اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ارتحال
فرزانہ طاہر صاحبہ تحریر کرتی ہیں کہ خاکسار کے والد محترم طاہر احمد صاحب صدر جماعت صادق پور، ضلع عمرکوٹ سندھ مورخہ ۲۴؍جولائی ۲۰۲۶ء بروز جمعۃ المبارک شام پانچ بجے بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
آپ یکم جولائی ۱۹۶۴ء کو صادق پور میں پیدا ہوئے اور پیدائشی احمدی تھے۔ آپ کے دادا نے حضرت مولوی غلام رسول صاحب راجیکیؓ کے ذریعے بیعت کرکے احمدیت میں شمولیت اختیار کی تھی۔
مرحوم موصی تھے۔ آپ کی نماز جنازہ مورخہ ۲۵؍جولائی کو محترم امیر صاحب ضلع عمرکوٹ نے پڑھائی جس کے بعد جماعت صادق پور کے قبرستان میں امانتاً تدفین عمل میں آئی۔
مرحوم قریباً بارہ سال بطور سیکرٹری مال اور تین سال تک بطور سیکرٹری امورعامہ بھی خدمت کی توفیق پاتے رہے۔ جماعتی کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہتے اور صادق پور کے وسیع و عریض حلقہ جات میں بیماری کے ایام میں بھی دورے کرکے جماعتی خدمات سرانجام دیتے رہے۔ مرحوم جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور نہایت صبر و حوصلے کے ساتھ بیماری کا مقابلہ کرتے رہے۔ آپ نہایت ملنسار، محبت کرنے والے اور شفیق انسان تھے۔ نرم لہجے میں گفتگو کرتے اور کبھی اونچی آواز میں بات نہ کرتے۔ مرحوم پنجگانہ نمازوں کا باقاعدگی سے اہتمام کرتے اور تہجد کی نماز کے پابند تھے۔ روزانہ صبح ایم ٹی اے پر تلاوت قرآن کریم توجہ سے سنتے۔ خلافت سے مضبوط تعلق رکھنے کی ہمیشہ نصیحت کرتے اور کہا کرتے کہ خلافت سے وابستہ رہنے ہی میں ہماری ترقی، خوشحالی اور بقا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنتے اور گھر کے تمام افراد کو بھی ساتھ بٹھا نے کا اہتمام کرتے۔
مرحوم نے پسماندگان میں اپنی اہلیہ کے علاوہ چھ بیٹے اور ایک بیٹی یادگار چھوڑی ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے، ان کی نیکیاں ان کی اولاد میں جاری رکھے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
٭…٭…٭




