متفرق

ربوہ کا موسم(۳تا۹؍اپریل ۲۰۲۶ء)

۳؍اپریل جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت مطلع بالکل صاف تھا اور ٹھنڈی ہوا رواں دواں تھی۔ بعد دوپہر آسمان یکایک گہرے سیاہ بادلوں سے بھر گیا جو جنوب مشرق کی طرف سے اُمڈ کر آرہے تھے، انہوں نے ایسی موسلا دھار بارش برسائی کہ جو دیر رات تک جاری رہی، ساتھ ہی گرج چمک بھی اپنے جوبن پر تھی، مسلسل کئی گھنٹوں تک یہ بارش لگا تار رات بھر جاری رہی۔ ہفتہ کو صبح ہی سے یخ بستہ ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی، گذشتہ روز کی طوفانی بارش نے موسم میں تبدیلی کردی تھی، اور لگتا تھا سردی جاتے جاتے لوٹ کر آگئی ہے۔ سخت ٹھنڈی ہوا دن بھر چلتی رہی اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا۔ اتوار کو آسمان تو صاف تھا اور دھوپ بھی نکلی ہوئی تھی لیکن ہوا نے موسم خوشگوار بنا دیا تھا، جس سے تمازت زیادہ محسوس نہ ہوتی تھی۔ کہیں کہیں بادلوں کی ٹولیاں منڈلاتی نظر آئیں۔ سوموار کو دن کے وقت دھوپ چمک رہی تھی جس سے کسی حد تک گرمی ہوگئی۔ تاہم بعد دوپہر ٹھنڈی ہوا چلنا شروع ہوگئی، شام کو بادل آگئے اور ہوا کی رفتار تیز ہوگئی، ساتھ ہی تیز بارش برسنا شروع ہوگئی، جو ساری رات جاری رہی اور منگل تک اس بارش کا سلسلہ جاری رہا، بادلوں نے دوسرے دن بھی آسمان پر قبضہ کيے رکھا، درمیانی رفتار سے بارش بھی ہوتی رہی، ساتھ تیز اور ٹھنڈی ہوا چلتی رہی، لوگوں نے سویٹرز اور جیکٹس پھر باہر نکال لیں اور پنکھے بند ہوگئے۔ خنکی کافی بڑھ گئی تھی۔ بدھ کو مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا، ٹھنڈی ہوا بھی چلتی رہی۔ سردی کی کیفیت سورج نکلنے کے باوجود برقرار رہی۔ جمعرا ت کو بھی تقریباً اسی طرح کا موسم تھا، بادلوں کی ٹولیاں نظر آتی تھیں۔ سرد ہوا کی آمیزش سے موسم ٹھنڈ کی طرف مائل تھا تاہم دھوپ بھی اپنی جگہ موجود تھی۔ اس ہفتہ میں اوسط ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۸؍اور کم سے کم ۱۷؍درجہ سینٹی گریڈ رہا۔ (ابو سدید)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button