امریکہ (رپورٹس)جلسہ سالانہ

تازہ ترین: ۴۸واں جلسہ سالانہ کینیڈا: ڈیوٹیوں کا باقاعدہ آغاز

(محمد سلطان ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیڈا)

جماعت احمدیہ کینیڈا کا ۴۸واں جلسہ سالانہ ۱۰ تا ۱۲؍جولائی ۲۰۲۶ء کو انٹرنیشنل سینٹر Mississauga میں منعقد ہوگا۔ ان شاء اللہ۔ اس سلسلہ میں مورخہ ۵؍جولائی بروز اتوار مسجد بیت الاسلام و ایوانِ طاہر Maple,Vaughan میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں جلسہ سالانہ کینیڈا ۲۰۲۶ء کے لیے ڈیوٹیوں کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ ایوانِ طاہر کے مرکزی ہال میں مردوں کے لیے جبکہ مسجد بیت الاسلام میں خواتین کے لیے انتظامات کئے گئے تھے۔ اس تقریب میں افسران جلسہ سالانہ و جلسہ گاہ، نائبین، ناظمین، نائب ناظمین اور دیگر شعبہ جات کے ذمہ داران شامل ہوئے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز نمازِ عصر کے معاً بعد سوا چھ بجے، مکرم لال خان ملک صاحب امیر جماعت کینیڈا کے ہمراہ محترم مرکزی نمائندہ صاحب کی زیرصدارت ہوا۔ مکرم عطاء الحی صاحب مربی سلسلہ نے سورۃ البقرہ کی آیات ۱۹۸ تا ۲۰۲۰ کی تلاوت کی اور اردو و انگریزی ترجمہ پیش کیا۔

بعد ازاں محترم مرکزی نمائندہ صاحب نے اپنی تقریر میں جلسہ سالانہ کے رضاکاروں کو ڈیوٹی کے حوالے سے نصائح کیں اور انہیں خصوصاً ڈیوٹی کے دوران ذکر الٰہی اور نماز کی طرف توجہ دینے کی تلقین کی۔ تقریر کا انگریزی ترجمہ مکرم صادق احمد صاحب مربی سلسلہ نے حاضرین کی خدمت میں پیش کیا۔

اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنی انگریزی تقریر میں  قرآنِ کریم کی تعلیمات کی روشنی میں تاکید کی کہ جماعتی جلسہ جات اور اجتماعوں کے دوران خصوصاً تقویٰ، اعلیٰ اخلاق، صبر، اطاعت، ذکرِ الٰہی اور نمازوں کی طرف توجہ دینی چاہیے اور فضول باتوں، جھگڑوں اور برائیوں سے اجتناب اختیار کیا جانا چاہیے۔ آپ نے کہا کہ رسول اللہﷺ کے اسوۂ پر عمل کرتے ہوئے ہر حال میں نرمی، معافی، سلام کو عام کرنے، مہمانوں کی خدمت اور دوسروں کے ساتھ محبت و احترام کا رویہ اپنانا چاہیے۔ نیز آپ نے بطور یاد دہانی جلسہ سالانہ کے کارکنان کو حضور انور ایدہ اللہ کی تحریک کردہ تین دعاؤں کا روزانہ ورد کرنے کی تاکید کی۔

بعد ازاں مکرم مرکزی نمائندہ صاحب نے دُعا کروائی جس کے بعد تقریب اختتام پذیرہوئی۔ تمام حاضرین کے لیے ریفرشمنٹ کے بیگ تیار کیے گئے تھے جبکہ مہمانانِ خصوصی، افسران و نائب افسران جلسہ سالانہ و ناظمین کے لیے بیرونی مارکی میں ریفرشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس تقریب میں بشمول لجنہ ممبرات ۲۰۰۰ سے زائد کارکنان نے شرکت کی توفیق پائی۔

 قارئین الفضل سے درخواستِ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل سے اس جلسہ کو ہرلحاظ سے بابرکت فرمائے اور اِسےاُن تمام مقاصدکے حصول کا ذریعہ بنائے جن کے لیے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جلسہ سالانہ کا اجراء فرمایا تھا۔ آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button