افریقہ (رپورٹس)

ہیومینٹی فرسٹ یوکے کے تعاون سے گنی بساؤ میں پانچ روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان سے ہیومینٹی فرسٹ یوکے کے تعاون سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ کے زیر اہتمام ملک کے مختلف علاقوں میں پانچ روزہ فری میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس فلاحی منصوبے کا مقصد ان افراد تک فری اور معیاری طبی سہولیات پہنچانا تھا جو مالی یا جغرافیائی وجوہات کی بنا پر بروقت علاج سے محروم رہ جاتے ہیں۔

اس پانچ روزہ کیمپ میں تجربہ کار ڈاکٹروں اور طبی عملے نے نہایت خوش اسلوبی سے مریضوں کا معائنہ کیا، ضروری ادویات بلا معاوضہ فراہم کیں اور بیماریوں سے بچاؤ، حفظان صحت اور صحت مند طرز زندگی کے حوالے سے مفید راہنمائی بھی مہیا کی۔

کیمپ کے دوران بساؤ میں پہلے تین دن بالترتیب ۱۵۰، ۱۹۰؍اور ۲۵۰؍مریض مستفید ہوئے جبکہ چوتھے روز بافاتا میں ۲۲۰؍افراد نے طبی سہولیات حاصل کیں۔ آخری روز جومیمبے میں ۱۷۵؍اور فریم مشن ہاؤس میں ۷۰؍مریضوں کا معائنہ اور علاج کیا گیا۔ اس طرح پانچ دنوں میں مجموعی طور پر ایک ہزار ۵۵؍مرد، خواتین اور بچوں کو فری طبی معائنہ، ادویات اور صحت سے متعلق راہنمائی فراہم کی گئی۔

کیمپ کے دوران مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے اس خدمت انسانیت کو بے حد سراہا۔ متعدد مریضوں اور مقامی عمائدین نے اپنے تاثرات میں کہا کہ ان کے علاقوں میں اس معیار کی فری طبی سہولت کا انعقاد ایک غیر معمولی خدمت ہے جس سے سینکڑوں ضرورت مند افراد کو بروقت علاج میسر آیا۔ انہوں نے ہیومینٹی فرسٹ یوکے اور جماعت احمدیہ کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس خدمت کے دائرۂ اثر کو مزید وسیع فرمائے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ فری میڈیکل کیمپ ہر اعتبار سے کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰ ہیومینٹی فرسٹ یوکے کے معاونین، ڈاکٹروں، رضاکاروں اور اس خدمت خلق میں شامل تمام احباب کی مساعی کو شرف قبولیت عطا فرمائے، ان کے اموال و اوقات میں برکت دے اور انہیں آئندہ بھی بنی نوع انسان کی خدمت کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین

(رپورٹ :زاہد احمد بھٹی۔مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ ساں پیدرو، آئیوری کوسٹ کا ریجنل اجتماع ۲۰۲۶ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button