برازیل کے ایک اہم شہر Foz do Iguaçu میں تبلیغی سرگرمیاں
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب صدر خدام الاحمدیہ برازیل کے ہمراہ خاکسار (مبلغ انچارج و صدر جماعت احمدیہ) کو برازیل کے ایک اہم شہر Foz do Iguaçu کا مورخہ ۱۴تا ۱۹؍اکتوبر ایک تبلیغی دورہ کرنے کی توفیق ملی۔ چند تبلیغی سرگرمیوں کی تفصیل درج ذیل ہے۔

یہاں کی اہم اخبار Gdia سے رابطہ کر کے انٹرویو دیا جو انہوں نے ۱۴؍ اکتوبر کی اشاعت میں فوٹو کے ساتھ شائع کیا۔ اس رپورٹ میں وفات حضرت عیسیٰؑ، حضرت مسیح موعودؑ کی آمد نیز جماعت احمدیہ کا ماٹو ’محبت سب کے ليے نفرت کسی سے نہیں‘ کا ذکر کیا گیا تھا۔
ایک اور اخبار Diario de Foz نے ۱۷؍اکتوبر کی اشاعت میں حضرت مسیح موعودؑ کی تصویر کے ساتھ جماعت احمدیہ کا تعارف شائع کیا۔ ایک ٹیلی ویژن اورریڈیو چینل Massa میں لائیو انٹرویو نشر ہوا جس میں جماعت احمدیہ کے تعارف اور حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کے بارے میں بتانے کا موقع ملا۔

خاکسار نے سٹی کونسل کا دورہ کیا اور وہاں ایک مسلم کونسلر جناب Adnan Sayed سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ انہیں تفصیل سے جماعت کا تعارف کروایا گیا نیز حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کے بارے میں بھی بتایا اور مسجد کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ اُن کے ہی توسط سے کونسل کے صدر جناب Paulo Debrito سے ان کے دفتر میں ملاقات کا موقع ملا اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ان دونوں لیڈروں کو کتاب ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘کا تحفہ پیش کیا۔ شہر کے ميئر کے سیکرٹری سے بھی تفصیلی ملاقات ہوئی۔ انہیں جماعت کا تعارف کروایا اور برازیل میں جماعتی کاموں سے آگاہ کیا۔ یونیورسٹیUnila کا بھی دورہ کرکے وہاں کی ڈائریکٹر سےتفصیلی ملاقات کی۔ ان کی سیکرٹری بھی موجود تھیں، انہیں اسلام اور جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا اور ’عالمی بحران اور امن کی راہ ‘کتاب کا تحفہ دیا۔
اس شہر میں مسلمانوں کی کافی بڑی تعداد ہے اور ایک خوبصور ت مسجد بھی ہے۔ یہاں کے ایک بڑے سرگرم رکن اور اہم اسلامی لیڈر جناب Jihad سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وہ جماعت کی کاوشوں سے بہت متاثر ہوئے۔ انہیں عربی زبان میں ’اسلامی اصول کی فلاسفی‘ کا تحفہ دیا۔ انہیں فلسطینی مسلمانوں کے بارے میں حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جذبات اور ارشادات نیز دعاؤں کی تحریک کے بارہ میں بھی بتایا۔ اس کے بعد وہ اپنے ساتھ ہمیں مسجد کا دورہ کروانے کے ليے لے گئے اورتفصیل کے ساتھ مسجد دکھائی اور پھر وہاں کے نائب صدر اور بعض دیگر منتظمین سے ملاقات کروائی۔ ان کے ساتھ ایک تبلیغی نشست بھی ہوئی جس میں خاص طور پر حضرت عیسیٰؑ کی وفات پر گفتگو ہوئی۔
اس شہر کی لائبریری کا بھی دورہ کیا گیا۔ وہاں کی انچارج کو جماعت کا تعارف کروایا اور ساتھ پرتگیزی ترجمہ قرآن کریم اور دیگر جماعتی کتب کا عطیہ بھی دیا۔ اس پر انہوں نے خوشی کا ظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں شہر کے مختلف حصوں میں کافی تعداد میں اسلام اور احمدیت کے تعارف پر مبنی پمفلٹس بھی تقسیم کرنے کا موقع ملا۔ بعض افراد رک کر پوچھتے اور سوالات بھی کرتے۔
اللہ تعالیٰ ہماری کوششوں میں برکت ڈالے اور یہاں کے سعید فطرت لوگوں کے دل اسلام احمدیت کی طرف مائل فرما دے۔ آمین
(رپورٹ:وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ جرمنی کے اٹھارھویں آل جرمنی علمی مقابلہ جات کا انعقاد




