ایشیا (رپورٹس)

قادیان دارالامان میں ہستی باری تعالیٰ کے متعلق ایک نمائش کا قیام اور اس کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل سے قادیان دارالامان میں حضرت خلیفۃ المسیح الاوّلؓ کے مکان کے ایک حصے میں امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے ’ہستی باری تعالیٰ‘ کے عنوان سے متعلق ایک دیدہ زیب نمائش تیار کی گئی ہے۔ جس ہال میں یہ نمائش قائم کی گئی ہے اس کا نام سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اللہ تعالیٰ کی صفت ’’المجیب‘‘پر ’’المجیب‘‘ عطا فرمایا ہے۔

حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کا مقصد اور جماعت احمدیہ کے قیام کا مقصد ہی یہی ہے کہ لوگ اللہ تعالیٰ سے تعلق پیدا کر کے اس کا حقیقی عرفان حاصل کریں اور اس سے سچی محبت پیدا کریں۔ پس اس نمائش کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کی ہستی کے ثبوت اور اس سے تعلق قائم کرنے کے ذرائع بیان کیے گئے ہیں۔

اس نمائش میں صفات باری تعالیٰ کو خوبصورت خطاطی (Calligraphy) میں پیش کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نمائش میں موجود سکرین پر ہستی باری تعالیٰ کے متعلق ویڈیوز بھی دکھائی جاتی ہیں۔

اس نمائش کا افتتاح دعا کے ساتھ مورخہ ۲۲؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو کیا گیا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے مکرم ایڈیشنل ناظرصاحب اعلیٰ جنوبی ہند نے اجتماعی دعا کے ساتھ اس نمائش کا افتتاح کیا۔ اس افتتاحی تقریب میں ہر سہ انجمنوں کے صدور صاحبان، ناظران، وکلاء اور ناظمین اور اسی طرح افسران صیغہ جات نے بھی شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے افتتاح کے بعد سے ہی یہ نمائش مقامی احباب اور مہمانان کرام کی توجہ کا مرکز بن رہی ہے اور جلسہ سالانہ قادیان ۲۰۲۵ء میں شرکت کے لیے تشریف لانے والے مہمانان کرام نے بھی اس نمائش سے استفادہ کیا۔

اللہ تعالیٰ اس نئی نمائش کے افتتاح کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور اس کو لوگوں کے لیے ازدیادِ ایمان کا باعث بنائے۔ آمین

(رپورٹ:شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ فن لینڈ کے وفد کی Kauniainenکے میئر اور پادری سے ملاقات

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button