از مرکزجلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

رہائش گاہ مستورات حدیقہ المہدی

مرحبا اے آنے والے! مرحبا صد مرحبا

رحمت و فضل و کرم کی بارشیں تجھ پر صدا

یوں توجلسہ سالانہ یوکے پر آنے والے معزز مہمانوں کی خدمت کی تیاری سالِ نو کی آمد کے ساتھ ہی شروع ہوجاتی ہے۔ لیکن ماہ جولائی کی ابتدا سے تو اس میں برق رفتاری سی آجاتی ہے۔ ایک خالی، کھلے میدان کو بے لوث رضا کاروں کی ٹیمیں چند گنتی کے دنوں کے لیے ایک با رونق شہر میں تبدل کر دیتی ہیں۔ جہاں زندگی کی تمام بنیادی ضروریات کو مہیا کیا جاتا ہے۔ باقی تمام شعبہ جات کے ساتھ ایک انتہائی اہم شعبہ رہائش بھی اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے انجام دینے کے لیے سرگرم عمل ہو جاتا ہے۔ مہدیٴ زماںؑ کے اس باغیچہ میں آپؑ ہی کے مہمانوں کے آرام کی خاطر مناسب رہائش گاہوں کا خاطر خواہ انتظام کیا جاتا ہے۔ ان رہائش گاہوں میں بچوں سے لے کر بزرگوں تک،ہر ایک کی ضرورت اور سہولت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

جلسہ سے ایک ہفتہ قبل، نائب ناظمۂ اعلیٰ اپنی ٹیم کے ساتھ تقریباً روزانہ مارکیوں کا جائزہ لینے حدیقہ المہدی آتی ہیں۔ احاطے میں موجود رجسٹریشن کا شعبہ آنے والے مہمانوں کا باقاعدہ اندراج کرنے کے بعد ان کو متعلقہ مارکی میں بھیجتا ہے۔ بعد ازاں مارکیوں میں ڈیوٹی پر موجود کارکنات مہمانوں کو ان کی آرام گاہ کی جانب راہنمائی کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہوتی ہیں۔ امسال اس شعبے کے تحت تین مارکیوں میں مہمان مستورات کی رہائش کا باقاعدہ انتظام ہے:

مارکی نمبر ۱: اس مارکی کے تین حصے ہیں۔ A سیکشن غسل خانے اور بیت الخلاء سے قریب ترین ہونے کی وجہ سے بزرگ اور disabled خواتین کے لیے مخصوص ہے۔ دوسرا حصہ دیگر خواتین کے لیے اور تیسرا PAAMA کی بہنوں کے لیے مختص ہے۔

مارکی نمبر ۲: یہ مارکی چھوٹے بچوں اور ان کی ماؤں کے لیے مختص کی گئی ہے۔ اس مارکی کے بھی تین حصے ہیں۔

مارکی نمبر ۳: یہ مارکی عمومی مارکی ہے جس میں بچوں والی ماؤں اور بزرگ خواتین کے علاوہ دیگر تمام خواتین رہائش پزیر ہوتی ہیں۔ اس مارکی کے بھی تین حصےہیں۔

علاوہ ازیں مہمانوں کی متوقع کثیر تعداد کے پیشِ نظر امسال ضرورت کے تحت ماں اور بچہ مارکی ۳؍اوور فلو رہائش مارکی کے طور پر استعمال کیے جانے کے لیے بھی مکمل تیاری کی گئی ہے۔

جمعرات کی شب سےہر مارکی میں ایک ناظمہ اور ہر حصے میں ایک نائب ناظمہ کے علاوہ آٹھ سے دس کارکنات دن رات مہمانوں کی خدمت کے لیے کمر بستہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ سب کو بہترین جزا دے۔ آمین

امسال بڑھتی ہوئی ضرورت کے مدنظر غسل خانوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔رہائشی مارکیوں کے ساتھ غسل خانے اور بیت الخلاء دونوں ہی پچھلے سال کی نسبت کثیر تعداد میں فراہم کیے گئے ہیں۔ مہمانوں کی سہولت کے لیے کارکنات کو دن رات ان کی خاص صفائی کے انتظام کی تاکید کی گئی ہے۔

رہائش گاہ میں متفرق مقامات پر پینے کے پانی کے پوانٹس بھی بنائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک بڑی مارکی مختلف روز مرہ کی ضروریات زندگی کی فراہمی کےلیے بنائی گئی ہے۔ اس مارکی میں موبائل فون کے چارج کرنے کے لیے چارجنگ پوانٹس، چھوٹے بچوں کے لیے نیپی بدلنے کا انتظام اور کپڑے استری کرنے کے لیے استری اسٹینڈز وغیرہ جیسی سہولیات دستیاب ہیں۔

شعبہ رہائش کے تحت حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانوں کو ہر ممکن سہولت مہیا کرنےکی بھر پور کوشش کی جا رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ شاملین جلسہ کو اس جلسہ کی بے شمار برکات کا وارث بنائےاور محض للہ خدمت کی سعادت حاصل کرنے والی ہر کارکنہ کو بہترین اجر عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: شعبہ رپورٹنگ مستورات جلسہ گاہ)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button