جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کا چھٹا نیشنل نومبائعین اجتماع ۲۰۲۶ء
اللہ تعالیٰ کے فضل سے چھٹا نیشنل نومبائعین اجتماع جماعت احمدیہ بنگلہ دیش مورخہ ۲۶ و ۲۷؍جون ۲۰۲۶ء کو ہیڈ کوارٹر دار التبلیغ بخشی بازار ڈھاکہ میں منعقد ہوا۔ الحمد للہ

۲۶؍جون ۲۰۲۶ء بروز جمعۃ المبارک صبح ۱۰ بجے اجتماع کا افتتاحی اجلاس، زیر صدارت مکرم فضل الرحمٰن جہانگیر صاحب نائب امیر و نیشنل سیکرٹری تربیت، تلاوت قرآن مجید اور اردو نظم سے شروع ہوا۔ صدر اجلاس کی افتتاحی تقریر اور دعا کے بعد ’خلافت احمدیہ اور ہماری ذمہ داریاں‘ کے موضوع پر مکرم شاہ محمد نور الامین صاحب مربی سلسلہ و نیشنل سیکرٹری تربیت نومبائعین نے تقریر کی ۔ اس کے بعد مکرم فیروز احمد صاحب نیشنل سیکرٹری مال نے ’مالی قربانی کی اہمیت اور جماعت میں چندے کا نظام‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ دوپہر ۱۲ بجے یہ اجلاس مکمل ہوا۔
نماز جمعہ اور دوپہر کے کھانےکے بعد سہ پہر ۳ بجے اجتماع کا دوسرا اجلاس محترم عبد الاوّل خان چودھری صاحب نیشنل امیر بنگلہ دیش کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن اور نظم کے بعد اجتماع میں شامل ہونے والے نومبائعین کا تعارف حاصل کیا گیا۔ بعد ازں محترم امیر صاحب نے نومبائعین کو نصائح کیں۔
بعد ازں شام ۶ بجے سب نے مل کر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا اور دیکھا۔ اس کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ بعد ازاں حضور کے خطبہ جمعہ کے حوالہ سے امتحان منعقد ہوا۔ اس کے بعد بنگلہ زبان میں براہ راست نشر ہونے والے پروگرام ’شوتّر شوندھانے‘ سب نے مل کر دیکھا۔ پھر عشائیہ پیش کیا گیا۔

اجتماع کے دوسرے دن بعد نماز تہجد، فجر اور درس، صبح ساڑھے چھ بجے کھیلوں کا انعقاد ہوا۔ صبح ۹ بجے دوسرے دن کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں مکرم نوشاد احمد صاحب مربی سلسلہ ڈھاکہ نے نماز باترجمہ کی کلاس لی۔ فقہی مسائل کے بارے میں مکرم نیشنل سیکرٹری صاحب تربیت نومبائعین نے کلاس لی۔ جبکہ حضور انور کی تحریک کردہ دعاؤں کے بارے میں مکرم زبیر احمد صاحب مربی سلسلہ نے کلاس لی۔ اس اجلاس میں نومبائعین نے احمدیت میں داخل ہونے کے متعلق اپنے جذبات بیان کیے۔
دوپہر کے کھانے اور نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد سہ پہر ۳ بجے اجتماع کااختتامی اجلاس محترم نیشنل امیر صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں بھی اجتماع میں شامل ہونے والے نومبائعین کا تعارف حاصل کیا گیا۔ بعد ازں اجتماع میں ہونے والے امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے نو مبائعین کو انعامات دیے گئے۔ مکرم امیر صاحب کی اختتامی تقریر اور دعا کے ذریعہ سے یہ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔
امسال اجتماع میں شامل ہونے والے نومبائعین کی تعداد ۲۹۶ اور نومبائعات کی تعداد۶۷تھی۔ اسی طرح زیر تبلیغ ۲۶ مرد اور ۱۴ خواتین اجتماع میں شامل ہوئیں۔ رضاکاروں سمیت کُل حاضری۴۹۷ تھی۔ اس اجتماع کے دوران بعض بیعتیں بھی ہوئیں ۔ الحمد للہ
اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے بہترین نتائج پیدا فرمائے اور شامل ہونے والے نومبائعین اور نومبائعات کے ایمان و ایقان میں برکت دے۔ آمین
(رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭




