جامعۃ المبشرین گھانا کی چونتیسویں سالانہ تقریب تقسیم اسناد ۲۰۲۶ء
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعۃالمبشرین گھانا کی چونتیسویں سالانہ تقریب تقسیم اسناد ۲۰۲۶ء مورخہ یکم جون ۲۰۲۶ء کو جامعۃالمبشرین کی عمارت میں منعقد ہوئی۔
جامعۃ المبشرین گھانا کا آغاز ۱۹۶۶ء میں سالٹ پونڈ سے ہوا اور ۲۰۰۳ء میں یہ جامعہ سینٹرل ریجن کے اکرافو ٹاؤن میں منتقل ہوا۔ سنہ ۱۹۶۶ء سے ۲۰۲۶ء تک فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کی کل تعداد ۷۸۹ ہو چکی ہے۔ الحمد للہ

تقریب تقسیم اسناد کے مہمانِ خصوصی امیر جماعت احمدیہ گھانا مکرم الحاج محمد بن صالح صاحب تھے۔ آپ نے تقریب سے قبل مدرسۃالحفظ کا دورہ کیا اور نئے ایڈمنسٹریشن بلاک (جو گیسٹ روم، دفتر اور پانی کے کمرے پر مشتمل ہے) کا معائنہ کیا اور افتتاح کیا۔ اس کے بعد امیر صاحب نے لوائے احمدیت اور پرنسپل جامعہ نے گھانا کا قومی پرچم لہرایا۔

بعد ازاں تقریب تقسیم اسناد زیر صدارت مکرم امیر صاحب منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم ونظم کے بعد جامعہ کی سالانہ رپورٹ پرنسپل جامعہ مکرم شاہد محمود احمد صاحب نے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت جامعہ میں ۷ مختلف ممالک (گھانا، مالی، گیمبیا، ٹوگو، ساؤتھ سوڈان، لیسوتھو اور زمبابوے) کے ۷۹ طلباء زیرِ تعلیم ہیں۔ اس سال ۶۴ طلباء اپنی تعلیم مکمل کرکے سند حاصل کر رہے ہیں (جن میں زمبابوے، لیسوتھو، ساؤتھ سوڈان اور گھانا کے طلباء شامل ہیں)۔
مدرسۃ الحفظ کے حوالے سے پرنسپل صاحب نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اس وقت ۴۹ طلباء قرآن کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں (جن کا تعلق گھانا، کینیڈا اور گنی بساؤ سے ہے)۔ اس سال ۸ طلباء نے قرآن کریم مکمل حفظ کیا ہے، جس کے بعد کل تعداد ۶۲۳ ہو گئی ہے۔
تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کو اسناد، اسکارف اور قرآن کریم کے تحائف دیے گئے۔ طلباء نے خوبصورت نظمیں پیش کیں۔ تقریب کا اختتام امیر صاحب گھانا کی تقریر، اور دعا سے ہوا۔ بعد ازاں چند گروپ تصاویر ہوئیں اور تمام حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
(رپورٹ: طاہر ظفر۔ استاد جامعۃ المبشرین گھانا)
مزید پڑھیں: بیالیسواں جلسہ سالانہ ناروے ۲۰۲۶ء



