جماعت احمدیہ کانگو برازاویل کے گامبوما اور اویسو ریجنز کے جلسہ ہائے سالانہ ۲۰۲۶ء
ابراہیم ایتیلا صاحب معلم سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کانگو برازاویل کے گامبوما اور اویسو ریجنز کو مورخہ ۲۷؍مئی ۲۰۲۶ء کو بالترتیب اپنے تیسرے اور دوسرے ریجنل جلسہ ہائے سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ دونوں جلسوں میں احباب جماعت کے علاوہ مختلف دیہات کے معززین، سربراہان اور غیر از جماعت مہمانوں نے بھی شرکت کی۔
جلسہ سالانہ گامبوما ریجن
جلسہ سالانہ گامبوما میں شرکت کے لیے احباب ۲۶؍مئی کی شام مسجد محمد، گاؤں بینی پہنچنا شروع ہوگئے۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد ’عقائد احمدیت‘ کے تعارف پر ایک تبلیغی نشست منعقد ہوئی جس میں سوال و جواب کا پروگرام بھی شامل تھا۔ لئیق احمد عامر صاحب نے حاضرین کے سوالات کے جواب دیے۔

اگلے روز نماز تہجد و فجر کے بعد ناصر اوکوؤ صاحب داعی الیٰ اللہ نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کی مقرر فرمودہ دس شرائط بیعت اور ایک احمدی کی ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر درس دیا اور ان شرائط پر عمل کرنے کی اہمیت بیان کی۔
چونکہ اسی روز عید الاضحی بھی تھی، اس لیے جلسہ سالانہ کے باقاعدہ پروگرام سے قبل نماز عید ادا کی گئی۔ لئیق احمد صاحب نے نماز عید کی امامت کروائی اور خطبہ عید میں حضرت ابراہیمؑ کی عظیم قربانی کا ذکر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی اطاعت و فرمانبرداری میں ترقی کی تلقین کی۔
نماز عید کے بعد صبح ساڑھے گیارہ بجے جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم خاکسار (معلم سلسلہ) نے کی جبکہ فرانسیسی ترجمہ ناصر اوکوؤ صاحب نے پیش کیا۔ بعد ازاں اطفال و ناصرات نے اردو نظم ’’خلیفہ کے ہم ہیں، خلیفہ ہمارا‘‘ پیش کی جس کے بعد خاکسار نے ’’نماز کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں گاؤں بینی کے سربراہ نیز جماعت بینی کے صدر صاحب نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور جلسے کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا۔
مرکزی تقریر لئیق احمد صاحب نے ’’خلافت احمدیہ، عالمی امن اور افریقہ کے لیے خوشخبری‘‘ کے موضوع پر کی۔
جلسے میں دو مختلف ڈیپارٹمنٹس کے ۱۴؍دیہات سے تعلق رکھنے والے ۶۰۰؍سے زائد افراد نے شرکت کی۔ شرکاء، خصوصاً نئے احمدیوں نے جلسے کے روحانی ماحول، علمی تقاریر اور باہمی اخوت سے بھرپور استفادہ کیا۔ جلسہ تقریباً دوپہر دو بجے اختتام پذیر ہوا جس کے بعد حاضرین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
جلسہ سالانہ اویسو ریجن
مصطفیٰ ایریک صاحب لوکل مبلغ سلسلہ لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اویسو ریجن میں دوسرا ریجنل جلسہ سالانہ ۲۷؍مئی کو منعقد ہوا۔ اس میں جماعت کے افراد کے علاوہ پانچ قریبی دیہات کے سربراہان اور نمائندگان سمیت مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے شرکت کی۔ جلسے میں مردوں، خواتین، بچوں اور خصوصی مہمانوں سمیت تقریباً ۵۰۰؍افراد شریک ہوئے۔
جلسے کے پہلے حصے میں عیدالاضحی کی تقریب منعقد ہوئی۔ نماز عید کے بعد خالد مالاندا صاحب لوکل مبلغ سلسلہ نے ’’حضرت ابراہیمؑ اور ان کے خاندان کی عظیم قربانیاں اور اللہ تعالیٰ کے حضور کامل اطاعت و وفاداری‘‘ کے موضوع پر خطبہ دیا۔

بعد ازاں جلسہ سالانہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور عربی نظم سے ہوا۔ نظم کے ترجمہ کے ساتھ جماعت احمدیہ کا تعارف بھی پیش کیا گیا جس سے مہمانوں کو جماعت کی تعلیمات اور خدمات کے بارے میں آگاہی حاصل ہوئی۔
جلسے میں ’’الٰہی برکات‘‘ اور ’’نجات و فلاح‘‘ کے موضوعات پر تقاریر بھی ہوئیں۔ مقررین نے اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے، اس کی رضا کے مطابق زندگی بسر کرنے، اخلاص اور نیک اعمال اختیار کرنے اور دینی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی طرف توجہ دلائی۔ اختتام پر نماز کی اہمیت اور اس کے روحانی فوائد بھی بیان کیے گئے۔
جلسے میں شریک مسیحی مہمانوں نے پروگرام میں پیش کی جانے والی اسلامی تعلیمات، خصوصاً حضرت ابراہیمؑ کی قربانی، امن و اخوت اور مختلف مذاہب کے درمیان باہمی احترام کے پیغام کو سراہا۔ بعض مہمانوں نے اپنے دیہات میں مساجد کے قیام کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
دونوں ریجنل جلسہ ہائے سالانہ میں پیش کیے جانے والے پروگراموں سے احباب جماعت نے بھرپور استفادہ کیا جبکہ غیر از جماعت مہمانوں کو بھی اسلامی تعلیمات اور جماعت احمدیہ کے پیغام سے روشناس ہونے کا موقع ملا۔
اللہ تعالیٰ ان جلسوں کے تمام روحانی و تبلیغی نتائج کو دیرپا فرمائے، جماعت احمدیہ کانگو برازاویل کو مزید ترقیات سے نوازے اور تمام کارکنان، مقررین، مہمانوں اور شرکاء کی کاوشوں اور قربانیوں کو شرف قبولیت بخشے۔ آمین
(رپورٹ:سعید احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ اردن کے دوسرے جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء کاکامیاب و بابرکت انعقاد



