خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… لبنانی صدر جوزف عون (Joseph Aoun) نے امریکی صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج نکالنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔لبنانی صدارتی محل کے مطابق دونوں راہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔لبنانی صدر نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ امریکہ معاہدے کی خلاف ورزیوں کو روکنے میں مدد کرے۔انہوں نے کہا کہ لبنان اسرائیل فریم ورک معاہدے پر عمل درآمد میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔
٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی فوج نے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی پر ایران کو نشانہ بنایا ہے۔سوشل میڈیا پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایرانی میزائل اور ڈرون اسٹوریج کے مقامات اور ریڈار سائٹس پر حملے کیے ہیں۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایسا وقت بھی آسکتا ہے کہ ہم مزید تحمل کا مظاہرہ کرنے کے قابل نہ رہیں، اور ہمیں فوجی طریقے سے اس کام کو مکمل کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا جو ہم نے کامیابی سے شروع کیا تھا۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگر ایسا ہوا تو اسلامی جمہوریہ ایران کا وجود ختم ہوجائے گا۔
٭… حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ فریم ورک معاہدہ لبنان میں اسرائیلی وجود کو قانونی حیثیت دینے کے مترادف ہے۔بیروت سے عرب میڈیا کے مطابق اپنے بیان میں حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے وہ دن دور نہیں جب لبنانی علاقوں کو اسرائیل میں ضم کردیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ لبنان سے اسرائیلی انخلا کو مزاحمتی گروپوں کو غیرمسلح کرنے سے مشروط کرنا خطرناک ہے۔نعیم قاسم نے کہا کہ سہ فریقی فریم ورک معاہدہ لبنانیوں کےلیے ملکی خودمختاری سے دستبردار ہونا ہے، امریکہ اور ایران مفاہمتی یادداشت کے بعد سہ فریقی فریم ورک معاہدے کی کوئی حیثیت نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکام لبنان کو تباہی سے بچانے کے لیے اپنے گناہوں سے باز آجائیں، ہم نے مشکل ترین حالات میں میدان نہیں چھوڑا اور نہ چھوڑیں گے۔
٭… امریکہ نے ایران پر پھر حملہ کر دیا، امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں پانامہ کے پرچم بر دار ٹینکر جہاز پر ایرانی ڈرون حملے کے جواب میں ایران میں متعدد فوجی اہداف پر فضائی کارروائی کی ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ایران کی فوجی نگرانی کے نظام، مواصلاتی مراکز، فضائی دفاعی تنصیبات، ڈرون ذخیرہ گاہوں اور بارودی سرنگیں بچھانے کی صلاحیت سے متعلق اہداف کو نشانہ بنایا۔سینٹرل کمانڈ کے مطابق کارروائیاں صدر ٹرمپ کی ہدایت پر کی گئی ہیں۔دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق سرک اور قشم میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ سرک میں ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور نشانہ بننے کی اطلاع ہے۔امریکہ نے ہفتے کی صبح بھی ایران پر فضائی حملہ کیا تھا جسے ایران نے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا اور کہا تھا کہ جواب میں خطے کے کئی امریکی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ جس کے بعد بحرین نے ایرا نی ڈرون حملوں کا الزام لگایا تھا۔
٭… یورپ کے بیشتر ممالک میں پیر کے روز شدید گرمی کی لہر کے مزید شدت اختیار کر جانے کا امکان ہے۔ حکومتیں اس سے نمٹنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جبکہ کئی ممالک نے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ فرانس میں گذشتہ ویک اینڈ پر گرمی کے باعث انسانی اموات رپورٹ ہوئیں۔ ماہرین نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ حالیہ ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر میں انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کا نمایاں کردار ہے۔فرانسیسی حکام کے مطابق ملک کے ۹۶؍ڈیپارٹمنٹس میں سے ۴۹؍کو انتہائی خطرناک موسمی صورتحال کے باعث ریڈ الرٹ پر رکھا گیا ہے، جبکہ اختتام ہفتہ پر یہ تعداد ۳۵؍تھی۔شدید گرمی کے پیش نظر حکام نے پیر کے روز ۸۴۵؍سکول بند رکھنے کا اعلان کیا، جبکہ مزید ۱۸۰۰؍سکولوں میں طلبہ کو معمول سے پہلے چھٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت نئی ریکارڈ سطح تک پہنچ سکتا ہے۔بیلجیم کے محکمہ موسمیات آئی آر ایم کے سربراہ ڈیوڈ ڈیہناؤ کے مطابق آئندہ ہفتے ملک میں درجہ حرارت تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ سکتا ہے، جو بیلجیم میں اب تک ریکارڈ کیا جانے والا گرم ترین موسم ثابت ہو سکتا ہے۔برطانیہ کی یونیورسٹی آف رَیڈنگ کے نیشنل سینٹر فار ایٹموسفیرک سائنس سے وابستہ سینئر محقق اکشے دیوراس نے کہا کہ حالیہ ریکارڈ توڑ گرمی کے پیچھے بنیادی وجہ انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے فضا میں اضافی حرارت شامل کر دی ہے، جس کے نتیجے میں بہت سخت گرمی کے واقعات ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ شدید اور خطرناک ہو گئے ہیں۔برطانیہ کی رائل میٹیورولوجیکل سوسائٹی کی چیف ایگزیکٹیو لز بینٹلی نے پیش گوئی کی ہے کہ موجودہ ہفتے کے دوران برطانیہ میں درجہ حرارت ۳۸؍سے ۳۹؍ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جو جون کے مہینے کے لیے ایک نئی ریکارڈ سطح ہو گی۔لز بینٹلی کے مطابق مئی میں بھی برطانیہ میں درجہ حرارت کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں، اور اگر موجودہ پیش گوئیاں درست ثابت ہوئیں تو مئی اور جون مسلسل دو ایسے مہینے ہوں گے جن میں ملکی درجہ حرارت کے ریکارڈ دو ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ فرق کے ساتھ ٹوٹ جائیں گے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر معمولی گرمی کی یہ لہر پورے یورپ میں موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کی ایک اور واضح مثال ہے، جہاں متعدد ممالک شدید گرمی، جنگلاتی آگ کے واقعات اور صحت عامہ کو لاحق شدید خطرات کا سامنا کر رہے ہیں۔
٭…٭…٭




