خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… روس نے بحیرہ اسود کی یوکرینی حدود میں گندم سے لدے جہاز پر حملہ کردیا۔یوکرینی حکام کے مطابق حملے کے بعد غیرملکی پرچم بردار جہاز میں آگ لگ گئی، جبکہ جہاز کے عملے میں شامل ایک ملاح ہلاک ہو گیا۔یوکرین کی بندرگاہ کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ متاثرہ جہاز Mara Queen تھا، جو افریقی ملک گنی بساؤ کے پرچم تلے سفر کر رہا تھا۔اس سے قبل روس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایسے بحری جہازوں کو نشانہ بنایا جو مبینہ طور پر فوجی سازوسامان لے جا رہے تھے۔
٭… ڈنمارک کی ۱۹؍سالہ شہزادی ازابیلا نے ۳؍اگست سے گیارہ ماہ کی فوجی سروس کا آغاز کر دیا جس کے بعد وہ مکمل لازمی فوجی تربیت حاصل کرنے والی ڈنمارک کے شاہی خاندان کی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔شہزادی نے حال ہی میں سکول کی تعلیم مکمل کی اور فوجی رجمنٹ میں رپورٹ کیا۔ شاہی خاندان کے مطابق شہزادی نے فوجی سروس کے دوران ملنے والی تنخواہ اور یومیہ الاؤنس لینے سے انکار کر دیا ہے اور وہ اپنے اخراجات والدین کی مالی معاونت سے پورے کریں گی۔ڈنمارک نے یورپ کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی کی صورتحال، یوکرین جنگ اور علاقے میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر۲۰۲۴ءمیں خواتین کے لیے لازمی فوجی سروس متعارف کروائی اور اس کی مدت چار ماہ سے بڑھا کر گیارہ ماہ کر دی تھی۔
٭… ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکہ سمجھتا تھا کہ جنگ اور پابندیوں کے ذریعے شام کی طرح ایران میں بھی حکومت کا تختہ الٹ دیا جائے گا مگر اسے ناکامی ہوئی۔ ایرانی صدر نے کہا کہ نئے سپریم لیڈر نے ایران کو متحد اور مضبوط بنایا ہے اور ایرانی عوام کے حوصلے اور عزم نے دشمن کے ارادے ناکام بنادیے ہیں۔صدر پزشکیان نے کہا کہ دشمن نے سازش کی تھی کہ اڑتالیس گھنٹے میں ایرانی حکومت کا تختہ الٹ دیا جائے گا مگر تمام تر مشکلات کے باوجود ایران آج طاقتور اور باوقار ملک کہلاتا ہے۔




