جماعتوں نے بھی ہمارے حق میں نیک جذبات کا اظہارکیاہے۔ اب مجھے نہیں پتہ کہ انہوں نے یہ حکومت اور میڈیا کے دباؤ میں آکر ایساکیا ہے یالوگوں کا دباؤ تھا۔ لیکن بہرحال یہ جماعت احمدیہ کیلئے نقصان تھااور اس کے ذریعہ یوکے میں کوئی اچھی مثال قائم نہیں ہوئی۔

٭…موصوفہ نے کہاکہ کیا قتل کے اس واقعہ کے بعد آپ کی مساجد کی سیکیورٹی میں اضافہ ہوا ہے؟

اس پرحضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: بالکل اضافہ ہواہے۔ حتیٰ کہ بعض علاقوں میں جہاں مسلمانوں کی بڑی تعداد ہے وہاں پولیس نے خود ہمیں اپنی سیکیورٹی بڑھانے کا کہاہے۔

٭…موصوفہ نے پوچھاکہ آپ کا کیاخیال ہے کہ مستقبل میں آپ کو اپنی سیکیورٹی میں مزید اضافہ بھی کرنا پڑے گا؟

اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: آپ کو پتہ ہے کہ دنیا کے حالات کیسے بدل رہے ہیں؟ اور یہ صرف احمدیوں کی سیکیورٹی کی بات نہیں بلکہ ہر ایک کی سیکیورٹی کاسوال ہے۔ RADICALISED لوگوں کا سلسلہ اسی طرح کچھ اور عرصہ چلاتو آپ خود بھی محفوظ نہیں ہوں گی۔ابھی تک یورپ میں احمدیوں کی پبلک جگہوں یا اجتماعوں پر حملہ نہیں ہوامگر پیر س اور برسلز میں عام جگہوں پر بھی جس طرح حملہ آوروں نے سفّاکی کا مظاہرہ کیاوہ آپ نے دیکھ ہی لیا۔

٭…اس کے بعد موصوفہ نے سوال کیاکہ مسلمانوں کے اندر فرقہ واریت میں اضافہ ہورہاہے اور سنّی اور شیعہ کاتنازعہ بھی ہے۔ اس سے آپ کی جماعت کو کیا اثرپڑتاہے؟ آپ اس کے بارہ میں کیا کہیں گے؟

اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: شدت پسند مسلمان تو ہرایک کو نشانہ بنارہے ہیں۔وہ مجھے بھی اور آپ کو بھی نشانہ بناسکتے ہیں۔جہاں تک احمدیوں کا تعلق ہے تو ہمیں دوہراخطرہ ہے کیونکہ وہ لوگ ہمارے عقائد کے اختلاف کی وجہ سے بھی ہمارے خلاف ہیں۔سنّی، شیعوں کو ماررہے ہیں اور بعض جگہوں پر خودکش دھماکے کررہے ہیں اور جہاں کہیں شیعوں کو موقع ملتاہے وہ بھی ایسا ہی کرتے ہیں۔لیکن ہم امن پسند لوگ ہیں۔جب دو مساجد میں ہمارے سو کے قریب احمدی ماردیئے گئے اس وقت بھی ہم نے کسی قسم کا بدلہ لینے کی کارروائی نہیں کی۔ہم امن کے ساتھ رہتے ہیں۔حتیٰ کہ حکومت نے بعض لوگوں کو گرفتار بھی کیا جو اِن حملوں میں ملوّث تھے لیکن ان میں سے بعض کوتو سزا دی گئی اور بعض کو ضمانت پر رہا کردیاگیا اور بعض کو ہر قسم کے الزام سے بری قراردے کر آزاد کردیا گیا۔ اس وقت بھی ہم نے کچھ نہیں کیا اورنہ ہی کر سکتے ہیں کیونکہ ملک کاقانون ہمارے خلاف ہے۔پس یہی ہمارا طریق ہے اور ہم اسی طرح سب کچھ برداشت کرتے ہیں۔

٭…موصوفہ نے کہا کہ آ پ نے مذہبی آزادی کی بات کی ہے جس سے مَیں سمجھی ہوں کہ آپ لوگ جہاں بھی رہتے ہیں ایک اقلیت کی حیثیت سے رہتے ہیں۔

اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: مسلم دنیا میں ایک اقلیت کی حیثیت سے رہتے ہیں۔ مگر یہاں یورپ میں تو بعض خاص نسلوں یا مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں جن کا شمار یہاں اقلیتوں میں ہوتاہے مگر آپ لوگ تو ہمیں مسلمان ہی سمجھتے ہیں جس طرح سنّیوں یا شیعوں کو مسلمان سمجھتے ہیں۔ اس لئے یورپ میں ہم مسلمان اقلیت ہیں نہ کہ احمدی اقلیت۔

٭…موصوفہ نے کہاکہ ایک اقلیت کی حیثیت سے ہمیشہ یہ سوال اٹھتاہے کہ آپ کو اپنی گردونواح میں بسنے والی اکثریت کے رسوم ورواج میں کس حد تک ڈھالناہوگا؟ حال ہی میں ایک مسلمان سیاستدان کے خواتین کے ساتھ مصافحہ نہ کرنے پر ہونے والی بحث کا آ پ کو علم ہوگا۔میرا سوال یہ ہے کہ آپ کے گردونواح میں رہنے والی کمیونٹی کی توقعات مثال کے طور پرعورت سے ہاتھ ملانا وغیرہ آپ کی مذہبی آزادی کو کب اور کس طرح فسخ کرتی ہیں؟

اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: ہم یہاں اور یورپ میں جہاں کہیں بھی ہیں معاشرہ کابھرپور حصہ ہوتے ہیں۔آپ یہاں بھی اگر ہمسایوں سے پوچھیں گوکہ یہ ایک فارم ہے جہاں بہت زیادہ آبادی نہیں ہے مگر دوسرے قصبوں اور شہروں میں احمدی ہر جگہ معاشرہ کا بھرپور حصہ ہیں۔ آپ صحافی ہونے کی حیثیت سے بتائیں آپ کے نزدیک integration کی کیا تعریف ہے؟ آپ کے نزدیک integration کی تعریف اَور ہے اور میرے نزدیک اَورہے۔میرے خیال میں اگر مَیں ملکی قانون پر عمل کرتاہوں، ملک کے ساتھ وفادار ہوں، ملک کے شہریوں کے حقوق اداکرتاہوں اور اس ملک کی ترقی کے لئے بھرپورکوشش کرتاہوں تو میرے نزدیک مَیں اس ملک میں integrated ہوں اور اس ملک کا حصہ ہوں۔اور یہی بات میں نے رسولِ کریم صلی اللہ علیہ و سلم کے قول سے سیکھی ہے کہ وطن سے محبت آپ کے ایمان کا حصہ ہے۔ ہاتھ ملانا تو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ یہ تو ثقافتی، روایتی اور بسااوقات مذہبی چیز ہے۔ اگر مَیں ایک مذہبی انسان ہوں اور میرا مذہب مجھے تعلیم دیتاہے کہ عورت کی عزت کی خاطر اس کے ساتھ ہاتھ نہیں ملانا۔ میرا مذہب کہتاہے کہ عورت کے ساتھ ہاتھ نہ ملاؤ اور اس کی حد سے زیادہ عزت کرو تو یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ لیکن اس کو جھوٹی شہرت کی خاطر مسئلہ بنایاجارہاہے اور اسے دیگر مسائل کی نسبت زیادہ اچھالاجارہاہے۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایاکہ: مَیں سمجھتاہوں کہ یہ اس ملک کا رواج ہے۔اگر میں آپ سے ہاتھ نہیں ملاتا تو اس سے معاشرے کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔ا س سے آپ کے جذبات مجروح نہیں ہوتے۔ اگرمیرا مذہب کہتاہے کہ عورت کے ساتھ اس کی عزت کی خاطر ہاتھ نہ ملاؤ تو اس تعلیم کے پیچھے بھی کوئی حکمت ہے جسے اللہ تعالیٰ بہتر جانتاہے۔ مگر مجھے پتہ ہے کہ میری اپنی روایات ہیں،میری اپنی تعلیمات ہیں جن پر میں عمل کرتاہوں اور دوسروں کو چاہئے کہ وہ میری روایات کو برداشت کریں۔اور ایک دوسرے کے ساتھ integrate کرنے کا یہی طریقہ ہے۔ آج کی دنیا میں ہر ملک میں مختلف مذاہب کے پیروکار رہتے ہیں اور ہر مذہب کے اپنے طورطریقے ہیں جن کے ساتھ ہمیں سمجھوتہ کرناہوگا۔ اگر آپ مذہبی آزادی سے فائدہ اُٹھانا چاہتے ہیں تو گردو نواح کے معاشرہ کو اس آزادی کو تسلیم کرناہوگا۔اگر معاشرہ کی طرف سے تقاضے بڑھتے چلے جائیں تو ایک نقطہ ایسا بھی آئے گاجب آپ کو مذہبی آزادی نہیں حاصل ہوگی۔

٭… بعد ازاں موصوفہ نے سوال کیاکہ آپ نے بتایاکہ تبلیغ بھی آپ کے مشن کا حصہ ہے۔ توکیا سویڈن میں بھی تبلیغ آپ کے مشن کا حصہ ہے؟

اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: سویڈن میں بھی ہم تبلیغ کر رہے ہیں اور بعض سویڈش لوگ ہماری جماعت میں شامل بھی ہوئے ہیں۔ صرف پاکستانی یا ایشین لوگ ہی احمدی نہیں ہیں بلکہ سویڈن میں بھی اور دنیا کے دیگر ممالک میں بھی لوکل افراد جماعت احمدیہ میں داخل ہورہے ہیں۔

٭…اس کے بعد موصوفہ نے سوال کیا کہ آپ کے نزدیک تبلیغ کا کام کتنی اہمیت کا حامل ہے؟

اس کے جواب میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: ہم نے تو یہ پیغام پھیلاناہے۔ جب انبیاء آتے ہیں تو وہ یہ مشن لے کر آتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کا پیغام دیں۔ جیساکہ میں نے پہلے بھی کہاکہ ہماراکام بنی نوع انسان کو اس کے خالق کے قریب کرناہے۔پس تبلیغ کا کام غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ جولوگ دیکھتے ہیں کہ ہماری تعلیمات اچھی ہیں وہ ہمارے ساتھ شامل ہوجاتے ہیں۔اسی لئے لاکھوں کی تعداد میں ہر سال لوگ ہماری جماعت میں شامل ہوتے ہیں۔حتیٰ کہ یہاں بھی جرمنی اور یورپ کے بعض دیگر حصوں میں کافی لوگ ہماری جماعت میں شامل ہورہے ہیں۔

٭…موصوفہ نے کہا تبلیغی کاموں کے حوالہ سے کچھ مزید بتاسکتے ہیں کہ یہ کتنا وسیع ہے؟

اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: تقریباً 207 ممالک میں ہمارے مشن قائم ہیں اور جن ممالک میں احمدیوں کی زیادہ تعداد ہے اُن ممالک کے ہر شہراور ہر قصبہ میں ہمارے مشن قائم ہیں۔وہاں ہماری مساجد ہیں۔ ہم اپنا پیغام پھیلارہے ہیں اور آئندہ بھی پھیلاتے رہیں گے(انشاء اللہ)۔ اس تبلیغ کے نتیجہ میں جیساکہ میں نے پہلے بھی کہا لاکھوں کی تعداد میں ہرسال لوگ ہماری جماعت میں شامل ہوتے ہیں۔ تبلیغ کے ذریعہ ہم اسلام کی اور قرآن کریم کی حقیقی تعلیمات کا پرچار کرتے ہیں جو ایک دوسرے کے حقوق اداکرنے کی طرف توجہ دلاتی ہیں،ایک دوسرے کی عزت و احترام کرنے کی طرف توجہ دلاتی ہیں۔ قرآن کریم میں عورتوں کے حقوق کی ضمانت دی گئی ہے، عورتوں کو وراثت کا حق دیاگیاہے، عورت کو خلع کا حق دیاگیاہے۔ یورپ میں تو یہ حقوق چند دہائیاں پہلے دیئے گئے تھے۔ پس یہ وہ تعلیمات اور قرآنی احکام ہیں جن پر ایک سچامسلمان عمل پیراہوتاہے۔جب لوگوں کو اسلامی تعلیمات کی حقیقت کا پتہ چلتاہے تو وہ ہمارے ساتھ آکر شامل ہوجاتے ہیں۔ہمارامقصد اس پیغام کو دنیا کے مختلف حصوں تک لے کر جاناہے اور یہی کام ہم کررہے ہیں۔

٭…اس کے بعد موصوفہ نے پوچھاکہ جمعہ کے روز آ پ کا خطبہ لائیو نشر ہوگا۔اس خطبہ میں آپ کیا پیغام دیں گے؟

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایاکہ میرا خطبہ مسجد کے حوالہ سے ہی ہوگا۔ بالعموم جب میں کسی مسجد کا افتتاح کرتاہوں تومیں مسجد کی اہمیت کا موضوع لیتاہوں اور بتاتاہوں کہ یہ مسجد کس طرح بنی اور جماعت نے اس مسجد بنانے کیلئے کس طرح قربانیاں کیں۔ہماری کیا تعلیمات ہیں اورکس طرح ہم سب کو اکھٹے ہوکر اپنے خالق کے سامنے جھکناچاہئے۔تو میرے خطبہ کا موضوع مسجد ہی ہوگا۔

٭…موصوفہ نے کہا کہ میرے علم میں آیاہے کہ آپ یہاں پر مختلف فیملیز کا انٹرویو بھی کریں گے۔ یہ کتنا اہم ہے؟

اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: انٹرویو تو نہیں فیملیوں کے ساتھ ملاقاتیں ہوتی ہیں۔ احمدیوں کے دل میں خلافت کیلئے بہت محبت ہوتی ہے اور خلافت کو بھی جماعت کے لوگوں سے بہت پیارہوتاہے جس طرح آپ کو اپنے بچوں سے پیارہوتاہے۔

یہ چاروں انٹرویوز بارہ بجکر 40منٹ پر ختم ہوئے۔

……………………………

انفرادی و فیملی ملاقاتیں

بعد ازاں پروگرام کے مطابق فیملی ملاقاتیں شروع ہوئیں۔ آج صبح کے اس سیشن میں 15 فیملیز کے 46افراد نے اپنے پیارے آقا سے ملاقات کی سعادت پائی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء اور طالبات کو قلم عطا فرمائے اور چھوٹی عمر کے بچوں اور بچیوں کو از راہ شفقت چاکلیٹ عطا فرمائیں۔ ان تمام فیملیز نے اپنے آقا کے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت بھی پائی۔

ملاقات کرنے والی ان فیملیز میں سے آٹھ فیملیز کا تعلق سویڈن کی جماعت لولیو (Lulea)سے تھا اور یہ فیملیز 1510کلومیٹر کا طویل ترین فاصلہ طے کر کے اپنے پیارے آقا سے ملاقات کے لئے پہنچی تھیں۔ ان میں سے بعض فیملیز ایسی بھی تھیں جو اپنی زندگی میں پہلی بار حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کی سعادت پا رہی تھیں۔ آج کا دن ان کی زندگی میں ایک انتہائی یادگار اور سعادتوں سے بھرا ہوا دن تھا جب انہوں نے پہلی بار اپنے پیارے کے قرب میں چند گھڑ یاں گزاریں اور انتہائی قریب سے دیدار کی سعادت پائی اور اپنے آقا سے باتیں کیں۔

لولیو (Lulea)کا علاقہ سویڈن کے انتہائی شمالی علاقوں میں سے ہے۔ یہاں دسمبر 2007ء میں جماعت قائم ہوئی اور اب امسال اپریل میں جماعت نے ایک عمارت بطور سینٹر حاصل کر لی ہے۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں گرمیوں میں رات صرف نصف گھنٹہ کی ہوتی ہے یعنی ساڑھے تئیس گھنٹے کا دن ہوتا ہے اور سردیوں میں رات ساڑھے بائیس گھنٹہ کی ہوتی ہے اور صرف ڈیڑھ گھنٹہ پر مشتمل دن ہوتا ہے۔ یہاں جماعت کی تجنید 52 افراد پر مشتمل ہے۔

ملاقاتوں کا یہ پروگرام ایک بجکر 45منٹ تک جاری رہا۔ بعد ازاں دو بجے دوپہر حضور انور نے ’’مسجد محمود‘‘ میں تشریف لا کر نماز ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔

پچھلے پہر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز دفتری امور کی انجام دہی میں مصروف رہے۔

…………………………

انفرادی و فیملی ملاقاتیں

پروگرام کے مطابق سات بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے دفتر تشریف لائے اور فیملیز ملاقاتیں شروع ہوئیں۔ آج شام کے اس سیشن میں 16 فیملیز کے 61افراد اور 9 احباب نے انفرادی طور پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرف ملاقات پایا۔ اس طرح مجموعی طور پر 70 افراد نے پیارے آقا سے ملاقات کی سعادت پائی۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت تعلیم حاصل کرنے والے بچوں اور بچیوں کو قلم عطا فرمائے اور چھوٹی عمر کے بچوں اور بچیوں کو چاکلیٹ عطا فرمائے۔ ملاقات کرنے والے ہر شخص نے اپنے پیارے آقا کے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت بھی پائی۔

ملاقاتوں کا یہ پروگرام آٹھ بجکر پچاس منٹ تک جاری رہا۔ بعد ازاں 9بجکر 15منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد محمود میں تشریف لا کر نماز مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔

……………………………

اخبار میں کوریج

ڈنمارک کے لوکل اخبار Hvidover Avisنے اپنی 10مئی2016ء کی اشاعت میں حضور انور اور مسجد نصرت جہاں کی نمایاں تصویر کے ساتھ درج ذیل عنوان پر مشتمل آرٹیکل شائع کیا۔ (اس اخبار کے قارئین کی تعداد پچاس ہزار ہے)

50 سال قبل اس مسجد کی تعمیر ہوئی ۔ عالمی جماعت کے امام نے جب مسجد نصرت جہاں کا دورہ کیا تو ’’محبت سب کے لئے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ کا سلوگن مرکزی اہمیت کا حامل تھا۔

مشرق وسطیٰ سے باہمی مقابلہ کی خبروں کے باوجود گزشتہ ہفتہ مسجد نصرت جہاں میں خوشی کا سماں تھا۔ مسجد نصرت جہاں۔ ڈنمارک کی پہلی مسجد۔ بلکہ نارتھ کے ممالک کی پہلی گنبد نما مسجد جو پُر سکون رہائشی علاقہ میں Eriksminde Alle اور Kirkegade کے کونے میں واقع ہے کی تکمیل کے پچاس سال پورے ہونے پر ایک تقریب منائی گئی۔

اس موقع پر عزت مآب خلیفہ حضرت مرزا مسرور احمد جو انٹرنیشنل احمدیہ مسلم جماعت کے عالمی لیڈر ہیں موجود تھے۔ یہ جماعت اسلام میں ایک اصلاح یافتہ جماعت ہے۔ 207 ممالک میں ان کے کئی ملین پیروکار ہیں۔ مخالفت اور مسلمانوں میں ایک اقلیتی جماعت ہونے کے باوجود یہ مسلمانوں میں ایک سب سے بڑی مسلم تنظیم ہے جو ایک عالمی روحانی لیڈر ، خلیفہ کے ساتھ منسلک ہے۔

گزشتہ دنوں Hvidoverکونسل کے میئر اور بعض دیگر ممبران کونسل نے عزت مآب سے ملاقات کی جس میں خلیفہ کا یہ پیغام تھا کہ امن کی خاطر ہم سب کو مل کر کام کرنا چاہئے۔ امن اس وقت کی نہایت اہم ضرورت ہے۔ انسانوں میں برابری مذہب سے پہلے ہے۔ یہ دوسرا پیغام تھا۔

پھر آپ نے یہ بھی فرمایا کہ اگر ہم سب ایک دوسرے کو مار دیں تو پھر مذہب پر عمل کرنے کے لئے کون بچے گا۔ اس امر پر زور دیتے ہوئے انہوں نے یہ بات دوبارہ دہرائی کہ انسانیت میں مساوات، مذہب سے پہلے ہے۔

1966ء سے یہ مسجد Hvidoverکے اس پُر سکون رہائشی علاقہ میں ایک خوبصورت آرکیٹیک ہے۔ اور یہ سینٹر کئی دہائیوں سے ڈنمارک میں ایک مثبت مذہبی اور کلچرل انسٹی ٹیوشن کے طور پر، فراخ دلی، ہمدردیٔ خلق اور باہم مل جل کر رہنے جیسی خوبیوں کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ اور ان خوبیوں کی وجہ سے اَن گنت لوگ اسے وزٹ کرتے ہیں۔ جن میں عام وزٹ کرنے والے، مختلف عقیدہ و مذہب رکھنے والے، منسٹرز، ایمبیسیڈرز اور ممبران پارلیمنٹ سبھی شامل ہیں۔ اس ملک کے امام اور صدر احمدیہ مسلم جماعت کا کہنا ہے کہ آئندہ پچاس سالوں کے لئے بھی ہماری یہی خواہش ہے کہ ہم معاشرہ میں اس کام اور خدمت کو پہلے سے بڑھ کر بجا لانے والے ہوں۔

احمدیہ مسلم جماعت، اسلام میں عالمی سطح پر ایک پُرامن اور فعال جماعت ہے۔ جس کا مقصد امن کی خاطر کام کرنا ہے۔ اس کی بنیاد 1889ئمیں حضرت مرزا غلام احمد آف انڈیا (1835ء۔1908ء)نے رکھی جس نے اس زمانہ کے لئے مذہبی ریفارمر ہونے کا دعویٰ کیا۔ ان کی یہ کوشش تھی کہ انفرادی طور پر ہر ایک کا تعلق خدا تعالیٰ سے قائم ہو جائے۔ اور بہت سے غلط عقائد جو مرور زمانہ کی وجہ سے راہ پا چکے تھے اور اسلام کا ایک حصہ بن چکے تھے انہیں دور کیا۔ مثال کے طور پر انہوں نے تلوار کے جہاد کی بجائے قلم کے جہاد کے بارہ میں دلائل دیئے۔ علاوہ ازیں انہوں نے 80 سے زائد کتب تحریر کیں۔

ڈنمارک میں 1950ء کی دہائی سے اسلام احمدیہ جماعت ملک کی سب سے قدیمی تنظیم ہے۔ علاوہ دیگر امور کے 1967ء میں سب سے پہلا ڈینش ترجمہ قرآن بھی شائع کیا۔ اور نارتھ میں سب سے پہلی گنبد نما مسجد کی تعمیر ان کی خواتین کی تنظیم نے Hvidover میں کی۔ یہ مسلم برائے امن کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔ اور علاوہ دیگر ڈائیلاگ میٹنگز، نمائش، چیرٹی کے لئے فنڈز کے حصول، بلڈ ڈونیشن، اور بے گھروں کو کھانا کھلانے جیسے کام سر انجام دیتے ہیں۔ امام کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد ہر سطح پر امن کے لئے کام کرنا ہے۔ اور 207 ممالک میں جہاں ہماری جماعت قائم ہے، ہمارے کئی ملین ممبران معاشرہ میں خوب فعّال ہیں اور مثبت رنگ میں معاشرہ میں مفید کام کر رہے ہیں۔ ہم اپنے سلوگن ’’محبت سب کے لئے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ کے تحت تمام انسانوں کے ساتھ مذہبی، علاقائی اور دیگر اختلاف کے باوجود اچھے اور پُر امن تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔

…………………………

اخبار Kristeligt Dagbladنے مورخہ 11مئی 2016ء کی اشاعت میں لکھا۔

[یہ نیشنل اخبار ہے جس کے پڑھنے والوں کی تعداد ایک لاکھ پندرہ ہزار ہے۔ یہ ملک کا سب سے بڑا مذہبی اخبار ہے۔ اس میں شائع ہونے والے مضمون کا ترجمہ درج ذیل ہے۔]

مسلمان لیڈر کے ساتھ چرچ منسٹر کا  امن کے بارہ میں تبادلہ خیال

احمدیہ مسلمانوں کے عالمی لیڈر گزشتہ روز ڈنمارک کے دورہ پر تھے۔ انہوں نے چرچ منسٹر Bertel Haarder (V) کے ساتھ ملاقات کی اور امن کے بارہ میں بات کی اور تیسری عالمی جنگ کے بارہ میں اپنے خدشات کا اظہار کیا۔

ہلٹن ہوٹل کے کانفرنس ہال Ellehammer Ballroomمیں خلیفہ حضرت مرزا مسرور احمد کے انتظار میں یہ چہ مگوئیاں ہو رہی تھیں کہ کیا ہم کھڑے ہوں گے جب وہ اندر تشریف لائیں گے اور کیا اُن کی طرف پیٹھ کر کے بیٹھا جا سکتا ہے۔

احمدیہ مسلمانوں کے عالمی روحانی رہنما، مسلمان ممالک میں مخالفت کی وجہ سے لندن میں مقیم ہیں جہاں سے وہ اس عالمی جماعت کی راہنمائی کر رہے ہیں۔ گیارہ سال پہلے وہ اپنی ڈینش جماعت کو وِزٹ کرنے کوپن ہیگن آئے تھے۔ اور (اُس وقت سے) ان کے انتظار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

کمریں ایک بار پھر سیدھی کی گئیں، بہت سے لوگ عزت و احترام کی وجہ سے کھڑے ہوئے۔ اور کیمروں کا کثرت سے استعمال ہوا۔ جبکہ حضرت مرزا مسرور احمد براؤن اچکن اور سفید پگڑی زیب تن کئے ہال میں داخل ہوئے۔ پُر امن ماحول میں سرخ قالین پر چلے اور سٹیج پر چلے گئے۔ یہاں وہ چرچ و کلچر منسٹر Bertel Haarder (V)اور مسجد نصرت جہاں Hvidovreکے امام محمد زکریا خان کے درمیان تشریف فرما ہوئے۔

قریبا 150 مہمان استقبالیہ میں مدعو تھے۔ عشائیہ سے قبل تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ جس میں علاوہ دیگر امور کے تمام معاملات میں انصاف سے کام لینے کی تلقین تھی اگرچہ دشمن قوم سے ہی معاملات کا تعلق ہو۔ اس کے بعد Bertel Haarder نے تقریر کی جس کے شروع میں یہ بتایا کہ چرچ منسٹر کی حیثیت سے اُن کی ایک ذمہ داری یہ ہے کہ ڈنمارک میں تمام مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کی فضا پیدا کریں۔ ازاں بعد آپ نے یہ کہا ’’ڈنمارک میں ہمارے ہاں سرکاری طور پر 160 مذہبی تنظیمیں ہیں جن میں سے ہر ایک کو اپنے مذہب پر قائم رہنے اور عمل کرنے کی سہولت ہے۔ اسلام احمدیہ جماعت ایک خصوصیت رکھتی ہے کیونکہ ان کے ممبران اس معاشرہ میں بہت رچے بسے ہوئے ہیں۔ گزشتہ 50سالوں سے جب سے آپ یہاں ہیں، ہم اس پُر امن باہمی مل جل کر رہنے پر خوش ہیں۔ یہ میرے لئے بہت خوشی کی بات ہے کہ آپ کی جماعت حقیقی طور پر کھلی بانہوں سے اس مذہب کو پیش کرتی ہے جس کا ماٹو ’محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں‘ ہے۔ Bertel Haarder نے کہا کہ شاید یہ پیغام عام سا لگتا ہے مگر ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے اس پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہی وہ امر ہے جس کی اس وقت جب کہ دہشتگردی کے زیادہ خطرات ہیں، بہت ضرورت ہے۔ خاص طور پر اس وجہ سے کہ بہت سے ایسے حملے اُن لوگوں کی طرف سے اسلام کے نام پر کئے جاتے ہیں۔ اس لئے اس امر کی بہت ضرورت ہے، کہ یہ اسلام کی ہی ایک شاخ ہے جو اسلام کی نمائندگی بالکل اور رنگ میں پیش کرتی ہے۔ چرچ منسٹر کی اس تقریر کے بعد خصوصی مقرر حضرت مرزا مسرور احمد صاحب نے سامعین سے اسلام کے بارہ میں غلط فہمیوں کے بارہ میں خطاب کرتے ہوئے فرمایا۔اسلام تمام انسانوں کو ہر قسم کی نفرت، دشمنی اور بُرائی کو دور کرنے کی تلقین کرتا ہے۔ نیز آپ نے محبت اور باہمی عزت و تکریم کے جھنڈے تلے جمع ہونے کی تلقین کی۔ نیز آپ نے تیسری عالمی جنگ کے بارہ میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ ’’اختلافات ساری دنیا میں آگ لگانے کے عمل کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اور ہمیں کسی شک میں مبتلا نہیں ہونا چاہئے کہ ایک خطرناک جنگ کے سائے ہمارے سامنے منڈلا رہے ہیں۔ مختلف بلاکس اور اتحاد ہمارے سامنے بن رہے ہیں۔ مجھے اس بات کا خوف ہے کہ ہم اصل صورتحال واضح کئے بغیر، ایک خطرناک تیسری عالمی جنگ کی طرف آگے بڑھ رہے ہیں۔ حضرت مرزا مسرور احمد نے کہا کہ یہ کہنا غلط نہیں ہو گا کہ اس جنگ کے آثار ابھی سے شروع ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلا تفریق مذہب اور رنگ و نسل کے ایک دوسرے کی عزت کرنے سے ہم اپنی آئندہ نسلوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔

مہاجرین کی موجودہ صورتحال اور یورپ میں مہاجرین کے سیلاب کا موضوع بھی زیر بحث آیا۔ خلیفہ نے وثوق سے کہا کہ کوئی بھی ملینز کی تعداد میں مہاجرین کو سمونے کی طاقت نہیں رکھتا۔ آپ نے فرمایا کہ اس کا صرف ایک ہی حل ہے کہ مہاجرین کے اصل وطنوں میں امن قائم کرنے کی خاطر کوئی طریق کار وضع کیا جائے۔ اور اس بات کی کوشش کی جائے کہ ان کے ممالک میں ظلم و ستم کو روکا جائے۔ انہوں نے سیاست دانوں اور سیاسی لیڈروں کو اس امر کی طرف توجہ دلائی کہ وہ امن قائم کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیںگے۔ خلیفہ اور 150 مہمانوں کے عشائیہ سے قبل ہال میں دعا کی گئی۔ ازاں بعد حضرت مرزا مسرور احمد جماعت کی طرف سے اُسی عزت و احترام کے ساتھ ہال سے رخصت ہوئے جس طرح وہ تشریف لائے تھے۔

…………………………

12مئی 2016ء بروز جمعرات

…………………………

صبح چار بجکر دس منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد محمود میں تشریف لا کر نماز فجر پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔

صبح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دفتری ڈاک رپورٹس اور خطوط ملاحظہ فرمائے اور ان خطوط و رپورٹس پر اپنے دستِ مبارک سے ہدایات سے نوازا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ مختلف دفتری امور کی انجام دہی میں مصروف رہے۔

دو بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد محمود میں تشریف لا کر نماز ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور اپنے رہائشی حصّہ میں تشریف لے گئے۔

پچھلے پہر بھی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز دفتری امور کی انجام دہی میں مصروف رہے۔

انفرادی و فیملی ملاقاتیں

پروگرام کے مطابق سات بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے دفتر تشریف لائے اور فیملیز سے ملاقاتیں شروع ہوئیں۔

آج شام کے اس سیشن میں 23فیملیز کے 76؍افراد نے اپنے پیارے آقا سے شرف ملاقات پایا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت تعلیم حاصل کرنے والے بچوں اور بچیوں کو قلم عطا فرمائے اور چھوٹی عمر کے بچوں کو چاکلیٹ عطا فرمائے۔ ہر فیملی نے اپنے آقا کے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت بھی پائی۔

آج ملاقات کرنے والی یہ فیملیز مالمو (Malmö)کی مقامی جماعت کے علاوہ گوٹن برگ (Gothenburg)اور لولیو (Lulea) سے آئی تھیں۔ گوٹن برگ سے آنے والی فیملیز 285کلومیٹر اور لولیو سے آنے والی فیملیز 1510 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے اپنے آقا سے ملاقات کے لئے پہنچی تھیں۔

ملاقاتوں کا یہ پروگرام آٹھ بجکر پچاس منٹ تک جاری رہا۔ بعد ازاں نو بجکر پندرہ منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد محمود تشریف لا کر نماز مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔

…………………………

مالمو مشن اور سویڈن میں مساجد و مراکز نماز کا مختصر تعارف

مالمو (Malmö)شہر میں جماعت احمدیہ کا قیام ستّر کی دہائی میں ہوا جب چند احمدی احباب یہاں آ کر مقیم ہوئے۔ سال 1984ء میں جماعت نے اس شہر کے علاقہ Klogerups میں جماعتی مرکز کے لئے گیارہ سو مربع میٹر کے رقبہ پر مشتمل ایک دو منزلہ عمارت خریدی اور اس کا نام ’’بیت الحمد‘‘ رکھا گیا۔

اس عمارت کے ایک ہال کو مردوں کے لئے اور ایک ہال کو عورتوں کے لئے مسجد کی شکل دی گئی۔ اس کے علاوہ اس عمارت میں دفاتر اور رہائشی اپارٹمنٹ بھی تھا۔

اب اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ سویڈن کو مالمو میں ایک وسیع و عریض دو منزلہ ’’مسجد محمود‘‘ اور ساتھ ایک وسیع کمپلیکس کی تعمیر کی توفیق عطافرمائی ہے۔

مالمو (Malmo) جماعت کے ایک ممبر مکرم احسان اللہ صاحب نے پانچ ہزار مربع میٹر کا ایک قطعہ زمین خرید کر جماعت کو پیش کیا۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 12؍ستمبر2005ء کو اپنے سویڈن کے دورہ کے دوران مالمو سے گوٹن برگ کے لئے روانہ ہونے سے قبل اس قطعہ زمین کا معائنہ فرمایا تھا۔

اس مسجد کی تعمیر کا کام جون 2013ء میں شروع ہوا۔ مسجد کا یہ قطعہ زمین ایک ٹیلے پر مین ہائی وے کے نزدیک ایک نمایاں جگہ پر واقع ہے۔ یہ ہائی وےE22، E6 ناروے اور سویڈن کو پورے یورپ سے ملاتی ہے اور اس طرح سویڈن اور ناروے کے تمام بڑے شہروں کو بھی ملاتی ہے۔ اس ہائی وے پر سفر کرتے ہوئے مسجد کی عالیشان عمارت دور سے ہی نظر آتی ہے اور اس پر روزانہ کئی ہزار گاڑیاں گزرتی ہیں اور ہر گزرنے والا اس مسجد کو دیکھتا ہے۔

اس کمپلیکس کا کُل تعمیر شدہ رقبہ 2353مربع میٹر ہے جو پانچ عمارات پر مشتمل ہے۔

مسجد محمود کا رقبہ 1494مربع میٹر ہے، سپورٹس، ملٹی پرپز ہال کا رقبہ 750 مربع میٹر ہے، مربی ہاؤس کا رقبہ 110 مربع میٹر ہے، انرجی روم 70مربع میٹر ہے۔ اس کے علاوہ ایک گیسٹ ہاؤس ہے، مختلف دفاتر ہیں۔ دو دفاتر MTAکے ہیں، تین دفاتر لجنہ اماء اللہ کے لئے ہیں اور مسجد سے متصل تین دفاتر جماعتی عہدیداران کے لئے ہیں۔ ایک دفتر مین گیٹ کے پاس ہے۔ نمائش، لائبریری ہال بھی موجود ہے۔

مسجد کے اندر نچلی منزل پر عورتوں کے لئے اور دوسری منزل پر مردوں کے لئے ہال ہے۔ ہر ہال میں پانچ پانچ سو افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ سپورٹس ہال میں بھی 700؍ افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 1700لوگ نماز ادا کر سکتے ہیں۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت اس مسجد کا نام ’’مسجد محمود‘‘ تجویز فرمایا۔ سویڈن کی سر زمین پر یہ جماعت احمدیہ کی دوسری مسجد ہے۔

پہلی مسجد ’’مسجد ناصر‘‘ گوٹن برگ شہر میں 1976میں تعمیر ہوئی تھی اور اب قریبًا 40 سال بعد یہاں دوسری مسجد کی تعمیر مالمو شہر میں ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ ملک کے دار الحکومت سٹاک ہوم (Stockholm) شہر میں جماعت کا سینٹر ’’بیت العافیت‘‘ ہے اور اب اس سال جماعت نے لولیو (Lulea)شہر میں بھی اپنا سنٹر قائم کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت سویڈن بھی ترقیات کے نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔

الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا میں کوریج

سویڈن کے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں ’’ مسجد محمود‘‘ کے افتتاح کے پروگرام کے حوالہ سے کوریج ہوئی ہے۔

٭…آج سویڈش Skane T.V نے ’’نئی مسجد میں مقدس زیارت‘‘ کے عنوان کے ساتھ خبر دیتے ہوئے بتایا:

ان دنوں مالمو میں نئی مسجد کا افتتاح ہو رہا ہے۔ اس کی تعمیر کا مکمل خرچ احمدیہ فرقہ نے دیا ہے جو کہ ہر قسم کی شدّت پسندی کی مذمّت کرتا ہے ہمارا ماٹو ’’ محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں‘‘ یہ مرزا مسرور احمد صاحب کا کہنا ہے۔ جو جماعت احمدیہ کے سب سے بڑے لیڈر ہیں اور ان دنوں مالمو میں مسجد کے افتتاح کے لئے آئے ہوئے ہیں۔

بہت سے لوگوں نے مسجد کا نظّارہ اُس وقت دیکھا ہو گا جب کہ وہ قریبی سڑک، موٹروے پر سے گزرتے ہیں۔

اس مسجد کا نام ’’مسجد محمود‘‘ ہے جو کہ جماعت کے دوسرے خلیفہ کے نام پر رکھا گیا ہے۔ بدھ کے دن میڈیا کے لئے مسجد کے دروازے کھولے گئے۔ وسیم احمد ساجد جو لولیو شہر سے یہاں آئے ہیں انہوں نے کہا کہ یہاں آنا ایک بہت بڑی بات ہے اور میرے لئے اعزاز کا موجب ہے۔

ایک سویڈش لڑکی Fida Nilssonبھی اپنے روحانی سربراہ کو ملنے کے لئے لولیو سے یہاں آئی ہے۔ اس نے بتایا کہ میرے آج یہاں آنے کا مقصد حضور سے ملاقات کرنا ہے۔ یہ میرے لئے بہت خوشی کا موقع ہے۔ گو کہ میں پہلے ایک بار لندن میں ان سے مل چکی ہوں۔ جماعت مالمو کی کُل تعداد 300 ہے۔ جب کہ سویڈن میں ایک ہزار اور دنیا بھر میں کئی ملینز میں ہیں۔

جماعت احمدیہ ایک سنّی فرقہ ہے جس کی بنیاد پنجاب میں رکھی گئی۔ بعض مسلمانوں کے نزدیک یہ فرقہ متنازعہ ہے کیونکہ اس کا نبوّت سے متعلق اعتقاد و تشریح مختلف ہے۔

بہت سے ممالک میں جماعت کی مخالفت ہوتی ہے۔ پاکستان میں انہیں اپنے آپ کو مسلمان کہلانے کی اجازت نہیں ہے۔

یہ مسجد اس ملک میں سب سے بڑی دوسری احمدیہ مسجد ہے۔

خلیفۃ المسیح مرزا مسرور احمد صاحب کا کہنا ہے کہ یہ عمارت بہت خوبصورت ہے اور مجھے امید ہے کہ یہاں کے رہائشی اسے بہت پسند کریں گے۔ مرزا مسرور احمد صاحب جماعت احمدیہ کے سب سے بڑے روحانی سربراہ ہیں۔ جماعت احمدیہ کا مشن محبت اور امن کا قیام ہے۔ اور یہ جماعت ہر قسم کی دہشتگردی سے کنارہ کرتی ہے۔ اس مسجد میں سب لوگوں کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ اس مسجد کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔ اذان کی آواز سپیکرز کے ذریعہ مسجد کے اندر ہی گونجتی ہے۔ یہاں ایک سپورٹس ہال اور میٹنگز کے لئے کمرے بھی موجود ہیں۔ مسجد کا تمام خرچہ جماعت احمدیہ نے خود برداشت کیا ہے۔

………………………

٭…آن لائن اخبار 24Malmo (Arvid Nikka) نے خبر دیتے ہوئے درج ذیل سرخی لگائی۔

[’’مسلمان پوپ’’مسجد کا افتتاح کر رہے ہیں‘‘ بڑی شخصیت‘‘]

اخبار نے لکھا: تعمیر کی اجازت کے سولہ سال بعد اب مالمو کے علاقہ Elisedalمیں واقع نئی مسجد محمود کا افتتاح ہو رہا ہے۔ جمعہ کے روز کے تاریخی پروگرام میں جماعت کے عالمی سر براہ بنفس نفیس شامل ہو رہے ہیں۔ 65سالہ حضرت مرزا مسرور احمد صاحب عالمی جماعت احمدیہ کے سب سے بڑے لیڈر ہیں اور روحانی سربراہ ہیں۔ جماعت احمدیہ اسلام کا ایک فرقہ ہے جس کے دس ملین ممبرز ہیں۔ قبل ازیں آپ یورپین پارلیمنٹ، برٹش پارلیمنٹ اور امریکی کانگریس کے کئی ارکان سے بھی خطاب فرما چکے ہیں۔ اب آپ مالمو تشریف لا رہے ہیں۔ آپ کی آمد مسجد محمود کے تاریخی افتتاح کے موقع پر ہے۔

خلیفۃالمسیح ایک نہایت اہم شخصیت ہیں اور یہ دورہ بڑے اعزاز کا موجب ہے۔ جب سے آپ 2003ء میں خلیفہ بنے ہیں آپ نے ساری دنیا کا سفر کر کے امن اور رواداری کا پرچار کیا ہے۔ یہ بات سٹاک ہوم میں جماعت کے امام کاشف ورک صاحب نے کی۔

مرزا مسرور احمد صاحب نے شدّت پسندی کے خلاف ہر جگہ آواز اٹھائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شدّت پسندی کی روک تھام کے لئے پولیس کے اختیارات بڑھانے چاہئیں۔

امریکن اخبار Wallstreet Journal نے آپ کا نام ’’مسلمان پوپ‘‘ رکھا ہے اس امتیازی مقام کی وجہ سے جو آپ کو جماعت احمدیہ میں حاصل ہے۔ جماعت احمدیہ سویڈن کے لئے جن کے ایک ہزار کے لگ بھگ لوگ سویڈن میں رہتے ہیں یہ نئی مسجد ایک بڑی کامیابی کے مترادف ہے۔ اس کا خرچ جماعت کے افراد نے خود برداشت کیا ہے اور اس کی تیاری سال 2000ء سے شروع ہے۔ راستہ میں کئی رکاوٹیں پیش آئی ہیں۔

………………………

٭…اخبار Sydsvenskanنے درج ذیل سُرخی کے ساتھ مسجد کے افتتاح کے پروگرام کے حوالہ سے خبر دی۔

[نئی تعمیر کی زیارت کے لئے خلیفہ کی مالمو میں آمد]

جماعت احمدیہ کی نئی مسجد کا افتتاح بروز ہفتہ ہو رہا ہے۔ اس کی تعمیر کا معائنہ خلیفہ مسرور احمد صاحب نے بنفس نفیس کیا۔

24میٹر بلند عمارت کا کل خرچہ 49 ملین کرونر ہے۔ یہ سارا خرچ افراد جماعت سویڈن نے برداشت کیا ہے۔ اس کا افتتاح ہفتہ کے روز عمل میں آئے گا۔ منگل کے دن جماعت کے سب سے بڑے لیڈر مرزا مسرور احمد صاحب مالمو آئے تھے۔

مرزا مسرور احمد نے کہا کہ جب میں پہلی دفعہ یہاں آیا تھا تو ایک کھلا میدان تھا۔ جب میں کل آیا تو یہاں ایک خوبصورت عمارت واقع تھی۔ ایک دیندار مذہبی شخص کے لئے یہ نظّارہ نہایت جذباتی ہوتا ہے جب اُسے ایک ایسی جگہ دیکھنے کا موقع ملے جہاں لوگ عبادت کے لئے جمع ہوتے ہیں۔

جماعت احمدیہ اپنے آپ کو ایک امن پسند دین کے طور پر پیش کرتی ہے مگر اس کے عورتوں اور ہم جنس پرستوں کے بارہ میں نظریات دوسروں سے مختلف ہیں۔ خلیفہ کے ساتھ ایک طویل انٹرویو جمعہ کے دن شائع کیا جائے گا۔

……………………………

13؍مئی 2016ء

 بروز جمعۃالمبارک

………………………

صبح چار بجکر دس منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد محمود میں تشریف لا کر نماز فجر پڑھائی۔نماز کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔

صبح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دفتری امور کی انجام دہی میں مصروفیت رہی۔

مسجد محمود (مالمو۔ سویڈن) کا افتتاح

آج جمعۃالمبارک کا دن تھا۔ آج کا دن جماعت احمدیہ سویڈن کی تاریخ میں ایک بڑا مبارک اور یادگار دن تھا۔ سویڈن کی سرزمین پر چالیس سال کے لمبے عرصہ کے بعد نئی تعمیر ہونے والی دوسری مسجد ’’مسجد محمود‘‘ کا افتتاح ہو رہا تھا۔

آج سویڈن کی جماعت، مردوخواتین، بوڑھے، جوان، بچے بچیاں جہاں خوشی و مسرّت سے معمور تھے وہاں ان کے دل اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز تھے اور زبانیں اللہ تعالیٰ کی حمد سے تر تھیں۔ یہی وہ لوگ تھے جنہوں نے اپنا سب مال و متاع اس مسجد کی تعمیر کے لئے اللہ کے حضور پیش کردیا تھا۔ نوجوانوں نے اپنی توفیق سے کئی گنا بڑھ کر اور اپنی ضرورت کی اشیاء فروخت کرکے رقمیں پیش کی تھیں۔ پھر خواتین نے اور نوجوان بچیوں نے جن کی ابھی شادیاں ہوئی تھیں اپنے سارے زیور اللہ کی راہ میں پیش کردیئے تھے۔ اور پھر بچے، بچیاں بھی کسی سے پیچھے نہیں رہے تھے۔ بچوں نے اپنی جمع شدہ رقم لاکر پیش کردی تھی۔ جس کے پاس جو بھی تھا وہ لے آیا، پھر بچیوں نے وہ سب کچھ پیش کردیا جو اُن کو اُن کے ماں باپ نے وقتاً فوقتاً دیا تھا۔ کسی نے رقم لاکر دے دی تو کسی نے اپنے گلے کا ہار دے دیا۔

مبلغ انچارج سویڈن نے بتایا کہ میرے پاس دفتر میں ایک بچی عمر 16 یا 17 سال آئی تھی اور جذباتی ہوکر رونے لگی اور خاکسار کے سامنے سونے کے کچھ زیورات رکھے اور کہا: امام صاحب! مجھے معلوم ہے کہ میرے ابّو مالمو مسجد کے لئے قربانی کرنے کی بہت خواہش رکھتے ہیں لیکن ان کے پاس پیسے نہیں ہیں۔ یہ کہتے ہوئے بچی رونے لگ گئی اور کہنے لگی کہ میرے پاس یہ کچھ زیور ہیں جو آپ ہمارے سارے گھر کی طرف سے قبول کرلیں۔

آج یہ لوگ اپنی قربانیوں کا پھل ایک وسیع و عریض اور انتہائی خوبصورت مسجد کی صورت میں دیکھ رہے تھے اور اس بات پر ان کے دل جذباتِ تشکّر سے لبریز تھے کہ ان کی قربانیاں خداتعالیٰ کے حضور قبول ہوئیں۔

جماعت احمدیہ سویڈن کے احباب کے علاوہ بیرونی جماعتوں اور ممالک سے بھی لوگ بڑی تعداد میں اس مسجد کے افتتاح پر اپنے پیارے آقا کی اقتدا میں نماز جمعہ ادا کرنے کے لئے آئے تھے۔

ڈنمارک، فن لینڈ، یوکے، فرانس، جرمنی، امریکہ، ہالینڈ اور ناروے سے ایک بڑی تعداد میں احباب جماعت اور فیملیز مالمو (سویڈن) پہنچی تھیں۔

آج اس مسجد کے افتتاح کے موقع پر نماز جمعہ میں شامل ہونے والوں کی تعداد پندرہ صد کے لگ بھگ تھی جس میں سے آٹھ سو سے زائد احباب جماعت بیرونی ممالک سے آئے تھے۔

ناروے سے آنے والے احباب میں سے ایک صاحب کہنے لگے کہ یوں لگتا ہے کہ آج ہماری ساری جماعت ہی آگئی ہے۔

آج پہلا موقع تھا کہ مالمو (Malmo) سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا خطبہ MTA کے ذریعہ دنیابھر میں براہ راست نشر ہورہا تھا۔

………………………

مسجد محمود کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی

پروگرام کے مطابق دو بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزاپنی رہائشگاہ سے باہر تشریف لائے اور مسجد کی بیرونی دیوار میں نصب تختی کی نقاب کشائی فرمائی اور دعا کروائی۔

بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزمسجد کے اندر تشریف لے گئے اور خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔

خطبہ جمعہ

تشہد،تعوذ،تسمیہ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سورئہ توبہ کی آیت نمبر 18 اور سورئہ حج کی آیت نمبر41 کی تلاوت اوران کا درج ذیل ترجمہ پیش فرمایا:

’اللہ کی مساجد تو وہی آباد کرتا ہے جو اللہ پر ایمان لائے اور یومِ آخرت پر۔ اور نماز قائم کرے اور زکوٰۃ دے اور اللہ کے سوا کسی سے خوف نہ کھائے۔ پس قریب ہے کہ یہ لوگ ہدایت یافتہ لوگوں میں شمار کئے جائیں۔‘

’جنہیں اگر ہم زمین میں تمکنت عطا کریں تو وہ نماز کو قائم کرتے ہیں اور زکوٰۃ ادا کرتے ہیں اور نیک باتوں کا حکم دیتے ہیں اور بُری باتوں سے روکتے ہیں اور ہر بات کا انجام اللہ ہی کے اختیار میں ہے۔‘

 حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

الحمد للہ آج اللہ تعالیٰ نے جماعت احمدیہ سویڈن کو اپنی دوسری مسجد بنانے کی توفیق عطا فرمائی ہے جس کا نام مسجد محمود رکھا گیا ہے۔ اس مسجد کی تعمیر میں سب مردو زن نے ماشاء اللہ بڑے اخلاص کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ ایک بڑا منصوبہ تھا جبکہ یہاں کی جماعت چھوٹی سی جماعت ہے اور اس لحاظ سے ان کے لئے یہ واقعی بہت بڑا منصوبہ تھا۔ یہاں کئی بے روزگار بھی ہیں، بوڑھے بھی ہیں، بچے بھی ہیں، خانہ دار عورتیں بھی ہیں لیکن جہاں کمانے والوں نے بڑھ چڑھ کر قربانیاں کی ہیں اور اس مسجد کی تعمیر میں حتی المقدور مالی قربانیاں پیش کی ہیں وہاں عورتیں بچے بھی پیچھے نہیں رہے اور اللہ تعالیٰ کے گھر کی تعمیر کے لئے دین کو دنیا پر مقدم کرنے کی مثال قائم کی ہے۔ کون ہے جس کی خواہشات نہیں ہیں، کون ہے جس کی ضروریات نہیں اور اس زمانے میں جب بے شمار دنیاوی اور مادی چیزیں توجہ کھینچ رہی ہیں احمدیوں کی مالی قربانی دیکھ کر انسان حیران رہ جاتا ہے۔

 حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

 صرف ایک مسجد کی تعمیر کا سوال نہیں ہے۔ مساجد کی تعمیر، نماز سینٹرز کی تعمیر و خرید ،مشن ہاؤسز کی تعمیر اور خرید کے منصوبے مسلسل جاری ہیں اور اس کے علاوہ بے شمار اور اخراجات ہیں اور دنیا میں ہر جگہ یہ کام ہو رہے ہیں۔ اور پھر دوسرے چندے بھی ساتھ ساتھ چل رہے ہیں۔ اپنی ضروریات اور تعمیرات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ نسبتاً بہتر حالت میں رہنے والے احمدی غریب ملکوں کے رہنے والے احمدیوں کی ضروریات پوری کرنے کے لئے بھی قربانیاں دے رہے ہیں۔ تو بہرحال جماعت احمدیہ میں بہت سے ایسے افراد ہیں جن کا اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ مزاج ہے کہ مالی قربانیاں کرنے کے لئے بے چین رہتے ہیں اور جماعت کی خاطر خدا تعالیٰ کی خاطر خرچ کرنے کی یہ وہ اسلامی روح ہے جو اس زمانے میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام صادق نے ہم میں پھونکی ہے۔

 حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

جس طرح حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے افراد جماعت کی مالی قربانیوں پر حیرت کا اظہار فرمایا تھا آج بھی جیسا کہ میں نے کہا یہ قربانیاں حیران کر دیتی ہیں اور یہ سب اللہ تعالیٰ کے فضل سے اللہ تعالیٰ کے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام سے کئے گئے وعدے کا اظہار ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کی ضروریات پوری فرماتا رہے گا۔ اس مسجد کی تعمیر اور اوپر دو کمروں کی رہائشگاہ ،دفاتر لائبریری وغیرہ پر تقریباً جو مجھے اندازہ خرچ دیا گیا ہے وہ ساڑھے سینتیس ملین کرونر کا ہے یعنی سوا تین ملین پاؤنڈ خرچ ہوئے ہیں۔

 حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

اس پروجیکٹ میںہال ،مربی ہاؤس اور کچن وغیرہ بھی بنا ہے۔ ہال کی finishing اب ہو رہی ہے انتظامیہ کا خیال ہے کہ اب کچھ خرچ مزید ہو گااور آٹھ دس ملین کرونر مزید خرچ ہوں گے۔ جیسا کہ جماعت احمدیہ کے اکثر منصوبوں میں ہوتا ہے کافی کام ہم وقار عمل کے ذریعہ سے بھی کر لیتے ہیں اور اس لحاظ سے اخراجات میں کچھ بچت بھی ہو جاتی ہے۔ رضاکار، والنٹیئرز کام کر رہے ہیں بعض نے مجھے بتایا کہ دن رات یہاں رہے یا تھوڑی دیر کے لئے گھر جاتے تھے اور پھر آ جاتے تھے تا کہ جلدی کام ختم ہو اور افتتاح ہو سکے۔ لیکن پھر بھی بعض جگہیں جیسا کہ میں نے کہا مکمل نہیں ہو سکیں۔

 حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

بہرحال اللہ تعالیٰ مالی قربانی کرنے والوں اور ان لوگوں کو بہترین جزا دے جنہوں نے اس مسجد اور اس کمپلیکس کی تعمیر میں کسی طرح بھی حصہ لیا ہے۔ بڑی خوبصورت مسجد تعمیر ہوئی ہے۔ علاقے کے لوگ بھی اس کی خوبصورتی کی تعریف کر رہے ہیں۔ دو دن پہلے اخبار اور ریڈیو کے نمائندے یہاں آئے ہوئے تھے۔ مجھے بھی انہوں نے یہی کہا کہ بڑی خوبصورت مسجد تعمیر ہوئی ہے اور یہ بڑی اس علاقے کی خوبصورتی میں ایک اضافہ ہے۔

 حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

 قربانی کی روح کا اظہار کس طرح بچوں بڑوں نے کیا اس کی چند ایک مثالیں پیش کرتا ہوں۔ ایک گیارہ سال کی بچی نے مسجد کے چندہ کے لئے چند سو کرونر پیش کئے اور بتایا کہ کافی عرصے سے اس نے جو جیب خرچ جمع کیا تھا وہ مسجد کی تعمیر کے لئے ادا کرنے کے لئے لے آئی ہے۔ ایک اوردس گیارہ سال کی بچی آئی اور پانچ سو کرونر مسجد کی تعمیر کے لئے ادا کئے اور بتایا کہ اس کے پاس دو طوطے تھے جنہیں فروخت کر کے اس نے یہ رقم مسجد کے لئے ادا کرنے کے لئے حاصل کی۔ یہاں ان ملکوں میں petیا پالتو جانور رکھنے کا بڑا شوق ہے لیکن احمدی بچی نے یہاں کے بچوں کی طرح اپنے پالتو جانور کو ترجیح نہیں دی بلکہ خدا تعالیٰ کے گھر کی تعمیر کو اپنے شوق پر ترجیح دی۔ حقیقتاً اصل شوق اور ترجیح اللہ تعالیٰ کی رضا ہی ہے جو احمدی بچے ہی سمجھ سکتے ہیں جن کو بچپن سے ہی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اس بات سے یہ ادراک پیدا ہو جاتا ہے کہ مسجد کی تعمیر میں حصہ لینے والا جنت میں اپنا گھر بناتا ہے اور پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا کہ شہروں کی بہترین جگہیں مساجد ہیں ۔پھر یہ بھی فرمایا کہ قبیلوں میں مساجد بناؤ محلوں میں شہروں میں مساجد بناؤ اسی بات کا نتیجہ ہے کہ ہم ہر جگہ مساجد بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔

 حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

 جہاں بھی مسجد بنائی جائے اس کے حوالہ سے مجھ سے کئی جرنلسٹ سوال کرتے ہیں یہاںکیوں بنائی گئی۔ یہاں بھی لوگوں نے سوال کیا۔ نہ مالمو کی خصوصیت ہے نہ کسی اور جگہ کی، ہمارا کام مساجد بنانا ہے تا کہ جہاں کچھ احمدی ہیںوہ جمع ہوں اور عبادت کا حق ادا کر سکیں۔ ایک بچی اعتکاف بیٹھی تھی اس نے یہاں انتظامیہ سے رابطہ کیا اور اپنا زیور مسجد کے لئے پیش کیا۔ بظاہر بہت قیمتی زیور نہ تھا مگر وہی زیور اس کی کل جمع پونجی تھی اور اس کے ماں باپ نے اسے تحفہ دیا تھا اور اس بچی نے جماعت کے جس شخص کو زیوردیا اسے تاکیداً کہا کہ میرے والدین کو نہیں بتانا کہ یہ زیور میں نے چندے میں دے دیا ہے۔ ایک اور واقفہ نو بچی بھی ایسی ہے جس نے تمام زیور اور جیب خرچ ایک لفافے میں ڈال کر اور خط لکھ کر اپنے والد کے تکیہ کے نیچے رکھ دیا کہ یہی سب کچھ میرے پاس ہے اس کے علاوہ کوئی ایسی چیز نہیں جو میں اس مسجد کے لئے خدا کے حضور پیش کر سکوں۔ ایسی نوجوان بچیاں بھی ہیں جن کی نئی نئی شادی ہوئی تھی اور انہوں نے اپنے زیور کے شوق پورے نہیں کئے تھے اپنا سارا زیور مسجد کی تعمیر کے لئے پیش کر دیا۔

 حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

بہت سی خواتین نے جن کے خاوندوں نے پہلے ہی اچھے وعدے کئے ہوئے تھے اور ادائیگی مکمل کر دی تھی ان خواتین نے اپنے زیور اور تمام جمع پونجی مسجد کی تعمیر کے لئے ادا کر دی۔ یہ بتایا گیا ہے کہ یہاں دو خواتین ایسی تھیں جنہیں مالی قربانی کی استطاعت نہیں تھی یا ان کے پاس کچھ نہیں تھا مگر ان کے پاس پاکستان میں والد کی طرف سے موروثی مکان ملا تھا۔ انہوں نے وہ مکان فروخت کر کے اس کی کل رقم مسجد کی تعمیر میں ادا کر دی۔ ایک خادم نے مسجد میں ادائیگی کے لئے ایک بڑی رقم کا وعدہ کیا تھا جس میں ایک حصہ ان کی اہلیہ کی طرف سے تھا لیکن بدقسمتی سے اس جوڑے کی علیحدگی ہو گئی اور وعدہ جات کے سلسلہ میں جب ان سے رابطہ کیا گیا تو اس خادم کے والد نے کہا کہ اس خاتون سے علیحدگی ہو گئی ہے وہ اپنا حصہ خود ادا کرے گی لیکن اس نوجوان نے کہا نہیں کیونکہ میں نے وعدہ کیا تھا اس کی طرف سے اس لئے علیحدگی کے باوجود میں ہی یہ وعدہ پورا کروں گا اور مکمل ادائیگی کر دی۔ کہیں تو ایسے لوگ ہمیں نظر آتے ہیں جو عورت کے جائز حق بھی نہیں دیتے اور قضا کے فیصلہ نہ ماننے کی وجہ سے بعض دفعہ ان کو تعزیر ہو جاتی ہے حالانکہ وہ ان کا فرض ہوتا ہے اور عورت کا حق ہوتا ہے اور کہیں ایسے ہیں جیسا کہ میں نے بتایا کہ علیحدگی کے باوجود وعدے پورے کر رہے ہیں اور حقیقت میں یہی لوگ ہیں جو مؤمن کہلانے کے مستحق ہیں۔

 حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

مالمو جماعت کے ایک خادم جو پارٹ ٹائم نوکری کرتے تھے،جب انہیں مسجد کا وعدہ بڑھانے کی تحریک کی گئی تو انہوں نے دس ہزار کرونر سے بڑھا کر ایک لاکھ کرونر اپنا وعدہ کر دیا اور اگلے ہفتے ہی پچاس ہزار کرونر ادائیگی کے لئے رقم لے کر مسجد میں آ گئے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ نے اتنی رقم کہاں سے جمع کر لی اس نے بتایا کہ میں نے اپنی کار بیچ کر اس کے علاوہ جو بھی گھر میں پیسے جمع تھے وہ ادائیگی کے لئے لے آیا ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے اس قربانی کے نتیجہ میں انہیں مستقل نوکری بھی عطا فرما دی اور پہلے سے اچھی اور نئی گاڑی خریدنے کی بھی انہیں توفیق عطا فرمائی۔ یہ وہ قربانی کی روح ہے جو ہمیں بہت سے احمدیوں میں ہر جگہ نظر آتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مختلف ملکوں میں مختلف جگہوں میں پھیلے ہوئے بہت سے ایسے احمدی ہیں اور یہاں اور بھی ہوں گے یہ چند مثالیں میں نے دی ہیں۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

 اس مسجد کی تعمیر کا منصوبہ 1999ء میں شروع ہوا تھا جب کونسل کو درخواست پیش کی گئی تھی۔ اس کے لئے مکرم احسان اللہ صاحب نے پانچ ہزار مربع میٹر کا قطعہ زمین خرید کر جماعت کو پیش کیا تھا۔ یہ قطعہ ایک ٹیلے پر ہے اور ایک نمایاں جگہ پر واقع ہے۔ مین ہائی وے یہاںقریب سے گزرتی ہے اور ناروے اور سویڈن کو پورے یورپ سے بھی ملاتی ہے اور اس طرح سویڈن اور ناروے کے تمام بڑے شہروں کو بھی ملاتی ہے۔ بڑی مصروف ہائی وے ہے جہاں دور سے ہی مسجد کی خوبصورت اور بلند عمارت ہر آنے جانے والے کو نظر آتی ہے اور توحید کا پیغام دیتی ہے۔

اللہ تعالیٰ کرے کہ تعمیر کے بعد بھی ہر احمدی اپنا حق ادا کرے اور تبلیغ کے ذریعہ بھی یہ مسجدہمیشہ توحید پھیلانے کا ذریعہ بنی رہے اور اس کی حقیقی خوبصورتی روشن ہو کر چمکے، جو کہ درحقیقت دینی تعلیم کی خوبصورتی ہے اورجس مقصد کے لئے یہ مسجد بنائی گئی ہے۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

 اس کمپلیکس کا کل تعمیر شدہ رقبہ 2353مربع میٹر ہے۔ پانچ بڑی عمارات ہیں۔ مین مسجد ہے، جس کارقبہ تقریباًپندرہ سو مربع میٹر ہے، سپورٹس ہال ہے جو کہ ساڑھے سات سو مربع میٹر ہے۔ اس کے علاوہ اور عمارتیں ہیں ۔ مسجد میں مردوں اور عورتوں کے لئے اوپر نیچے دو ہال ہیں۔ یہاں بعض سوال کرنے والے سوال کر دیتے ہیں کہ آپ عورتوں کو تو علیحدہ کر دیتے ہیں، مین مسجد میں رہنے نہیں دیتے ان کے لئے بھی کافی جواب ہے کہ یہاں مسجد کے ایک ہی بلاک میں دونوں ہال ہیں اور ایک طرح کے ہال ہیں۔ ان ہالوں میں ہر ایک میں پانچ پانچ سو افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہے۔ اسی طرح جو سپورٹس ہال ہے اس میں سات سو نمازی نماز ادا کر سکتے ہیں۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کے فضل سے سترہ سو لوگ اکٹھے نماز ادا کر سکتے ہیں۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

 آج تو باہر سے بہت سارے لوگ آئے ہوئے ہیں اس لئے مسجد بھری نظر آ رہی ہے لیکن عام حالات میں گنجائش کے لحاظ سے یہ بہت وسیع مسجد ہے۔ پورے ملک کی جماعت بھی جو اگر جمع ہو جائے تب بھی نصف جگہ نماز پڑھنے والوں کے لئے خالی رہے گی۔ پس یہاں کے احمدیوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ اپنی تعداد بڑھائیں۔ آج تو افتتاح ہے، میں بھی آیا ہوں، بہت سارے لوگ باہر سے آئے ہیں لیکن عمومی حالات میں جیسا کہ میں نے بتایا کہ یہ مسجد اتنی بڑی ہے کہ سارے ملک کی جماعت جمع ہو جائے تب بھی آدھی مسجد خالی رہے گی۔ اپنی تعداد یہاں کے لوگوں کو بڑھانی چاہئے۔ یہاں کے لوگوں میں اسلام کے بارے میں جو غلط فہمیاں ہیں انہیں دور کریں اور انہیں توحید کی طرف لائیں۔ ان لوگوں سے ہمدردی کا یہ تقاضا ہے اور ان کا حق ہے کہ جو احسان یہاں کی حکومتوں نے اور عوام نے اس ملک کے رہنے والوں نے آپ کو جگہ دے کر آپ پر کیا ہے اس کا بہترین بدلہ یہ ہے کہ انہیں اللہ تعالیٰ کے قریب لائیں۔ مسجد کی تعمیر کا حق بھی تبھی ادا ہو گا جب اس کو عبادت کرنے والوں سے زیادہ سے زیادہ آباد کریں گے۔ خود بھی یہاں آ کر اپنی نمازوں سے اس کو آباد کریں گے اور تبلیغ کر کے علاقے کے لوگوں کو بھی اسلام کی تعلیم سے متعارف کروائیں گے۔

 حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

 یہی بات ہے جس کی طرف حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ہمیں ایک جگہ توجہ دلائی ہے۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں کہ ’اس وقت ہماری جماعت کو مساجد کی بڑی ضرورت ہے یہ خانہ خدا ہوتا ہے جس گاؤں یا شہر میں ہماری جماعت کی مسجد قائم ہو گئی تو سمجھو کہ جماعت کی ترقی کی بنیاد پڑ گئی اگر کوئی ایسا گاؤں ہو یا شہر جہاں مسلمان کم ہوں یا نہ ہوں اور وہاں اسلام کی ترقی کرنی ہو تو ایک مسجد بنا دینی چاہئے پھر خدا خود مسلمانوں کو کھینچ لاوے گایعنی دوسرے مسلمان بھی آ جائیں گے اور یہاں کے مقامی لوگوں سے بھی تعداد بڑھے گی لیکن شرط یہ ہے کہ قیام مسجد میں نیت باخلاص ہو محض للہ اسے کیا جاوے۔ نفسانی اغراض یا کسی شر کو ہرگز دخل نہ ہو تب خدا برکت دے گا۔‘

 اس شرط پر ہمیشہ ہر ایک کو غور کرنا چاہئے۔ پورا اخلاص ہو نیت میں اور کسی قسم کا شر اور فتنہ دلوں میں نہ ہو اور خالصۃً خدا تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کے لئے قربانیاں کی جائیں اور مسجد بنائی جائے اور مسجد کو آباد کیا جائے تو پھر بے انتہا برکت پڑتی ہے۔

 فرمایا کہ ’جماعت کی اپنی مسجد ہونی چاہئے جس میں اپنی جماعت کا امام ہو اور وعظ وغیرہ کرے اور جماعت کے لوگوں کو چاہئے کہ سب مل کر اس مسجد میں نماز باجماعت ادا کیا کریں۔جماعت اور اتفاق میں بڑی برکت ہے۔‘

 یہ بڑی اہم بات ہے جو ہر جگہ کے رہنے والوں کو یاد رکھنی چاہئے چاہے وہ ناروے کے ہیں ڈنمارک کے ہیں یا دنیا کے دوسرے ملکوں کے ہیں کہ مسجد کی آبادی کا مقصد بھی جماعت کی اکائی ہے۔ پس ہمیں اس اکائی کو قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔

 فرمایا کہ ’پراگندگی سے پھوٹ پیدا ہوتی ہے اور یہ وقت ہے کہ اس وقت اتحاد اور اتفاق کو بہت ترقی دینی چاہئے۔‘

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

 اتفاق میں اتحاد میں محبت میں پیار میں بڑھیں اور ادنیٰ ادنیٰ باتوں کو نظر انداز کر دینا چاہئے۔ چھوٹی چھوٹی باتوں پے لڑائیاں جھگڑے بدظنیاں یہ ختم کریں۔ فرمایا کہ ادنیٰ ادنیٰ باتوں کو نظر انداز کر دینا چاہئے جو کہ پھوٹ کا باعث ہوتی ہیں۔ ہمیں ذاتیات کی بجائے اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ دوسروں سے عبرت حاصل کرنی چاہئے ہمیں اور ایک اکائی ہمیں بننا چاہئے اور آپس میں اتفاق اور اتحاد پیدا کریں اس کے لئے اور اس کے لئے اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے طریق پر چلیں۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

 وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْاِنْسَ اِلَّا لِیَعْبُدُوْنِ۔ یعنی ہم نے جن اور انس کو عبادت کے لئے پیدا کیا ہے۔ پس ہمیشہ یاد رکھنا ہے ہم نے اس عبادت کا حق ادا کرنا ہے اور عبادت کا حق سب سے زیادہ مسجدوں کی آبادی بڑھانے سے ہی ادا ہوتا ہے جیسا کہ حدیث میں پہلے میں بیان کر آیا ہوں اور پھر اللہ تعالیٰ کا اپنے بندوں سے پیار کا اظہار دیکھیں ان کو انعامات سے نوازنے کا اظہار دیکھیں کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ سے اللہ تعالیٰ نے ہمیں بتایا کہ نماز باجماعت مسجد میں آ کر پڑھنے والے کو ستائیس گنا ثواب ہوتا ہے۔ پھر ایک حدیث میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو حضرت ابوہریرۃؓ نے روایت کی ہے کہ آدمی کی باجماعت نماز اس کی اس نماز سے پچیس گنا بعض جگہ پر ستائیس گنا بھی ہے بہتر ہے جو وہ اپنے گھر میں یا بازار میں پڑھے اور یہ اس لئے کہ جب وہ وضو کر کے وضو کرے اور اچھی طرح وضو کرے پھر وہ مسجد کی طرف نکلے اس حال میں کہ اسے صرف نماز ہی نکال رہی ہے تو جو قدم بھی وہ اٹھائے گا اس کے ایک قدم پر اس کا ایک درجہ بلند کیا جائے گا اور دوسرے پر ایک گناہ دور کر دیا جائے گا اور جب وہ نماز پڑھے گا تو جب تک وہ اپنی جائے نماز میں رہے گا ملائکہ فرشتے اس کے لئے دعائے رحمت کرتے رہیں گے کہ اے اللہ اس پر خاص رحمت فرما اس پر رحم فرما اور فرمایا کہ جب تک ایک آدمی نماز کا انتظار کررہا ہوتا ہے تو وہ نماز ہی میں ہوتا ہے۔ یہ نہ سمجھیں کہ اللہ تعالیٰ انتظار کا ثواب نہیں دیتا، انتظار کا بھی ثواب ہے جب مسجد میں آ کر نماز کے لئے انتظار کر رہا ہوتا ہے۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

 یہ بہت بڑا کام ہے جو ہم نے کرنا ہے یہاں کے رہنے والوں نے کرنا ہے کہ مسجد کا جوظاہری حسن ہے اس کو اندرونی اور روحانی حسن میں بدلنا ہے اور روحانی حسن ایک تسلسل چاہتا ہے، مسلسل کوشش چاہتا ہے۔ پس ہر احمدی روحانی حسن کے اس تسلسل کو قائم رکھنے کا عہد کرے۔ یہ آیات جو میں نے شروع میں تلاوت کی ہیں اس میں پہلی آیت جو سورۃ توبہ کی ہے اللہ تعالیٰ اس میں فرماتا ہے کہ اللہ کی مساجد تو وہی آباد کرتا ہے جو اللہ پر ایمان لائے اور یوم آخرت پر اور نماز قائم کرے اور زکوۃ دے اور اللہ کے سوا کسی سے خوف نہ کھائے پس قریب ہے کہ یہ لوگ ہدایت یافتہ لوگوں میں شمار کئے جائیں۔

پس مسجد بنانے کا مقصد اللہ تعالیٰ پر ایمان ہے اور اللہ تعالیٰ پر ایمان اس وقت کامل ہوتا ہے جب انسان ہر قسم کے شرک سے اپنے آپ کو محفوظ رکھے۔ ہر چیز کا دینے والا خدا تعالیٰ کو سمجھے۔ پھر آخرت پر ایمان ہے اس کی تفصیلات ہیں لیکن اگر انسان صرف اس بات پر ہی غور کر لے۔ بہت ساری چیزیں آخرت کے بارے میں آتی ہیں کہ آخرت دنیا سے بہتر ہے صرف اس بات پر اگر غور کرے انسان تو پھر دنیاوی معمولی باتوں کے حصول پر اپنی سب طاقتیں خرچ کرنے کی بجائے اپنا زور لگانے کی بجائے آخرت کے انعامات کا وارث اپنے آپ کو بنانے کے لئے انسان پھر کوشش کرے۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

 پس جیسا کہ میں نے کہا ہے کہ ہماری ذمہ داریاں بڑھ رہی ہیں اس مسجد کا حق ادا کرنے کے لئے ایک بڑا انقلاب ہمیں اپنے اندر پیدا کرنا ہو گا۔ پھر قیام نماز کی طرف توجہ دلائی ہے اور قیام نماز پانچ وقت نماز باجماعت ہے۔ پس اس مسجد کی خوبصورتی بھی نمازیوں کی تعداد پر ہے۔ ایسے نمازیوں کی تعداد پر جو خالص ہو کر خدا تعالیٰ کی عبادت کرنا چاہتے ہیں یا کرنے والے ہیں۔ پھر زکوۃ کی طرف توجہ دلا کر غریبوں کے حقوق کی طرف بھی توجہ دلا دی۔ ایک حقیقی مؤمن جو اللہ تعالیٰ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہے وہ نمازوں کے قیام اور عبادتوں کی طرف توجہ دینے کے ساتھ لازماً اپنے مال کو پاک کرنے کی بھی فکر کرے گا اور مال پاک کرنے کا بہترین ذریعہ اپنے مال کو خدا تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرنا اور اس کے بندوں کے حقوق کی ادائیگی کے لئے خرچ کرنا ہے اور مالی قربانی کا جو ادراک ہے وہ آج ہم دیکھتے ہیں صحیح ادراک احمدی کے علاوہ اور کسی کو نہیں ہے۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

 پس ہر احمدی کی یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے کہ اس طرف سوچے اس مقصد کو سمجھے اور اس کے لئے اپنے عہدوں کو پورا کرتے ہوئے اپنی سوچوں کو خدا تعالیٰ کی رضا کے مطابق ڈھالنے کی ہر وقت کوشش کرتے رہیں۔ اس آیت کی روشنی میں اس بات کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھیں کہ خدا تعالیٰ کے سچے بندے اللہ تعالیٰ سے مدد حاصل کرتے ہیںا ور انہیں اللہ تعالیٰ سے مدد ملتی ہے پھر اگر انسان سچا ہے صحیح مؤمن ہے جب وہ اللہ تعالیٰ کو مدد کے لئے پکارتا ہے تو اللہ تعالیٰ سے مدد ملتی ہے وہ اپنی تمام طاقتیں اور صلاحیتیں انسانیت کی بھلائی کے لئے خرچ کرتے ہیں یہ سچے بندوں مؤمنوں کی نشانی ہے اور ساتھ ہی خدا تعالیٰ کے حق بھی ادا کرتے ہیں۔ خدا تعالیٰ کا خوف رکھنے والے اور ایمان میں بڑھنے والے ہوتے ہیں۔ تقویٰ سے زندگی بسر کرنے والے ہوتے ہیں اور دوسروں کو بھی نیکی کی تلقین کرتے ہیں اور برائیوں سے روکنے والے ہیں۔

آخر پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

 اللہ کرے کہ ہم ان باتوں کو سمجھنے والے ہوں اللہ تعالیٰ کا بھی حق ادا کرنے والے ہوں آپس کی محبت میں بھی بڑھنے والے ہوں مسجد کا بھی حق ادا کرنے والے ہوں اور تبلیغ کا بھی حق ادا کرنے والے ہوں مالی قربانی کا وقتی جوش ہی ہم میں نہ ہو صرف بلکہ روحانی ترقی کے مستقل جوش کو اپنی حالتوں میں طاری کرنے والے اور جاری کرنے والے ہوں تا کہ اس زمانے کے امام اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے عاشق صادق کے ساتھ جو ہم نے عہد بیعت کیا ہے اسے پورا کر سکیں۔ اللہ تعالیٰ ہر ایک کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔

…………………………

حسبِ طریق خطبہ جمعہ کا مکمل متن 3؍جون 2016ء کے الفضل انٹرنیشنل میں شامل اشاعت کیا جاچکا ہے۔

…………………………

یہ خطبہ جمعہ تین بجے تک جاری رہا۔ بعد ازاں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نماز جمعہ کے ساتھ نماز عصر جمع کرکے پڑھائی۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے دفتر تشریف لے آئے۔

…………………………

کالمار کونسل کے چیئرمین کی حضور انور سے ملاقات

کالمار (Kalmar) سے Roger Kaliff صاحب جو کالمار کونسل کے چیئرمین ہیں اور یورپی یونین میں کئی کمیٹیوں کے ممبر رہ چکے ہیں قریباً 305 کلومیٹر کا سفر طے کرکے مسجد کے افتتاح میں شرکت کرنے اور حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ سے ملاقات کے لئے آئے ہوئے تھے۔

موصوف نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ یہ ملاقات قریباً پندرہ منٹ تک جاری رہی۔ بعد ازاں موصوف اتنا ہی سفر طے کرکے واپس کالمار گئے۔

………………

(باقی آئندہ)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button