جماعت احمدیہ فن لینڈ کی پہلی تاریخی مجلس شوریٰ کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ فن لینڈ سے اگلے روز مورخہ ۷؍جون ۲۰۲۶ء بروز اتوار مسجد نور، وانتا میں جماعت احمدیہ فن لینڈ کو اپنی پہلی تاریخی مجلس شوریٰ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فن لینڈ کی کُل ۶؍لوکل جماعتوں سے ۵۵؍نمائندگان شامل ہوئے، لجنہ اماءاللہ کی طرف سے بھی ۴؍ممبرات نے مسجد کے بالائی حصہ سے کارروائی میں حصہ لیا۔

لوکل جماعتوں کے ممبران کی طرف سے مجلس شوریٰ کے لیے موصولہ تجاویز پر نیشنل مجلس عاملہ فن لینڈ نے غور و خوض کیا۔ موصول شدہ تجاویز کو ۴؍بنیادی تجاویز میں ڈھال کرمجلس شوریٰ میں پیش کرنے کی سفارش کی گئی۔ نیشنل مجلس عاملہ کی طرف سے سفارش کردہ تجاویز کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے از راہ شفقت منظور فرمانے کے بعد مجلس شوریٰ فن لینڈ کے ایجنڈا میں شامل کیا گیا۔
مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن بطور مرکزی نمائندہ اجلاس کے انعقاد کے لیے مقرر تھے۔ آپ نے شوریٰ سے پچھلی رات نمائندگان شوریٰ کے ساتھ ایک اجلاس رکھا جہاں انہیں اُن کی ذمہ داریوں کا بتایا نیز اسلام میں مشاورت کی اہمیت اجاگر کی۔ اس موقع پر تمام نمائندگان کو شوریٰ سے متعلق سوالات کرنے کا موقع دیا گیا۔
اگلے روز شوریٰ کا افتتاحی اجلاس مکرم مبلغ انچارج صاحب سویڈن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم صدر مجلس نے افتتاحی دعا کروائی اور مجلس شوریٰ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ ہم یہاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں محض رائے دینے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں اورہم صرف ایک دن کے ليے شوریٰ کے ممبر نہیں بلکہ پورے سال کے ليے جواب دہ ہیں۔ جن سفارشات کی منظوری حضور انورکی طرف سے آجائے ان پر عمل پیرا ہونا اور نگرانی کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ مکرم سید عبدالصمد صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری نے امسال مجلس شوریٰ کے ایجنڈے میں شامل ۴؍تجاویز مجلس شوریٰ کے سامنے پیش کیں اور رَدّ شدہ تجاویز پڑھیں اور ان کی وجوہات بیان کیں۔
ایجنڈا مجلس شوریٰ کے سامنے پیش کرنے کے بعد صدر مجلس کی زیر ہدایت سب کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل شروع ہوا۔
سب کمیٹیوں کی تشکیل کے بعد چاروں کمیٹیاں مسجد میں مختص اپنے اپنے مقام پر چلی گئیں۔ تقریباً ساڑھے گیارہ بجے پہلا اجلاس اختتام کو پہنچا، سب کمیٹیوں کی میٹنگز، نماز ظہر وعصر کی ادائیگی اور کھانے کے بعد مجلس شوریٰ کے دوسرے اجلاس (جنرل میٹنگ) کی کارروائی کا آغاز سہ پہرساڑھے تین بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد صدرمجلس نے دعا کروائی۔
اس کے بعدسب کمیٹیوں کے صدور/سیکرٹریان نے باری باری ممبران کمیٹی کی طرف سے کثرت رائے سے منظور ہونے والے ایکشن پلانز پر مشتمل اپنی رپورٹس پیش کیں۔ ہر کمیٹی کی رپورٹ پیش ہونے کے بعد نمائندگان نے اظہار خیال کیا۔ خواتین نمائندگان کو بھی اظہار خیال کا موقع دیا گیا جو کہ مائیک کے ذریعہ رابطہ میں تھیں نیز ٹی وی سکرین کے ذریعہ کارروائی دیکھ اور سُن رہی تھیں۔
شوریٰ کے آخری حصہ میں سیکرٹری سب کمیٹی و نیشنل سیکرٹری مال نے جماعت احمدیہ فن لینڈ کا آئندہ سال آمد وخرچ کا بجٹ پیش کیا۔ بجٹ کے بارے میں نمائندگان شوریٰ کی رائے لی گئی۔ صدر صاحب مجلس نے بتایا کہ اب یہ سفارشات برائے منظوری حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں پیش کی جائیں گی۔ اس کے بعد اجلاس برخاست ہوا اور آخر پر ممبران شوریٰ نیز سب کمیٹیوں کے ممبران کی تاریخی گروپ فوٹوز ہوئیں۔
اللہ تعالیٰ اس شوریٰ کے نیک نتائج سے ہمیں بہرہ مند فرمائے اور ہمیں احسن رنگ میں اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کی توفیق دے۔ نیز اللہ اسے جماعت فن لینڈ کی ترقی کا باعث بنائے۔ آمین
(رپورٹ:طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)




