مالٹا میں عیدالاضحی کی مناسبت سے ایک تبلیغی پروگرام کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے جماعت احمدیہ مالٹا کو ۱۳؍جون ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ عیدالاضحی کی مناسبت سے ایک تبلیغی پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ پروگرام مقامی کونسل کے کرایہ پر حاصل کردہ ہال میں منعقد ہوا۔

پروگرام میں کیتھولک چرچ کے اخبار کے ایڈیٹر، یونیورسٹی کے ایک پروفیسر، ڈیپارٹمنٹ آف تھیالوجی کے سربراہ اور خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے مختصر تقاریر کیں۔ بعدازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ۲۰۲۶ء کے یوکے پیس سمپوزیم سے خطاب پر مشتمل تقریباً ۱۱؍منٹ کی ایک ویڈیو پیش کی گئی۔پروگرام کے اختتام پر تمام مہمانوں کی ضیافت سے تواضع کی گئی۔
الحمدللہ، یہ پروگرام بہت کامیاب رہا۔ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے ۵۰؍مہمانوں نے شرکت کی، جبکہ مجموعی حاضری ۷۰؍رہی۔

تقریباً تمام مہمانوں نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے پیغام کو بے حد سراہا۔ اس خطاب کا مالٹی زبان میں ترجمہ بھی جلد کتابی صورت میں شائع کیا جا رہا ہے جو تمام مہمانوں کو ارسال کیا جائے گا۔ ان شاء اللہ العزیز
کیتھولک چرچ کے انٹرفیتھ ڈائیلاگ کمیشن کے سربراہ جناب پادری جوزف ایلول صاحب نے حضور انور کا خطاب سننے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حضور کا پیغام نہایت اہم، مؤثر اور دلوں کو چھو لینے والا ہے۔ آپ کے الفاظ حکمت کے موتیوں کی مانند ہیں جو دل کی گہرائیوں سے ادا ہوئے ہیں۔
دیگر مقررین نے بھی جماعت احمدیہ کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے یہ باعث اعزاز ہے کہ انہیں اس اہم تقریب میں اظہار خیال کا موقع ملا۔
کیتھولک چرچ کے نمائندہ جناب پادری سٹیفان اطارد صاحب نے کہا کہ مشترکہ سرگرمیوں نے باہمی احترام، بھائی چارے اور تعاون کو مزید مضبوط کیا ہے۔
یونیورسٹی کے پروفیسر جناب Mario Thomas Vassallo صاحب نے کہا کہ عیدالاضحی ایمان، ایثار اور قربانی کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے جماعت احمدیہ اور یونیورسٹی کے درمیان قائم تعلقات کو باہمی احترام، علمی تعاون اور مشترکہ فلاح کے جذبے پر مبنی حقیقی برادرانہ رشتہ قرار دیا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے پیس سمپوزیم برطانیہ ۲۰۲۶ء سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب کا ایک حصہ مالٹا کے قومی ٹیلی ویژن F LIVING TV پر نشر ہوا۔ بعد ازاں خاکسار کو اس حوالے سے گفتگو کرنے کی توفیق ملی ۔یہ پروگرام مالٹا کے مقبول ترین ٹی وی پروگراموں میں شامل ہے اور ملک کی نصف سے زائد آبادی تک رسائی رکھتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہماری ان حقیر کوششوں کو قبول فرمائے، ان کے مثبت ثمرات حسنہ عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:لئیق احمد عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کوسوو کے زیر اہتمام دوسرا نیشنل مقابلہ مضمون نویسی




