ہنسنامنع ہے!
گوشت پکانے کا طریقہ
ایک باتونی شیف اپنے دوست سے: دو گھنٹے ہوگئے لیکن گوشت پک ہی نہیں رہا۔
دوست: تم ایسا کرو کہ گوشت سے دس منٹ بات کر کے دیکھو۔ خود ہی پک جائے گا۔
سیدھا راستہ
استاد: تمہارے ابا کیا کرتے ہیں؟
شاگرد: جناب! وہ لوگوں کو سیدھا راستہ دکھاتے ہیں۔
استاد: ماشاءاللہ! کیا وہ کسی مسجد کے امام ہیں؟
شاگرد: جی نہیں سر، وہ ٹریفک پولیس میں ہیں!
مشکل کام
باس (ملازم سے): تمہاری نظر میں اِس آفس کا سب سے مشکل کام کون سا ہے؟
ملازم: سر! صبح نو بجے آفس آنا۔
باس: اور دوسرا سب سے مشکل کام؟
ملازم: شام پانچ بجے تک جاگتے رہنا!
جلدی سونا
سلیم: کلیم! بتاؤ آئن سٹائن رات کو جلدی کیوں سوتے تھے؟
کلیم: کیونکہ ان کا کوئی سوشل میڈیااکاؤنٹ نہیں تھا اور نہ ہی اس وقت رات کو انٹرنیٹ پیکج سستا ہوتا تھا!
کنجوس
ایک کنجوس شخص انٹرویو دینے گیا۔ مینیجر نے پوچھا: یہ بتائیں کہ ایک کلو میں کتنے گرام ہوتے ہیں؟
اس شخص نے تھوڑی دیر سوچا اور بولے: جی، یہ تو اس بات پر منحصر ہے کہ آپ خرید رہے ہیں یا بیچ رہے ہیں۔
مینیجر حیران ہو کر بولا: کیا مطلب؟
وہ مسکرا کر بولا: مطلب یہ کہ اگر میں دکان دار ہوں تو ایک کلو میں 800 گرام ہوں گے اور اگر میں گاہک ہوں تو میں پورے 1200 گرام نکلوا کر ہی دم لوں گا۔
مینیجر نے سر پکڑ لیا۔
صوفی کا سامان
ڈاکٹر: آپ کو ن سا تیل استعمال کرتے ہیں؟
پپو: صوفی کا تیل۔
ڈاکٹر: آپ کو ن سا صابن استعمال کرتے ہیں؟
پپو: صوفی کا صابن۔
ڈاکٹر: آپ کو ن سا پیسٹ استعمال کرتے ہیں؟
پپو: صوفی کا پیسٹ۔
ڈاکٹر: آپ کو ن سا شیمپو استعمال کرتے ہیں؟
پپو: صوفی کا شیمپو۔
ڈاکٹر: کیا صوفی کوئی امپورٹڈ کمپنی ہے؟
پپو: نہیں جناب!میں اور صوفی ایک ہی کمرے میں رہتے ہیں۔
کمبل کے لیے لڑائی
ایک مرتبہ ملا نصیر الدین اپنے گھر کی اوپر کی منزل میں سو رہے تھے کہ اچانک نیچے گلی میں دو آدمیوں کے لڑنے کی آواز آئی۔
ملا کمبل اوڑھ کر نیچے گئے تاکہ صلح کرا سکیں۔ جیسے ہی وہ نیچے پہنچے، ایک آدمی نے موقع پا کر ملا کا قیمتی کمبل چھینا اور بھاگ گیا۔ دوسرا آدمی بھی غائب ہو گیا۔
ملا بے چارے سردی میں ٹھٹھرتے ہوئے واپس اوپر آئے تو ان کی بیوی نے پوچھا: نیچے کس بات پر لڑائی ہو رہی تھی؟
ملا نے ٹھنڈی آہ بھری اور کہا: بیگم! وہ لڑائی صرف میرے کمبل کے لیے تھی، جیسے ہی وہ انہیں ملا، لڑائی ختم ہو گئی۔
٭…٭…٭