یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ لتھوانیا کا تیسرا جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء

٭… ’’اَلَا بِذِکۡرِ اللّٰہِ تَطۡمَئِنُّ الۡقُلُوۡبُ‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقدہ جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا ارسال کردہ خصوصی پیغام

٭… ۸؍ممالک سے کُل ۵۰؍احمدی احباب نیز ۳۶؍غیر از جماعت مہمانوں کی شمولیت

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ لتھوانیا کو مورخہ ۱۷ و ۱۸؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو اپنا تیسرا جلسہ سالانہ ’’اَلَا بِذِکۡرِ اللّٰہِ تَطۡمَئِنُّ الۡقُلُوۡبُ‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ مکرم اظہر اقبال صاحب مبلغ سلسلہ کو بطور افسر جلسہ سالانہ خدمت کرنے کی توفیق ملی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت مکرم شمشاد احمد قمر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی کی بطور مرکزی مہمان منظوری عنایت فرمائی۔

۱۷؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو نماز جمعہ سے قبل دو بجے دوپہر مہمان خصوصی نے جلسہ سالانہ کے شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ بعدازاں مرکزی مہمان نے نماز جمعہ پڑھائی جس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست جلسہ گاہ میں بڑی سکرین پر سنایاگیا۔ جلسہ سالانہ لتھوانیا کے ایام میں نماز تہجد باجماعت ادا کی گئی، نماز فجر کے بعد درس کا انتظام کیا گیا ۔

پہلے اجلاس سے قبل سوا چار بجے تقریب پرچم کشائی کا انعقاد کیا گیا جس میں لوائے احمدیت مرکزی مہمان نے اور قومی پرچم خاکسار(مبلغ سلسلہ و صدر جماعت لتھوانیا) نے لہرایا۔ دعا کے بعد خدام نے باقاعدہ حفاظت پرچم کی ڈیوٹی دینی شروع کی۔

پہلا اجلاس:سہ پہر ساڑھے چار بجے پہلا اجلاس مرکزی مہمان کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور نظم سے شروع ہوا۔ جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال کردہ خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اس اجلاس کے دوران تین تقاریر بعنوان’’ ہستی باری تعالیٰ ‘‘، ’’آنحضرت ﷺ کا اسوۂ حسنہ -تقویٰ و توکل علیٰ اللہ‘‘ اور ’’ اَلَا بِذِکۡرِ اللّٰہِ تَطۡمَئِنُّ الۡقُلُوۡبُ‘‘ پیش کی گئیں۔ تقاریر کے درمیان میں ایک نظم بھی پیش کی گئی۔ دعا اور اعلانات کےبعد پہلا اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ اجلاس کی تمام کارروائی جلسہ گاہ مستورات میں بھی براہ راست نشر کی گئی۔

بعد ازاں مستورات نے اپنا الگ اجلاس بھی منعقد کیا۔

دوسرا اجلاس:مورخہ ۱۸؍اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ صبح گیارہ بجے مرکزی مہمان کی زیر صدارت جلسہ سالانہ لتھوانیا کا دوسرا اجلاس شروع ہوا جس میں ۳۶؍غیراز جماعت مہمانان نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مہمانان کو ویڈیو ڈاکومنٹری دکھائی گئی جس میں اللہ تعالیٰ کی ہستی پر کامل یقین کے واقعات دکھائے گئے۔ اس کے بعد مہمان مقررین کا تعارف پیش کیاگیا اور اُن کو سٹیج پر اظہار خیال کرنے کی دعوت دی گئی۔ معزز مہمانان نے جماعت احمدیہ لتھوانیا کی معاشرہ میں امن قائم کرنے کی مساعی کے حوالے سے مثبت تاثرات کا اظہار کیا اورلتھوانیا میں جلسہ سالانہ کے انعقاد کو بہت سراہا۔

تمام مہمان مقررین کو گفٹ بیگز بطور تحفہ پیش کيے گئے۔ مہمانان کے اظہار خیال کے بعد مرکزی مہمان نے دوسرے اجلاس کی اختتامی تقریر کی۔ اس تقریر کا لتھوانین زبان میں ترجمہ بھی پیش کیاگیا۔ دعا و اعلانات کے ساتھ دوسرے اجلاس کی کارروائی کا اختتام ہوا جس کے بعد تمام شاملین جلسہ کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

تیسرا اجلاس:اسی روز سہ پہر سوا چار بجے جلسہ سالانہ لتھوانیا کے تیسرے اور آخری اجلاس کا آغاز ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی مہمان نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد ان موضوعات پر تقاریر کی گئیں: ’’وَاِذَا سَاَلَکَ عِبَادِیۡ عَنِّیۡ فَاِنِّیۡ قَرِیۡبٌ‘‘، ایک نظم کے بعد ’’وقت تھا وقت مسیحا نہ کسی اور کا وقت، میں نہ آتا تو کوئی اور ہی آیا ہوتا ‘‘ اور ’’خلیفہ خدا بناتا ہے‘‘ از مرکزی مہمان۔ تیسرے اجلاس کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا جس کے بعد اطفال الاحمدیہ کی جانب سے ترانے پیش کيے گئے اور اس کے بعد مختلف ممالک کے وفود کے ساتھ گروپ فوٹوز لی گئیں اور بعدازاں وائنڈ اپ کیا گیا۔

نمائش: لتھوانیا میں جماعت احمدیہ کی تاریخ پر مبنی ایک تصویری نمائش جلسہ گاہ میں آویزاں کی گئی تھی جس میں ۱۹۹۰ء / ۱۹۹۱ء میں لتھوانیا میں جماعت احمدیہ کے قیام سے اکتوبر ۲۰۲۵ء تک کے پروگرامز کو تصویری شکل میں پیش کیا گیا۔ دوسرے جلسہ سالانہ لتھوانیا ۲۰۲۴ء کی بھی نمائش تیار کی گئی۔ نیز متعین مبلغین اور دورہ جات کرنے والے مہمانوں کی تصاویر بھی نمائش کا حصہ تھیں۔ لتھوانیا میں تعلیم حاصل کرنے اور کاروبار کرنے کے مواقع کی آگاہی کے ليے بھی نمائش لگائی گئی۔

حاضری:اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ۸؍ممالک (لتھوانیا، لٹویا، اسٹونیا، ناروے، فن لینڈ، جرمنی، پولینڈ، بیلاروس) سے کُل ۵۰؍احمدی احباب شامل ہوئے جبکہ ۳۶؍غیر از جماعت مہمان شامل ہوئے۔ اس طرح کُل حاضری ۸۶؍رہی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:احمد فراز۔ صدر جماعت احمدیہ لتھوانیا)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے جلسہ سالانہ لتھوانیا ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے احباب جماعت احمدیہ لتھوانیا،

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا تیسرا جلسہ سالانہ ۱۷و۱۸؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ آپ کے جلسہ کو عظیم کامیابی عطا فرمائے اور آپ سب بےشمار برکتیں حاصل کریں اور ہمارے مذہب اسلام کی سچی تعلیمات کے بارے میں اپنے علم اور فہم کو بڑھائیں۔

یاد رکھیں کہ یہ کوئی عام دنیاوی تقریب یا میلہ نہیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: ’’اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوّت استحکام پذیر ہوں گے…‘‘(اشتہار۲۷؍ دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۰، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)

اس لیے آپ کو جلسہ کے مقدس ماحول سے بھر پور فائدہ اٹھانے اور اپنے تقویٰ یعنی راستبازی کے معیار کو بڑھانے کی کوشش کرنی چاہیے اور اپنے اندر اللہ تعالیٰ کا حقیقی خوف پیدا کریں۔ آپ کو اپنی اخلاقی اور روحانی حالت کو پاک کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ آپ ان بلند معیاروں کو پاسکیں جن کی توقع حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنی جماعت کے ممبران سے کی ہے۔

آپ کو بیعت کی تمام شرائط کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔ ہر شرط بیعت اپنے اندر بےشمار حکمتیں رکھتی ہے جو ہماری زندگی کے ہر لمحے پر ہماری راہنمائی کے لیے ایک ضابطہ اخلاق کے طور پر کام کرنی چاہیے۔

میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کو اولین ترجیح دیں۔ آپ کو ایم ٹی اے کثرت سے دیکھنا چاہیے اور خصوصی طور پر میرے خطبات جمعہ اور دیگر اہم مواقع اور تقاریب پر میرے خطابات باقاعدگی سے سننے چاہئیں۔ یہ آپ کو خلافت سے اپنا تعلق اور وفاداری کو مضبوط کرنے والا بنائے گا۔

میں آپ کو تبلیغ کے حوالے سے آپ کی ذمہ داریاں بھی یاد دلانا چاہتا ہوں جو ہر احمدی مسلمان کے لیے ضروری ہے اور آپ کو اسلام احمدیت کی خوبصورت اور پُر امن تعلیمات کو لتھوانیا کے تمام لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ایسا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر رحم کرے۔

مزید پڑھیں: بیت السبوح، فرانکفورٹ جرمنی میں زیرتبلیغ افراد کے ساتھ تقریب افطار

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button