بیت السبوح، فرانکفورٹ جرمنی میں زیرتبلیغ افراد کے ساتھ تقریب افطار
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جرمنی کی لوکل امارت فرانکفورٹ کو مورخہ ۹؍مارچ ۲۰۲۶ء کو بیت السبوح کے گرد و نواح میں بسنے والے ہمسایوں اور جرمن زیر تبلیغ افراد کے ساتھ ایک نشست منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

تقریب کے لیے بیت السبوح کے دونوں بڑے ہالز کو نہایت عمدگی سے تیار کیا گیا۔ ایک ہال میں نشست و طعام کا انتظام تھا جبکہ دوسرے ہال میں مختلف تعارفی نمائشیں اور معلوماتی سٹالز لگائے گئے تھے جن میں اسلام و قرآن، اسلام اور سائنس، تاریخ جماعت احمدیہ جرمنی، مجلس خدام الاحمدیہ، النصرت، لجنہ اماء اللہ اور ہیومینٹی فرسٹ شامل تھے۔ ان سٹالز کو بینرز، پوسٹرز اور ڈیجیٹل سکرینز کے ذریعے دیدہ زیب بنایا گیا جسے مہمانوں نے بڑی دلچسپی سے دیکھا اور سراہا۔
شام چار بجے کے بعد مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔ کارکنان نے نہایت خوش اسلوبی سے مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں نمائشوں کا دورہ کرواتے ہوئے جماعت کی مختلف خدمات سے آگاہ کیا۔
اس پروگرام کی نظامت کے فرائض مکرم وہاج بن ساجد صاحب لوکل سیکرٹری امور خارجہ فرانکفورٹ نے ادا کیے۔ سٹیج پر مکرم عطاء الحلیم بھٹی صاحب لوکل امیر اور مکرم طلحہ کاہلوں صاحب لوکل مبلغ سلسلہ تشریف فرما تھے۔ معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا گیا اور شرکت پر شکریہ ادا کیا گیا، نیز لجنہ اماء اللہ کے معلوماتی سٹال کے مشاہدہ کی بھی دعوت دی گئی۔ علاوہ ازیں مہمانوں کو رمضان المبارک کا تعارف کروایا گیا۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و جرمن ترجمہ سے ہوا۔ بعدازاں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جن میں محترمہ Hilime Arslaner صاحبہ، محترمہ Eileen O’Sullivan صاحبہ، محترمہ Janine Wissler صاحبہ، جناب Kolija Müller، جناب Yannick Schwander، جناب Emre Telyakar اور جناب Sebastian Papke شامل تھے۔ مقررین نے مذہبی آزادی، باہمی احترام، معاشرتی ہم آہنگی اور جماعت احمدیہ کے امن و محبت کے پیغام کو سراہا اور موجودہ حالات میں اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
مکرم لوکل امیر صاحب نے جماعت کے عالمگیر پیغام ’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘ کو اجاگر کرتے ہوئے ایمان اور خدمت انسانیت کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالی۔ افطاری سے قبل مکرم عبدالباسط طارق صاحب امام نور مسجد نے اختتامی دعا کروائی اور روزہ کی جسمانی و روحانی حکمت مختصراً بیان کی۔ اذان، اجتماعی افطاری اور نماز مغرب کے بعد مہمانوں کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
اس موقع پر سابق لارڈ میئر فرانکفورٹ جناب Mike Josef کا ویڈیو پیغام بھی سنایا گیا جس میں انہوں نے رمضان المبارک، بین المذاہب ہم آہنگی اور جماعت احمدیہ کی خدمات کو سراہا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس پروگرام میں ۹۰؍سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔ بعض مہمانوں نے اپنے مثبت تاثرات کا اظہار کیا اور جماعت کی سرگرمیوں کو سراہا۔
اللہ تعالیٰ سب شاملین و معاونین کو جزائے خیر عطا فرمائے اور مزید خدمت دین کی توفیق بخشے۔ آمین
(رپورٹ: صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭




