جماعت احمدیہ کوسوو کے زیر اہتمام دوسرا نیشنل مقابلہ مضمون نویسی
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کوسوو کو مسلسل دوسرے سال نیشنل مقابلہ مضمون نویسی کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی توفیق ملی، الحمدللہ۔ امسال یہ مقابلہ کوسوو کے مختلف شہروں یعنی ایلیز ہان، اشتیما، جنوبی متروویتسا، اسکندراج، پیا اور دچان میں منعقد کیا گیا۔ اس مقابلے میں مجموعی طور پر ۱۳۲؍طلبہ و طالبات نے ۱۳؍مختلف پرائمری سکولوں کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی۔

مضمون نویسی کے لیے منتخب کردہ موضوعات طلبہ کی فکری اور اخلاقی تربیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیے گئے تھے تاکہ وہ اپنی ذات، خاندان، معاشرہ اور مستقبل کے بارے میں غور و فکر کریں۔ ان موضوعات میں فضائی آلودگی اور اس کے انسانی صحت پر اثرات، کتابوں کی اہمیت، سچ بولنے کی ضرورت اور دیگر معاشرتی و تعلیمی پہلو شامل تھے، جو نوجوان نسل میں تنقیدی سوچ اور شعور پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
کامیاب طلبہ کو مختلف مالیت کے واؤچرز دیے گئے، جنہیں وہ مختلف تعلیمی مراکز سے کتابیں اور دیگر تدریسی مواد خریدنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔ ان انعامات کا مقصد طلبہ میں مطالعہ، تعلیم اور ذاتی ترقی کے جذبہ کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ اپنے علمی اور عملی مستقبل کے لیے مفید مواد حاصل کر سکیں۔

آخر پر جماعت احمدیہ کوسوو کی جانب سے ان تمام منصفین کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے رضاکارانہ طور پر مضامین کا جائزہ لیا اور کامیاب طلبہ کے انتخاب میں حصہ لیا۔ منصفین میں درج ذیل احباب شامل تھے:
۱۔ اشرف پیچی، پروفیسر البانین زبان و ادب
۲۔ ڈاکٹر محمد پیچی، پروفیسر البانین ادب
۳۔ ایمر زقیری، پروفیسر البانین زبان و ادب، جو گذشتہ ۲۰؍سال سے کوسوو پولیس میں لیفٹیننٹ کے عہدہ پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں
۴۔ رجب حسنی، پروفیسر البانین زبان و ادب
۵۔ نورا ڈراگا، جیوری ممبر
(رپورٹ:جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ گنی بساؤ کا پانچواں نیشنل سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ء



