خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… یوکرینی فوج نے روس میں تیل کے ذخیرے اور آئل ٹرمینل کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یوکرینی فوج نے کہا کہ ہفتے کی شب روس کے لینن گراڈ ریجن میں واقع آئل ڈپو اور آئل ٹرمینل کو کامیاب حملے میں نشانہ بنایا گیا۔اس سے قبل یوکرینی صدر ولودومیر زیلینسکی نے کہا تھا کہ فوج نے روس کے کراسنودار ریجن میں واقع تیل کے بڑے ذخیرے کو نشانہ بنایا ہے۔
٭… امریکہ اور ایران نے ایک بار پھر ایک دوسرے پر حملے کردیے۔امریکہ نے گوروک اور جزیرہ قشم میں ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے جبکہ ایران نے جوابی کارروائی میں کویت اور بحرین میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ مزید کسی کشیدگی کے نتائج کا ذمہ دار امریکہ ہوگا۔بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ کشیدگی کم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا ہے۔




