حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… شمالی جاپان میں ۷.۵؍شدت کے زلزلے نے بڑے پیمانے پر ہلچل پیدا کی، جس سے کم ازکم ۲۳؍ افراد زخمی ہوئے اور ہاچینوہے سمیت مختلف علاقوں میں عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ جاپانی حکومت نقصانات کا جائزہ لے رہی ہے۔ ایک روز قبل شمال مشرقی جاپان میں ۷.۶؍شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کے بعد دس فٹ تک بلند سونامی لہروں کی وارننگ جاری کی گئی۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق یہ جھٹکے رات ۱۱ بج کر ۱۵؍منٹ پر محسوس کیے گئے، جن کا مرکز ساحل سے تقریباً ستّر کلومیٹر دور اور ۳۳؍میل کی گہرائی میں تھا۔

٭…روس کے ایوانوو ریجن میں ایک فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ اے این ۲۲ مرمت کے بعد ٹیسٹ فلائٹ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثہ ماسکو سے ۲۵۴؍کلومیٹر شمال مشرق میں پیش آیا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق طیارے میں سات عملے کے ارکان موجود تھے جن کا تاحال کوئی سراغ نہیں ملا۔ طیارہ ایک غیر آباد علاقے میں گرا، اور ملبہ تلاش کرنے کے لیے خصوصی ٹیم روانہ کر دی گئی ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

٭…جکارتہ، انڈونیشیا میں سات منزلہ عمارت میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں ۲۲؍افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ آگ ڈرون کی بیٹری پھٹنے سے لگی۔ آگ پر قابو پانے کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیمیں کولنگ کے عمل اور عمارت کی مکمل تلاشی میں مصروف ہیں تاکہ کسی مزید متاثرہ شخص کی نشاندہی ہو سکے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مذکورہ عمارت ایگری کلچرل ڈرون سروس کمپنی کے استعمال میں تھی جہاں ڈرون سے متعلقہ سامان موجود تھا، جو واقعے کی سنگینی کا سبب بن سکتا ہے۔

٭…آسٹریلیا نے دنیا میں پہلی بار سولہ سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس قانون کے تحت کم عمر بچے اب انسٹاگرام، ٹک ٹاک سمیت کسی بھی بڑے سوشل پلیٹ فارم کا استعمال نہیں کر سکیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں سوشل میڈیا کمپنیوں پر تین کروڑ تیس لاکھ امریکی ڈالر تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ آسٹریلوی وزیرِاعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ سوشل میڈیا اکثر غیر سماجی سرگرمیوں، دھوکے بازی اور آن لائن فراڈ کے لیے استعمال ہوتا ہے، اسی وجہ سے بچوں کی حفاظت کے لیے یہ فیصلہ ضروری تھا۔

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان بڑھتی ہوئی لڑائی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سیز فائر معاہدہ ٹوٹنے کے بعد سرحدی جھڑپوں میں اضافہ ہو چکا ہے، جسے روکنے کے لیے وہ آج دونوں ممالک کے راہنماؤں سے فون پر بات کریں گے۔ واضح رہے کہ حالیہ جھڑپوں میں دس سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ سرحدی کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ تھائی فوج کے مطابق کمبوڈین ملٹری نے سرحدی علاقے میں فوجیوں اور ہتھیاروں کی تعیناتی میں اضافہ کر دیا ہے، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔

٭…چینی وزارتِ خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر ردِعمل دیتے ہوئے دونوں ممالک کو روایتی دوست قرار دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق چین کو امید ہے کہ پاکستان اور افغانستان اپنے تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرتے رہیں گے اور کشیدگی میں کمی لا کر خطے کو پُرامن اور مستحکم بنائیں گے۔ چینی ترجمان نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون بڑھا کر مثبت سمت میں آگے بڑھیں۔ مزید کہا کہ چین بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر پاک-افغان تعلقات میں بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button