کلام امام الزمان علیہ الصلاۃ والسلام

ارشادات عالیہ سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام

یہ بندہ گوشۂ گمنامی میں مستور تھا۔ ایسے وقت میں اللہ تعالیٰ اس سے مخاطب ہوا اور فرمایا تُو مجھ سے ایساہے جیسا میری توحید اور تفرید۔پس وہ وقت آتا ہے کہ تُو مدد دیا جائے گا اور دنیا میں مشہورکیا جائے گا۔ اور کسی دشمن کو یہ طاقت نہ ہوئی کہ جو اللہ نے نصرت اور انعامات کے نازل کرنے کا ارادہ فرمایا ہے اسے روک سکے یہاں تک کہ وہ تقدیر نازل ہوئی جسے انہوں نے روکنا چاہا تھا اور وہ وعدہ پورا ہوگیا جسے انہوں نے جھٹلایا تھا اور اس بندے کو آسمان سے خلافت کا خطاب دیا گیا۔

’’اور پھر تم جان لو اللہ تم پر رحم فرمائے ان خبروں کا زمانہ وہ ہے جس میں ان کے ظہور کا کوئی نشان نہ تھا، نہ ان کا نور جلوہ آراء تھا اور نہ ہی ان کے مخفی امور تک کوئی دروازہ تھا۔بلکہ یہ معاملہ لوگوں کی آنکھوں اور خیالات سے مخفی تھا اور یہ بندہ گوشہ ء گمنامی میں مستور تھا۔ اسے صرف وہ تھوڑے سے لوگ جانتے تھے جو ابتدا سے اس کے والد سے آشنا تھے۔ اگر تم چاہو تو اس بستی کے رہنے والوں سے جس کا نام قادیان ہے اور اس کے ارد گرد مسلمانوں ، مشرکوں اور دشمنوں کی بستیوں کے رہنے والوں سے بھی پوچھ لو۔ ایسے وقت میں اللہ تعالیٰ اس سے مخاطب ہوا اور فرمایا تُو مجھ سے ایساہے جیسا میری توحید اور تفرید۔پس وہ وقت آتا ہے کہ تُو مدد دیا جائے گا اور دنیا میں مشہورکیا جائے گا۔وہ مدد ہر ایک دور کی راہ سے تجھے پہنچے گی اور ایسی راہوں سے پہنچے گی کہ وہ راہ لوگوں کے بہت چلنے سے جو تیر ی طرف آئیں گے، گہرے ہو جائیں ۔تیری مدد وہ لوگ کریں گے جن کے دلوں میں ہم الہام کریں گے۔جب خدا کی مدد آئے گی اور زمانہ ہماری طرف رجوع کرے گا۔تب کہاجائے گا کہ کیا یہ شخص جو بھیجا گیا حق پر نہ تھا اور چاہیے کہ تو مخلوق الٰہی کے ملنے کے وقت چیں بہ جبین نہ ہو اور چاہیے کہ تو لوگوں کی کثرت ملاقات سے تھک نہ جائے اور تجھے لازم ہے کہ اپنے مکانوں کو وسیع کرے تا تجھ سے محبت کرنے والے آئیں گے ان کو اترنے کے لئے گنجائش ہو۔ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے وہ پیش خبریاں ہیں جن پر وحی الٰہی سے اس وقت تک چھبیس سال کا زمانہ گذر گیا ہے۔ اور اس میںعقل مندوں کے لئے بہت بڑا نشان ہے۔

 پھر اس کے بعد اللہ نے اپنے اس بندے کی تائید فرمائی جیسا کہ مختلف قسم کے انعامات اور طرح طرح کی نعمتوں کا اس کا وعدہ تھا جس کے نتیجہ میں متلاشیان حق فوج در فوج اس کے پاس اموال ،تحفے اور ہر وہ چیز جو انہیں میسر تھی لے کر آئے یہاں تک کہ اب ان کے لئے جگہ تنگ ہوگئی اور قریب تھا کہ ملاقات کی کثرت کے باعث وہ اکتا جائے تا کہ جو اللہ نے فرمایا تھا وہ سچا اور حق ثابت ہو۔اورحضرت کبریاء سے بڑھ کر اور کون وعدہ پوراکر سکتا ہے۔ اور کسی دشمن کو یہ طاقت نہ ہوئی کہ جو اللہ نے نصرت اور انعامات کے نازل کرنے کا ارادہ فرمایا ہے اسے روک سکییہاں تک کہ وہ تقدیر نازل ہوئی جسے انہوں نے روکنا چاہا تھا اور وہ وعدہ پورا ہوگیا جسے انہوں نے جھٹلایا تھا اور اس بندے کو آسمان سے خلافت کا خطاب دیا گیا۔ اس میں ہر اس شخص کے لئے جو حق کو تلاش کرتا ہے اور بغض وکینہ چھوڑ کر آیا ہے بہت بڑا نشان ہے۔پس اے تقویٰ شعارو!بیان کرو تمہیں اجر دیا جائے گا۔کیا یہ اللہ کا فعل ہے یا کسی ایسے  انسان کا من گھڑت کلام جس نے افترا کے گناہ پر جرأت کی ہے تا وہ رسولوں میں شمار کیا جائے۔ کیا ایسے مجرموں کے لئے اللہ کے عذاب سے اس دنیا میں کوئی امان ہے یا کہ ان کو عذاب دیا جاتا ہے۔

 پھر اے فقیہو! میں تم سے دوسری مرتبہ فتویٰ طلب کرتا ہوں۔ پس اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور ایسے مردوں کی طرح مجھے فتویٰ دو جو اللہ سے ڈرتے ہیں اور ظلم نہیں کرتے۔ اے جوانو! ایک شخص جس نے دعویٰ کیا ہے کہ میں اللہ کی طرف سے ہوں۔ پھر اس کے منکرین نے اُس سے مباہلہ کیا تاشاید وہ غالب ہوجائیں لیکن اللہ نے انہیں ہلاک اور رسوا کیااور ان کی تدابیرکوباطل کردیااور اگر تم چاہو تو اس کتاب میں ان کے واقعات اور جو اللہ نے ان سے سلوک روا رکھا ہے اسے پڑھو (اور سوچوکہ ) کہ کیا یہ منکروں پر اتمام حجت نہیں ؟٭

 [٭  جن لوگوں نے مباہلہ کیا اور مباہلے کے بعد وہ ہلاک ہوگئے انہیںمیں سے ایک شخص مسمّی غلام دستگیر قصوری ہے۔ اسی طرح ان میں سے مولوی چراغ دین جمونی اور ایک اور شخص مولوی عبدالرحمان محی الدین لکھو کے ہے اورایک اور شخص مولوی اسماعیل علی گڑھی اور مولوی فقیر مرزا دو المیالی اور لیکھرام پشاوری ہے۔ اس طرح بہت سے اور لوگ ہیں۔ جن میں اکثر تو مر گئے اور ان میں سے بعض رسوائی اور بعض نسل کے انقطاع اور عسرت کی زندگی کی طرف لوٹا دیئے گئے ہم نے ان کا تفصیلی ذکر اپنی کتاب حقیقۃ الوحی میں کر دیا ہے اور یہ خلاصہء ذکر ہے ان لوگوں کے لئے جو طالب حق ہیں۔ اور ان میں سے ایک وہ شخص بھی ہے جو اس ماہ یعنی ذوالقعدہ میں مرا اور اس کانام سعد اللہ تھا لیکن اس کا سعادت سے کوئی واسطہ نہیں تھا اور مجھے خبر دی گئی تھی کہ وہ میری وفات سے قبل رسوائی اور محرومی سے مرے گا اور اللہ اس کی نسل منقطع کردے گا۔ چنانچہ وہ اسی طرح ناکام ونامراد مرا۔ یہ جزا ہے ان لوگوں کی جو  اللہ سے جنگ کرتے اور ظلم اور زیادتی سے اس کے رسولوں کا انکار کرتے ہیں۔منہ]‘‘

(الاستفتاء مع اردو ترجمہ صفحہ 10تا13۔ شائع کردہ نظارت اشاعت صدر انجمن احمدیہ پاکستان۔ ربوہ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button