خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی ۷۴؍برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ قطری حکومت نے ان کے انتقال پر کئی روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، جس کے دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور سرکاری ادارے بند رہیں گے۔ شیخ حمد نے ۱۹۹۵ءسے ۲۰۱۳ء تک قطر کی قیادت کی اور ملک کو عالمی سطح پر ایک بااثر ریاست بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک کے قیام، توانائی پر مبنی معاشی ترقی اور ۲۰۲۲ء فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی حاصل کرنے میں نمایاں خدمات کے باعث جدید قطر کے معمار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔
٭… PEMRA یعنی Pakistan Electronic Media Regulatory Authorityنے جیو نیوز کے پروگرام ’’سفرِ عشق‘‘ کی ۱۰؍محرم کی نشریات سے متعلق کیس کا حتمی فیصلہ جاری کرتے ہوئے پندرہ روزہ معطلی اور ایک کروڑ روپے جرمانے کا فیصلہ برقرار رکھا۔ پیمرا نے قرار دیا کہ نشریات میں مذہبی مواد کی پیشکش پیمرا قوانین کی سنگین خلاف ورزی تھی۔ جیو نیوز کی معذرت اور ندامت کو تخفیفی عوامل مانا گیا، تاہم سزا برقرار رکھی گئی۔ پیمرا نے متعلقہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی اور برطرفی کی ہدایت بھی دی۔ ساتھ ہی تمام ٹی وی چینلز کو موثر ادارتی نگرانی یقینی بنانے اور آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں مزید سخت کارروائی سے خبردار کیا گیا۔
٭… یورپ میں شدید گرمی کی لہر کے باعث فرانس، سپین، پرتگال اور یونان کے جنگلات میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی ہے، جس پر قابو پانے کے لیے سینکڑوں فائر فائٹرز، خصوصی طیارے اور دیگر وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ اب تک تقریباً ۴۲؍ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ جل چکا ہے، جبکہ دس ہزار سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ برطانیہ سمیت مختلف ممالک نے چالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت کی پیشگوئی کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ شدید گرمی اور تیز ہواؤں کے باعث آگ تیزی سے پھیل رہی ہے، جس سے متعدد اہم تقریبات بھی ملتوی کر دی گئی ہیں۔
٭… ایران کے سپیکر پارلیمنٹ اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ یکطرفہ معاہدوں کا دور ختم ہو چکا ہے اور وعدوں کی خلاف ورزی کی قیمت چکانا ہوگی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حقیقت اب سامنے آ رہی ہے۔ قالیباف نے اپنی پوسٹ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) کے آرٹیکل 5کی تصویر بھی شیئر کی، جس میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق شق شامل ہے اور ’’اسلامی جمہوریہ ایران انتظامات کرے گا‘‘ کے الفاظ نمایاں کیے گئے۔ یہ بیان ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
٭… ویتنام کے مشہور سیاحتی جزیرے فوکوک کے قریب بھارتی سیاحوں کو لے جانے والی ایک سپیڈ بوٹ الٹنے سے کم از کم پندرہ بھارتی شہری ہلاک ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت کشتی میں ۳۶؍افراد سوار تھے۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعدد مسافروں کو بچا کر اسپتال منتقل کیا، جبکہ ہلاک افراد کی لاشیں سمندر سے نکال لی گئیں۔ حادثے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔ فوکوک ویتنام کا معروف سیاحتی جزیرہ ہے، جہاں ہر سال بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح تفریح کے لیے آتے ہیں۔
٭… امریکہ نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مبینہ مالی معاون علی انصاری سمیت ۱۳؍افراد اور مختلف اداروں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق دبئی میں مقیم ایرانی بینکر اور کاروباری شخصیت علی انصاری پر پاسدارانِ انقلاب اور ایرانی حکومتی شخصیات کو مالی معاونت فراہم کرنے کا الزام ہے۔ پابندیوں میں ایران کے تین ایکسچینج ہاؤسز اور متعدد فرنٹ کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ایرانی قیادت کی عالمی مالیاتی نظام تک رسائی محدود کرنا اور غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذرائع کو روکنا ہے۔
٭… طوفان باوی کے باعث جنوبی فلپائن میں لینڈ سلائیڈنگ کے مختلف واقعات میں تقریباً پندرہ افراد ہلاک اور چھ لاپتہ ہو گئے۔ طوفان کے اثرات جاپان، تائیوان اور چین تک پہنچ گئے، جہاں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے۔ جاپان میں ۳۴۵؍پروازیں منسوخ، فیری سروس معطل اور ۲۴؍ہزار سے زائد گھروں کی بجلی بند ہو گئی، جبکہ ۱۹۸؍کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تائیوان میں چودہ ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ چین نے ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر ہنگامی اقدامات کر لیے ہیں۔




